Baaghi TV

Category: شوبز

  • مشکل وقت میں اکشے کمار نے میرا ساتھ دیا، وویک اوبرائے کا انکشاف

    مشکل وقت میں اکشے کمار نے میرا ساتھ دیا، وویک اوبرائے کا انکشاف

    بالی ووڈ کے معروف اداکار وویک اوبرائے نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے سب سے مشکل دور میں اداکار اکشے کمار نے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ انہیں فلم انڈسٹری میں تنہا ہونے سے بھی بچایا۔

    ایک حالیہ انٹرویو میں وویک اوبرائے نے بتایا کہ ہدایت کار رام گوپال ورما کی فلم "کمپنی” سے شہرت حاصل کرنے کے بعد 2000ء کی دہائی میں سلمان خان کے ساتھ ہونے والے عوامی تنازع نے ان کے کیریئر کو شدید متاثر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس تنازع کے بعد انہیں مسلسل کام سے محروم رکھا گیا، کئی فلمی منصوبوں سے الگ کر دیا گیا اور متعدد مواقع ہاتھ سے نکل گئے، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہو گئے تھے۔وویک اوبرائے کے مطابق اسی مشکل وقت میں اکشے کمار نے خود ان سے رابطہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اکشے کمار کو اپنی افسردگی کے بارے میں بتایا تو وہ تقریباً آدھے گھنٹے کے اندر ان کے گھر پہنچ گئے اور کافی دیر تک ان کے حالات اور مشکلات پر گفتگو کرتے رہے۔

    اداکار کے مطابق اکشے کمار نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ شاید ان کے تمام مسائل حل نہ کر سکیں، تاہم ان کی مثبت سوچ بحال کرنے اور انہیں دوبارہ آگے بڑھنے کا حوصلہ ضرور دے سکتے ہیں۔وویک اوبرائے نے مزید بتایا کہ اکشے کمار نے انہیں اسٹیج شوز کے مواقع بھی پیش کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے وہ کئی شوز میں شرکت نہیں کر پا رہے تھے، اس لیے انہوں نے یہ مواقع وویک اوبرائے کو دینے کی پیشکش کی تاکہ وہ دوبارہ اپنے کیریئر کا آغاز کر سکیں۔وویک اوبرائے نے کہا کہ اکشے کمار کی اس غیر مشروط حمایت نے انہیں نہ صرف دوبارہ کام کرنے کا اعتماد دیا بلکہ فلم انڈسٹری میں تنہائی کے احساس سے بھی نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔اداکار نے اکشے کمار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں کی جانے والی یہ مدد وہ زندگی بھر فراموش نہیں کر سکیں گے۔

  • بچوں کے ساتھ دوستی بھی، رعب بھی ضروری ہے، یاسر نواز

    بچوں کے ساتھ دوستی بھی، رعب بھی ضروری ہے، یاسر نواز

    پاکستان کے معروف اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز نے والدین اور بچوں کے درمیان تعلقات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ والد کا اپنے بچوں کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلق ہونا چاہیے، تاہم اس کے ساتھ والد کا رعب اور احترام بھی برقرار رہنا ضروری ہے۔

    اداکارہ اور میزبان ندا یاسر نے اپنے حالیہ پروگرام میں اس منفرد موضوع پر گفتگو کے لیے اپنے شوہر یاسر نواز اور بیٹے بالاج کو مدعو کیا، جہاں خاندان نے والدین اور بچوں کے تعلقات، تربیت اور گھریلو ماحول سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا۔گفتگو کے دوران یاسر نواز نے کہا کہ بعض والدین اپنے بچوں کے ساتھ غیر ضروری سختی اختیار کرتے ہیں، جس سے گھر کا ماحول خوفزدہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے ایک ذاتی واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ایک کزن گھر میں انتہائی سخت مزاج ہیں اور ایک مرتبہ جب وہ ان کے گھر گئے تو اہلِ خانہ ان کی آمد سے پہلے ہی خوفزدہ تھے اور کہہ رہے تھے کہ "ابو آ رہے ہیں”، جیسے کوئی بہت سخت شخصیت آنے والی ہو۔انہوں نے کہا کہ والد کو اپنے بچوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اپنانا چاہیے تاکہ بچے اپنی بات بلا جھجھک والدین سے شیئر کر سکیں، تاہم ساتھ ہی والد کا ایسا مقام بھی ہونا چاہیے کہ بچے ان کا احترام کریں اور یہ احساس رکھیں کہ ضرورت پڑنے پر والد ناراض بھی ہو سکتے ہیں اور سختی بھی کر سکتے ہیں۔

    یاسر نواز نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد ان کے بہترین دوست بھی تھے، لیکن اس کے باوجود وہ ہمیشہ ان کا احترام کرتے تھے اور ان سے ایک فطری خوف بھی محسوس کرتے تھے۔ ان کے مطابق والدین کو زیادہ تر وقت بچوں کے دوست بن کر رہنا چاہیے، مگر تربیت کے لیے مناسب حد تک رعب بھی ضروری ہے۔

    اس موقع پر ندا یاسر نے اپنی بیٹی صلہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ گھر میں ان کی ایک ہی بیٹی ہے، اس لیے اس کی خواہشات نسبتاً آسانی سے پوری ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ صلہ اکثر اس بات کا فائدہ بھی اٹھا لیتی ہے، جبکہ ان کے دونوں بیٹوں کو اپنی خواہشات منوانے کے لیے زیادہ کوشش کرنا پڑتی ہے۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے-

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 24ڈالر کی کمی سے 4ہزار 150ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو فی تولہ سونے کی قیمت 2ہزار 400 روپے کی کمی سے 4لاکھ 37ہزار 436روپے کی سطح پر آگئی،اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 58 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 75 ہزار 30 روپے میں فروخت ہونے لگا۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 37سینٹس کی کمی سے 62ڈالر کی سطح پر آگئی، جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 37روپے کی کمی سے 6ہزار 679روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 31روپے کی کمی سے 5ہزار 726روپے کی سطح پر آگئی۔

    ماہرین کے مطابق حالیہ کمی نے گزشتہ چند روز کے دوران مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے رجحان کو وقتی طور پر تبدیل کر دیا ہے عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر، عالمی معاشی صورتحال، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں یہی عوامل پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر بھی مزید کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے، تاہم اگر عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال یا جغرافیائی کشیدگی میں اضافہ ہوا تو سونا دوبارہ مہنگا ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔

  • سلمان خان کا عامرخان کی شادی سے متعلق دلچسپ بیان وائرل

    سلمان خان کا عامرخان کی شادی سے متعلق دلچسپ بیان وائرل

    بالی ووڈ اداکار عامر خان کی گوری سپراٹ سے حالیہ شادی کے بعد سلمان خان کا پرانا مگر دلچسپ بیان سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہو گیا –

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سلمان خان نے عامر خان کی “مسٹر پرفیکشنسٹ” شخصیت پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عامر خان جب تک میرج پرفیکٹ نہیں کر لے گا، وہ کرتا جائے گا سلمان خان کا یہ جملہ اس وقت حاضرین کی جانب سے قہقہوں اور تالیوں کی گونج میں خوب سراہا گیا تھا

    اب جبکہ عامر خان نے اپنی تیسری شادی گوری اسپرٹ سے کر لی ہے، یہ پرانا کلپ ایک بار پھر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے شیئر کیا جا رہا ہے اور صارفین سلمان خان کے اس تبصرے کو “پیش گوئی” قرار دیتے ہوئے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں-

    دی کپل شرما شو میں گفتگو کے دوران میزبان کپل شرما نے سلمان خان سے کہا تھا کہ عامر خان نے اپنی گرل فرینڈ سے سب کو متعارف کروا دیا ہے، جبکہ آپ ان سے صرف چھ ماہ چھوٹے ہیں، مگر وہ رُک نہیں رہے اور آپ ابھی تک شادی نہیں کر رہے اس پر سلمان خان نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’دیکھو، عامر کی بات ہی کچھ اور ہے وہ ایک بہترین شخصیت ہیں اور پوری دنیا جانتی ہے کہ وہ پرفیکشنسٹ ہیں جب تک وہ شادی کو بالکل پرفیکٹ نہیں کر لیتے، وہ شادیاں کرتے رہیں گے۔

    واضح رہے کہ عامر خان نے 5 جولائی کو ممبئی میں اپنے گھر پر گوری اسپرٹ کے ساتھ نہایت سادہ اور نجی تقریب میں شادی کی۔ تقریب میں صرف اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی، جبکہ شادی خصوصی میرج ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کی گئی۔ یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔

  • ماہ نور بلوچ کے نئے لک  کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل

    ماہ نور بلوچ کے نئے لک کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل

    پاکستانی اداکارہ ماہ نور بلوچ کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں-

    ماہ نور بلوچ جو پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور سے اپنی اداکاری اور خوبصورتی کے باعث مقبول ہیں، حال ہی میں ہدایت کار فہیم برنی کے ساتھ نظر آئیں،وائرل تصاویر میں اداکارہ سیاہ رنگ کے شلوار قمیض میں ملبوس ہیں، جبکہ انہوں نے اپنے بال بھی باب کٹ انداز میں رکھے ہوئے ہیں،تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کے نئے لک پر مختلف تبصرے کیے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا ہے کہ لگتا ہے انہوں نے کسی قسم کی سرجری کروائی ہے، جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا کہ ان کی شکل پہلے سے مختلف لگ رہی ہے، ایک صارف نے لکھا ہے کہ ان کا چہرہ کافی پھولا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔

    ماہ نور بلوچ 14 جولائی 1970 کو بلوچستان میں پیدا ہوئیں، انہوں نے 1993 سے بطور ماڈل اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور خوبصورتی کی وجہ سے جلد ہی ڈراموں میں بھی جگہ بنائی ماہ نور بلوچ نے ماڈلنگ کی دنیا میں صرف 23 سال کی عمر میں قدم رکھا، انہوں نے اپنی اداکاری اورخوبرو نظر آنے کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔

    ماڈلنگ کیریئر کے دوران آغاز پر ہی انہیں سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی سے نشر ہونے والے معروف ڈرامہ سیریل ’ماروی‘ میں ڈیبیو کرنے کا موقع ملا، یہ اُن کی زندگی کا نیا باب ثابت ہوا جس کے بعد اداکارہ نے شہرت کی بلندیوں کو چھونے کا نیا سفر شروع کیا اداکاری کے بعد ماہ نور بلوچ نے ہدایت کاری اور پروڈیکشن بھی کی اور اس میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

  • فلم میں کردار دینے کے بدلے جسمانی تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا،اداکارہ کا انکشاف

    فلم میں کردار دینے کے بدلے جسمانی تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا،اداکارہ کا انکشاف

    نئی دہلی: بھارتی ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ سے متعلق ایک اور چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ معروف اداکارہ پرینیتا بور ٹھاکر نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں پیش آنے والے تلخ تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف 21 برس کی عمر میں انہیں فلم میں کام دینے کے بدلے نامناسب مطالبات کا سامنا کرنا پڑا۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرینیتا بور ٹھاکر نے بتایا کہ جب وہ اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کر رہی تھیں تو ایک معروف ہدایت کار نے فلم کا معاہدہ کرنے کے بہانے انہیں ملاقات کے لیے بلایا۔ اداکارہ کے مطابق یہ ملاقات ان کے لیے ایک خوفناک تجربہ ثابت ہوئی، کیونکہ انہیں فلم میں کردار دینے کے بدلے جسمانی تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔پرینیتا نے کہا کہ اس غیر متوقع مطالبے نے انہیں شدید صدمے سے دوچار کر دیا اور انہوں نے فوراً اس منصوبے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے معاہدہ منسوخ کر دیا۔ ان کے مطابق یہ واقعہ ان کی زندگی کا ایسا سبق بن گیا جس نے انہیں مستقبل میں ہر فیصلہ زیادہ احتیاط سے کرنے پر مجبور کیا۔

    اداکارہ نے بتایا کہ اس واقعے کے بارے میں جب انہوں نے اپنے والد کو آگاہ کیا تو وہ شدید غصے میں آ گئے تھے۔ تاہم والدین کی حمایت نے انہیں حوصلہ دیا اور انہوں نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کیے بغیر شوبز میں جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔پرینیتا بور ٹھاکر کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری میں مشکلات ضرور موجود ہیں، لیکن کسی بھی فنکار کو اپنی مرضی کے خلاف کسی چیز پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق فنکاروں کے لیے سب سے اہم چیز اپنی حدود کا تعین کرنا اور ہر نامناسب مطالبے پر واضح طور پر "نہ” کہنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیریئر کے آغاز میں بہت سے نئے فنکار مستقبل کے خوف کی وجہ سے دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں، جس سے بعض افراد ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم اگر کوئی فنکار اپنے ٹیلنٹ پر اعتماد رکھے اور اپنے اصولوں پر قائم رہے تو کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

    اداکارہ کے مطابق آج وہ اپنے لیے واضح حدود مقرر کر چکی ہیں، جس کے باعث اب کوئی بھی ان سے اس نوعیت کی نامناسب بات کرنے کی جرات نہیں کرتا۔ انہوں نے نوجوان فنکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی پیشہ ورانہ موقع کے لیے اپنی عزتِ نفس اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔

  • کریتی سینن کا فلم انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک سے متعلق انکشاف

    کریتی سینن کا فلم انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک سے متعلق انکشاف

    بالی وڈ اداکارہ کریتی سینن نے فلم انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

    حال ہی میں کریتی سینن نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے فلم انڈسٹری میں صنفی امتیاز کے اپنے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اکثر مرد اداکاروں کے مقابلے میں خواتین اداکاروں کو مختلف پیمانوں سے پرکھا جاتا ہے۔

    انہوں نے اپنے کیرئیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں ماڈلنگ، انجینئرنگ کالج اور فلم انڈسٹری سمیت جن بھی شعبوں سے وابستہ رہی، بالی وڈ ہی وہ جگہ ہے جہاں سب سے زیادہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑاجب بالی وڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیاتو خواتین کے لیے دستیاب مواقع آج کی نسبت بہت محدود تھے، اس وقت بہت سی فلمیں مرد مرکزی کرداروں کے گرد گھومتی تھیں اور خواتین کے کردار اکثر صرف رومانوی دلچسپی کے عنصر کے طور پر لکھے جا تے تھے انڈسٹری میں بتدریج بہتری آئی ہے اور اب خواتین کے لیےبہتر انداز میں کردار لکھے جا رہے ہیں لیکن صنفی بنیاد پر امتیازی سلوک اب بھی مختلف طریقوں سے موجود ہے۔

    اپنے انٹرویو میں کریتی سینن نے فلمی سیٹ پر مرد اور خواتین اداکاروں کے لیے اپنائے جانے والے مختلف معیارات کے بارے میں بتایا کہ وہ اپنے کرداروں اور فلمی سینز کے بارے میں سوالات پوچھنے کے لیے جانی جاتی ہیں، لیکن جب کوئی خاتون ایسا کرتی ہے تو اکثر اسے ‘مشکل مزاج’ یا ‘بہت زیادہ سوالات پوچھنے والی’ سمجھا جاتا ہے لیکن اگر یہ ہی سوال کوئی مرد اداکار کرے تو اس کی بات کو سنا جاتا ہے اور سیٹ پر مردوں کو زیادہ سہولیات دی جاتی ہیں۔

  • امینا خان کا 4 دن کی تیاری سے سی ایس ایس امتحان پاس کرنے کا دعویٰ،سوشل میڈیا پر ٹرولنگ

    امینا خان کا 4 دن کی تیاری سے سی ایس ایس امتحان پاس کرنے کا دعویٰ،سوشل میڈیا پر ٹرولنگ

    اداکارہ، ہدایت کارہ اور سماجی کارکن امینا خان کو صرف 4 دن کی تیاری سے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے کے دعوے پر سوشل میڈیا پرٹرولنگ کا سامنا ہے-

    امینا خان ماضی میں ڈراموں میں اداکاری کے بعد اشتہارات کی ہدایتکاری کی جانب منتقل ہوئیں اور حال ہی میں ایک ڈرامے کے ذریعے دوبارہ اداکاری کرتی نظر آئیں، انہوں نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں اپنی زندگی سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے نوجوانی میں سی ایس ایس کا امتحان دیا تھا، میں اس دوران مختلف ڈراموں کی شوٹنگ میں مصروف تھی، اس لیے تیاری کے لیے صرف 4 دن ملے، میں نے 8 پرچے دیے، امتحان کامیابی سے پاس بھی کیا، تاہم بعد ازاں سرکاری ملازمت اختیار نہیں کی۔

    امینا خان کے اس دعوے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹرولنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا،ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ شاید انہوں نے سی ایس ایس کا امتحان بھی کسی ڈرامے میں دیا ہو گا، جبکہ ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ سی ایس ایس میں 8 نہیں بلکہ 12 پرچے ہوتے ہیں۔

  • رجب بٹ کی درفشاں سلیم سے شادی کی افواہوں کی تردید

    رجب بٹ کی درفشاں سلیم سے شادی کی افواہوں کی تردید

    معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے اداکارہ درِفشاں سے منسوب شادی کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اداکارہ سے کسی بھی قسم کا ذاتی تعلق نہیں ہے۔

    چند روز قبل سوشل میڈیا پر اداکارہ درفشاں سلیم اور رجب بٹ کی شادی سے متعلق خبریں بغیر کسی مستند ذریعے کے گردش کرنے لگی تھیں، بعد ازاں در فشاں سلیم اور رجب بٹ دونوں نے ان خبروں کی واضح طور پر تردید کی ،رجب بٹ نے خود ان افواہوں کو بےبنیاد قرار دیا، جبکہ درفشاں سلیم کی جانب سے ان کی اسٹائلسٹ نے وضاحت جاری کی۔

    یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر تہمینہ شیخ کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں رجب بٹ نے ان افواہوں پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درفشاں سلیم میری سینئر ہیں، وہ ایک الگ شعبے سے تعلق رکھتی ہیں اور میرا ان سے کوئی تعلق نہیں، وہ اپنے شعبے میں بہترین کام کر رہی ہیں اور ایک باعزت شخصیت ہیں مجھے نہیں معلوم ایسی کہانیاں کون گھڑتا ہے، ان کو بد دعا دینے کا بھی پتہ نہیں کون لوگ ہیں، میرا ان سے کوئی تعلق نہیں میں نے یہ نیوز پلانٹ نہیں کی۔

    رجب بٹ کے مطابق کچھ میگزینز نے یہ خبر پھیلائی تھی، ایک دن میری آنکھ کھلی تو دیکھا کہ یہ خبر وائرل ہو چکی ہے اور ہر کوئی مجھ سے اسی بارے میں پوچھ رہا ہے، لوگوں کے مسلسل پیغامات آ رہے تھے، پھر مجھے معلوم ہوا کہ بات درفشاں سلیم کی ہو رہی ہے، جنہوں نے بلال عباس کے ساتھ ایک ڈرامے میں کام کیا تھا۔

    رجب بٹ نے کہا یہ خبر پڑھ کر مجھے افسوس ہوا کیونکہ لوگ ایسی باتوں کی تصدیق بھی نہیں کرتے، میں نے اسی لیے وضاحت کی کیونکہ وہ ایک باعزت اور سینئر فنکارہ ہیں اور میں نہیں چاہتا تھا کہ اس بے بنیاد خبر سے انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے میرا ان سے کوئی تعلق نہیں اور اس تنازع کے بعد بھی ان کی جانب سے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، کیونکہ یہ خبر سراسر بے بنیاد تھی۔

  • آج کل نوجوان تنہا زندگی کیوں گزارنا چاہتے ہیں؟بشریٰ انصاری نے بتا دیا

    آج کل نوجوان تنہا زندگی کیوں گزارنا چاہتے ہیں؟بشریٰ انصاری نے بتا دیا

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت، مایہ ناز سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے آج کل نوجوانوں میں شادی کے حوالے سے بڑھتا خوف اور تنہا زندگی گزارنے کی خواہش کی وجوہات بیان کر دیں۔

    حال ہی میں بشریٰ انصاری نے نیا وی لاگ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے سابق داماد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی،انہوں نے کہا کہ میں نے ایسے پڑھے لکھے مگر بے شرم مرد بھی دیکھے ہیں جن کی دوسری شادیاں ان کی چالاکی اور عیاری کی وجہ سے کامیاب ہو جاتی ہیں، وہ نہایت شیریں گفتگو کرتے ہیں، اچھی انگریزی بولتے ہیں اور بظاہر انتہائی مہذب دکھائی دیتے ہیں، لیکن دوسری خواتین کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ان کی سوچ کتنی گندی ہے اور وہ اپنی سابقہ زندگی میں کیاکچھ کر چکے ہیں ان مردوں کی پہلی شادیوں میں بیویوں کے ساتھ کوئی بڑا مسئلہ یا حقیقی اختلاف نہیں تھاوہ صرف مادی مفادات کے لیے آگے بڑھ گئے، ہم نے یہ سب اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، مجھے حیرت ہوتی ہے کہ ایسے نام نہاد تعلیم یافتہ مگر بدتمیز مردوں کو آج بھی تعلیم یافتہ خوا تین مل جاتی ہیں۔

    انہوں نے سابق داماد کے حوالے سے کہا کہ ہم نے سنا ہے کہ انہوں نے ایک نہایت تعلیم یافتہ خاتون سے شادی کر لی ہے، لوگوں نے اس خاتون کو بہت سمجھایا، مگر اس نے کسی کی بات نہیں سنی، وہ خاتون اس کے لیے اپنی زندگی قربان کرنے، اس کی کفالت کرنے اور مالی طور پر اس کا سہارا بننے کے لیے تیار ہے، اگر وہ اس کی کفیل بننا چاہتی ہے تو بنے، اس شخص کو ایک اور شکار مل گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ نرم لہجے اور مہذب انداز سے اپنا شکار پھنساتا ہے، اسی طرح اس نے میری بیٹی کو بھی دھوکا دیا تھا اور اب دوسری خواتین بھی تیار بیٹھی ہیں، اب کیا کہا جائے؟ کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ ایک تعلیم یافتہ صحافی کے بیٹے نے ڈمبلز سے اپنی بیوی کو قتل کر دیا تھا؟ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہماری بیٹی زندہ ہے اور خوش ہے۔

    بشریٰ انصاری کے مطابق ہمارے معاشرے میں ایسے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں اسی لیے لڑکیاں شادی، خاص طور سے دوسری شادی سے خوفزدہ ہیں اور تنہا زندگی گزارنے کو ترجیح دیتی ہیں جبکہ بعض مرد بھی شادی نہ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن ان کی وجہ کفالت کی ذمے داری نہ اٹھانا ہے۔

    واضح رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی ٹی وی پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی، جن سے ان کی 2 بیٹیاں، نریمان انصاری اور میرا انصاری ہیں کامیاب فنی کیریئر کے باوجود بشریٰ انصاری کو اپنی نجی زندگی میں متعدد خاندانی مشکلات کا سامنا رہا، جن میں ان کی بڑی بیٹی نریمان انصاری کی طلاق بھی شامل ہے۔

    بشریٰ انصاری کے مطابق نریمان کے سابق شوہر نے بیٹی کے ساتھ بے وفائی کی، بچوں کو چھوڑ دیا، مبینہ طور پر ان کے اثاثے بھی اپنے قبضے میں لے لیے اور بعد ازاں اپنی زندگی میں آگے بڑھ گئے ان کی چھوٹی بیٹی میرا انصاری بھی طلاق یافتہ ہیں، تاہم وہ اب اپنی زندگی میں خوش گوار انداز میں آگے بڑھ چکی ہیں۔