Baaghi TV

Category: شوبز

  • اصولوں پر قائم رہنے والی اداکارہ، جس نے بولڈ سین اور مختصر لباس سے ہمیشہ کیا انکار

    اصولوں پر قائم رہنے والی اداکارہ، جس نے بولڈ سین اور مختصر لباس سے ہمیشہ کیا انکار

    ممبئی: بالی ووڈ کی 70 اور 80 کی دہائی میں جہاں گلیمر اور جرات مندانہ مناظر کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا تھا، وہیں ایک ایسی اداکارہ بھی موجود تھیں جنہوں نے اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اپنی معصوم اداکاری، سادگی اور باوقار شخصیت کی بدولت لاکھوں مداحوں کے دل جیتنے والی پدمنی کولہاپورے نے اپنے فلمی سفر میں کئی کامیاب فلمیں دیں، لیکن بولڈ سین یا مختصر لباس پہننے سے ہمیشہ گریز کیا۔

    پدمنی کولہاپورے نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا تھا اور بعد ازاں وہ بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہونے لگیں۔ انہوں نے انیل کپور، رشی کپور، راجیش کھنہ سمیت متعدد سپر اسٹارز کے ساتھ کام کیا، تاہم انہوں نے کئی ایسی فلموں کی پیشکش بھی مسترد کر دیں جن میں ان سے انٹیمیٹ یا بولڈ مناظر کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔سال 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم "پریم روگ” پدمنی کولہاپورے کے فلمی کیریئر کا اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔ اس فلم میں انہوں نے کم عمری میں بیوہ ہونے والی لڑکی منورما کا کردار ادا کیا، جسے نہ صرف ناقدین بلکہ شائقین نے بھی بے حد پسند کیا۔ فلم میں ان کے مقابل رشی کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ ہدایت کاری راج کپور نے کی تھی۔فلم کی کہانی، موسیقی اور جذباتی مناظر نے اسے باکس آفس پر بڑی کامیابی دلائی۔ اس کے گانے بھی بے حد مقبول ہوئے اور آج بھی ان میں سے کئی نغمے شادی بیاہ سمیت مختلف تقریبات میں سنے جاتے ہیں۔ اس فلم نے رشی کپور کے کیریئر کو بھی نئی بلندی دی، لیکن سب سے زیادہ شہرت پدمنی کولہاپورے کو ملی۔

    رپورٹس کے مطابق راج کپور فلم "پریم روگ” میں ایک کسنگ سین شامل کرنا چاہتے تھے، تاہم پدمنی کولہاپورے نے اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے اسے کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ یہی نہیں بلکہ بعد میں جب راج کپور نے فلم "رام تیری گنگا میلی” کی پیشکش کی، تو اداکارہ نے اس میں موجود بولڈ مناظر کے باعث اس فلم میں بھی کام کرنے سے معذرت کر لی۔بعد ازاں یہ کردار منداکنی نے ادا کیا اور فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی، لیکن پدمنی کولہاپورے نے شہرت یا کامیابی کی خاطر اپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کی یہی اصول پسندی اور سادگی آج بھی انہیں بالی ووڈ کی منفرد اور باوقار اداکاراؤں میں شمار کراتی ہے۔

  • معروف بھارتی اداکار کو شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، حالت تشویشناک

    معروف بھارتی اداکار کو شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، حالت تشویشناک

    معروف بھارتی اداکار راجیش شرما کو مبینہ طور پر زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد کولکتہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

    راجیش شرما کے اہلِ خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اداکار حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں اداکار پربھاس کی فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعدجھاڑیوں کے قریب فلمی عملے سے گفتگو کر رہے تھے، اسی دوران انہیں محسوس ہوا کہ کسی کیڑے نے کاٹ لیا ہے ابتدائی طور پر تکلیف معمو لی محسوس ہونے کے باعث راجیش شرما نے فوری طور پر طبی امداد حاصل نہیں کی، تاہم تقریباً چھ گھنٹے بعد ان کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوگیا اور حا لت تیزی سے بگڑنے لگی۔

    اہلِ خانہ کے مطابق طبیعت خراب ہونے کے باوجود وہ کولکتہ جانے والی پرواز میں سوار ہوئے لیکن سفر کے دوران انہیں تیز بخار ہوگیا اگلے روز انہیں ڈھاکوریا کے منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ اب بھی زیرِ علاج ہیں راجیش شرما اس وقت شدید بخار، سانس لینے میں دشواری اور دائیں ٹانگ میں تیزی سے پھیلنے والے انفیکشن کا شکار ہیں انفیکشن ان کے پاؤں کی انگلیوں سے گھٹنے تک پھیل چکا ہے جب کہ متاثرہ حصے پر بڑے بڑے چھالے بھی بن گئے ہیں۔

    راجیش شرما کا علاج کرنے والے ایک سینئر ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اس مرحلے پر ان کی حالت کے بارے میں کوئی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا ادا کار ابھی خطرے سے باہر نہیں ہیں اور مسلسل نگرانی میں رکھے گئے ہیں راجیش شرما کی حالت پر چوبیس گھنٹے نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ خون کا لو تھڑا بننے کا خدشہ موجود ہے، جو اگر پھیپھڑوں تک پہنچ جائے تو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

    راجیش شرما بنگالی اور ہندی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ہیں اور متعدد کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں ان کی نمایاں فلموں میں “کھوسلا کا گھوسلا” (2006)، “عشقیہ” (2010)، “نو ون کلڈ جیسیکا” (2011)، “بجرنگی بھائی جان” (2015) اور “ایم ایس دھونی: دی اَن ٹولڈ اسٹوری” (2016) شامل ہیں۔

    دوسری جانب آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تنظیم کا کہنا ہے کہ فلمی سیٹوں پر فنکاروں اور عملے کی حفاظت کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں اور واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

  • شاہ رخ خان صرف بڑے اسٹار ہیں بڑے اداکار نہیں، فردوس جمال

    شاہ رخ خان صرف بڑے اسٹار ہیں بڑے اداکار نہیں، فردوس جمال

    پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو بڑا اداکار ماننے سے انکار کر دیا کہا کہ دلیپ کمار سے ان کا موازنہ بے معنی ہے-

    اداکار فردوس جمال حال ہی میں اداکار و میزبان محسن عباس حیدر کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے مختلف فنکاروں اور ان کی فنی صلاحیتوں پر کھل کر اظہارِ خیال کیا،گفتگو کے دوران فردوس جمال نے کہا کہ وہ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے مداح ہیں لیکن شاہ رخ خان کا دلیپ کمار سے موازنہ درست نہیں دلیپ کمار ایک منفرد اور عظیم اداکار تھے جبکہ شاہ رخ خان اس معیار کی اداکاری پیش نہیں کر سکے۔

    انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کی ادائیگی، تلفظ اور اندازِ گفتگو میں وہ پختگی نظر نہیں آتی جو ایک عظیم اداکار کی پہچان ہوتی ہےجبکہ ان کی جسمانی ساخت بھی معیار کے مطابق نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان ایک غیر معمولی شہرت رکھنے والے سپر اسٹار ضرور ہیں، لیکن بطور اداکار ان کا مقام اتنا بلند نہیں جتنا ان کی مقبولیت ہے۔

    واضح رہے کہ فردوس جمال بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے مداح ہیں اور دلیپ کمار، شاہ رخ خان کو اداکاری میں اپنا جانشین کہا کرتے تھے اور وہ اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو دونوں شاہ رخ خان کے بہت قریب ہیں کنگ خان کی اداکاری کا انداز دلیپ کمار سے کافی ملتا جلتا ہے-

  • ساحلِ سمندر پر سیف علی خان کی دلکش تصاویر، کرینہ کپور نے کہا: "میرا ہاٹ ہسبنڈ”

    ساحلِ سمندر پر سیف علی خان کی دلکش تصاویر، کرینہ کپور نے کہا: "میرا ہاٹ ہسبنڈ”

    ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان نے ایک بار پھر اپنے شوہر سیف علی خان کے لیے محبت کا کھلے عام اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ان کی ساحلی تعطیلات کی تصاویر شیئر کیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔

    کرینہ کپور اور سیف علی خان ان دنوں موسمِ گرما کی چھٹیاں ایک خوبصورت ساحلی مقام پر گزار رہے ہیں۔ کرینہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سیف علی خان کی چند تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ سمندر سے باہر آتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے شوخ نارنجی رنگ کے سوئمنگ شارٹس پہن رکھے تھے جبکہ ان کی فٹ باڈی اور پُراعتماد انداز نے مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔تصاویر کے ساتھ کرینہ کپور نے مختصر مگر دلچسپ کیپشن لکھا:
    "Summer’s going well. #HotHusband”
    یعنی "گرمیوں کی چھٹیاں بہت اچھی گزر رہی ہیں، میرا ہاٹ ہسبنڈ۔”

    کرینہ کی اس پوسٹ پر مداحوں نے بڑی تعداد میں تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ "بالی ووڈ کی سب سے خوبصورت اور دلکش جوڑی یہی ہے۔” جبکہ کئی مداحوں نے سیف علی خان کی فٹنس اور اسٹائل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ تصاویر فلم Race 2 کے مشہور بیچ لک کی یاد تازہ کر دیتی ہیں۔

    یہ پہلا موقع نہیں جب کرینہ کپور نے سیف علی خان کو "ہاٹ ہسبنڈ” کہا ہو۔ وہ اس سے پہلے بھی متعدد مواقع پر اپنے شوہر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے محبت بھرے انداز میں یہی لقب استعمال کر چکی ہیں۔گزشتہ سال بھی کرینہ نے سیف علی خان کی ایک اسٹائلش تصویر شیئر کی تھی، جس میں وہ نیلے رنگ کی ڈھیلی شرٹ، ڈینم پینٹس، سفید جوتوں، سن گلاسز اور کلاسک گھڑی میں نظر آئے تھے۔ اس پوسٹ کے ساتھ کرینہ نے مزاحیہ انداز میں لکھا تھا”اچھا، اتنے ہاٹ کیوں لگ رہے ہو؟”

    چند روز قبل بھی کرینہ نے اپنی ساحلی تعطیلات سے سیف علی خان کی ایک اور تصویر شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے "Beach Gstaad” لکھی ہوئی شرٹ پہن رکھی تھی۔ اس تصویر کے ساتھ کرینہ نے ہنستے ہوئے لکھا کہ شاید سیف اگلی چھٹیوں کی منزل کا اشتہار دے رہے ہیں، حالانکہ وہ ابھی موجودہ تعطیلات ہی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔کرینہ اور سیف علی خان بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ دونوں اکثر اپنی فیملی لائف، تعطیلات اور خوشگوار لمحات کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں، جنہیں سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

  • یَش اور کیارا اڈوانی کی فلم "ٹاکسک” کا نیا گانا "تباہی” ریلیز، سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل

    یَش اور کیارا اڈوانی کی فلم "ٹاکسک” کا نیا گانا "تباہی” ریلیز، سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل

    ممبئی: اداکار یَش اور کیارا اڈوانی کی آنے والی فلم "Toxic: A Fairy Tale for Grown-Ups” کا پہلا رومانوی گانا "تباہی” ریلیز کر دیا گیا ہے۔ گانے کی ریلیز کے بعد جہاں کئی مداحوں نے اس کی موسیقی اور ویژولز کو پسند کیا، وہیں سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین نے گانے، بول اور دونوں مرکزی اداکاروں کی آن اسکرین کیمسٹری پر تنقید بھی کی۔

    یہ گانا معروف گلوکار اور موسیقار وشال مشرا نے کمپوز اور گایا ہے، جبکہ اس کے ہندی بول راج شیکھر نے تحریر کیے ہیں۔ گانے کو ہندی کے علاوہ کنڑ، تیلگو، تامل اور ملیالم زبانوں میں بھی جاری کیا گیا ہے، تاکہ مختلف زبانوں کے شائقین بھی اس سے لطف اندوز ہو سکیں۔گانے کی ریلیز کے فوراً بعد ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔ایک صارف نے لکھا کہ گانے کے بول کمزور، موسیقی غیر متاثر کن اور ویڈیو بے جان محسوس ہوتی ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کو مزید بہتر انداز میں پیش کیا جا سکتا تھا۔

    ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "یَش اور کیارا کے درمیان بالکل بھی کیمسٹری نظر نہیں آتی۔ دونوں اپنی اپنی پرفارمنس میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، لیکن ایک جوڑی کے طور پر متاثر نہیں کرتے۔ "ایک مداح نے لکھا کہ "ویڈیو میں دونوں اداکار ایک دوسرے کے ساتھ غیر آرام دہ محسوس ہوتے ہیں اور رومانوی جذبات قدرتی انداز میں سامنے نہیں آتے۔”ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ گانا ماضی کے کئی رومانوی میوزک ویڈیوز جیسا محسوس ہوتا ہے اور اس میں کوئی نئی بات نظر نہیں آتی۔

    اگرچہ تنقیدی تبصرے زیادہ نمایاں رہے، تاہم کئی مداحوں نے یَش کی اسکرین پریزنس، کیارا اڈوانی کی خوبصورتی اور وشال مشرا کی آواز کو سراہا۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ گانا وقت کے ساتھ زیادہ پسند کیا جا سکتا ہے اور فلم کی کہانی کے تناظر میں اس کا اثر مختلف محسوس ہوگا۔

    "تباہی” کو مختلف زبانوں میں بھی پیش کیا گیا ہے۔ ہر زبان میں گانے کے بول مقامی ناظرین کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈھالے گئے ہیں۔

    "Toxic: A Fairy Tale for Grown-Ups” سال کی بڑی فلموں میں شمار کی جا رہی ہے، جس میں پہلی بار یَش اور کیارا اڈوانی ایک ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کے ٹیزر اور پوسٹرز پہلے ہی مداحوں کی توجہ حاصل کر چکے ہیں، جبکہ اب "تباہی” کی ریلیز نے فلم کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

  • شادی سے پہلےخواتین کے ساتھ تعلقات رہے ہیں،اکانکشا چمولا کا اعتراف

    شادی سے پہلےخواتین کے ساتھ تعلقات رہے ہیں،اکانکشا چمولا کا اعتراف

    ممبئی: بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ اکانکشا چمولا نے اپنے شوہر گورو کھنہ سے علیحدگی کے بعد کہا ہے کہ وہ دوبارہ شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتیں اور اب اپنی زندگی خودمختاری کے ساتھ گزارنا چاہتی ہیں۔

    نیٹ فلکس کے ریئلٹی شو "لاک اپ سیزن 2” میں گفتگو کرتے ہوئے اکانکشا نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں شادی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا، "میں 24 سال کی عمر میں شادی کے بندھن میں بندھی تھی، لیکن اب دوبارہ شادی نہیں کرنا چاہتی۔ پہلی بار اپنی زندگی میں میں نہ والدین کے گھر رہوں گی اور نہ ہی شوہر کے گھر، بلکہ میرا اپنا گھر ہوگا اور میں اکیلے زندگی گزاروں گی۔”بعد کی اقساط میں اکانکشا نے اپنی طلاق کی وجوہات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شادی کے دوران انہیں کبھی ماں بننے کی شدید خواہش محسوس نہیں ہوئی۔ ابتدا میں وہ اس امکان کو کھلے دل سے دیکھ رہی تھیں، لیکن وقت کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ وہ بچوں کی پرورش کے لیے خود کو موزوں نہیں سمجھتیں۔ ان کے مطابق، اس معاملے پر ابتدا میں گورو کھنہ نے ان کے فیصلے کی حمایت کی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کے خیالات میں فرق آ گیا۔

    شو کے دوران اکانکشا کی ذاتی زندگی کا ایک اور پہلو بھی زیرِ بحث آیا، جب انہوں نے اپنی جنسی شناخت کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شادی سے پہلے ان کے خواتین کے ساتھ تعلقات رہے ہیں اور وہ خواتین کی جانب کشش محسوس کرتی ہیں۔ ان کے مطابق، خواتین ہی ان کے لیے "محفوظ احساس” کا باعث رہی ہیں۔

    یاد رہے کہ گورو کھنہ اور اکانکشا چمولا نے 24 نومبر 2016 کو شادی کی تھی۔ اس سے قبل بگ باس 19 کے دوران بھی گورو کھنہ نے انکشاف کیا تھا کہ اکانکشا بچوں کی خواہش نہیں رکھتیں، جس پر انہیں ناظرین اور میڈیا کی جانب سے مختلف ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم گورو نے کہا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کے فیصلے کا ہمیشہ احترام کرتے ہیں، اگرچہ وہ خود خاندان بڑھانے کی خواہش رکھتے ہیں۔اکانکشا چمولا بھارتی ٹیلی ویژن کے متعدد معروف ڈراموں، جن میں "سنتوشی ماں”، "یہ ہے عاشقی” اور "کرائم پیٹرول” شامل ہیں، میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

  • وسیم عباس نے صبا حمید کے ساتھ طلاق کی تصدیق کر دی

    وسیم عباس نے صبا حمید کے ساتھ طلاق کی تصدیق کر دی

    پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے اداکارہ صبا حمید سے اپنی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دونوں کئی برس پہلے ہی الگ ہو چکے تھے، جبکہ قانونی طور پر ان کی شادی 29 سال بعد ختم ہوئی۔

    شوبز کی دنیا میں وسیم عباس اور صبا حمید کو ایک بہترین اور مضبوط جوڑی مانا جاتا تھا ، لیکن اب وسیم عباس نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ دونوں کئی سالوں سے ایک دوسرے سے الگ رہ رہے تھے وسیم عباس نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ صبا حمید کے ساتھ ان کی یہ دوسری شادی 29 سال تک چلی، انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ دونوں پچھلے 14 سال سے ایک دوسرے سے الگ رہ رہے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ الگ ہونے کے باوجود انہوں نے ایک ساتھ کام بھی کیا دونوں کے درمیان تعلقات خوشگوار رہے اور کبھی کبھار دوستوں کی طرح باہر کھانا کھانے بھی جاتے تھے اگر آگے بھی انہیں کسی ڈرامے میں ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ ضرور کریں گے اور ان کے دل میں ایک دوسرے کے لیے کوئی برائی یا رنجش نہیں ہے۔

    وسیم عباس نے کہا کہ مجھے اس طلاق سے بالکل بھی دکھ نہیں ہوا کیونکہ ہمارے درمیان اب وہ جذبا ت ہی نہیں بچے تھےانہوں نے بتایا کہ ان دونوں کی آپس میں کوئی اولاد بھی نہیں ہے ان کے صباحمید کے گھر والوں کے ساتھ انتہائی خوشگوار تعلقا ت رہے ہیں میں نے ہمیشہ محبت سے زیادہ عزت کو اہمیت دی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ فیصلہ بالکل صحیح تھا ہم دونوں نے کبھی بھی میڈیا یا عوام میں ایک دوسرے کے خلاف کوئی بری بات نہیں کی اور نہ ہی کبھی ایک دوسرے کو برا بھلا کہا۔

    دوسری شادی کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اپنی اس دوسری شادی کو کوئی بہت بڑی غلطی تو نہیں کہتا، کیونکہ مجھے اس وقت یہ فیصلہ بہت اچھا لگتا تھا مگر اگر آج میں پیچھے مڑ کر دیکھوں تو شاید یہ ایک غلطی ہی تھی اور مجھے اس رشتے کے ختم ہونے کا رتی بھر بھی افسوس نہیں ہے۔

    تیسری شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ایسا کوئی پلان نہیں ہے ان کے پاس ان کے بچے ہیں، وہ دادا بن چکے ہیں، جبکہ پہلی بیوی بھی اسی گھر میں رہتی ہیں اس لیے ان کی نظر میں اب شادی کرنا مناسب نہیں ہے۔

    وسیم عباس کے انکشاف کے بعد شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا پر اس خبر پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، جبکہ مداح دونوں فنکاروں کے باوقار انداز میں علیحدگی اختیار کرنے کو سراہ رہے ہیں، تاہم صبا حمید کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

  • بھارتی حکومت نے فلم ’ستلج‘ کیوں رکوائی، کیا نئی دہلی اپنی خونریز تاریخ چھپانا چاہتا ہے؟

    بھارتی حکومت نے فلم ’ستلج‘ کیوں رکوائی، کیا نئی دہلی اپنی خونریز تاریخ چھپانا چاہتا ہے؟

    معروف گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کی فلم کو بھارتی حکومت محض دو دن ہی برداشت کر پائی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حقیقی واقعات پر مبنی فلم ستلج بھارت میں ZEE5⁠ نے نشر کی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دلجیت دوسانجھ کی فلم ستلج تین برس کی تاخیر اور تین ناموں کی تبدیلی کے بعد 3 جولائی 2026 کو بھارت میں ریلیز ہوئی۔ فلم ساز نے سنسر بورڈ کے اعتراضات کو دور کرنے کے لئے پہلے گھلوگھارا، پھر پنجاب ’95 اور آخر میں ستلج رکھا گیا ، تاہم یہ کوشش ناکام رہی، بھارتی حکومت نے قومی سلامتی کے خدشات کی بنیاد پر فلم کو بھارت میں زی فائیو سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ فلم ستلج پنجاب میں 1980ء اور 1990ء کی دہائی کے دوران مبینہ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور پولیس کے مبینہ مظالم پر مبنی ہے۔ فلم سکھ انسانی حقوق کارکن جسونت سنگھ خالصہ کی زندگی سے متاثر ہے، جنہوں نے پنجاب ہزاروں گمشدگیوں اور مبینہ ہلاکتوں کی تحقیقات کیں۔ جسونت سنگھ کھالڑہ نے انکشاف کیا تھا کہ پنجاب میں ہزاروں افراد کو ماورائے عدالت قتل کر کے خاموشی سے جلا دیا گیا۔ کھالڑہ نے بلدیاتی ریکارڈز سے 25 ہزار سے زائد ایسے افراد کا سراغ لگایا جنہیں پولیس نے قتل کر کے خاندانوں کو اطلاع دیے بغیر نامعلوم لاشوں کے طور پر جلا دیا۔ جسونت سنگھ کھالڑہ نے اپنی تحقیقات پر پریس کانفرنسیں کیں اور بیرونِ ملک بھی آواز اٹھائی جسونت سنگھ خالصہ کو 1995ء میں اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا- کھالڑہ کی بیوہ پرمجیت کور کھالڑہ نے انصاف کے حصول کے لئے طویل قانونی جدوجہد کی۔ پرمجیت کور کھالڑہ برسوں سے مطالبہ کرتی رہی ہیں کہ پنجاب میں سکھوں کے خلاف مبینہ ریاستی جرائم پر پولیس سربراہ کے پی ایس گل کا بین الاقوامی سطح پر احتساب ہو۔ پنجاب پولیس کریک ڈاؤن کے سربراہ K. P. S. Gill پر کھالڑہ قتل کے حوالے سے کبھی فردِ جرم عائد نہ ہوئی۔ فلم میں سکھوں کی ماورائے عدالت گمشدگیوں اور قتل کے لئے “نسل کشی” کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے

  • بونی کپور کی بیٹی انشولا کپور شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

    بونی کپور کی بیٹی انشولا کپور شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

    بالی ووڈ کے معروف پروڈیوسر بونی کپور کی بیٹی اور اداکار ارجن کپور کی بہن انشولا کپور رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انشولا کپور نے اپنے دیرینہ دوست روہن ٹھاکر سے ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس میں خاندان کے قریبی افراد اور دوستوں نے شرکت کی۔انشولا کپور نے اپنی شادی کی خوشخبری سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خوبصورت تصاویر شیئر کرکے مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ تصاویر میں دونوں کو شادی کی مختلف رسومات ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک تصویر میں انشولا کی سوتیلی بہنیں، جھانوی کپور اور خوشی کپور بھی موجود ہیں۔انشولا نے تصاویر کے ساتھ ایک جذباتی کیپشن بھی تحریر کیا، جس میں انہوں نے 6 جولائی کو اپنی شادی کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے اپنے شوہر روہن ٹھاکر کے لیے محبت بھرے جذبات کا اظہار کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب انتہائی سادگی اور نجی انداز میں منعقد کی گئی، جس میں صرف قریبی عزیزوں اور دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ انشولا کپور اور روہن ٹھاکر کی منگنی جولائی 2025 میں ہوئی تھی، جس کے بعد اب دونوں نے اپنی نئی زندگی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • حقیقی رشتوں کی پہچان مشکل حالات میں ہی ہوتی ہے، زارا نور عباس

    حقیقی رشتوں کی پہچان مشکل حالات میں ہی ہوتی ہے، زارا نور عباس

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری میں کئی ایسی خواتین موجود ہیں جو کبھی ان کی قریبی دوست تھیں، مگر مشکل وقت میں انہوں نے توقع کے مطابق ساتھ نہیں دیا۔

    ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے زارا نور عباس نے شوبز انڈسٹری میں قائم ہونے والی دوستیوں، مشکل حالات اور ذاتی تجربات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زندگی کے کٹھن دور میں انہیں بعض ساتھی فنکاروں اور دوستوں کی جانب سے وہ تعاون نہیں ملا جس کی انہیں امید تھی۔اداکارہ نے کہا کہ ان کے مشکل وقت میں سب سے زیادہ حوصلہ افزائی اور حمایت خاندان کی خواتین نے کی، جو مضبوط کردار کی حامل ہیں۔ ان کے بقول، خاندان نے ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا اور انہیں یہ احساس دلایا کہ اپنی ذات، ذہنی سکون اور جذبات کو اہمیت دینا انتہائی ضروری ہے۔

    زارا نور عباس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی بعض خواتین، جو کبھی ان کی اچھی دوست تھیں، مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئیں، تاہم انہیں اس بات کا اطمینان ہے کہ انہوں نے ایسے افراد کو اپنی زندگی سے دور کر دیا جو ضرورت کے وقت ان کا سہارا نہ بن سکے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ زندگی کے تلخ تجربات انسان کو یہ سکھاتے ہیں کہ حقیقی رشتوں کی پہچان مشکل حالات میں ہی ہوتی ہے، اور یہی تجربات انسان کو خود کو ترجیح دینے اور اپنی ذہنی و جذباتی صحت کا خیال رکھنے کا شعور بھی دیتے ہیں۔