پاکستان کے راک بینڈ اسٹرنگز اور کوک اسٹوڈیو میں بطور ڈرمر فرائض سرانجام دینے والے احد نیانی بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے-
باغی ٹی وی : رواں برس مارچ میں احد نیانی نے نیسا نامی فری لانس پروڈکشن ڈیزائنر سے شادی کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام میں احد نیانی نے شادی کی تصویر شئیر کیں اور کیپشن میں لکھا کہ میر ی بیوی-
تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارات میں دلہن نے لال عروسی جوڑا زیب تن کیا جبکہ دولہے نے اپنے اس بڑے دن کیلئے کالی شیروانی کا انتخاب کیا۔
دوسری جانب گزشتہ روز احد نیانی کی اہلیہ نیسا نے بھی انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شئیر کیں اور پوسٹ کے کیپشن میں بتایا گیا کہ ان کی احد سے ملاقات اسٹرنگز کے ایک کنسرٹ میں ہوئی تھی جہاں وہ بطور فوٹوگرافر موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ 2010 میں ہماری یہ پہلی ملاقات تھی کہ جب احد کا بطور ڈرمر اسٹرنگز کے ساتھ تیسرا کنسرٹ تھا۔
نیسا نے لکھا کہ پہلی ملاقات کے بعد ہم نے ایک سال تک بات نہیں کی، لیکن جب طویل مدت بعد احد کو میرے کار ایکسیڈنٹ کا معلوم ہوا تو اس نے خیریت دریافت کرنے کیلئے مجھے میسج کیا۔
نیسا نے لکھا کہ ستمبر 2020 میں ہماری منگنی ہوئی اور اب باضابطہ طور پر ہم رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔
معروف پاکستانی ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے وزیراعظم عمران خان کے عورتوں پر ہونے والے جنسی ہراسگی کے واقعات کو ان کے لباس سے جوڑنے کے بیان پر کہنا ہے کہ انہوں نے تو صرف ایک بات کی ہے آپ مانیں یا نہ مانیں انہوں نے کوئی قانون تو نہیں بنایا-
باغی ٹی وی : خلیل الرحمٰن قمر نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جس میں انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ سامنے آنے والے جنسی جرائم میں اضافے کے سوال پراپنا رد عمل دیا-
خلیل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان نے پردے کی بات تو کی ہی نہیں انہوں نے تو صرف ستر ڈھانپنے کی بات کی ہے-
مصنف نے کہا کہ اگر آپ ٹافی کو ریپر کے بغیر رکھیں زمین پر تو اس پر مکھیاں امڈ آئیں گی لیکن اگر آپ اسے ریپر میں ڈال کر رکھیں گے تو مکھیاں نہیں آئیں گی-
انہوں نے جنسی جرائم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہت ساری خواتین ہمارے ہاں مردوں کے ساتھ کام کرتی ہیں تو ایک ریپسٹ کی وجہ سے باقی سب کو برا نہیں کہہ سکتیں جو کرمنلز منٹیلیٹی مردوں میں ہوتی ہے وہی عورت میں بھی ہوتی ہے-
خلیل الرحمٰن نے مزید کہا کہ ایک مفتی نے ذلالت کی، اگر ذلالت کی ہے باقی کے مفتیوں پر آپ انگلیاں نہیں اٹھا سکتے، اس مفتی کو آپ بھی گالی دیتے ہیں اور اسے میں بھی گالی دیتا ہوں۔
ڈرامہ نگار نے کہا کہ کون ذی روح ہے کسی کا دماغ خراب ہے وہ ریپسٹ کا ساتھ دے گا انہوں نے کہا کہ وہ خود ایک لبرل آدمی ہیں، ہم مرد پورے کپڑے پہن کر پھرتے ہیں تو ہمارے مردوں میں سے تو کبھی کسی نے ایسا اعتراض نہیں کیا۔
خلیل الرحمٰن نے کہا کہ یہ ستر ڈھانپنے کا حکم ناصرف عورتوں کے لیے بلکہ مردوں کے لیے بھی ہے تو اس میں کیا قباحت ہے تو پھر آپ انکاری ہو جائیں گے آپ مسلمان نہیں ہیں –
انہوں نے کہا کہ خدا کے واسطے آپ شرم کیجیئے آپ وہ بد نصیب اور بد بخت ہیں جو اپنے ہی دین پر اور اپنی ہی معاشرتی روایات پر فخر نہیں کرتے، تو آپ کے لیے راستے کھلے ہیں پلٹ کر واپس جائیں اور جنگلوں میں رہیئے پتے باندھیے یا بغیر پتے باندھے پھریئے، کوئی نہیں روکے گا آپ کو۔
وزیراعظم کے بیان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے صرف ایک بیان دیا ہے اگر آپ ان کی رائے کو نہیں ماننا چاہتے تو نہ مانیں، انہوں نے کوئی قانون تو نہیں بنایا۔
خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ وزیر اعظم کا رویہ ایک باپ کے جیسا تھا ان کے اندر ایک باپ بول رہا تھا جو چاہتا تھا کہ اس کے بچے تربیت حاصل کر لیں ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کو سیلیوٹ کیا-
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا خواتین پر جنسی تشدد سے متعلق کہنا تھا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، اگر عورت کپڑے کم پہنے گی تو اس کا اثر تو ہو گا اس سوال پر کہ کیا واقعی خواتین کے لباس کا چناؤ اُن پر جنسی تشدد کی وجہ ہے؟ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کس معاشرے میں رہتے ہیں۔
بالی ووڈ سُر اسٹار شاہ رخ خان نے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار کے ساتھ فلم نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
باغی ٹی وی :ہندوستان ٹائمز کےمطابق ایک انٹرویو میں بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان نے اکشے کمار کے ساتھ کام نہ کرنے کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ وہ دونوں ایک ساتھ کام کیوں نہیں کر سکتے-
شاہ رخ خان نے کہا کہ میں اس پر کیا بات کروں دراصل میں صبح جلدی نہیں اٹھ سکتا جیسے اکشے کمار صبح جلدی اٹھنے کا عادی ہے اور جس وقت اکشے کمار اٹھتے ہیں وہ تو میرے سونے کا وقت ہے تو ہم ایک ساتھ کام کیسے کرسکتے ہیں۔
شاہ رخ خان کے مطابق جس وقت میں اٹھ کر اپنی شوٹنگ کا آغاز کرتا ہوں تب تک اکشے کمار اپنی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد گھر جانے کی تیاری کررہا ہوتا ہے اور میں صرف رات کو کام کرنا پسند کرتا ہوں، بہت کم لوگ میری طرح رات میں کام کرتے ہیں۔
شاہ رخ نے مزید کہا کہ میں اکشے کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں لیکن ہماری شوٹنگ کے لیے ایک وقت نکالنا ممکن نہیں ہوگا، اگر کسی فلم میں ہم نے ساتھ کام بھی کیا تو مجھے یقین ہے فلم کے سیٹ پر میری اور اکشے کمار کی ملاقات کبھی نہیں ہوپائے گی کیوں کہ وہ جارہا ہوگا اور میں آرہا ہوں گا۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان اور اکشے کمار نے صرف فلم ’دل تو پاگل ہے‘ میں ایک ساتھ کام کیا ہے تاہم اس میں بھی دونوں کے ایک ساتھ بہت کم سین ہیں اس کے علاوہ وہ ایک دوسرے کی فلموں ’ہے بے بی‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ کے گانوں میں مختصر کردار ادا کرچکے ہیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ صبور علی کا کہنا ہے کہ جب سجل سے شکل و صورت کا موازنہ تو ٹھیک ہے مگر جب کام کا مقابلہ کیا جاتا ہے تو بہت عجیب لگتا ہے-
باغی ٹی وی : صبور علی نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اپنی زندگی، کیریئر اور اپنی بہن سجل علی کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کی۔
صبور علی نے کہا کہ لوگ سوشل میڈیا پر میرا اور سجل کا موازنہ کرتے ہیں۔ شکل و صورت ملانے کی حد تک تو ظاہر ہے بہنوں کا آپس میں موازنہ ہوتا ہی ہے لیکن لوگ بعض اوقات موازنہ کرتے کرتے اسے مقابلے میں بدل دیتے ہیں-
سجل نے کہا موازنہ برا نہیں ہے یہ تو دنیا بھر میں ہوتا ہے مگر جب لوگ اس طرح کے کمنٹ کرتے ہیں کہ یہ زیادہ پیاری ہے یا وہ، اس کا کام ایسا ہے تو اس کا کام ویسا تو بہت عجیب لگتا ہے۔ میں کہتی ہوں کہ میری الگ شناخت ہے اور سجل کی الگ شناخت اور میرے خیال میں ہم دونوں کی اداکاری کے انداز بھی مختلف ہیں۔
صبور کے مطابق وہ اور سجل کام کے حوالے سے آپس میں اتنی ہی بات کرتی ہیں کہ ’وہ آج کل کیا کام کر رہی ہیں اور کہاں جا رہی ہیں اور میں کیا کر رہی ہوں تاہم ایک دوسرے کی پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں زیادہ مشاورت نہیں ہوتی شاید اسی لیے میں نے اتنی جگہ بنا لی، اگر میرے اور اس کے کام میں زیادہ مماثلت ہوتی تو ایسا نہیں ہو پاتا۔
صبور نے بتایا کہ وہ اور سجل اتفاقاً شوبز انڈسٹری میں آئے مگر فرق صرف یہ تھا کہ سجل نے اِس کام کو بخوشی اپنایا لیکن وہ تھوڑے نخرے کر کے اس فیلڈ میں آئیں۔
صبور نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے تھوڑا عجیب لگتا ہے کیونکہ بہت سارے لوگ یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کرتے ہیں اور اگر میں یہ کہوں کہ میں ایسا نہیں چاہتی تھی مگر مجھے یہ سب مل گیا تو تھوڑا عجیب لگتا ہے کیونکہ صبور انجینیئر بننا چاہتی تھیں مگر اُن کے مطابق کچھ معاملات ویسے ہو نہ سکے جیسا وہ چاہ رہی تھیں۔
صبور علی کا کہنا ہے کہ شوبز میں آنے کی اُن کی حوصلہ افزائی اُن کی والدہ نے کی وہ اکثر کہا کرتی تھی کہ دیکھو سجل کتنی ترقی کر رہی ہے، میں چاہتی ہوں کہ تم بھی اسی طرح سے ترقی کرو۔ وہ نہ سپورٹ کرتیں تو میں یہاں تک کبھی نہ پہنچتی۔ تاہم میں آگے بڑھنے کے لیے محنت کر رہی ہوں۔
صبور علی نے اپنی منگنی کے حوالے سے بتایا کہ علی انصاری کی بہن مریم میری اچھی سہیلی ہیں اور وہ اکثرمجھ سے کہتی تھیں کہ ’میرے بھائی کے لیے کوئی لڑکی دکھاؤ، اور میں نے انھیں کئی لڑکیاں بتائیں بھی-
صبور کے مطابق مریم انھیں کئی بار کہہ چکی تھیں کہ تم میرے بھائی سے کیوں نہیں شادی کر لیتیں، وہ بہت نیک ہے، بہت اچھا ہے، تاہم انھوں نے کبھی سنجیدگی سے اس بارے میں نہیں سوچا۔
اور پھر سجل علی اور علی انصاری کی بہن مریم کے درمیان اس پر بات ہوئی اور انھوں نے اس حوالے سے ہم کو سنجیدگی سے سوچنے کو کہا جس کے بعد صبور علی کے بقول ’میں نے یہ کہہ دیا کہ اگر کرنا ہے تو میں فوراً کروں گی، غور و فکر یا زیادہ لمبی بات چیت نہیں کروں گی۔
شادی کےھوالے سے صبور علی نے کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ شادی کے لیے کوئی مخصوص وقت یا عمر ہوتی ہے۔ جب اچھا انسان مل جائے آئے تو وہی وقت ہوتا ہے شادی کرنے کا۔ میں بھی جلد ہی شادی کروں گی۔
بھارتی عدالت نے بالی ووڈ فلموں کے ناقد کمال آر خان کو دبنگ اداکار سلمان خان کے خلاف کوئی بھی ہتک آمیز بیان دینے سے روک دیا۔
باغی ٹی وی : بھارتی فلموں کے تجزیہ نگار اور اداکار کمال آر خان نے بالی ووڈ کے چلبل پانڈے سلمان خان کی عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلم ’’رادھے؛ یور موسٹ وانٹڈ بھائی‘‘ کا ریویو کیا تھا جس میں انہوں نے نہ صرف سلمان خان پر تنقید کی تھی بلکہ ان کے خلاف سخت زبان استعمال کی تھی اور ان کی ذات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ جس کے بعد سلمان خان نے کمال آر خان پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا تھا۔
بعد ازاں کمال آر خان کی سپراسٹار سلمان خان کی ساکھ کو داغدار کرنے کے لیے متعدد ٹوئٹس اور ویڈیوز سامنے آئیں اب ممبئی کی سول کورٹ نے سلمان خان کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے کمال آر خان کو عارضی طور پر سلمان خان، ان کے اہلخانہ، فلم رادھے کے ہدایت کار اور سلومیاں کی پروڈکشن کمپنی کے شیئرہولڈرز کے خلاف کسی بھی طرح کے ہتک آمیز بیانات دینے، ویڈیوز بنانے اور پوسٹس شیئر کرنے سے روک دیا ہے۔
کمال آر خان نے عدالتی فیصلےپر کہا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی سلمان خان کے بارے میں کوئی ہتک آمیز بیان نہیں دیا بلکہ وہ پوری ایمانداری کے ساتھ فلموں کا ریویو کرتے ہیں۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں کہا کہ اُن سے تیسری شادی کی دعویدار خاتون کی وجہ سے اُن کا گھر ٹوٹ گیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کشمکش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میں نے بہت تنگ آنے کے بعد یہ ویڈیو پیغام جاری کیا ہے کیونکہ ایک خاتون کی وجہ سے مجھ پر تہمت لگائی گئیں، مجھے تنقید کا نشانہ بنایا لیکن میں خاموش رہا۔
اُنہوں نے کہا کہ اُس خاتون اور لوگوں کی تنقید کی وجہ سے میرا گھر ٹوٹ گیا، مجھے بُرا بھلا کہا گیا لیکن میں نے پھر بھی صبر کیا اب میری برداشت ختم ہوگئی ہے اور میں نے اس خاتون کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس دائر کردیا ہے اور اب عدالت ہی اُس کا فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں تمام ثبوت عدالت میں پیش کروں گا، ڈی این اے رپورٹ بھی کرواؤں گا اور پھر سب کے سامنے سچ آجائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ’اس خاتون نے ناصرف میری توہین کی بلکہ ہمارے ملک، عوام اور پوری جماعت کے لیے غلط الفاظ استعمال کیے جبکہ میرے پاس اُس خاتون کے والد کی تمام فون کالز بھی موجود ہیں اور میں وہ سب عدالت میں پیش کروں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوگوں نے مجھ پر شدید تنقید کی لیکن کسی نے اُس خاتون سے نکاح نامہ نہیں مانگا کیونکہ ہمارا نکاح ہوا ہی نہیں، اگر نکاح ہوا ہوتا تو وہ ضرور سب کے سامنے آتا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے مزید کہا کہ میں یہ سوال بھی عدالت میں چیف جسٹس کے سامنے ضرور اُٹھاؤں گا اور خود پر لگی تمام تہمتیں بھی ہٹاؤں گا۔
ساتھ ہی ڈاکٹر عامر لیاقت نے ایک طویل کیپشن بھی تحریر کیا-
دوسری جانب عامر لیاقت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین شدید کشمکش میں مبتلا ہوگئے ہیں، صارفین نے پی ٹی آئی رہنما کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے سوال کررہے ہیں کہ ’کیا عامر لیاقت اور طوبیٰ کی بھی طلاق ہوگئی ہے؟‘
تاہم ابھی تک ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور اُن کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
عامر لیاقت کی اس ویڈیو پر کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ کافات عمل ہے ایک پاکباز بیوی(سیدہ بشریٰ اقبال) کو بلاوجہ طلاق دینے کی سزا ہے اب بھگتو-
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہانیہ نامی ایک خاتون نے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ ہونے کا دعویٰ کیا تھاان کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ سے ان کی اور ان کی فیملی کی ڈاکٹر عامر لیاقت سے بات چیت ہوتی رہی اور ہماری محبت کو دیکھتے ہوئے گھر والوں نے ہماری شادی کروا دی۔لیکن ان کی دوسری بیوی طوبیٰ عامر نے اس شادی اور اس محبت کے خلاف ایک مہم شروع کردی۔
اس خبر کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ہانیہ نامی خاتون سے تیسری شادی کی خبروں کی تردید کردی تھی۔
واضح رہے کہ طوبیٰ عامر سے قبل عامر لیاقت نے بشریٰ سے شادی کی تھی جس سے ان کے دوبچے ہیں۔ اور سیدہ طوبیٰ سے عامر لیاقت نے خفیہ طور پر شادی کی تھی لیکن الیکشن کے دوران وہ اپنی دوسری شادی منظرعام پر لے آئے تھے-
چینی ایپلیکیشن ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کے لئے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے-
باغی ٹی وی :اکثر ٹک ٹاک پر کھانے پکانے کی کوئی ویڈیو دیکھتے ہوئے اس وقت کافی جھنجھلاہٹ ہوتی ہے جب ترکیب کو لکھنا پڑتا ہے یا کریٹیر کے بائیو لنک پر جاکر اسے دیکھنا پڑتا ہے تاہم اب ٹک تاک انتظامیہ نے ایک نئے فیچر کو متعارف کراکے اس مسئلے کو حل کردیا۔
ٹک ٹاک نے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے کہ کہ ہم اس فیچر کے لئے بہت پُرجوش ہیں جو صارفین کو اپنی ویڈیو میں منی ایپس ایمبیڈ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
اس فیچر کو جمپس کا نام دیا گیا ہے، مثال کے طور پر اگر کوئی صارف کھانا پکانے کی ویڈیو بناتا ہے تو وہ ریسیپی ایپ ویشک کے لنک کو اس میں ایمبیڈ کرسکتا ہے، جس سے ناظرین ایک بٹن کلک کرکے اس ترکیب کو ٹک ٹاک کے اندر ہی دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر اس وقت آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے اور مخصوص ٹک ٹاکرز کو ہی دستیاب ہے، مگر ٹک ٹاک کہنا ہے کہ اس فیچر کو مزید افراد کو ٹیسٹنگ کے لیے فراہم کیا جائے گا۔
جب جمپ فیچر سے لیس کسی ویڈیو کو دیکھا جائے گا تو ناظرین کو اسکرین کے نیچے ایک بٹن نظر آئے گا جو ٹک ٹاک کے اندر ایک نئی اسکرین میں مواد کو اوپن کرے گا اس کی ایک جھلک ٹک ٹاک کی جانب سے ایک ویڈیو میں بھی جاری کی گئی کہ اسے کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ٹک ٹاک کے مطابق اس وقت ویشک، وکی پیڈیا اور ٹیبیلوگ کو اس فیچر کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ جلد بزفیڈ اور دیگر کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے گا۔
ویشک کے سربراہ نک ہولزہر نے کہا ، "ہم ٹک ٹاک جمپ میں ایک نمایاں شراکت دار بن کر خوش ہیں ،” رواں سال کے شروع میں ایک محدود بیٹا شروع کرنے کے بعد سے ، ٹِک ٹاک اور ویشک نے ایک طویل عرصے سے دشواری کے خاتمے میں مدد کی ہے جو صارفین کو درپیش ہے کہ کیسے ٹک ٹا ک کے صارفین کو مکمل نسخہ والا مواد دیکھنے اور وقت بچانے کی اجازت دیں۔ اس سے قبل آن لائن شائع شدہ ترکیبیں شامل کرنے کے لئے نہ صرف ٹِک ٹاک کے تخلیق کارویشک استعمال کررہے ہیں بلکہ وہ ٹک ٹاک ک کی انوکھی ترکیبیں بھی شیئر کر رہے ہیں جو کہیں اور موجود نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک پہلی کمپنی نہیں جو اس طرح کے فیچر کو ویڈیوز میں استعمال کررہی ہے، اسنیپ چیٹ میں بھی اس سے ملتا جلتا فیچر منیز کے نام سے موجود ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی اے کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل نے پشاور ہائیکورٹ کو بتایا تھا کہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلکیشن ٹک ٹاک سے 98 لاکھ غیراخلاقی ویڈیوز ہٹادی گئی ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید خان کی سربراہی میں عدالتی بینچ نے ٹک ٹاک پر اپ لوڈ ہونے والے مواد سے متعلق درخواست پر سماعت کی تھی سماعت کے دوران پی ٹی اے کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور وکیل جہانزیب محسود عدالت میں پیش ہوئے تھے-
دورانِ سماعت ڈائریکٹر ٹیکنیکل پی ٹی اے نے بتایا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد اب تک ٹک ٹاک سے 98 لاکھ غیر اخلاقی ویڈیوز کو ہٹادیا گیا ہے جبکہ عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اب تک غیر اخلاقی مواد اپلوڈ کرنے والے 7 لاکھ 20 ہزار ٹک ٹاک اکاؤنٹس کو بلاک کردیا گیا ہے اور پاکستان کے لیے ٹک ٹاک کانٹینٹ ماڈریٹر کی تعداد بڑھائی گئی ہے۔
علاوہ ازیں پی ٹی اے کے وکیل جہانزیب محسود ایڈووکیٹ نے بتایا تھا کہ عدالتی حکم کے بعد ٹک ٹاک نے پہلی مرتبہ پاکستان کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا ہے پی ٹی اے نے غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ ہونے سے پہلے سنسر کرنے کے لیے مختلف ممالک سے رابطے کیے لیکن ٹک ٹاک ویڈیو سنسر کرنے کے لیے کوئی ڈیوائس موجود نہیں ہے۔
اس پر چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو کام آپ کررہے ہیں اس کو جاری رکھیں، ہم نہیں چاہتے کہ تفریح کے لیے ٹک ٹاک کو بند کیا جائے جو غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ ہوتا ہے اس کے ہمارے معاشرے پر برے اثرات پڑتے ہیں ہمیں صرف اس کی فکر ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے کہا تھا کہ جو غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں، اس کو فلٹر کیا جائےبعدازاں عدالت نے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک سے غیر اخلاقی مواد ہٹانے کا کام جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔
یو ٹیوبر زید علی اور ان کی اہلیہ یمنیٰ زید نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش سے چند ہفتے قبل ہی اس کی جنس کا اعلان کردیا ہے-
باغی ٹی وی : زید علی اور یمنیٰ زید نے رواں برس جنوری میں تصدیق کی تھی کہ دونوں کے ہاں پہلے بچی کی پیدائش متوقع ہے دونوں نے بچے کی جنس کا اعلان کرنے کے حوالے سے کچھ دن قبل ہی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا تھا کہ وہ ایک پارٹی منعقد کرنے جا رہے ہیں، جس میں وہ اعلان کریں گے کہ ان کے ہاں پہلا بیٹا ہوگا یا بیٹی-
یوٹیوبر زید علی اور یمنیٰ زید نے گزشتہ روز 22 جون کو اپنے یوٹیوب چینل پر بچے کی جنس کی پارٹی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وہاں بچے کی جنس کا اعلان کیا۔
پارٹی میں زید علی کے والدین سمیت ان کے انتہائی قریبی دوست بھی شریک ہوئے جبکہ یوٹیوبر کے والدین نے بتایاکہ جب وہ جوان تھے تب بچوں کی جنس سے متعلق ایسی پارٹیاں منعقد نہیں کی جاتی تھیں۔
زید کے والد کے مطابق اگرچہ ماضی میں میڈیکل سائنس نے اتنی ترقی نہیں کی تھی کہ بچے کی تصدیقی جنس معلوم کی جا سکے، تاہم بعد ازاں الٹرا ساؤنڈ کے ذریعے جنس معلوم ہوجاتی تھی مگر بچے کی جنس کا اعلان نہیں کیا جاتا تھا۔
پارٹی میں شریک ہونے والے مہمانوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا، جس میں سے ایک ٹیم کی خواہش تھی کہ ان کے ہاں پہلی بیٹی ہو جب کہ دوسری ٹیم بیٹے کی خواہش مند تھی۔
ویڈیو کے آخر میں یوٹیوبرز نے بچے کی جنس کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر شکرادا کیا کہ ان کے ہاں پہلا بیٹا ہوگا۔
یوٹیوبرز کی جانب سے بچے کی جنس کا اعلان کرنے کے بعد کئی لوگوں نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی ویڈیو میں زید علی نے بتایا کہ جلد ہی ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگی مگر انہوں نے مقررہ وقت نہیں بتایا۔
بچے کی جنس کی ویڈیو شیئر کرنے کے بعد یمنیٰ زید نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں وضاحت کی کہ بیٹا یا بیٹی سب خدا کی مرضی ہیں، بس جو بھی بچہ ہو صحت مند ہو۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے ناموراداکار شہریار منور کا کہنا ہے کہ ان کی نظر میں آصف علی زرداری تیز اور ذہین شخص ہیں جب کہ عمران خان مضبوط حکمران ہیں۔
باغی ٹی وی : شہریار منور حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے شو ’جشن کرکٹ‘ میں بطور مہمان شریک ہوئے جہں انہوں نے شوبز ، ذاتی ، فنی کرئیر اور اقربا پروری کے بارے میں کُھل کر بات کی وہیں اداکار نے سیاستدانوں پر تنقید کرنے سے گریز کیا-
پروگرام میں جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں ایک دن کے لیے ملک کا وزیر اعظم بنایا جائے تو وہ پہلے تین کام کیا کریں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ وہ سب سے پہلے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔
شہریار منور نے مزید وضاحت کی کہ پاکستان جیسے ملک میں وزارت عظمیٰ پر رہتے ہوئے ذمہ داریاں نبھانا آسان نہیں۔
انہوں نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کو مشکل ترین قرار دیا اور کہا کہ یہ سیاستدانوں کا ہی کام ہے، ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ وہ مذکورہ عہدے پر رہتے ہوئے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
سیاست پر محتاط انداز میں بات کرتے ہوئے شہریار منور نے آصف علی زرداری کے حوالے سے کہا کہ وہ تیز اور ذہین آدمی ہیں، انہیں سب کو ایک ساتھ لے کر چلنے کا فن آتا ہے، اس لیے ہی وہ پہلے سیاستدان بنے تھے جنہوں نے ملک میں جمہوری طریقے سے 5 سال مکمل کیے تھے۔
شہریار منور نے عمران خان پر بات کرتے ہوئے انہیں مضبوط حکمران قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں ہر طرح کے مسائل کے حساب سے سیاست کرنا آتی ہے۔
شہریار منور نے پروگرام میں عمران خان کی جانب سے فلمی صنعت کے لیے اٹھائے جانے والے کچھ اقدامات کی تعریف کی اور ساتھ ہی اُمید کا اظہار کیا کہ وہ مزید بہتر اقدامات اٹھائیں گے-
نواز شریف سے متعلق انہوں نے زیادہ بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ ایک طرح سے انہوں نے سیاست میں حد سے زیادہ وقت گزارا ہے۔
بلاول بھٹو اور مریم نواز میں سے کون بہتر سیاستدان ہے کہ سوال پر بھی انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ سونیا حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں ماڈل، اداکارہ اور میزبان متھیرا کے لیے چند سال قبل استعمال کی گئی مبینہ نامناسب زبان پر وضاحت دے دی-
باغی ٹی وی : ماڈل و اداکارہ متھیرا نے اپنی دو اںسٹاگرام اسٹوریز میں انکشاف کیا کہ ماضی میں اداکارہ سونیا حسین ان کے لیے نامناسب زبان استعمال کر چکی ہیں۔
متھیرا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ 2018 میں طلاق ہوجانے کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہو گئی تھیں اور انہوں نے اپنی جسمانی صحت کا خیال رکھنا بھی چھوڑ دیا تھا۔
ماڈل نے لکھا کہ اسی عرصے کے دوران انہیں ’انٹرنیشنل پاکستان پرسٹیج ایوارڈز‘ (آئی پی پی اے) میں شرکت کے لیے لندن جانا پڑا تو اس وقت انہوں نے اپنے بال ہلکے کروائے ہوئے تھے اور انہوں نے انڈسٹری کے دوسرے لوگوں کے ساتھ سفر کیا۔
متھیرا نے لکھا کہ ڈپریشن کے باعث ان کے بدلتے جسمانی خدوخال کی وجہ سے انڈسٹری کے بہت سارے افراد نے ان کے لیے نامناسب باتیں کیں اور حیران کن طور پر وہ لوگ بھی ان پر نازیبا تبصرے کرتے رہتے جو انہیں جانتے تک نہیں تھے۔
اسٹوریز میں ہی متھیرا نے دعویٰ کیا کہ ان کے جسمانی خدوخال کی وجہ سے سونیا حسین نے بھی ان کے لیے نامناسب کمنٹس کیے اور انہیں ’خواجہ سرا‘ قرار دیا۔
متھیرا نے لکھا کہ سونیا حسین نے انہیں جعلی خاتون قرار دیتے ہوئے ان کے جسمانی خدوخال کی وجہ سے انہیں خواجہ سرا قرار دیا تھا۔
متھیرا نے اپنی اسٹوریز میں ان شوبز شخصیات کی تعریف بھی کی، جنہوں نے ڈپریشن کا مقابلہ کرنے کے مشکل وقت میں انہیں سہارا دیا اور انہوں نے اداکار اظفر رحمٰن کا نام مینشن کرتے ہوئے ان کی تعریف بھی کی۔
انہوں نے اپنی دوسری اسٹوری میں بتایا کہ ماضی میں جو متھیرا تھیں وہ دوسری خاتون تھیں، انہیں اس وقت علم نہیں تھا کہ ڈپریشن اور حالات سے کیسے مقابلہ کرنا ہے اور کیسے اپنا خیال رکھنا ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ تاہم اب کی متھیرا دوسری خاتون ہے، حالیہ متھیرا کو معلوم ہے کہ اپنی حفاظت کیسے کرنی ہے اور کس طرح حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔
متھیرا کی مذکورہ اسٹوریز شیئر کیے جانے کے بعد سونیا حسین پر لوگوں نے تنقید کرنا شروع کی تھی، جس کے بعد انہوں نے متھیرا کو فون کیا اور بعد ازاں اس حوالے سے انسٹاگرام اسٹوری میں وضاحت بھی دی-
اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ انسٹاگرام پرسونیا حسین نے اپنی اسٹوری میں بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے متھیرا سے فون پر بات کی، جس کے بعد ان دونوں کے درمیان ایک دوسرے کے لیے پائی جانے والی غلط فہمیاں دور ہوگئیں۔
سونیا حسین نے اپنی اسٹوری میں متھیرا کے ڈپریشن میں شکار ہونے پر بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں ماڈل کے ساتھ ہمدردی ہے اور یہ کہ کوئی بھی شخص تن تنہا ذہنی پریشانیوں اور انتشار سے مقابلہ نہیں کر سکتا۔
سونیا حسن نے متھیرا کے لیے نامناسب زبان استعمال کرنے کے واقعے کو مینشن کیے بغیر اس کے تناظر میں لکھا کہ دونوں کے درمیان کم بات چیت ہونے کی وجہ سے چیزیں الجھیں۔
اداکارہ نے متھیرا کو اپنی بہن قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور ساتھ ہی لوگوں کو تنبیہ بھی کی کہ وہ پورے معاملے اور اس کے تناظر کو سمجھے بغیر دوسروں پر انگلی نہ اٹھائیں۔
سونیا حسین کی جانب سے فون کیے جانے اور نیک خواہشات کا اظہار کیے جانے کے بعد متھیرا نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں تصدیق کی اور سونیا حسین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ متھیرا 2004 میں افریقی ملک زمبابوے سے پاکستان آئی تھیں اور انہوں نے ٹی وی میزبانی سے کیریئر کا آغاز کیا اور بولڈ انداز کی وجہ سے کافی مشہور بھی ہوئیں متھیرا نے 2013 میں پنجابی گلوکار فلنٹ جے سے شادی کی تھی لیکن 2018 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی، ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔