Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز فرانزک کے لیے بھجوا دیے گئے

    امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز فرانزک کے لیے بھجوا دیے گئے

    قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں پیش ہونے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے دونوں کرکٹرز سے لیے گئے موبائل فونز تکنیکی تجزیے کے لیے فرانز ک لیب بھجوا دیے ہیں،تفتیشی ٹیم نے گزشتہ روز امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز ان لاک کروائے تھے، جس کے بعد دونوں موبائل فونز کو فرانز ک کے لیے بھیج دیا گیا۔

    تحقیقات کا بنیادی مرکز دونوں کھلاڑیوں سے متعلق مالی معاملات اور مشتبہ لین دین ہے امام الحق اور محمد رضوان کے انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز سے قبل اور بعد کے مالی معاملات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ دونوں کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی جانچ کے عمل میں شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق متعلقہ عرصے کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے بینک اکاؤنٹس سے ہونے والی ٹرانزیکشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اگر کسی مشتبہ لین دین کا پتا چلتا ہے تو اس رقم کے ذریعے اور اس کی منتقلی سے متعلق مزید تحقیقات کی جائیں گی، موبائل فونز کی فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جائے گا، تاہم این سی سی آئی اے نے تاحال دونوں کرکٹرز پر عائد کسی الزام کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کو ڈریسنگ روم لیکس کیس سے متعلق تحقیقات کے لیے گزشتہ روز نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور کے دفتر طلب کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت مانگا تھا،امام الحق اور محمد رضوان سے ساڑ ھے 3 گھنٹے سے زائد تفتیش کی گئی تھی۔

  • ربیع الثانی کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو نے پیش گوئی کردی

    ربیع الثانی کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو نے پیش گوئی کردی

    پاکستان اسپیس اینڈ اپر اٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ربیع الثانی 1448 ہجری کے نئے چاند سے متعلق پیش گوئی کردی۔

    سپارکو کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ربیع الثانی 1448 ہجری کے نئے چاند کی پیدائش آج بوقت 08:27 منٹ (پاکستان معیاری وقت) پر متوقع ہے 12 ستمبر 2026 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 34 گھنٹے اور 33 منٹ ہوگی جبکہ پاکستان کی ساحلی پٹی کے ساتھ غروب آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان قریباً 39 منٹ کا فرق ہوگا۔

    سپارکو کے مطابق ان فلکیاتی پیمائشوں کی بنیاد پر 12 ستمبر 2026 کی شام کو ساحلی علاقوں میں (موسم صاف ہونے کی شرط پر) ربیع الثانی کا چاند آنکھ سے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ملک کے باقی حصوں میں اسے دوربین کے ذریعے دیکھا جا سکے گالہٰذا پہلا ربیع الثانی 1448 ہجری اتوار 13 ستمبر 2026 کو ہونے کا قوی امکان ہے جو کہ ماہِ مبارک ربیع الاول کے اختتام کا مظہر ہوگا۔

    ربیع الثانی کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز سے متعلق حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کرے گی جو ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کی مجاز واحد اتھارٹی ہے۔

  • عالمی و مقامی مارکیٹوں میں  سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    آج بھی عالمی ومقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کے بھاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے-

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ڈالر کی کمی سے 4ہزار 398 ڈالر کی سطح پر آگئی ،جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت بھی 600روپے کی کمی سے 4لاکھ 62ہزار 336روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت 515روپے کی کمی سے 3لاکھ 96ہزار 378روپے کی سطح پر آگئی ۔

    اسی طرح مقامی سطح پر فی تولہ چاندی کی قیمت 17روپے کی کمی سے 7ہزار 124روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 15روپے کی کمی سے 6ہزار 107روپے کی سطح پر آگئی۔

  • چین کی چنگ ڈاؤ پورٹ پر کارگو  شپ پر آتشزدگی، 20 افراد ہلاک

    چین کی چنگ ڈاؤ پورٹ پر کارگو شپ پر آتشزدگی، 20 افراد ہلاک

    چین کی چنگ ڈاؤ پورٹ پر کھڑے ایک غیر ملکی کارگو شپ پر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں 20 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 5 افراد لاپتہ ہیں-

    میڈیا رپورٹس کے مطابق چنگ ڈاؤ کی بندرگاہ پر مرمت کے لیے کھڑے لائبیریا کے پرچم تلے چلنے والے غیر ملکی کارگو جہاز اوشین میلوڈی میں آگ بھڑک اٹھی،جہاز پر 42 افراد موجود تھے جس میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 5 افراد لاپتا ہیں، 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا اور 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔

    آگ مقامی وقت کے مطابق تقریباً صبح 11 بجے لگی اور دوپہر 2:30 بجے تک اسے بجھا دیا گیا،چینی صدر شی جن پنگ نے لاپتا افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے،چینی صدر نے حادثے کی تحقیقات کے ساتھ ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے۔

  • راولپنڈی:جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ میں وکیل ثنا اللہ ستی کے پراسرار قتل کا مقدمہ درج

    راولپنڈی:جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ میں وکیل ثنا اللہ ستی کے پراسرار قتل کا مقدمہ درج

    راولپنڈی کے تھانہ سول لائنز کی حدود میں نیو جوڈیشل کمپلیکس لائرز کلب کی پارکنگ میں وکیل ثنااللہ ستی کے پراسرار قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پولیس نے مقتول کے بھائی بیرسٹر سجاد احمد ستی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 942/26 بجرم 302/34 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کرکے تفتیش شروع کردی ہےمقدمے کے متن کے مطابق مقتول ثنااللہ ستی پیشے کے لحاظ سے وکیل تھے اور قریباً ایک سال سے اپنی بیٹی کے ہمراہ راولپنڈی میں رہائش پذیر تھے مدعی کےمطابق انہیں اطلاع ملی کہ انکےبھائی کی نعش ان کی استعمال شدہ سوزوکی سوئفٹ گاڑی نمبر BAX-687 کی ڈرائیونگ سیٹ پر موجود ہے۔

    اطلاع ملنے پر بیرسٹر سجاد احمد ستی راجا محمد عبداللہ ایڈووکیٹ اور شارق ستی ایڈووکیٹ کے ہمراہ موقع پر پہنچے، مقدمے کے مطابق ثنااللہ ستی کی نعش گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر موجود تھی، منہ سے سفید جھاگ اور خون نکل رہا تھا جبکہ جسم کے مختلف حصوں، بالخصوص دونوں کندھوں پر بظاہر زخموں کے نشانات موجود تھے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کیے، پولیس نے مقتول کے زیر استعمال 2 موبائل فونز اور جوڈیشل کمپلیکس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کے کلائنٹ حماد، جس کے موبائل نمبر سے مقتول سے رابطہ ہوا تھا، کے علاوہ کلرک اور منشی کو بھی شاملِ تفتیش کیا جارہا ہے نعش کے پوسٹ مارٹم اور فارنزک معائنے کے بعد واقعے کے اصل حقائق سامنے آئیں گے، مقدمے کی تفتیش انسپکٹر مرزا محمد عارف، ہیومن انویسٹی گیشن یونٹ (ایچ آئی یو) کے سپرد کردی گئی ہے۔

  • پاکستان میں 200 سے زائد افغان میڈیکل طلبہ کی نشاندہی،پی ایم ڈی سی میں صرف 22 رجسٹرڈ

    پاکستان میں 200 سے زائد افغان میڈیکل طلبہ کی نشاندہی،پی ایم ڈی سی میں صرف 22 رجسٹرڈ

    پاکستان میں 200 سے زائد افغان میڈیکل طلبہ کی نشاندہی ہوئی ہے جبکہ پی ایم ڈی سی میں صرف 22 طلبہ رجسٹرڈ ہیں،جبکہ پاکستان میں زیرِ تعلیم افغان میڈیکل طلبہ کی واپسی کے حوالے سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے یکم ستمبر 2026 کو تمام سرکاری اور نجی طبی اداروں کو باقاعدہ مراسلہ جاری کیا ہے۔

    پی ایم ڈی سی کے مطابق 22 میں سے 14 اپنی ڈگری مکمل کرچکے ہیں جبکہ 8 آئندہ سال گریجویشن کریں گے۔ باقی 176 طلبہ کی حیثیت کی تصدیق اور ریگولیٹری جائزے کا عمل جاری ہے،پاکستان میں غیر ملکی طلبہ کے لیے میڈیکل تعلیم پر قومیت کی بنیاد پر کوئی پابندی نہیں، تاہم تمام غیر ملکی طلبہ کے لیے تعلیمی، رجسٹریشن، دستاویزی اور امیگریشن تقاضے پورے کرنا لازم ہے۔

    صرف میڈیکل ڈگری مکمل کرلینا پاکستان میں قیام، ملازمت یا طب کی پریکٹس کا حق نہیں دیتا بلکہ پاکستان میں پریکٹس کے خواہشمند غیر ملکی گریجویٹس کو متعلقہ لائسنسنگ اور رجسٹریشن کی شرائط پوری کرنا ہوں گی،متاثرہ طلبہ کو قانونی کارروائی مکمل کرنے اور حکومتی پالیسی کے مطابق واپسی کے انتظامات میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے، تعلیمی معیار، قانونی تقاضوں اور مریضوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں زیرِ تعلیم افغان میڈیکل طلبہ کی واپسی کے حوالے سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے یکم ستمبر 2026 کو تمام سرکاری اور نجی طبی اداروں کو باقاعدہ مراسلہ جاری کیا ہے، پی ایم ڈی سی نے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیرِ تعلیم افغان طلبہ کو وطن واپس بھیجنے کے لیے انتظامی امور اور این او سی کا اجرا فوری مکمل کریں-

    موجودہ تعلیمی سیشن میں افغان شہریوں کے لیے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں نئے داخلوں، مائیگریشن اور ٹرانسفر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے،لاہور کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی (KEMU) سمیت بعض اداروں نے ضابطے پر عمل کرتے ہوئے افغان طلبہ کو فوری دستاویزات اور کلیئرنس کے احکاما ت جاری کیے ہیں،دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ درست ویزا اور باقاعدہ یونیورسٹی رجسٹریشن رکھنے والے طلبا کے لیے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی گنجا ئش موجود ہے-

  • امام الحق اور رضوان کے موبائل فونز این سی سی آئی اے کے حوالے

    امام الحق اور رضوان کے موبائل فونز این سی سی آئی اے کے حوالے

    قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور کے دفتر میں پیش ہوگئے ہیں۔

    دونوں کرکٹرز کو این سی سی آئی اے نے طلب کیا تھا، جہاں انہوں نے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے دونوں کھلاڑیوں نے اپنے موبائل فون بھی این سی سی آئی اے کے حوالے کردیئے ہیں، جنہیں ان لاک کرایا جائے گاامام الحق اور محمد رضوان سے ڈریسنگ روم لیکس سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی، دونوں کرکٹرز این سی سی آئی اے میں اپنا تحریری جواب بھی جمع کروائیں گے۔امام الحق اور محمد رضوان سے دورہ انگلینڈ سے متعلق معاملات پر پوچھ گچھ کی جائے گی تاہم تحقیقات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس کا اندرونی طور پر جائزہ لیا جارہا ہے اور معاملے کو بورڈ کے مقررہ قوانین اور طریقہ کار کے مطابق دیکھا جا رہا ہے تحقیقات کے دوران تمام متعلقہ افراد کا مؤقف اور دیگر پہلوؤں کو مناسب اہمیت دی جائے گی یہ عمل پی سی بی کے ضوابط کے تحت جاری ہے، جس میں تمام متعلقہ افراد کو مناسب طور پر زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔

    یہ پیش رفت پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے دورۂ انگلینڈ کے دوران کھلاڑیوں کے مبینہ ڈسپلن اور آف دی فیلڈ رویے سے متعلق سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے بعد ہوئی ہےاس سلسلے میں محمد رضوان اور امام الحق کے نام مبینہ طور پر آف دی فیلڈ معاملات کے حوالے سے لیے گئے تھے۔

  • چین: بے تحاشا کھانا کھانے والی 24 سالہ انفلوئنسر اچانک انتقال کر گئی

    چین: بے تحاشا کھانا کھانے والی 24 سالہ انفلوئنسر اچانک انتقال کر گئی

    چین کی معروف مک بانگ انفلوئنسر چن زیئی، جو سوشل میڈیا پر ینگ ینگ کے نام سے مشہور تھیں، صرف 24 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

    ینگ ینگ کے والدین نے 4 ستمبر کو ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی 17 اگست کو دنیا سے رخصت ہو گئی تھی، تاہم اہلِ خانہ نے موت کی باضابطہ وجہ ظاہر نہیں کی، ینگ ینگ کے سوشل میڈیا پر 10 لاکھ سے زائد فالوورز تھے اور وہ مک بانگ ویڈیوز اور لائیو اسٹریمز میں بڑی مقدار میں کھانا کھانے کیلئے مشہور تھیں انہوں نے خود بتایا تھا کہ زیادہ کھانے سے لائیو اسٹریم پر ناظرین کی تعداد اور کارکردگی بہتر ہونے کے باعث ان پر مسلسل کھانے کا دباؤ رہتا تھا۔

    انہوں نے اپنی آخری ویڈیو میں یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ پوٹاشیم کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے، پیسہ کمانا اہم ہے لیکن صحت ہمیشہ پہلے آنی چاہیے ینگ ینگ نے ایک مرتبہ لائیو اسٹریم کے دوران 60 سے 70 محفوظ کیے گئے انڈے کھانے کا دعویٰ بھی کیا تھا، تاہم اس تعداد کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

    شدید پوٹاشیم کی کمی دل کی دھڑکن میں خطرناک بے ترتیبی سمیت سنگین طبی مسائل کا خطرہ بڑھا سکتی ہے بعض رپورٹس میں ینگ ینگ کی موت کو طویل عرصے سے جاری پوٹاشیم کی کمی کے بعد دل بند ہونے سے جوڑا گیا ہے، تاہم اہلِ خانہ یا کسی سرکاری طبی ذریعے نے موت کی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔

    ینگ ینگ کی اچانک موت کے بعد سوشل میڈیا پر انتہائی مقدار میں کھانا کھانے والے مک بانگ ٹرینڈ اور اس سے جڑے ممکنہ صحت کے خطرات پر ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔

  • خلع پر 50 فیصد حق مہر واپسی کیس:خاتون وزیراعلیٰ  سے پوچھا کہ وہ اس کیس کو چلانا چاہتی ہیں یا نہیں؟،سپریم کورٹ

    خلع پر 50 فیصد حق مہر واپسی کیس:خاتون وزیراعلیٰ سے پوچھا کہ وہ اس کیس کو چلانا چاہتی ہیں یا نہیں؟،سپریم کورٹ

    سپریم کورٹ کے شریعت اپیلیٹ بینچ نے خاتون کو خلع پر 50 فیصد حق مہر واپس کرنے کے قانون کو کالعدم قرار دینے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔

    جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں 5 رکنی شریعت اپیلیٹ بینچ نے کیس کی سماعت کی سپریم کورٹ نے معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس میں لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس کو چلانا ہے یا نہیں، معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے رکھا جائے۔

    جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ خاتون کے خلع لینے پر 50 فیصد حق مہر کی واپسی کا قانون صرف پنجاب نے بنایا، پنجاب میں خاتون وزیراعلیٰ ہیں، کیا آپ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے پوچھا کہ وہ اس کیس کو چلانا چاہتی ہیں یا نہیں؟ کیا پنجاب حکومت خواتین کے حقوق کے خلاف اس قانون کی پیروی کرنا چا ہتی ہے؟

    جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پنجاب حکومت کو یہ کیس واپس لے لینا چاہیے۔ پنجاب حکومت قرآن و سنت سے اس قانون کا بتا دے،جسٹس ملک شہزا د نے ریمارکس دیے کہ ہمارے نبیؐ نے بھی خلع پر عورت سے تحفے میں دیا گیا باغ واپس کرنے کا پوچھا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ سیرت النبیؐ میں اس معاملے پر کوئی حکم دینا ثابت نہیں۔

    جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ خلع پر کیا دینا ہے، کتنا دینا ہے، یہ عورت کا فیصلہ ہے، قرآن نے جو اختیار عورت کو دیا حکومت وہ کیسے چھین سکتی ہے؟ حکومت قانون سازی کرکے عورت کے فیصلے کا اختیار کیسے طے کرسکتی ہے؟ جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ عورت کے مقام کو کم کرنے پر عدالت کمپرومائز نہیں کرے گی، عورت کو دیا گیا حق مہر اس کی ملکیت ہوتی ہے انہوں نے سوال کیا کہ کیا حق مہر کو شرط کے ساتھ مشروط کیا جاسکتا ہے؟ جسٹس ملک شہزاد نے کہا کہ ان کے نزدیک حد مقرر کرنا غلط نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ جس کام سے منع نہیں کیا گیا وہ غیر اسلامی کیسے ہوسکتا ہے؟

    عدالت کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے فیملی ایکٹ 2015 میں ترامیم کی تھیں، جن کے ذریعے خلع پر حق مہر واپسی کی حد کا تعین کیا گیا تھا وفاقی شرعی عدالت نے پنجاب حکومت کے اس قانون کو خلاف شریعت قرار دیا تھا، جس کے خلاف پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

  • 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر  کاسمیٹک سرجری کےدوران انتقال کر گئیں

    27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کےدوران انتقال کر گئیں

    فن لینڈ کی معروف 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر اولیویا اوراس کاسمیٹک سرجری کے ایک طریقہ کار کے دوران پراسرار طور پر جان کی بازی ہار گئیں۔

    رپورٹس کے مطابق اولیویا اوراس شہر ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک سرجری کے لیے موجود تھیں، جہاں کاسمیٹک سرجری کا عمل شر وع ہونے سے قبل بے ہوشی (انستھیزیا) کی دوا دیے جانے کے دوران وہ اچانک بے ہوش ہو گئیں، انہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

    اولیویا کے والد ریجو اوراس اور والدہ جوہانا اوراس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی کو بے ہوشی کے انجیکشن کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران وہ دم توڑ گئیں، والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بیوٹی کلینک کے عملے کی سنگین غلطی یا غفلت اس المناک واقعے کا سبب بنی۔

    ہیلسنکی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اولیویا کی موت کے 3 روز بعد واقعے کی باقاعدہ شکایت اور تحقیقاتی درخواست موصول ہوئی، جس کی روشنی میں معاملے میں کسی ممکنہ جرم کی زاویے سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے،تاہم پولیس کے مطابق تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔

    واضح رہے کہ اولیویا اوراس نے محض 14 برس کی عمر میں انسٹاگرام سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں فالوورز حاصل کر کے بطور انفلوئنسر شہرت حاصل کی 2016ء میں ان کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم ’دی پرفیکٹ سیلفی‘ نے انہیں مزید مقبولیت بخشی، جس میں سوشل میڈیا کے ساتھ ان کے ڈیڑھ سالہ تعلق کی عکاسی کی گئی تھی۔

    بعد ازاں، انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کر کے 2017ء میں ایمسٹرڈیم سکونت اختیار کر لی تھی فن لینڈ واپسی پر وہ نیند کی گولیوں اور الکحل کی عادت کا شکار ہو گئی تھیں، تاہم انہوں نے باقاعدہ علاج کرا کر اپنی زندگی کو دوبارہ معمول پر لانے میں کامیابی حاصل کر لی تھی۔