Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • انصاف اور وقار کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے،عاصم افتخار احمد

    انصاف اور وقار کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے،عاصم افتخار احمد

    پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زور دیا ہے کہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود تمام مسلح تنازعات اور غیر ملکی قبضے کی صورتحال میں یکسا ں احتساب کو یقینی بنایا جائے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنسی تشدد جنگ کا ناگزیر نتیجہ نہیں بلکہ اسے اکثر خوف، جبر اور اجتماعی سزا کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ایسے جرائم متاثرین کی زندگیاں تباہ کرتے، خاندانوں کو بکھیرتے اور معاشروں میں دیرپا زخم چھوڑ جاتے ہیں، پاکستان نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود تمام مسلح تنازعات اور غیر ملکی قبضے کی صورتحال میں یکساں احتساب کو یقینی بنایا جائے۔

    سفیر عاصم افتخار احمد نے متاثرین کے لیے طبی، نفسیاتی، قانونی اور معاشی معاونت کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انصاف اور وقار کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے،انہوں نے خواتین کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور بین الاقوامی انسانی قانون پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

  • ایرانی اسپیکر کا  امریکا کو سخت انتباہ

    ایرانی اسپیکر کا امریکا کو سخت انتباہ

    ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ے مقصد ہاتھ پاؤں مارنے سے گریز کریں ورنہ آپ مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے-

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ واضح کر دینا چاہتا ہوں، اگر آپ حملہ کریں گے تو آپ پر بھی حملہ ہوگا، اب دھونس، دھمکیوں اور وعدہ خلافی کی کوئی کارروائی بغیر جواب کے نہیں رہے گی۔

    انہوں نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکی دباؤ کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم بحری گزرگاہ امریکی دھمکیوں سے نہیں بلکہ صرف ایرانی انتظامات کے تحت ہی کھلے گی،بے مقصد ہاتھ پاؤں مارنے سے گریز کریں ورنہ آپ مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے۔

    ایرانی اسپیکر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور آبنائے ہرمز کی سلامتی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

    قبل ازیں ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ امریکی فوج کی جانب سے ایران کی خودمختاری اور سرزمین کے خلاف کسی بھی کارروائی میں مدد فراہم کرنے والا ہر مقام ایرانی مسلح افواج کے لیے جائز ہدف ہوگا، امریکا نے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی ایران کے مختلف علاقوں پر حملے کیے، جس کے بعد ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج امریکی حملوں کا فیصلہ کن جواب دیں گی اور کسی بھی صورت امریکا کو آبنائے ہرمز میں مداخلت یا اس اہم بحری گزرگاہ کے انتظام میں کردار ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آبنائے ہرمز سے تجارتی بحری جہازوں اور آئل ٹینکروں کی محفوظ آمدورفت کے لیے صرف وہی راستہ محفوظ سمجھا جائے گا جو اسلامی جمہوریہ ایران نے مقرر کیا ہے۔

    دریں اثنا ایران کی نیشنل سکیورٹی، فارن پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی کا کہنا ہے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی میراث ایک بہادر اور ثابت قدم قوم ہے، قوم ٹرمپ سمیت کسی بھی دھمکی سے خوفزدہ نہیں، ہم کسی بھی شیطان سے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا نے ایران میں بندرعباس سمیت مختلف شہروں پر حملے کیے اور ایک فائرفائٹر بھی ان کی زد میں آکر جاں بحق ہوا جبکہ ریلوے پل کو بھی نشانہ بنایا گیا-

  • پائلٹ نے دورانِ پرواز طیارے سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی

    پائلٹ نے دورانِ پرواز طیارے سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی

    ارجنٹینا میں پرواز کی تربیت دینے والے ایک پائلٹ نے دورانِ پرواز چلتے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان دے دی-

    عالمی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز وسطی ارجنٹینا کے شہر ٹولیڈو میں پیش آیا 42 سالہ فلائٹ انسٹرکٹر لیاندرو آندریس برتازو ایک سیسنا 150 طیارے میں 22 سالہ اسٹوڈنٹ روزاریو کو پرواز کی تربیت دے رہے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق طالبہ روزاریو نے بتایا کہ پرواز کے دوران برتازو نے اس سے کہا کہ تم جانتی ہو کہ اب کیا کرنا ہے، پرواز جاری رکھو اس کے بعد انہوں نے اپنا ہیڈسیٹ اور سیٹ بیلٹ اتار دی، طیارے کا دروازہ کھولا اور نیچے چھلانگ لگا دی، واقعے کے بعد برتازو کی لاش برآمد کرلی گئی، جبکہ روزاریو شدید صد مے کی حالت میں ہونے کے باوجود طیارے کو کامیابی سے اور محفوظ طریقے سے اتارنے میں کامیاب رہی فلائنگ اسکول کے مطابق طیارے کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    جس فلائنگ اسکول میں برتازو خدمات انجام دے رہے تھے، اس کے ڈائریکٹر ایڈورڈو الواریز نے بتایا کہ اس واقعے سے پہلے ایسی کوئی علامت سامنے نہیں آئی تھی جس سے اندازہ ہو کہ برتازو ایسا قدم اٹھانے کا ارادہ رکھتے تھے ان کے بقول اسی روز انہوں نے ایک اور طالب علم کے ساتھ بھی معمول کے مطابق پرواز کی تھی۔

    ایڈورڈو الواریز نے کہا کہ انہوں نے ایک اور شخص کی موجودگی میں طیارے کے اندر یہ افسوسناک فیصلہ کیا اس بات کو سمجھنا یا اس کا تصور کرنا بھی بہت مشکل ہے، لیکن انسانی ذہن انتہائی پیچیدہ ہوتا ہے برتازوبہت اچھے انسان تھے، ہمیشہ مسکراتے رہتے تھے ہمیں یقین نہیں آ رہا کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے۔

    الوواریز نے مزید بتایا کہ دورانِ پرواز طیارے کا دروازہ کھولنا انتہائی مشکل کام ہوتا ہے ان کے مطابق یہ ایسے ہی ہے جیسے تقریباً 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہوئی گاڑی کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی جائے برتازو ایک تجربہ کار پائلٹ تھے اور پڑوسی ملک چلی میں بھی فلائٹ انسٹرکٹر کے طور پر کام کر چکے تھے۔

    ارجنٹینا کے سرکاری پراسیکیوٹر کے دفتر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ برتازو کی موت سے پہلے طیارے میں کیا کچھ پیش آیا۔

  • ایک ماہ کیلئے بجلی فی یونٹ مہنگی ہو گئی

    ایک ماہ کیلئے بجلی فی یونٹ مہنگی ہو گئی

    نیپرا نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی 33 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی-

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے نوٹیفکیشن کے مطابق اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین سمیت تمام متعلقہ بجلی صارفین پر ہوگا، جبکہ اضافی چارجز رواں ماہ جولائی کے بجلی کے بلوں میں وصول کیے جائیں گے۔

    اس سے قبل سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا کو بھجوائی تھی، تاہم اتھارٹی نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد 33 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔

  • شہید علی خامنہ ای کو آج سپردِ خاک کیا جائے گا

    شہید علی خامنہ ای کو آج سپردِ خاک کیا جائے گا

    ایران کے سابق سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کو آج ان کے آبائی شہر مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا، جہاں ان کی تدفین روضۂ امام رضاؓ کے احاطے میں کی جائے گی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق شہید علی خامنہ ای کی تدفین کی تقریبات کے سلسلے میں ایران اور عراق میں کئی روز سے جاری سوگ اور مذہبی رسومات اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں عراق سے ایران روانہ کیے جانے سے قبل نجف اور کربلا میں آخری مذہبی رسومات ادا کی گئیں نجف میں روضۂ حضرت علیؓ پر لاکھوں افراد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی، جس کےبعد جسدِ خاکی کو کربلا منتقل کیاگیاجہاں روضۂ امام حسینؓ پر بھی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

    ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کربلا میں نکالے گئے جنازے کے جلوس میں تقریباً 40 لاکھ سوگوار شریک ہوئے، جبکہ روضۂ امام حسینؓ پر رات بھر فاتحہ خوانی، نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا، تاہم اس تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی،عراق میں مذہبی رسومات کی تکمیل کے بعد میت کو ایران منتقل کیا گیا، جہاں آج مشہد میں روضۂ امام رضاؓ کے احاطے میں سرکاری اعزاز اور مذہبی رسومات کے ساتھ تدفین کی جائے گی،اس موقع پر ایران بھر سے لاکھوں عزاداروں کی مشہد آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے

  • فیفا ورلڈ کپ: امریکا اور پرتگال کی شکست کے بعد ٹکٹوں کی قیمتوں میں بڑی کمی

    فیفا ورلڈ کپ: امریکا اور پرتگال کی شکست کے بعد ٹکٹوں کی قیمتوں میں بڑی کمی

    امریکا اور پرتگال کے فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد کوارٹر فائنل ٹکٹوں کی قیمتوں میں 50 فیصد تک کمی ہو گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل امریکا اور پرتگال کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد ٹکٹوں کی ثانوی مارکیٹ کو متاثر کر دیا، جہاں کئی اہم میچوں کے ٹکٹوں کی قیمتیں نصف سے بھی کم ہو گئی ہیں لاس اینجلس میں جمعہ کو کھیلے جانے والے کوارٹر فا ئنل کے سب سے سستے ٹکٹ کی قیمت تقریباً 2 ہزار 950 ڈالر سے کم ہو کر ایک ہزار 200 ڈالر تک آ گئی۔

    ٹکٹوں کی قیمتوں میں یہ نمایاں کمی اس وقت دیکھنے میں آئی جب امریکا بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گیا جبکہ اسپین نے پرتگال کو شکست دے کر کرسٹیانو رونالڈو کے ورلڈ کپ سفر کا بھی اختتام کر دیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور پرتگال کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے تو اس مقابلے کے ٹکٹوں کی طلب اور قیمتیں کہیں زیادہ ہو تیں۔

    دوسری جانب فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل کو اس مرحلے کا نسبتاً کم قیمت والا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ابتدائی ٹکٹ تقریباً 989 ڈالر میں دستیاب ہیں 19 جولائی کو نیو جرسی میں شیڈول ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت 9 ہزار 346 ڈالر تک پہنچ چکی ہے تاہم فا ئنل میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے تعین کے بعد ان قیمتوں میں مزید ردوبدل متوقع ہے۔

  • عالمی اور مقامی  مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    عالمی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں4 ہزار 700 روپے کمی ہو گئی ہے۔

    ملک میں فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 30 ہزار 236 روپے کا ہو گیا ہے جب کہ 10 گرام سونا 4 ہزار 29 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 68 ہزار 858 روپے تک پہنچ گیا ہے،جبکہ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج بدھ کے روز فی اونس سونے کی قیمت47 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 78 ڈالر فی اونس کا ہوگیاہے۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 1ڈالر 38سینٹس کی کمی سے 59ڈالر 42سینٹس کی سطح پر آگئی، جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 138روپے کی کمی سے 6ہزار 421روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 119روپے کی کمی سے 5ہزار 504روپے کی سطح پر آگئی۔

  • باپ کی جگہ سرکاری نوکری حاصل کرنے کیلئے بیٹی نے ماں کو قتل کر دیا

    باپ کی جگہ سرکاری نوکری حاصل کرنے کیلئے بیٹی نے ماں کو قتل کر دیا

    باپ کی جگہ نوکری حاصل کرنے کیلئے بیٹی نے رشتہ داروں کے ساتھ مل کر ماں کو قتل کر دیا-

    پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارت کی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں پیش آیا ہے جہاں مبینہ طور پر ایک 23 سالہ بیٹی نے سرکاری نوکر ی اور جائیداد حاصل کرنے کی خواہش میں اپنی ماں کو قتل کر دیا ملزمہ ایوشی نے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی اور واردات کے بعد اسے سڑک حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی، تاہم تحقیقات کے دوران یہ منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔

    ابتدائی تفتیش میں پولیس نے انکشاف کیا کہ قتل کی اس واردات میں ایوشی سمیت خاندان کے 7 افراد ملوث تھے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے واقعے کے بعد ابتدا میں یہ تاثر دیا گیا کہ خاتون کی موت ایک تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر سے ہوئی، تاہم شواہد اور تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ یہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل تھا۔

    پولیس ڈپٹی کمشنر کے مطابق پرتاپ نگر کے علاقے رویندرہ نگر کے رہائشی 45 سالہ نیرج شرما نے ابتدائی طور پر بیان دیا تھا کہ خاتون کی موت 3 جولائی کو موٹرسائیکل حادثے کے نتیجے میں ہوئی تاہم مقتولہ کے بھائی راکیش نے اپنی بھانجی ایوشی اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا۔

    تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتولہ کے شوہر گزشتہ سال انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد ہمدردی کی بنیاد پر مقتولہ کو شوہر کی جگہ سرکاری ملازمت دی گئی تھی، ایوشی چاہتی تھی کہ والد کی وفات کے بعد ملنے والی نوکری اسے دی جائے، جبکہ وہ خاندان کی جائیداد پر بھی اپنا حق حاصل کرنا چاہتی تھی۔ اس مقصد کے لیے اس نے مبینہ طور پر ماں پر دباؤ ڈالا، لیکن جب مقتولہ نے ملازمت چھوڑنے سے انکار کیا تو ایوشی نے رشتہ داروں کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد ملزمان نے واقعے کو حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی، لیکن شواہد کی بنیاد پر اصل حقیقت سامنے آ گئی واقعے میں ملوث تمام 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

  • بلوچستان: فتنہ الہندوستان کے  خلاف آپریشن،19خارجی ہلاک،متعدد زخمی،11جوان شہید

    بلوچستان: فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن،19خارجی ہلاک،متعدد زخمی،11جوان شہید

    بلوچستان میں این-25 شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 19 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ متعدد دہشتگرد زخمی ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے 11 جوان شہید ہوگئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن جھاؤ کراس اور کرارو کے درمیان کیا گیا، جہاں دہشتگرد شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مسافروں اور مقامی شہریوں سے بھتہ وصول کرنے میں مصروف تھے سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 19 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس میں وطن کے دفاع کے لیے لڑتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے 11 بہادر اہلکار شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور فرار ہونے والے عناصر کی تلاش بھی کر رہی ہیں۔

    سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور اہم شاہراہوں کی حفاظت کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی-

  • اسکردو جانے والی پرواز کے ساتھ پرندہ ٹکرا گیا،طیارے کے انجن کو شدید نقصان

    اسکردو جانے والی پرواز کے ساتھ پرندہ ٹکرا گیا،طیارے کے انجن کو شدید نقصان

    کراچی سے اسکردو جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ٹیک آف کے دوران پرندہ ٹکرانے سے حادثے کا شکا ر ہو گئی، جس کے نتیجے میں طیارے کے ایک انجن کو شدید نقصان پہنچا۔

    ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق پرواز پی کے 455 میں 170 مسافر سوار تھے ٹیک آف کے دوران ایک پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا، جس کے باعث ایئربس اے 320 کے انجن نمبر دو کو شدید نقصان پہنچا پرندہ ٹکرانے سے انجن کے بلیڈ ٹوٹ گئے، جس کے بعد طیارے کو مزید پرواز کے لیے استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد تمام 170 مسافروں کو بحفاظت ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں متبادل انتظامات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، طیارے کی فنی جانچ اور مرمت کا کام جاری ہے، جبکہ واقعے کی نوعیت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔