Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • ٹرمپ نے بندر عباس پر حملوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی

    ٹرمپ نے بندر عباس پر حملوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بندر عباس پر حملوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔

    ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جنوبی ایران کے شہر بندر عباس میں ہونے والے امریکی حملوں اور دھماکوں کی ویڈیو فوٹیج شیئر کی ہے ویڈیو میں بندر عباس میں مختلف مقامات پر دھماکوں اور فضائی حملوں کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے ایران میں حالیہ حملوں کے دوران 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، یہ حملے آبنائے ہرمز میں 3 بحری جہازوں پر تہران کے حملوں کے جواب میں کیے گئے۔

    امریکی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایرانی فضائی دفاعی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول نیٹ ورکس، ساحلی ریڈار تنصیبات، جہاز شکن میزائل صلاحیتوں اور آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف میں موجود اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی 60 سے زائد چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

    ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز کے اطراف ایرانی فوجی تنصیبات پر امریکا کے نئے فضائی حملے 10 روز قبل کیے گئے حملوں کے مقابلے میں دائرہ کار اور شدت کے اعتبار سے 4 سے 5 گنا بڑے ہیں، ان حملوں میں ایران کے فضائی دفاعی نظام، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، ساحلی نگرانی کے نظام، اینٹی شپ کروز میزائل تنصیبات، بندرگاہی سہولتوں اور ڈرون لانچنگ مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، سیریک اور جزیرہ قشم میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں الجزیرہ نے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ جزیرہ قشم میں کم از کم 6، سیریک میں 7 سے 9 جبکہ بندر عباس میں 10 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں یہ حملے ایسے وقت کیے گئے جب لاکھوں ایرانی سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔

    خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے جنوبی ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں کھلی جارحیت قرار دیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے اس وقت کیے گئے جب شہید سپریم لیڈر اور دیگر کے جسدِ خاکی عراق لے جائے گئے ہیں امریکی کارروائی کا فیصلہ کن اور سخت جواب دیا جائے گا ایران آبنائے ہرمز کے انتظام میں کسی بیرونی مداخلت کی اجازت نہیں دے گا، آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں اور آئل ٹینکرز کی محفوظ آمد و رفت کا واحد محفوظ راستہ وہی ہے جس کی نشاندہی ایران نے کی ہے۔

    ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے بھی امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھونس اور بلیک میلنگ کا دور ختم ہو چکا،ایران دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔

    انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں، جن میں آبنائے ہرمز سے متعلق ایرانی انتظامات کی خلاف ورزی، مزید حملوں کی دھمکیاں، تیل پر پابندیاں، جنوبی ایران پر حملے اور لبنان میں صہیونی جارحیت کی مسلسل حمایت شامل ہے، دھونس اور بلیک میلنگ کا دور ختم ہو چکا، ایران ہرگز نہیں جھکے گا۔

    ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بھی امریکی حملوں کو مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ایرانی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس عہد شکنی کے تمام نتائج کی ذمے داری امریکی حکومت پر عائد ہو گی۔

    تہران نے تجارتی جہازوں پر حملوں سے متعلق خبروں اور بیانات کو مشکوک الزامات قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مائع قدرتی گیس (ایل این جی) لے جانے والے ٹینکر نے ایرانی تنبیہات کو نظر انداز کیا تھا، تاہم اس پر حملے کی براہِ راست ذمے داری قبول نہیں کی جبکہ برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق دیگر 2 جہازوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور دونوں نے اپنا سفر جاری رکھا۔

    رپورٹ کے مطابق تینوں حملے عمان یا متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب پیش آئے، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ جہاز عمان کے قریب واقع بحری راستہ استعمال کر رہے تھے۔

    واضح رہے کہ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر کے مطابق ایک ٹینکر عمان کے ساحل کے قریب حملے کا نشانہ بننے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیاتھا-

  • عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے قابلِ تقلید ہیں، وزیراعظم

    عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے قابلِ تقلید ہیں، وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معروف سماجی کارکن اور انسان دوست شخصیت عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے-

    وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسی انسان دوست اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار شخصیت بلا شبہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور ایک قومی اثاثہ ہے،وہ عبدالستار ایدھی کی گراں قدر قومی اور فلاحی خدمات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے رفاہِ عامہ کے مخلصانہ جذبے کے تحت معاشرتی مسائل کے حل کے سماجی پہلوؤں کو اجاگر کیا اور ان کی بے مثا ل خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا ایک غیر معمولی باب ہیں عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے قابلِ تقلید ہیں، انہوں نے اپنی عملی زندگی سے یہ ثابت کیا کہ ہر فرد اپنی استطاعت کے مطابق معاشرتی اصلاح اور انسانیت کی خدمت میں تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی عوامی خدمات نے معاشرے میں احساسِ ذمہ داری، رواداری اور باہمی ہم آہنگی جیسی مثبت اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا، جو آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ رہیں گی انہوں نے عبدالستار ایدھی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سماجی اور فلاحی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

    دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پر اپنے پیغام میں انہیں خدمتِ خلق اور انسانیت کی روشن مثال قرار دیا کہا کہ ایدھی نے اپنی زندگی غریبوں اور بے سہارا افراد کی خدمت کے لیے وقف کی جبکہ دنیا کا سب سے بڑا رضاکارانہ ایمبولینس نیٹ ورک قائم کرنا ان کا عظیم کارنامہ ہے عبدالستار ایدھی قومی فخر اور انسانیت کی لازوال علامت ہیں اور ان کی شفقت اور انسان دوستی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے گا۔

  • روس نے پنجاب سے آلو درآمد کرنے کی منظوری دے دی

    روس نے پنجاب سے آلو درآمد کرنے کی منظوری دے دی

    روس نے پنجاب سے آلو درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے-

    روس نے پاکستان کے صوبہ پنجاب سے آلو کی درآمد پر عائد پابندیاں ختم کرتے ہوئے 101 پاکستانی برآمد کنندگان کو 7 جولائی سے دوبارہ برآمدات کی اجازت دے دی ہے اس فیصلے کو پاکستان کی زرعی برآمدات کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف کسانوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ملک کو قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

    نجی‌خبررساں ادارے کےمطابق پاکستان کے تجارتی افسر برائے ماسکو کے مطابق روسی حکام نےپاکستان کے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے فراہم کردہ قرنطینہ اور فائیٹو سینیٹری نظام کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا روسی فیڈرل سروس برائے ویٹرنری و فائیٹو سینیٹری نگرانی نے اس فیصلے سے باضا بطہ طور پر پاکستان کی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

    خط کے مطابق روس نے پنجاب سے آلو کی درآمد کی اجازت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ فائیٹو سینیٹری ضمانتوں کی بنیاد پر دی ہے روسی حکام نے پاکستانی برآمد کنندگان کی فہرست اور برآمدی مقدار کا جائزہ لینے کے بعد 101 کمپنیوں کو کلیئر قرار دیا۔

    تاہم روس نے دو پاکستانی برآمد کنندگان کو بدستور برآمدات کی اجازت نہیں دی روسی حکام کا مؤقف ہے کہ ان کمپنیوں نے 2025 کے دوران روس کو آلو برآمد کرتے وقت یوریشین اکنامک یونین کے قرنطینہ اور فائیٹو سینیٹری ضوابط کی خلاف ورزی کی تھی، جس کے باعث انہیں اس رعایت سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

    روسی حکام نے یہ بھی یاد دلایا کہ رواں سال 8 اپریل کو تین پاکستانی برآمد کنندگان کو پہلے ہی محدود پیمانے پر برآمدات کی اجازت دی جا چکی تھی، ان میں چیس انٹرنیشنل، زاہد کنوں گریڈنگ اینڈ ویکسنگ پلانٹ اور نیشنل فروٹ شامل تھےپاکستانی تجارتی مشن نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق سے درخواست کی ہے کہ روسی فیصلے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ برآمد کنندگان اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

    واضح رہے کہ روس نے مئی 2025 میں پنجاب سے آلو کی درآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ بعض کھیپوں میں پوٹیٹو ٹیوبر موتھ اور ٹماٹو ولٹ وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی اس کے بعد پاکستان نے فروری میں روسی حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا اور کیڑوں و بیماریوں سے پاک فصل کے ثبوت، لیبارٹری رپورٹس اور دیگر تکنیکی دستاویزات فراہم کیں، جن کے بعد روس نے پاکستانی فائیٹو سینیٹری نظام پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ادھر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور پاکستان ہارٹیکلچر ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی (PHDEC) بھی پاکستانی برآمد کنندگان کو روسی منڈی سے فائدہ اٹھانے کے لیے ورچوئل کاروباری ملاقاتوں کا انعقاد کر چکی ہیں۔

    پاکستان میں اس سال آلو کی ریکارڈ پیداوار تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ ٹن رہی ہے، جس میں سے تقریباً 40 لاکھ ٹن اضافی پیداوار برآمد کے لیے دستیاب ہے۔ ماہرین کے مطابق روسی منڈی دوبارہ کھلنے سے اضافی ذخائر کی کھپت ممکن ہوگی، مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں استحکام آئے گا، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور ملکی برآمدات کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

    یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ طورخم سرحد کی بندش کے بعد پاکستان چین اور ایران کے راستے وسطی ایشیائی ریاستوں کو برآمدات کے لیے راستوں کا جائزہ لے رہا تھا۔ اس سیزن میں پیداوار 12 ملین میٹرک ٹن تک پہنچ گئی، جس میں سے تقریباً 4 ملین میٹرک ٹن پیداوار وسطی ایشیا اور دیگر مقامات کو برآمد کرنے کے لیے اضافی قرار دی گئی-

  • ایرانی طیارے کو لاہور ائیر پٔورٹ پر لینڈنگ کی اجازت تاحال نا مل سکی

    ایرانی طیارے کو لاہور ائیر پٔورٹ پر لینڈنگ کی اجازت تاحال نا مل سکی

    لاہور: تہران سے لاہور آنے والی ایرانی ایئر لائن کے طیارے کو ابھی تک لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی جس کے سبب تہران سے پرواز ٹیک آف ہی نہ کر سکی۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایرانی ایئر لائن طیارے نے آج صبح لاہور ایئرپورٹ پر آنا تھا،ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والی پرواز ریگولر نہیں، تہران سے آنے والی پرواز اسپیشل (ایکسٹرا پرواز) ہے جس کی لینڈنگ کے لیے وزیر خارجہ یا وزارت خارجہ کی اجازت درکار ہوگی ایرانی حکومت کی طرف سے خط موصول ہوگیا ہے، وزارت خارجہ کی جانب سے اجازت ملتے ہی تہران سے آنے والی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت مل جائے گی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اسپیشل پرواز کے لیے وزارت خارجہ یا وزیر خارجہ کی اجازت ضروری ہے۔

  • وفاقی کابینہ نے  30-2027 حج پالیسی کی منظوری دیدی

    وفاقی کابینہ نے 30-2027 حج پالیسی کی منظوری دیدی

    وفاقی کابینہ نے حج پالیسی اور پلان 2030-2027 کی منظوری دے دی ہے۔

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رواں برس بہترین حج انتظامات پر وزیر ِمذہبی امور سردار یوسف اور اُن کی ٹیم کی تعریف کی گئی، اجلاس میں نئی حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی-

    نئی حج پالیسی گزشتہ ایک سالہ حج پالیسی کے برعکس پہلی چارسالہ ہے، طویل مدتی پلاننگ، آپریشنز میں بہتری اور حاجیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی،مجوزہ حج پالیسی کے نفاذ کیلئے ایس اوپیز اور دیگر ضوابط بنائے جائیں گے، سعودی قوانین اور ضوابط سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پالیسی میں ترامیم کی جا سکیں گی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد سالانہ رجسٹریشنز کی بجائے 2030 تک رجسٹریشن کرا سکیں گے، عازمین کسی بھی سال کیلئے اپنی ضرورت کے مطابق حج رجسٹریشن کروا سکیں گے، رجسٹریشن کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی ویٹنگ لسٹ مرتب کی جائے گی، ساتھ ہی شرعی اصولوں کے مطابق سیونگ اسکیم بھی متعارف کروائی جا رہی ہے، حج کے خواہشمند مستقبل میں حج کیلئے سیونگ اسیکم سے مستفید ہو سکیں گے۔

    کابینہ اجلاس کو بتایا گیا کہ حج کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے ،ادائیگیاں ڈیجیٹل نظام سے ہونگی ،شکایات کا ڈیجیٹل نظام اور ڈیجیٹل نگرانی ہوگی، پالیسی کے تحت سرکاری اور پرائیوٹ حج کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، پالیسی کے تحت لانگ اور شارٹ حج پروگرام متعارف کروائے جار ہے ہیں، عازمین حج کی ضروری تربیت اور تکافل و ہنگامی رسپانس بھی پالیسی کا حصہ ہیں۔

    وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری شفاف اور خالصتاً میرٹ پر جائے،پرائیوٹ و سرکاری حج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے-

  • تیسرا ٹی ٹوئنٹی:  بھارت کو انگلینڈ کیخلاف بدترین شکست کا سامنا

    تیسرا ٹی ٹوئنٹی: بھارت کو انگلینڈ کیخلاف بدترین شکست کا سامنا

    5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو بدترین شکست سے دوچار کیا-

    انگلینڈ نے بھارت کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 125 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 0-2 سے برتری حاصل کرلی، نوٹنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کے خلاف بھارت کی پوری ٹیم 12 ویں اوور میں صرف 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی،

    بھارت کی جانب سے ویبھو سوریا ونشی اور ایشان کشن 13، 13 رنز بنا کر نمایاں رہے اکشر پٹیل 10، ابھیشیک شرما 10، ہرشت رانا 9، کپتان شریاس ایر 5، ورون چکرورتی 5، ارشدیپ سنگھ 4، تِلک ورما 3 اور شیوم ڈُوبے 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،پرنس یادو 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

    انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 4، جوفرا آرچر نے 3 اور عادل راشد نے 2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ وِل جیکس نے 1 وکٹ حاصل کی۔

    یہ بھارت کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہےانگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 201 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 76 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اس طرح میچ میں بھارت کو 125 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    میزبان ٹیم کی جانب سے فِل سالٹ 70 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سیم کرَن نے ناٹ آؤٹ 41 رنز کی شاندار باری کھیلی جوس بٹلر 36، کپتان ہیری بروک 16، وِل جیکس 14، جیکب بیتھل 13، جوفرا آرچر 5 اور ٹام بینٹن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، بھارت کی جانب سے پرنس یادو اور ہرشت رانا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، اکشر پٹیل نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    5 میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

  • وزیراعلیٰ مریم نواز سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات

    وزیراعلیٰ مریم نواز سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی و عالمی صورتحال، صوبے میں قانون سازی، جیل اصلاحات اور پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو باہمی تعاون سے آگے بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو باہمی ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا دونوں رہنماؤں نے صوبے میں قانون سازی کے عمل کو مزید بہتر بنانے اور اہم عوامی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر جیل اصلاحات کے لیے قانون سازی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو ہدایت کی کہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین کو قانون سازی کے عمل میں مؤثر طور پر شامل کیا جائے تاکہ اسمبلی کا کردار مزید مضبوط ہو۔

    ملاقات کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نیشنل پیغام امن کمیٹی میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پیش کی گئی پالیسی کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا انہوں نے وزیراعلیٰ کو ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ اسکیم کے کامیاب اجرا اور قرعہ اندازی پر مبارکباد بھی پیش کی۔

    مریم نواز شریف نے کہا کہ ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ اسکیم پوری ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر روز نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں حکومت کی توجہ اب صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مرکوز ہے، جہاں سڑکوں پر الیکٹرک بسیں چلانے اور شعبہ زراعت میں جدید مشینری متعارف کرانے کے منصوبے جاری ہیں ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ اسکیم کے ذریعے 30 ہزار بے روزگار خاندانوں کو زمین اور روز گار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جس سے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے صوبائی حکومت کے عوامی منصوبوں اور ترقیاتی اقدامات کو بھی سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب اسمبلی قانون سازی کے عمل میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

  • ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا

    ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا

    محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم کی پیش گوئی کی ہے، چند مقامات پر آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ دوپہر کے بعد آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے سا تھ بارش کا امکان 45 فیصد ہے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرمی اور حبس برقرار رہے گی، تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤ الدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور قصور میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے شام اور رات کے اوقات میں ساہیوال، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، پاکپتن، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے چند علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، بنوں، ہنگو، ٹانک، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کی توقع ہے سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا، جبکہ ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ دادو، تھرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ وسطی اضلاع میں دن کے وقت شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، سبی، کوہلو، خضدار، آواران اور گردونواح میں شام اور رات کے دوران کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے آزاد کشمیر میں ابر آلود موسم کے ساتھ بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے ،گلگت بلتستان میں بھی ابر آلود موسم کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

  • ملک کی آبادی کنٹرول کرنے کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی نگرانی میں کونسل تشکیل

    ملک کی آبادی کنٹرول کرنے کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی نگرانی میں کونسل تشکیل

    ×+وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر مؤثر انداز میں قابو پانے کے لیے نیشنل پاپولیشن کونسل تشکیل دے دی ہے،وفاقی حکومت نے نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے-

    نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 16 رکنی کونسل کے چیئرمین ہوں گے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی کونسل کا رکن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی کونسل میں شامل ہوں گےاس کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر صحت، وزیر تعلیم، وزیر قانون، وزیر اطلاعات اور وزیر مذہبی امور کو بھی کونسل کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔

    حکومت کے مطابق نیشنل پاپولیشن کونسل ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے جامع اور مؤثر پالیسی مرتب کرے گی، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان آبادی پر قابو پانے سے متعلق اقدامات میں ہم آہنگی پیدا کرے گی آبادی پر قابو پانے کی قومی مہم میں مذہبی اسکالرز، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کو بھی فعال کردار دیا جائے گا تاکہ خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی کے حوالے سے آگاہی کو مؤثر بنایا جا سکے، کونسل آبادی سے متعلق قومی پا لیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔

  • کولمبیا کو شکست،سوئٹزرلینڈ  72 سال بعد ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

    کولمبیا کو شکست،سوئٹزرلینڈ 72 سال بعد ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

    فیفا ورلڈ کپ 2026 کے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں سوئٹزرلینڈ نے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر کولمبیا کو 4 کے مقابلے میں3 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی-

    سوئٹزرلینڈ کی جانب سے روبن ورگاس نے فیصلہ کن پنالٹی پر کامیابی سے گول کیا، جس کے بعد ٹیم نے 1954 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی اب سوئٹزرلینڈ کا اگلا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا، مقررہ 90 منٹ اور اس کے بعد اضافی 30 منٹ تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

    پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کولمبیا کی ڈیوِنسن سانچیز کی پنالٹی کراس بار سے ٹکرا گئی، جبکہ کوچو ہرنینڈیز کی کوشش سوئس گول کیپر گریگور کوبل نے روک لی سوئٹزرلینڈ کے مینوئل اکنجی بھی پنالٹی پر ناکام رہے، لیکن روبن ورگاس نے آخری پنالٹی پر کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔

    میچ کے بعد روبن ورگاس نے کہا کہ انہیں ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ ان کی ٹیم نے کیا کارنامہ انجام دیا ہے ان کے مطابق پوری ٹیم نے 120 منٹ تک بھرپور محنت کی، ایک مضبوط حریف کا سامنا کیا اور آخرکار تاریخ رقم کرنے میں کامیاب رہی۔ انہوں نے فیصلہ کن پنالٹی پر گول کرنے کو اپنے کیریئرکا یادگار لمحہ قرار دیا۔

    دوسری جانب کولمبیا اپنی تاریخ میں صرف دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی کوشش کر رہی تھی اس سے قبل کولمبیا نے 2014 کے ورلڈ کپ میں آخری 8 ٹیموں میں جگہ بنائی تھی پہلے ہاف میں کولمبیا کو 21 ویں منٹ میں گول کا بہترین موقع ملا، لیکن سوئس گول کیپر گریگور کوبل نے شاندار بچاؤ کیا

    یہ سوئٹزرلینڈ کی مسلسل چھٹی ورلڈ کپ شرکت ہے گزشتہ کئی ورلڈ کپ میں ٹیم پری کوارٹر فائنل مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی اور 2006، 2014، 2018 اور 2022 میں اسی مرحلے پر باہر ہو گئی تھی تاہم اس بار اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود ٹیم نے یہ رکاوٹ عبور کرتے ہوئے اپنی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی فیصلہ کن پنالٹی کے بعد روبن ورگاس کے گول کرتے ہی پوری سوئس ٹیم میدان میں ان کی جانب دوڑ پڑی اور کھلاڑیوں نے بھرپور جشن منایا۔

    اب سوئٹزرلینڈ کا اگلا مقابلہ کینساس سٹی میں ارجنٹائن سے ہوگا جس نے مصر کو 2-3 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔