Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • عدنان صدیقی کی وجہ سے میں نےسیٹ چھوڑ کر چلا گیا تھا،کاظم پاشا

    عدنان صدیقی کی وجہ سے میں نےسیٹ چھوڑ کر چلا گیا تھا،کاظم پاشا

    پاکستان کے سابق پروڈیوسر کاظم پاشا نے پروڈکشن چھوڑنے کیوجہ سینئر اداکار عدنان صدیقی کو قرار دیا-

    اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ماضی میں، میں نے اداکار عدنان صدیقی کے ساتھ ایک پروجیکٹ پر کام کیا تھا، تاہم اس دوران مجھے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کہ میں سیٹ چھوڑ کر چلا گیا تھا،عدنان صدیقی کی بعض درخواستوں اور مطالبات کی وجہ سے میں اس تجربے سے نالاں رہا اور بالآخر میں نے اس پروجیکٹ سے علیحدگی اختیار کر لی۔

    کاظم پاشا سے میزبان کی جانب سے اداکار عدنان صدیقی سے متعلق سوال کیا گیا جس کے جواب میں کاظم پاشا نے کہا کہ عدنان صدیقی نے ایک سیریل میں مجھے تنگ کیا اور اس کے بعد میں نے پروڈکشن چھوڑ دی تھی اس کی وجہ یہ ہی تھی کہ عدنان نے مجھے کہا کہ شوٹنگ پر میرے ساتھ میرا منیجر، 3 بیٹیاں اور ان کی نینی ( بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی خاتون) بھی جائیں گی، اس طرح یہ 5 ٹکٹ کا خرچہ ہوگیا، مجھے ٹیم نے کہا کہ کیا ہمیں یہ لاش بناکر بھیجے گا جس پر میں نے کہا کہ آرٹسٹ ہے اور اسے ہیرو کے طور پر کاسٹ کیا گیا ہے۔

    کاظم پاشا نے بتایا کہ اسی طرح اعجاز اسلم کے بنگلے میں شوٹنگ تھی وہاں بھی عدنان نے مجھے تنگ کیا جس پر میں سیٹ چھوڑ کر چلا گیا، وہ کہتے تھے مجھے بھوک لگ رہی ہے جب تک فلاں جگہ سے کھانا نہیں آئے گا میں کام نہیں کروں گا، فلاں چیز چاہیے اگر نہیں آئی تو میں آج شوٹنگ نہیں کراؤں گا، کل ہوگی شوٹنگ،لیکن اس سب کے باوجود عدنان کو میری بیٹیوں سے بہت لگاؤ ہے اور میرے ساتھ بھی بدتمیزی کبھی نہیں کی۔

    کاظم پاشا کا انٹرویو وائرل ہونے کے بعد اس پر عدنان صدیقی نے کہا کہ کاظم صاحب وہ تنگ کرنا نہیں تھا وہ میری شرارتیں تھیں، خیر پھر بھی میں بہت شرمندہ ہوں اپنی حرکتوں پر، آپ سے معافی کی درخواست ہے، مجھے معاف کردیجئے آئندہ کبھی ایسے نہیں ہوگا۔

  • نامناسب انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر نیہا دھوپیا  بھی پاپارازی پر برس پڑیں

    نامناسب انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر نیہا دھوپیا بھی پاپارازی پر برس پڑیں

    بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا نے پاپارازی کی جانب سے نامناسب انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے-

    ممبئی میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران نیہا دھوپیا براہِ راست فوٹوگرافروں کے پاس گئیں اور کہا کہ بدتمیزی سے بیک شاٹ کون لیتا ہے؟ یہ مت کیا کریں، نہ میرے ساتھ اور نہ ہی کسی اور کے ساتھ، ہم یہ بات بار بار کہہ کر تھک گئے ہیں، ہم باہر آتے ہیں اور آپ لوگ اس طرح کی ویڈیوز بناتے ہیں،اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی نیہا کی حمایت کرتے ہوئے وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں لکھا ویل ڈن نیہا۔

    نیہا کا یہ ردِعمل ان کی حالیہ ایک وائرل ویڈیو کے بعد سامنے آیا، جس میں انہیں ٹریک پر دوڑتے ہوئے فلمایا گیا تھا-

    چند روز قبل سوناکشی سنہا بھی ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ کے باہر پاپارازی کے رویے سے نالاں دکھائی دی تھیں، وہ اپنے شوہر ظہیر اقبال اور والد کے ہمراہ موجود تھیں، جہاں انہوں نے ہاتھ جوڑ کر کہا تھا کہ بس، گائز شکریہ، گڈ نائٹ! تاہم اس کے باوجود کیمرے ان کا تعاقب کرتے رہے۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی بھارتی اداکار نے پاپارازی کی جانب سے نجی زندگی میں مداخلت یا نامناسب زاویوں سے تصاویر لینے پر اعتراض کیا ہو، اس سے قبل سلمان خان، جھانوی کپور، پلک تیواری اور زرین خان بھی اس معاملے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کر چکے ہیں۔

  • وینزویلا سے واپس آنے والی بھارتی ملاح کی لاش سے تمام اندرونی اعضاء غائب ہونے کا انکشاف

    وینزویلا سے واپس آنے والی بھارتی ملاح کی لاش سے تمام اندرونی اعضاء غائب ہونے کا انکشاف

    33 سالہ بھارتی ملاح راکیش چوہان کی وینزویلا میں پراسرار موت کے بعد ملک واپس بھیجی گئی لاش سے دماغ، دل، پھیپھڑوں سمیت تمام اہم اندرونی اعضا غائب ہونے کا ا نکشا ف سامنے آیا ہے-

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملاح راکیش چوہان کے جسم سے متعدد اعضاء کے غائب ہونے کے انکشاف کے بعد اس کے اہلِ خانہ اور بھارتی ملاحوں کی تنظیم نے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے بھارتی ملاحوں کی فیڈریشن کے مطابق لاش کسی پوسٹ مارٹم رپورٹ یا وینزویلا کے حکام کی تفصیلات کے بغیر بھارت بھیجی گئی ہےسرکاری حکم پر ملاح کا بھارت میں دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا جس میں معلوم ہوا کہ لاش سے دماغ، دل، دونوں پھیپھڑے، جگر، گردے، معدہ، آنتیں، تلی اور دیگر تمام اہم اعضاء غائب ہیں جبکہ موت کی وجہ بھی معلوم نہیں ہو سکی۔

    ملاح کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ راکیش چوہان 2025 میں ایک تجارتی جہاز پر ملازمت کے لیے وینزویلا گیا تھا، کمپنی نے پہلے بتایا کہ وہ جہاز پر گر کر زخمی ہوا ہے جبکہ بعد میں اس کی موت کی اطلاع دے دی گئی، لاش ایک ہفتے میں واپس بھیجنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن تقریباً 1 ماہ بعد لاش بھارت بھیجی گئی۔

    ملاحوں کی تنظیم نے الزام لگایا ہے کہ معاملے میں شفافیت کا فقدان ہے اور وینزویلا کے حکام نے نہ تو پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم کی اور نہ ہی موت کی وجوہات سے متعلق کوئی وضاحت دی ہے تنظیم نے بھارتی حکومت سے مکمل تحقیقات، ذمہ داروں کے تعین اور متاثرہ خاندان کو انصاف اور معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی-

    اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.7 فیصد کمی کے بعد 3,979.41 ڈالر فی اونس پر آ گئی ، گزشتہ سیشن میں یہ 3,942.99 ڈالر فی اونس تک گر گئی تھی، جو گزشتہ نومبر کے بعد اس کی کم ترین سطح تھی امریکی گولڈ فیوچرز بھی کم ہو کر 3,992.7 ڈالر فی اونس پر آ گئے اس کے علاوہ چاندی کی قیمت 1.4 فیصد کمی کے بعد 57.75 ڈالر فی اونس پر آ گئی، پلاٹینم 0.6 فیصد کمی کے بعد 1,542 ڈالر پر جبکہ پیلاڈیم 0.4 فیصد کمی کے ساتھ 1,199.34 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا۔

    ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی مضبوطی اور ٹریژری ییلڈز میں اضافہ سونے کی قیمتوں پر دباؤ کا سبب بن رہے ہیں، مارکیٹ تجزیہ کار ایلیا اسپیوک کے مطابق بلند ییلڈز اور مضبوط ڈالر سونے کی قیمت میں کمی کی بنیادی وجہ ہیں فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات بھی مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہے ہیں، کلیولینڈ فیڈ کی صدر بیتھ ہیمک کے مطابق مہنگائی میں کمی نہ آنے کی صورت میں شرح سود مزید بڑھ سکتی ہے۔

  • مون سون کا پہلا اسپیل:ملک بھر میں 6 جولائی تک بارشیں متوقع

    مون سون کا پہلا اسپیل:ملک بھر میں 6 جولائی تک بارشیں متوقع

    ملک بھر میں آج سے 6 جولائی کے دوران مون سون بارشوں کا امکان ہے –

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان،آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں بارش متوقع ہے،اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات اور گجرات سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش متوقع ہے،شمال مشرقی پنجاب میں موسلادھار بارش سے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راجن پور، لیہ اور میانوالی میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارش متوقع ہے ، اسی طرح ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی 3سے 5جولائی کےدوران بارش کاامکان ہےخیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے،دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، خیرپور اور شہید بینظیر آباد میں 3 جولائی سے بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے ژوب، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ہرنائی اور ڈیرہ بگٹی میں بارش متوقع ہے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر اور غذر میں بھی بارش کاامکان ہےمظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، بھمبر اور میرپور میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب مون سون کے دوران لاہور ائرپورٹ پر فضائی حفاظت کے خصوصی اقدامات نافذ کردئیے گئے،جاری نوٹم میں پرندوں کی بڑھتی سرگرمی کے پیش نظر پائلٹس کو خصوصی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے،5 جولائی سے 15 ستمبر تک روزانہ صبح 5:01 سے 8:00 بجے رن ویز دستیاب نہیں ہوں گے،عارضی آپریشنل اقدامات سے شیڈول کمرشل پروازیں متبادل اوقات میں آپریٹ ہوں گی،ہنگامی لینڈنگ کی سہولت بدستور دستیاب رہے گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہےاس سال بارشوں کا باقاعدہ آغاز ملک کے شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے علاقوں سے ہونے کی امید ہے، جس کے بعد یکم جولائی سے ملک کے بالائی شمالی حصوں اور پنجاب کے شمال مشرقی علاقوں میں بارشیں ہونے کی توقع ہے۔

    پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 6 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کر دیا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ اور نارووال سمیت متعدد اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں اور گردونواح میں بھی بارش متوقع ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں، گردوغبار اور تیز آندھی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کوملک دشمن  بیرونی عناصر نے فنڈنگ کی، انٹیلیجنس رپورٹ

    کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کوملک دشمن بیرونی عناصر نے فنڈنگ کی، انٹیلیجنس رپورٹ

    انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں "جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی” کو بیرونی عناصر اور پاکستانی ڈاسپورا کی فنڈنگ اور سرپرستی حاصل رہی۔ ایجنسیوں کے مطابق اس تحریک کا مقصد عوام کے حقوق کی آڑ میں انتشار پھیلانا اور پاکستان کے مؤقف کو نقصان پہنچانا تھا، انٹیلی جنس تحقیقات کے بعد پولیس نے مبینہ طور پر کالعدم کمیٹی کے فنڈنگ نیٹ ورک کا سراغ لگایا اور راولاکوٹ سمیت دیگر علاقوں سے ملزمان گرفتار کیے جو بیرون ملک سے مالی معاونت وصول کر رہے تھے۔

    حکومت کو پیش کی گئی انٹیلیجنس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں بجلی کے نرخوں اور آٹے کی قیمتوں کے خلاف شروع ہونے والی کالعدم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک کو دشمن انٹیلیجنس ایجنسیوں سمیت بیرونی عناصر نے بالخصوص برطانیہ اور یورپ میں موجود اپنے نیٹ ورکس کے ذریعے اس تحریک کو مالی، تنظیمی اور تشہیری معاونت فراہم کی،جس کا مقصد کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو کمزور کرنا، ریاستی اداروں کو نشانہ بنانا اور خطے میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق، ابتدا میں عوامی معاشی مطالبات پر مبنی یہ تحریک بعد میں آزاد کشمیر کے آئینی ڈھانچے کو چیلنج کرنے والی سیاسی مہم میں تبدیل ہوگئی، جس میں قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں کے خاتمے اور انتخابات میں پاکستان سے الحاق کے حلف کو ختم کرنے جیسے مطالبات بھی شامل کیے گئے،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہاجرین کی نشستیں مقبوضہ جموں و کشمیر سے ہجرت کرنے والوں کی سیاسی نمائندگی برقرار رکھنے کے لیے قائم کی گئی تھیں۔

    انٹیلیجنس رپورٹ میں تحریک کے 2 بڑے احتجاجی مراحل کا بھی جائزہ لیا گیا ہے رپورٹ کے مطابق مئی 2024 کے لانگ مارچ کے بعد حکومت نے آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا، تاہم احتجاج تشدد میں تبدیل ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار شہید اور 3 شہری جاں بحق ہوئے،بعد ازاں ستمبر اور اکتوبر 2025 میں ہونے والے دوسرے لانگ مارچ کے دوران 7 شہری اور 3 اہلکار جان سے گئے، جس کے بعد وفاقی حکومت کی ثالثی میں 4 اکتوبر 2025 کو معاہدہ طے پایا۔

    رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ معاہدے کی بیشتر شقوں پر عملدرآمد ہو چکا ہے یا جاری ہے، تاہم ایکشن کمیٹی نے بعد میں اپنے مطالبات تبدیل کر دیے9 جون کے احتجاجی اعلان سے قبل پیدا ہونے والی کشیدگی اور پرتشدد جھڑپوں کے بعد جن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شہید اور 32 زخمی ہوئے، آزاد جموں و کشمیر حکومت نے انسداد دہشتگردی کے قوانین کے تحت ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا۔

    رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ مظاہرین نے لاٹھیوں، پتھروں اور آتشیں اسلحے کا استعمال کیا جبکہ بعض احتجاجی مقامات پر عسکری پس منظر رکھنے والے افراد بھی موجود تھے برطا نیہ، جنیوا اور یورپی پارلیمنٹ سمیت مختلف مقامات پر پاکستانی سفارتی مشنز کے سامنے احتجاجی مظاہرے منظم کیے گئے، جبکہ کشمیری قوم پرست گروہوں، تحریک انصاف کے بعض حامیوں، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور بھارت نواز پلیٹ فارمز نے مربوط آن لائن مہم کے ذریعے ایکشن کمیٹی کے بیانیے کو فروغ دیا واٹس ایپ گروپس کے ذریعے بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نمائندوں سے رابطے کیے گئے تاکہ احتجاج کو عالمی سطح پر نمایاں کوریج مل سکے اور آزاد کشمیر کو انسانی حقوق کے بحران کے طور پر پیش کیا جا سکے۔

    رپورٹ میں یونائیٹڈ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کو ایکشن کمیٹی کے بیرون ملک سرگرم حامیوں میں شامل کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس تنظیم نے حالیہ احتجاج کو پاکستان کے انتظامی کردار کے خلاف اپنی بین الاقوامی مہم تیز کرنے کے لیے استعمال کیا برطانیہ اور یورپ میں مقیم بعض کاروباری شخصیات اور ایکشن کمیٹی سے وابستہ افراد نے غیر رسمی ہنڈی اور حوالہ نظام کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تحریک کے آغاز میں بڑی تعداد میں عام شہری حقیقی معاشی مشکلات، مہنگی بجلی اور آٹے کی قیمتوں کے خلاف احتجاج کے لیے اس میں شریک ہوئے تھے، نہ کہ بعد میں سامنے آنے والے سیاسی ایجنڈے کی حمایت کے لیے کور کمیٹی کے بعض ارکان نے بھی تنظیم کی بدلتی سمت اور ریاستی اداروں کے خلا ف بیانات پر اختلاف کرتے ہوئے خود کو تحریک سے الگ کر لیا۔

    رپورٹ کے اختتام پر سفارش کی گئی ہے کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا عمل جاری رکھے، تاہم تشدد، بیرونی مالی معاونت، ریاست مخالف پروپیگنڈے اور دشمن نیٹ ورکس سے مبینہ روابط رکھنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو کمزور کرنے کی مبینہ بیرونی کوششوں کا سدباب کیا جا سکے۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

    پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

    پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی تازہ فہرستوں کا تبادلہ مکمل ہو گیا ہے

    پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ قونصلر رسائی معاہدے کے تحت قیدیوں کی فہرستوں کا باقاعدہ تبادلہ مکمل کر لیا گیا ذرائع کے مطابق بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنی تحویل میں موجود پاکستانی قیدیوں کی فہرست پاکستان ہائی کمیشن کے سینئر اہلکار کے حوالے کی۔ فہرست کے مطابق اس وقت بھارت کی مختلف جیلوں میں 735 پاکستانی قیدی موجود ہیں،آن پاکستانی قیدیوں میں 306 ماہی گیر جبکہ 447 دیگر قیدی شامل ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان نے بھی اپنے ملک میں موجود 250 بھارتی قیدیوں کی فہرست دفتر خارجہ میں بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر اہلکار کے حوالے کر دی، یہ فہرستوں کا تبادلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2008 کے قونصلر رسائی معاہدے کے تحت کیا گیا، جس کے مطابق دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی جیلوں میں موجود قیدیوں کی تازہ فہرستیں ایک دوسرے کے حوالے کرتے ہیں۔

  • اجے دیوگن کی فلم چوہان کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد شدید تنازع کھڑا ہوگیا

    اجے دیوگن کی فلم چوہان کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد شدید تنازع کھڑا ہوگیا

    بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کی آنے والی فلم چوہان کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد شدید تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

    ٹیزر میں ایک نوجوان کو احتجاج کے دوران آنکھوں میں پیلٹ لگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں اجے دیوگن کی آواز سنائی دیتی ہے، جس میں ان چوٹوں کو محدود نقصان (Limited Damage) قرار دیا جاتا ہے،یہ مکالمہ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

    سوشل میڈیا صارفین انسانی حقوق کے حامیوں اور کشمیر کی بعض سیاسی جماعتوں نے ٹیزر کو مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن متاثرین کے زخموں کو معمولی ظاہر کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے،ناقدین کا کہنا ہے کہ پیلٹ گن سے متاثر ہونے والے ہزاروں کشمیریوں کی تکالیف اور مستقل معذوری کو اس انداز میں پیش کرنا ناصرف حقائق کے منافی بلکہ متاثرین کی توہین کے مترادف ہے۔

    سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا ایک صارف نے لکھا پیلٹ گن کو محدود نقصان کہنا ان ہزاروں نوجوانوں کی تکلیف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے جنہوں نے اپنی بینائی کھو دی کئی صارفین نے کہا کہ پیلٹ گن کے اثرات کو معمولی قرار دینا حقیقت کے برعکس ہےبعض صارفین نے فلم کو پروپیگنڈا فلم قرار دیتے ہوئے اس کے مقصد اور وقت پر بھی سوالات اٹھائے-

    رپورٹس کے مطابق 2010ء سے 2016ء کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں 10 ہزار سے زائد افراد پیلٹ گن سے زخمی ہوئے، جبکہ صرف جولائی سے اکتوبر 2016 کے دوران ہونے والے احتجاج میں تقریباً 6 ہزار افراد متاثر ہوئے۔ ان میں سے 782 افراد کی آنکھوں پر پیلٹ لگے اور متعدد افراد ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے۔

  • جگن کاظم  سیاحتی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں پر برس پڑیں

    جگن کاظم سیاحتی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں پر برس پڑیں

    جگن کاظم سیاحتی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں پر برس پڑیں-

    جگن کاظم اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ نتھیا گلی کی سیر پر ہیں سفر کے دوران انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں جگن کاظم نے کہا کہ یہ کیا ہو رہا ہے؟ لوگ ہر جگہ کچرا پھیلا رہے ہیں میں جب سے نتھیا گلی آئی ہوں، ہر طرف گندگی ہی نظر آ رہی ہے آپ خود بھی یہ صورتحال دیکھ سکتے ہیں آخر لوگ اپنے ساتھ ایک تھیلا کیوں نہیں رکھتے تاکہ اپنا کچرا اس میں جمع کریں اور مناسب جگہ پر جا کر تلف کریں؟-

    انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ میں عام طور پر اس انداز میں بات نہیں کرتی لیکن یہ واقعی ناقابلِ برداشت ہے پھر ہم اپنے ہی ملک کو برا بھلا کہتے ہیں آخر ہم اپنے شہروں اور سیاحتی مقامات کو صاف کیوں نہیں رکھ سکتے؟ ہم ہمیشہ نظام، موسم اور قدرتی حالات پر تنقید کرتے ہیں لیکن اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے،ماحولیاتی تبدیلیو ں کی ایک بڑی وجہ بھی یہی ہے کہ ہم ماحول اور اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ان خوبصورت نعمتوں کی حفاظت نہیں کر رہے۔

    سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ماحول کے تحفظ سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے پر جگن کاظم کی تعریف کی جبکہ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ حکومت کو بھی دیگر ممالک کی طرح عوامی مقامات پر مناسب تعداد میں ڈسٹ بنز نصب کرنے چاہئیں تاکہ صفائی برقرار رکھنے میں شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔

  • عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی

    عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی

    عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی مبینہ لیک آڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی ہے،آڈیو عماد وسیم کی نائلہ راجا سے شادی کرنے سے پہلے کی ہے-

    اس وائرل آڈیو میں مبینہ طور پر ثانیہ اشفاق اپنے بچوں کی خاطر عماد وسیم سے رشتہ بچانے کی درخواست کرتی سنائی دیتی ہیں، اس کے علاوہ کم سن بچوں کے رونے کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں، آڈیو میں مبینہ طور پر عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق بچوں کی کسٹڈی کے حوالے سے گفتگو کرتے سنائی دے رہے ہیں جبکہ ثانیہ یہ کہتی سنائی بھی دے رہی ہیں کہ میں لندن سے اپنا رشتہ بچانے آئی ہوں، میں اکیلی 3 بچوں کی کفالت کیسے کروں گی۔

    اس آڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین ثانیہ اشفاق سے اظہارِ ہمدردی کر رہے ہیں ،اداکارہ ہیرا سومرو نے لکھا کہ آخر اکثر مرد ایسا کیوں کرتے ہیں؟ جبکہ اداکارہ آرمینہ خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مردوں کو کبھی کسی عورت کا ساتھ نصیب نہ ہو، ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ آڈیو سن کر میرا دل ٹوٹ گیا اور میری آنکھوں میں آنسو آ گئے۔

    دوسری جانب تاہم اس مبینہ آڈیو کی دونوں شخصیات نے اب تک تصدیق نہیں کی ہے،ریکارڈنگ مبینہ طور پر عماد وسیم کی ا نائلہ راجہ کے ساتھ شادی سے پہلے ثانیہ کی طرف سے مفاہمت کی آخری کوشش لگتی ہے، ایسا لگتا ہے کہ اس میں خاندان کے افراد اور پولیس افسران کی گفتگو بھی شامل ہے۔