Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • سعودی کابینہ کی فلسطینی علاقوں میں توسیع پسندا نہ پالیسیوں، آبادکاری اور جبری بے دخلی کی مخالفت

    سعودی کابینہ کی فلسطینی علاقوں میں توسیع پسندا نہ پالیسیوں، آبادکاری اور جبری بے دخلی کی مخالفت

    سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں علاقائی صورتحال، فلسطین سمیت اہم عالمی امور اور سعودی عرب کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔

    سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس کے آغاز پر شہزادہ محمد بن سلمان نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور یونان کے وزیراعظم کیریاکوس مٹسوٹاکس کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں اور بات چیت کے بارے میں کابینہ کو آگاہ کیا، کابینہ نے سعودی عرب کے ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کی، اجلاس میں بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازو ں کو نشانہ بنانے اور بین الاقوامی بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    سعودی کابینہ نے واضح کیا کہ مملکت اپنی خودمختاری، شہریوں اور مقیم افراد کی سلامتی اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، اجلاس میں فلسطین اور مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، سعو د ی کابینہ نے اسرائیلی حملوں اور خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے عرب ممالک کی مشترکہ کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا اور فلسطینی علاقوں میں توسیع پسندا نہ پالیسیوں، آبادکاری اور جبری بے دخلی کی مخالفت کی۔

    کابینہ نے سعودی عرب اور جرمنی کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کیا، اجلاس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کے کئی دیگر معاہدوں کی بھی منظوری دی گئی،کابینہ نے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں LEAP 2026 کے نتائج کو بھی سراہا، جس کے دوران تقریباً 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، معاہدوں اور اقدامات کا اعلان کیا گیا۔

    اجلاس میں سعودی عرب اور اسپین کے درمیان سفارتی، خصوصی اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے سمیت سوئٹزر لینڈ کے ساتھ سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔

  • دہلی کے سابق چیف سیکریٹری راکیش مہتا کی خودکشی، نوٹ بھی برآمد

    دہلی کے سابق چیف سیکریٹری راکیش مہتا کی خودکشی، نوٹ بھی برآمد

    سابق دہلی چیف سیکریٹری راکیش مہتا نے نوئیڈا میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 74 سالہ راکیش مہتا کی لاش 6 ستمبر کو نوئیڈا میں واقع ان کے گھر سے ملی، جبکہ ان کی آخری رسومات اتوار کو ادا کی گئیں، پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک نوٹ بھی ملا ہے جس میں مبینہ طور پر انہوں نے اپنی صحت اور ذہنی مسائل کو اس انتہائی اقدام کی وجہ قرار دیا ہے۔

    راکیش مہتا 1975 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر تھے اور سابق دہلی وزیر اعلیٰ شیلا ڈکشٹ کے دور میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے، وہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر بھی رہے۔

    راکیش مہتا 2007 میں دہلی کے چیف سیکریٹری مقرر ہوئے اور 3 سال سے زائد عرصے تک اس عہدے پر فائز رہے ان کے دور میں دہلی میں ٹرانسپور ٹ، بجلی اور شہری بنیادی ڈھانچے کے کئی اہم منصوبے مکمل ہوئے، جبکہ 2010 میں دہلی میں ہونے والے دولتِ مشترکہ کھیلوں کا انعقاد بھی ان کے چیف سیکریٹری کے دور میں ہوا۔

  • کرک میں  نامعلوم مسلح افراد کی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ،ایک اہلکار شہید ایک زخمی

    کرک میں نامعلوم مسلح افراد کی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ،ایک اہلکار شہید ایک زخمی

    خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں رات گئے شنکی ڈیم کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ظفران شہید جبکہ محمد امتیاز زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات گئے شنکی ڈیم کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا،فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار ظفران موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ محمد امتیاز زخمی ہوئے،لاش اور زخمی پولیس اہلکار کو کے ڈی اے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    پولیس نے علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے،ڈی ایس پی یوسف خٹک کے مطابق واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور نامعلوم حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

  • برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی اسرائیلی آبادکاروں پر پابندی

    برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی اسرائیلی آبادکاروں پر پابندی

    مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادی کاری کے مسئلے پر اسرائیل اور اس کے مغربی اتحادیوں کے درمیان سفارتی کشیدگی شدید تر ہو گئی ہے۔

    برطانوی حکومت، فرانس اور کینیڈا کی جانب سے مغربی کنارے کی بستیوں سے آنے والی آبادکاروں کی اسرائیلی مصنوعات کی درآمد پر پابندی کے اعلان کے بعد اسرائیل نے سخت ردعمل دیتے ہوئے مشرقی یروشلم میں قائم برطانوی قونصلیٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اسرائیلی وزیر خارجہ گڈون سار نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے برطانوی اقدام کو ”اخلاقی طور پر گمراہ کن اور اسرائیل کے اندرونی و انتخابی معاملات میں کھلی مداخلت“ قرار دیا ہے، اس کے علاوہ جیرمی کوربن سمیت متعدد برطانوی اہلکاروں اور شہریوں کے اسرائیل میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

    یہ تنازع اس وقت مزید بڑھا جب برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے ایک مشترکہ بیان جا ری کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی حفاظت کے لیے تجارتی اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا۔

    برطانیہ کے وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ ہم اب فلسطینیوں کی تباہی اور حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے، لہذا ہمیں سیکیورٹی اور دو ریاستی حل کی بقا کے لیے اب عملی اقدامات کرنا ہوں گے، ایڈ ملی بینڈ نے اسرائیلی اقدامات کو فلسطینیوں کی نسل کشی سے بھی تعبیر کیا، جسے اسرائیلی و زیر خارجہ نے اشتعال انگیز جھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

    دوسری جانب ڈنمارک، ناروے، اسپین اور سویڈن سمیت نو دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی ایک الگ بیان میں دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے اس سفارتی جنگ کے دوران کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیاں امن کے مقاصد کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں، اسی لیے کینیڈا دو ریاستی حل کے موقف پر قائم ہے،تاہم اس معاملے پر امریکا نے اپنے مغربی اتحادیوں سے مختلف موقف اختیار کیا ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ان پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی پابندیاں مغربی کنارے میں حالات کو مزید غیر مستحکم کر سکتی ہیں، اور واشنگٹن اسرائیلی بستیوں سے آنے والی مصنوعات کی درآمدات پر کوئی پابندی نہیں لگائے گا۔

  • امریکا کا 5 ایرانی تیل بردار جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ، ایران کا اردن پر  جوابی میزائل حملہ

    امریکا کا 5 ایرانی تیل بردار جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ، ایران کا اردن پر جوابی میزائل حملہ

    امریکا نے خلیج عمان اور خارگ جزیرے کے قریب ایران کے پانچ تیل کے ٹینکرز پر حملہ کر کے انہیں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے. جس کے جواب میں ایران نے اردن میں قائم امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں اور راکٹوں کی بارش کردی۔

    سینٹکام کا کہنا ہےکہ اس کی فورسز نے ایرانی جہازوں پر حملہ ایک امریکی جنگی جہاز پر بیلسٹک میزائل داغنے کی کوششوں کے جواب میں کیا،اس کے جواب میں ایران نے اردن میں قائم امریکی فوجی اڈے اور خطے میں امریکی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں الازرق امریکی اڈے کو نشانہ بنایا ساتھ ہی امریکی بحریہ کے دو ڈسٹرائیرز کو بھی نشانہ بنایا اردن میں امریکا کے ایف 35 اور ایف 15 ہینگرز کو تباہ کردیا گیا ہے، امریکی عملے کو فوری اپنے جہاز چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں امریکی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنائیں گے، ساتھ ہی مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مفادات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک باضابطہ بیان میں بتایا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے دو دنوں میں دو بار ہمارے جنگی جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم جہاز ان حملوں سے محفوظ رہا اور کسی بھی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا، جواب میں ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے سے قبل جہاز کے عملے کو بحفاظت نکلنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    دوسری جانب ایران کے مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف علی عبداللہی نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ اگر ہمارے ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا تو ہم خطے میں امر یکی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے حملوں کے بعد ایرانی امورِ خارجہ نے اسے اقوامِ متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دیا ہے۔

    اس کشیدگی کے حوالے سے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے، اور ہر بار جب وہ ایسا کریں گے تو انہیں اپنے ٹینکرز سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔

    دوسری جانب اردن کی افواج نے تصدیق کی ہے کہ ان کے دفاعی نظام نے بیس میں سے اٹھارہ ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • شہزادہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے غیر فعال ارکان ہی رہیں گے،کنگ چارلس

    شہزادہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے غیر فعال ارکان ہی رہیں گے،کنگ چارلس

    برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سوم نے واضح کر دیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل شاہی خاندان کے غیر فعال ارکان ہی رہیں گے اور برطانیہ واپسی کے باوجود شاہی فرائض انجام نہیں دیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق شاہی محل کی جانب سے اعلیٰ حکام کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ہیری اور میگھن 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد طے پانے والے انتظامات کے مطابق شاہی خطابات کو سرکاری فرائض کیلئے استعمال نہیں کریں گے،خط میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ جوڑا کسی فلاحی سرگرمی میں حصہ لیتا ہے تو وہ اسے نجی حیثیت میں انجام دے گا۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن کی سیکیورٹی سے متعلق فیصلے متعلقہ حکومتی اور پولیس اداروں کے اختیار میں رہیں گے ہیری طویل عرصے سے برطانیہ میں پولیس سیکیورٹی کی فراہمی کے معاملے پر قانونی جدوجہد کرتے آئے ہیں،شاہی محل کے اس اقدام کا مقصد ہیری اور میگھن کی موجودہ حیثیت سے متعلق کسی بھی قسم کے ابہام کو دور کرنا بتایا گیا ہے۔

  • عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونا سستا ،چاندی  مہنگی

    عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونا سستا ،چاندی مہنگی

    عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت کم ہو گئی جب کہ چاندی کی قیمت بڑھ گئی-

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج منگل کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 10 ڈالر کی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4ہزار 396ڈالر کی سطح پر آگئی، اسی طرح مقامی صرافہ بازاروں میں بھی آج کاروباری ہفتے کے دوسرے دن فی تولہ سونے کی قیمت 1ہزار روپے کی کمی سے 4لاکھ 62ہزار 136روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت 857روپے کی کمی سے 3لاکھ 96ہزار 207روپے کی سطح پر آگئی۔

    دوسری جانب ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 10روپے کے اضافے سے 7ہزار 69روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 9روپے کے اضافے سے 6ہزار 060روپے کی سطح پر آگئی۔

  • وزیراعظم نے گرین پولیسنگ کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم نے گرین پولیسنگ کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے گرین پولیسنگ کا افتتاح کردیا-

    اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کیں،وزیراعظم نے الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، سازوسامان اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    انہوں نے اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے پولیس کو فراہم کی جانے والی الیکٹرک گاڑیوں کا مقصد پولیسنگ کے نظام میں گرین اور ماحول دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔

    تقریب کے دوران انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے وزیراعظم کو وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی کے لیے قائم کی گئی نئی فورس ’کیپٹل پٹرول‘ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس وزیراعظم کے محفوظ، اسمارٹ اور گرین کیپیٹل کے وژن کے تحت تشکیل دی گئی ہے اور اس میں مجموعی طور پر 200 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔

    بریفنگ کے مطابق کیپٹل پٹرول کے ہر یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ فورس میں موٹر سائیکل سوار اہلکار بھی شامل کیے جائیں گے تاکہ مختلف علاقوں میں فوری رسپانس اور مؤثر گشت کو یقینی بنایا جا سکےتمام اہلکاروں کو باڈی کیمروں سے لیس کیا جائے گا، جس سے پولیسنگ کے عمل میں شفافیت، نگرانی اور جوابدہی کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

    وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس کے لیے فراہم کی گئی 50 الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، الیکٹر ک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی مد میں ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے، جبکہ ایک گاڑی کی لاگت تقریباً ساڑھے 10 ماہ میں ایندھن کی بچت سے پوری ہو جائے گی۔

    وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، گرین پولیسنگ کے فروغ اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

    تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت طلال چوہدری اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

  • جونیئر ہاکی ایشیا کپ: پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

    جونیئر ہاکی ایشیا کپ: پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

    مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 میں پاکستان نے ملائیشیا کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا-

    پول بی کے ایک اہم میچ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی، میچ کا آغاز سنسنی خیز رہا جہاں 9ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی،تاہم پاکستان کی قومی جونیئر ٹیم نے دوسرے ہاف میں زبردست کم بیک کیا اور کھیل کا پانسہ پلٹ دیا-

    پاکستان کی جانب سے گول کرنے کا سلسلہ 32ویں منٹ میں ندیم خان کے شاندار گول سے شروع ہوا جس نے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا اس کے بعد 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کر کے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلائی،پاکستان کے ولید رانا نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں بیک ٹو بیک دو خوبصورت گول داغ کر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی۔

  • پاکستانی معیشت مستحکم ہے،ہرمز کے موجودہ بحران کو برداشت کر سکتی ہے،موڈیز

    پاکستانی معیشت مستحکم ہے،ہرمز کے موجودہ بحران کو برداشت کر سکتی ہے،موڈیز

    اسلام آباد: موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت مستحکم ہے اور ہرمز بحران کے جھٹکے برداشت کر سکتی ہے۔

    بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت آبنائے ہرمز سے پیدا ہونے والے موجودہ بحران کے جھٹکے کو 2022 کے تیل کے بحران کے مقابلے میں زیادہ بہتر طور پر برداشت کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

    وزارت خزانہ کے مطابق موڈیز کی تجزیہ کار گریس لِم کے مطابق پاکستان کی معیشت میں اس بار جھٹکوں کو جذب کرنے کی صلاحیت بہتر ہوئی ہے جس کی وجہ گزشتہ 2 برس کے دوران حاصل ہونے والی زیادہ مضبوط معاشی استحکام اور لچک ہے،کم افراطِ زر، مستحکم شرحِ تبادلہ اور زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری نے پاکستان کو حالیہ علاقائی اور عالمی جھٹکوں سے نمٹنے کے لیے مضبوط حفاظتی گنجائش فراہم کی ہے،جب دنیا غیر مستحکم ہو تو معاشی استحکام سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔