Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • سعودی عرب کے مختلف شہروں پر حوثی حملے، خواتین اور بچوں سمیت 73 افراد زخمی

    سعودی عرب کے مختلف شہروں پر حوثی حملے، خواتین اور بچوں سمیت 73 افراد زخمی

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے مختلف شہروں پر حملے کیے ہیں جن میں خواتین اور بچوں سمیت 73 افراد زخمی ہوگئے۔

    یمن میں سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی بن صالح المالکی کے مطابق حوثیوں نے سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 73 افراد زخمی ہوئے۔

    ترجمان نے ایکس پر جاری ایک پریس ریلیز میں کہا کہ حملوں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس پر اتحاد کی جانب سے سخت جوابی کارروائی کی جائے گی،یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب حوثیوں نے سعودی عرب پر یمن کے مختلف علاقوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنانے کا الزام لگایا۔

    حوثیوں کے خبر رساں ادارے صبا نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے صوبہ الجوف، البیضا، مأرب اور تعز میں مختلف مقامات کو فضائی حملوں اور کروز میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے،اس کے علاوہ شمالی شہر الحزم میں ایک جیل پر فضائی حملے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ حوثیوں کے مطابق حملے میں ایک بچے سمیت 7 افراد ہلاک اور خاتون سمیت کم از کم 7 زخمی ہوئے۔

    الجزیرہ کے مطابق حوثیوں کے زیر انتظام وزارت صحت کے ترجمان انیس الاصبحی نے کہا کہ حملہ الجوف صوبے میں قائم سینٹرل کریکٹیو فیسلٹی پر کیا گیاحوثی ٹی وی چینل المسیرہ نے مبینہ حملے کے بعد کی فوٹیج بھی نشر کی، جس میں ایک عمارت منہدم اور لوگوں کو ملبے میں تلاش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    سعودی عرب نے جیل پر فضائی حملے کے حوثی الزام پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    حوثی حملوں پر میجر جنرل المالکی نے مزید کہا کہ اتحادی افواج کی مشترکہ کمان اس ’دہشت گرد ملیشیا‘ کو روکنے اور اس کے جارحانہ عزائم کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تمام ضروری فوجی اقدامات کرے گی، یہ اقدامات سعودی عرب کی خودمختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ اور شہریوں و مقیم افراد کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سعودی عرب پر یمن میں ’قتل عام‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سعودی طیارے جاسوسی پروازیں کر رہے ہیں اور کرائے کے جنگجوؤں کو ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں،انہوں نے دعویٰ کیا کہ حوثیوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب کے 4 جاسوس ڈرون مار گرائے، جن میں ایک سی ایچ-4 ڈرون بھی شامل ہے۔

    یمن میں حالیہ ہفتوں کے دوران حوثیوں اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے درمیان لڑائی میں شدت آئی ہے،حوثی خود کو انصار اللہ کہتے ہیں، ایر ان کے اتحادی ہیں اور یمن کی حکومتی افواج کے خلاف برسرِ پیکار ہیں، جنہیں سعودی عرب کی حمایت حاصل ہے، ان کا شمالی یمن، بحیرۂ احمر کا ساحلی علا قہ اور دارالحکومت صنعاء پر کنٹرول ہے۔

    اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن ہانس گرنڈبرگ نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر لڑائی روکیں اور زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حالیہ کشیدگی ایک مکمل جنگ کی صورت اختیار کرسکتی ہے۔

  • کے ایم سی کی عمارت میں آتشزدگی، میئر کراچی کا دفتر مکمل جل گیا

    کے ایم سی کی عمارت میں آتشزدگی، میئر کراچی کا دفتر مکمل جل گیا

    کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع کے ایم سی کی عمارت میں آتشزدگی کے باعث میئر کراچی کا دفتر مکمل طور پر جل گیا۔

    فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کے ایم سی ہیڈ آفس میں لگنے والی آگ پر 3 فائر ٹینڈرز نے قابو پا لیا،آگ میئر کراچی کے دفتر سے متصل کچن میں لگی تھی، آتشزدگی کے نتیجے میں میئر کراچی کا دفتر بھی مکمل جل گیا میئر کراچی کے دفتر میں آتشزدگی سے دفتر اور اس میں موجود ریکارڈ مکمل طور پر جل گیا تاہم آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فوری طور پر وجوہات معلوم نہ ہو سکیں۔
    ٕ
    واضح رہے کہ گزشتہ روز لانڈھی پروسیسنگ زون میں واقع کپڑے کی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے دوران سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا،ریسکیو حکام نے آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کو مخدوش قرار دے دیا۔

  • ہمارے اثاثوں کو نشانہ بنایاتو  امریکی تیل اور گیس کمپنیوں پر جوابی حملہ کریں گے،ایران

    ہمارے اثاثوں کو نشانہ بنایاتو امریکی تیل اور گیس کمپنیوں پر جوابی حملہ کریں گے،ایران

    ایرانی پارلیمان کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی فورسز نے ایران کے قومی یا سمندری اثاثوں کو نشانہ بنایا تو خطے میں موجود امریکی تیل اور گیس کی کمپنیوں اور ان کی اہم تنصیبات کو جوابی حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔

    ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں امریکی وزیر دفاع کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بات بہت سادہ اور قابلِ فہم ہے، اس وسیع خطے میں پھیلائی گئی تیل و گیس کی پیداواری تنصیبات اور نظام ہماری پہنچ میں ہیں اور بے حد حساس ہیں،اگر آپ ہمارے اثاثوں پر حملہ کریں گے تو آپ پر بھی حملہ ہو گا، اور ہم پہلے بھی اپنی اس جوابی صلاحیت کو ثابت کر چکے ہیں، آپ اپنے ان فوجی اڈوں سے پوچھ لیں جو اب قابلِ استعمال نہیں رہے ہیں۔

    باقر قالیباف کی اس دھمکی سے قبل امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ اگر ایران نے امریکی جہازوں پر فائرنگ کی تو ہم ان کے آئل ٹینکرز کو تباہ کر کے ڈبو دیں گے ایران کو امریکی بحریہ پر فائرنگ سے گریز کرنا ہو گا۔

    دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے خطے پر ایک وحشیانہ جنگ مسلط کی ہے اور اب اس کے معاشی اثرات اور ادائیگی کی توقع پوری دنیا سے کر رہا ہے تجارتی جہاز رانی کا نظام متاثر ہونے کے باعث عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اور ایسی صورتحال میں صرف ایران کو خطے میں افراتفری کا ذمہ دار قرار دینا سراسر مضحکہ خیز ہے۔

    اسماعیل بقائی نے یہ اہم انکشاف بھی کیا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے لیے عارضی اور محفوظ راستے کی فراہمی پر ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور توقع ہے کہ اس معاہدے کو جلد بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن میں باقاعدہ رجسٹر کرا لیا جائے گا۔

  • پی آئی اے کی فضائی میزبان پر اسمگلنگ کے الزام کی تحقیقات میں اہم پیشرفت

    پی آئی اے کی فضائی میزبان پر اسمگلنگ کے الزام کی تحقیقات میں اہم پیشرفت

    پی آئی اے کی فضائی میزبان سمیرا آفتاب کی جانب سے ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پرواز میں مبینہ طور پر موبائل فون اسمگلنگ کے معاملے میں تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    چند روز قبل فضائی میزبان سمیرا آفتاب کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے پرواز PK-784 کے ذریعے کراچی پہنچی تھی، جہاں ایئرپورٹ پر تلاشی کے دوران اس کے سامان سے غیر قانونی طور پر لائے جانے والے لاکھوں روپے مالیت کےاسمارٹ فونز اور جدید سمارٹ واچز برآمد ہوئی تھیں، جو مبینہ طور پر پی آئی اے کی جانب سے فراہم کی گئی کیپ کے اندر چھپائی گئی تھیں،واقعے کے فوراً بعد قومی ایئرلائن کے شعبہ ویجیلنس نے تمام شواہد اور تفصیلات پر مبنی جامع رپور ٹ پی آئی اے کے شعبہ ہیومن ریسورس کو فراہم کی تھی۔

    انتظامیہ نے ویجیلنس رپورٹ کی روشنی میں خاتون فضائی میزبان سمیرا آفتاب کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں،پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق اس واقعے سے قومی ایئرلائن کی ساکھ متاثر ہوئی جس کے باعث فضائی میزبان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اگر شوکاز نوٹس کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیا گیا تو فضائی میزبان سمیرا آفتاب کو ملازمت سے برخاست کرنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

  • امریکا نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کی تفصیلات جاری کردیں

    امریکا نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کی تفصیلات جاری کردیں

    امریکا نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کی تفصیلات جاری کردیں –

    امریکی سینٹ کام کے مطابق کارروائی کے دوران 94 بحری جہازوں کے راستے تبدیل کیے گئے جبکہ ناکہ بندی کی مبینہ خلاف ورزی پر 3 ایرانی بحری جہازوں کو ناکارہ بنا دیا گیا۔، امریکی فورسز نے معائنے کے لیے 2 تجارتی جہازوں کی تلاشی بھی لی، جبکہ ایک خفیہ آپریشن کے دوران سمندر میں موجود 80 بحری بارودی سرنگیں صاف کی گئیں، سمندری راستے کی صفائی کے بعد اس علاقے میں بحری جہازوں کی آمدورفت میں اضافہ متوقع ہے۔

    امریکی حکام کے مطابق 20 امریکی طیارہ بردار جہاز بحیرہ عرب میں بحری ناکہ بندی کی کارروائی میں مصروف ہیں۔ امریکی حکام نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی اور امریکی بحریہ کے کنٹرول میں ہے-

    دوسری جانب امریکی دعوؤں پر ایران کی جانب سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

  • ہندویاتریوں کاخواتین اسٹاف ہٹانے کے معاملے پر عملے نے احتجاجاً ایفل ٹاور بند کر دیا

    ہندویاتریوں کاخواتین اسٹاف ہٹانے کے معاملے پر عملے نے احتجاجاً ایفل ٹاور بند کر دیا

    پیرس: ہندوؤں کے مذہبی وفد کے دورے کے دوران خواتین ملازمین کو کام کی جگہ سے ہٹانے کے معاملے پر عملے کے احتجاج کے باعث ایفل ٹاور کو بند کردیا گیا۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہندو مذہبی تنظیم بی اے پی ایس سے وابستہ تقریباً 100 افراد کے وفد نے ہفتے کے روز ایفل ٹاور کا دورہ کیا اس دوران خواتین ملازمین کو اپنی جگہوں سے ہٹنے اور وہاں مرد ملازمین کو تعینات کرنے کے لیے کہا گیا۔

    ملازمین کی یونین کی نمائندہ ڈین ڈیوائن نے بتایا کہ واقعے پر خواتین ملازمین کو شدید بے عزتی محسوس ہوئی جبکہ انتظامیہ نے بعد ازاں عملے سے معذرت بھی کی،واقعے کے بعد ملازمین نے انتظامیہ سے بات چیت اور آئندہ خواتین کے ساتھ ایسا سلوک نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے احتجاج کیا۔

    ایفل ٹاور چلانے والی کمپنی ایس ای ٹی ای نے تصدیق کی ہے کہ مذہبی وفد نے دورے کے دوران خواتین سے میل جول محدود رکھنے کی درخواست کی تھی،احتجاج کے باعث ایفل ٹاور کی معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور سیاحوں کے لیے اس کی بندش کا اعلان کیا گیا۔

  • نئے صوبوں کا قیام: وزیر داخلہ اپنی ذاتی رائے دینے میں آزاد ہیں،رانا ثنا اللہ

    نئے صوبوں کا قیام: وزیر داخلہ اپنی ذاتی رائے دینے میں آزاد ہیں،رانا ثنا اللہ

    وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ صوبوں سے متعلق بحث پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے کیونکہ یہی اس کے لیے مناسب فورم ہے۔

    ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قراردادیں تقریباً 10 سال قبل منظور کی گئی تھیں جو کہ پرانی ہو چکی ہیں تاہم موجودہ صورتحال میں یہ قراردادیں اب موثر نہیں ہیں، اگر کسی اسمبلی کی مدت مکمل ہونے تک کسی قرارداد پر عملدرآمد نہ ہو تو نئی اسمبلی کو اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ معاملے پر دوبارہ قرارداد منظور کرے یا نہ کرے۔

    اسلام آباد کو الگ صوبہ بنانے کے سوال پر مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو الیکشن کمیشن کی جانب سے آخری وارننگ مل چکی ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں جو منظور شدہ بلدیاتی ایکٹ کے تحت ہوں ،ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے کیونکہ یہی اس کے لیے مناسب فورم ہے۔

    محسن نقوی کے بیانات سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو نہیں روکا، وہ اپنی ذاتی رائے دینے میں آزاد ہیں، تاہم عوامی ریفرنڈم بھی آئین اور پارلیمنٹ کی منظوری سے ہی مشروط ہے نہ کہ کسی وزیر کے بیان سے۔

  • صوبوں کےحوالے سےسخت رویہ اختیار کرنا درست نہیں،خواجہ آصف

    صوبوں کےحوالے سےسخت رویہ اختیار کرنا درست نہیں،خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ صوبوں کےحوالے سےسخت رویہ اختیار کرنا ان کے خیال میں درست نہیں،پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں صوبوں کے معاملے پرعمل کیا جانا اچھا اقدام ہوگا-

    پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد کی اپنی اسمبلی یا صوبا ئی حکومت ہونا ایک اچھا اقدام ہے، دنیا کے کئی دارالحکومتوں میں اس نوعیت کا انتظام موجود ہے پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں صوبوں کے معاملے پرعمل کیا جانا اچھا اقدام ہوگا نئی دہلی کی حکومت مکمل طور پرالگ حکومت ہے، اگر اسلام آباد میں اس معاملے پرعمل درآمد ہوتا ہے تو باقی صوبوں میں بھی یہ عمل آسان ہوگا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ صوبوں کےحوالے سےسخت رویہ اختیار کرنا ان کے خیال میں درست نہیں نئے صوبوں کے بجائے نئے انتظامی یونٹس کی اصطلا ح استعمال کی جائے تو زیادہ بہتر ہوگا تاہم انہیں وزیراعظم یا مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نئے صوبوں سے متعلق کسی پیشرفت کا علم نہیں۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر سندھ حکومت کا الگ مؤقف اختیار کرنا اس کا حق ہے، تاہم جب اس حوالے سے کوئی متفقہ فیصلہ ہوگا تو سب کو اسے تسلیم کرنا ہوگا اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا اور عوام کے مسائل حل کرنا عوام کا حق ہے، انتظامی معاملات کو بہتر بنانے اوراختیارات عوام کے قریب لے جانے سے شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔

  • مدینہ سے کراچی کے لیے سستی ایئرلائن کی پروازوں کا آغاز

    مدینہ سے کراچی کے لیے سستی ایئرلائن کی پروازوں کا آغاز

    سعودی عرب کی بجٹ ایئرلائن نے کراچی کے لیے پروازوں کا آغاز کر دیا۔

    سعودی عرب کی کم لاگت فضائی کمپنی فلائی آڈیل نے مدینہ منورہ اور کراچی کے درمیان اپنی نئی پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت دونوں شہروں کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی نئی سروس کا آغاز اتوار کو ہوا اور مدینہ سے آنے والی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی،186 آل اکانومی کلاس سیٹوں سے لیس ایئربس A320neo طیارے کے ذریعے پروازیں چلائی جائیں گی،ہر سیٹ میں USB-A یا USB-C چارجنگ پورٹس شامل ہیں، جبکہ ہوائی جہاز میں بڑے اوور ہیڈ بِنز اور موڈ لائٹنگ بھی ہیں۔

    کراچی کے لیے مدینہ کی نئی پرواز کے بعد فلائی آڈیل کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں پاکستان سے منسلک روٹس کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ کمپنی نے گزشتہ سال پاکستان کی فضائی مارکیٹ میں داخل ہوتے وقت صرف دو روٹس سے اپنی پروازوں کا آغاز کیا تھا۔

    مدینہ منورہ اب ریاض کے بعد سعودی عرب کا دوسرا شہر بن گیا ہے جہاں سے فلائی آڈیل کی بین الاقوامی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا جا سکتا ہے، نئی سروس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں مزید اضافہ ہوگا، جبکہ مسافروں کو سفر کے لیے ایک اضافی آپشن بھی دستیاب ہوگا-

    فلائی آڈیل کے مطابق مدینہ اور کراچی کے درمیان سروس کمپنی کی بین الاقوامی توسیع کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔ کمپنی خطے کی مختلف مارکیٹوں میں اپنا فضائی نیٹ ورک بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔

    کمپنی نے سعودی وژن کے مطابق سال 2030 تک اپنے فضائی نیٹ ورک اور طیاروں کے بیڑے کو موجودہ حجم کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، اس توسیعی منصوبے کے تحت 2027 سے نئے ایئربس اے 321 نیو اور وسیع جسامت کے ایئربس اے 330-900 نیو طیارے بھی موجودہ اے 320 طیاروں کے بیڑے میں شامل کیے جانے کی توقع ہے۔

  • کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی،فاطمہ ثناء پر جرمانہ عائد

    کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی،فاطمہ ثناء پر جرمانہ عائد

    آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا،انہیں 2 سال کے دوران دوسری مرتبہ ڈی میرٹ پوائنٹ ملا،فاطمہ ثناء نے آئی سی سی کوڈ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کی، انہوں نے بھارتی بیٹر شفالی ورما کو آؤٹ کرنے کے بعد پویلین کی طرف اشارہ کیا تھا،فاطمہ ثناء نے میچ ریفری کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔

    واضح رہے فاطمہ ثناء کو پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ اگست 2025 میں آئرلینڈ کیخلاف میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر دیا گیا تھا،4 یا اس سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹ کے بعد کھلاڑی پر ایک ٹیسٹ یا دو ون ڈے یا دو ٹی ٹوئنٹی کی پابندی لگائی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے ویمنز ایشیا کپ 2026 میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست سے دوچار کیا تھا۔دبئی میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 56 رنز کا ہدف دیا جسے بھارت نے باآسانی حاصل کر لیا۔