ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران اور امریکہ نے جمعے کے روز عمان میں ایران کے جوہری پروگرام پر اہم اور حساس مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ بات چیت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں جنگی خدشات بھی موجود ہیں۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق جمعے کے روز ایک قافلہ، جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اس میں امریکی حکام شامل تھے، مسقط کے قریب واقع ایک محل میں داخل ہوا، جہاں مذاکرات منعقد ہو رہے ہیں۔ قافلے کی ایک گاڑی پر امریکی پرچم بھی دیکھا گیا۔ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو لے جانے والی گاڑیاں بھی وہاں پہنچیں، جنہوں نے عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعيدی سے ملاقات کی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مسقط میں ہونے والی بات چیت صرف جوہری معاملات تک محدود رہے گی۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ ان مذاکرات میں مکمل اختیار کے ساتھ شریک ہو رہا ہے تاکہ جوہری مسئلے پر ایک منصفانہ، باہمی طور پر قابلِ قبول اور باوقار معاہدے تک پہنچا جا سکے۔
دوسری جانب واشنگٹن چاہتا ہے کہ مذاکرات میں ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام، خطے میں مسلح گروہوں کی حمایت اور انسانی حقوق سے متعلق معاملات بھی شامل ہوں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگرچہ بات چیت کی حمایت کی ہے، تاہم انہوں نے فوجی کارروائی کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا۔
ایران کی قیادت امریکی دھمکیوں اور خطے میں امریکی بحریہ کی بڑھتی ہوئی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کر چکی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ تہران کو امید ہے کہ امریکی فریق ذمہ داری، سنجیدگی اور حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے گا تاکہ سفارتی حل کی راہ ہموار ہو سکے۔
Author: Aqsa Younas Rana

عمان کے شہر مسقط میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا آغاز

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایوف کو نشانِ پاکستان سے نواز دیا گیا
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایوف کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز، نشانِ پاکستان، عطا کر دیا۔
ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب میں صدرِ مملکت نے قازق ہم منصب کو یہ اعزاز پیش کیا۔ تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
صدرِ قازقستان کو نشانِ پاکستان سے نوازنے کا فیصلہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کے اعتراف میں کیا گیا۔ یہ اعزاز خطے اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور ترقی کے لیے صدر توکایوف کی خدمات کا بھی اعتراف ہے۔
برلن میں بارش کے بعد برف جمنے سے پروازیں متاثر، کئی پروازیں منسوخ
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں شدید بارش کے بعد پانی کے جم جانے سے فضائی نظام بری طرح متاثر ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز برلن میں شدید بارش اور برف باری ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں ائیرپورٹ کے رن وے پر پانی جم گیا اور پروازوں کی روانگی متاثر ہوئی۔ کئی پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔
ائیرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ ائیر لائن کی ویب سائٹ سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔ مزید برآں، برلن ائیرپورٹ نے جمعہ کے روز بھی خراب موسمی حالات کے سبب ائیرپورٹ بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
چین کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے PL-17 میزائل کی پہلی جھلک
چین کے جدید اور پراسرار ہتھیاروں میں شمار ہونے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ائیر ٹو ائیڑ میزائل PL-17 کی پہلی جھلک منظر عام پر آ گئی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ میزائل دنیا کے سب سے زیادہ رینج رکھنے والے فضا سے فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں میں سے ہو سکتا ہے اور مغربی بحرالکاہل میں امریکی فضائی برتری کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق یہ تصویر حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، تاہم اس کی تاریخ اور مقام کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ تصویر میں میزائل یا اس کا ماڈل ایک اسٹینڈ پر رکھا ہوا دکھایا گیا ہے، جس کے سامنے ایک شخص کھڑا ہے جس کا چہرہ ڈیجیٹل طور پر چھپایا گیا ہے۔ بیشتر دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ صرف ماڈل ہے، مگر اس کا سائز اصل میزائل کے برابر ہے۔
چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے لیے تیار کی جانے والی PL سیریز میں کم فاصلے کے لیے PL-10، درمیانے فاصلے کے لیے PL-11 اور PL-12 جبکہ طویل فاصلے پر نشانہ لگانے کے لیے PL-15 اور اب PL-17 میزائل شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کا مشال یوسفزئی کو بیانات پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی رہنما سینیٹر مشال یوسفزئی کے متنازعہ بیانات کے بعد انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور فیملی کے خلاف نامناسب زبان کے استعمال کے پیش نظر کی جا رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "بہت ہوگیا، مشال یوسفزئی کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ بانی پی ٹی آئی کی فیملی یا بہنوں کے خلاف کسی بھی زبان کی اجازت پارٹی میں نہیں دی جائے گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی بھی شخص بانی پی ٹی آئی کی فیملی پر جملے کسے گا تو وہ پارٹی میں جگہ نہیں رکھے گا۔
بیرسٹر گوہر نے وضاحت کی کہ اتنی بڑی سیاسی جماعت میں اختلافات معمول کی بات ہیں اور ایک سیاسی ورکر کو چیئرمین سے اختلاف کرنے کا حق حاصل ہے، لیکن بانی پی ٹی آئی کی فیملی کے خلاف کسی بھی قسم کی تنقید برداشت نہیں کی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس میں مشال یوسفزئی کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا اور اس کے بعد آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دو سال بعد رفح کراسنگ کھلنے کے بعد فلسطینیوں کا غزہ واپسی کا سلسلہ جاری
غزہ اور مصر کے درمیان رفح کراسنگ جزوی طور پر کھلنے کے بعد فلسطینیوں کی غزہ واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ شب مزید 25 فلسطینی غزہ واپس پہنچے، جو اس کراسنگ کے دوبارہ کھلنے کے بعد داخل ہونے والے تیسرے گروپ میں شامل ہیں۔ یہ افراد مقامی وقت کے مطابق رات تین بجے غزہ پہنچے۔
عرب میڈیا کے مطابق، کچھ ہی گھنٹوں بعد 13 فلسطینی مریضوں کو ان کے اہل خانہ اور عالمی ادارہ صحت کے اہلکاروں کے ہمراہ بیرونِ ملک علاج کے لیے رفح کراسنگ کی جانب منتقل کیا گیا۔
غزہ واپس آنے والے کئی افراد نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں اسرائیلی سکیورٹی چیک پوائنٹس پر تفتیش اور توہین آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑا۔ واپسی کے دوران اہل خانہ سے ملاقات کے جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ ایک خاتون عائشہ بلاوی نے کہا، "یہ خوشی اور غم کے درمیان معلق ہونے جیسا احساس ہے۔ اپنے خاندان سے مل کر خوش ہوں، لیکن اپنے وطن کی تباہی دیکھ کر دل افسردہ ہے۔”
فلسطینیوں کی واپسی اور مریضوں کی علاج کے لیے رفح کراسنگ کو دوبارہ کھولنا امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی شرائط میں شامل تھا۔ فی الحال صرف وہی فلسطینی واپس آ سکتے ہیں جو جنگ کے دوران غزہ سے باہر گئے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے مئی 2024 میں رفح کراسنگ پر قبضہ کر کے اسے آمدورفت کے لیے بند کر دیا تھا۔
خلیج میں ایران نے ایندھن اسمگلنگ پر دو آئل ٹینکر تحویل میں لے لیے
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے خلیج میں کارروائی کرتے ہوئے دو آئل ٹینکروں کو ایندھن اسمگلنگ کے الزام میں تحویل میں لے لیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ان ٹینکروں میں غیر ملکی عملہ سوار تھا، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ضبط کیے گئے جہاز کن ممالک کے پرچم تلے رجسٹرڈ تھے اور عملے کا تعلق کن ممالک سے ہے۔
ایرانی خبررساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ دونوں ٹینکروں سے 10 لاکھ لیٹر سے زائد اسمگل شدہ ایندھن برآمد کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر عملے کے 15 غیر ملکی ارکان کو گرفتار کر کے عدالتی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی خلیج میں واقع ایرانی جزیرے فارسی کے قریب کی گئی۔ پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز گزشتہ کئی ماہ سے ایندھن اسمگلنگ میں ملوث تھے اور نگرانی، انٹیلی جنس معلومات اور سمندری آپریشنز کے بعد انہیں روکا گیا۔
خیال رہے کہ ایران ماضی میں بھی خلیج اور آبنائے ہرمز میں ایسے آئل ٹینکروں کے خلاف کارروائیاں کرتا رہا ہے جنہیں وہ غیر قانونی ایندھن تجارت کا حصہ قرار دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایران میں ایندھن کی قیمتیں دنیا میں کم ترین شمار ہوتی ہیں، جس کے باعث پڑوسی ممالک کو ایندھن اسمگل کرنا ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔
پاکستان اور اردن کے تعلقات نئی بلندیوں پر، 16 شعبوں میں تجارتی تعاون کا معاہدہ طے
پاکستان اور اردن کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو گئے ہیں۔ اسلام آباد میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے دسویں اجلاس کے دوران 16 مختلف شعبوں میں تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور اردن کے درمیان شراکت داری انتہائی اہم ہے، اور حکومت کی کوشش ہوگی کہ پہلے سے طے شدہ معاہدوں کو عملی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کو کاروباری مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے۔
اردن کے وزیر صنعت و تجارت نے اجلاس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ دورے کے دوران مختلف شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جس سے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔
ڈاکو ایک لاکھ ڈالر اور 200 تولے سونا لوٹ کر فرار
کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ایک شہری سے بڑی ڈکیتی کی واردات سامنے آئی ہے، جس میں ڈاکوؤں نے 200 تولے سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر اپنے قبضے میں لے لیے۔ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب شہری بینک سے رقم نکلوا کر واپس اپنے گھر کی جانب جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق ڈاکو بائیک پر سوار تھے اور شہری کی جانب سے بینک سے رقم لینے کے فوراً بعدڈاکوؤں نے شہری کو گھیر لیا، چوری کرنے کے بعد کچھ دور جا کر ان کا توازن بگڑا۔ جس کے نتیجے میں ڈاکوؤں کے ہاتھ سے بیگ گر گیا اور کچھ سونا سڑک پر بکھر گیا، جسے مقامی شہریوں نے فوراً اٹھا لیا۔
ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن اور شواہد جمع کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی نے ڈکیتی کے دوران رقم یا سونا دیکھا یا پکڑا ہو تو فوری اطلاع فراہم کریں تاکہ ملزمان کی گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔
واقعہ کے بعد علاقے میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور پولیس نے مقامی دکانداروں اور رہائشیوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
میئر مرتضیٰ وہاب کا جلد کراچی میں بھی بسنت منانے کا اعلان
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں بسنت منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد کراچی میں پتنگ بازی کا باقاعدہ فیسٹیول منعقد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچپن میں انہیں خود بھی پتنگ بازی کا بے حد شوق رہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ کراچی کے شہری ایک مثبت اور ثقافتی سرگرمی سے لطف اندوز ہوں۔
مرتضیٰ وہاب نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ بسنت کے فیسٹیول کے لیے باغِ جناح اور بے نظیر بھٹو پارک کو منتخب کیا گیا ہے، جہاں شہریوں کے لیے محفوظ اور منظم ماحول فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد شہر میں خوشیوں کو فروغ دینا اور عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ بسنت کے انعقاد کے دوران سکیورٹی اور حفاظتی اقدامات کو ترجیح دی جائے گی تاکہ کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پتنگ بازی مقررہ ضابطوں کے تحت ہو اور شہریوں کی جان و مال کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔
ان کے مطابق کراچی ایک زندہ دل شہر ہے اور ایسے ثقافتی میلوں سے نہ صرف شہریوں کا مورال بلند ہوتا ہے بلکہ شہر کی مثبت شناخت بھی اجاگر ہوتی ہے۔









