امریکی خلائی ادارے ناسا نے تاریخی انسان بردار مشن آرٹیمس 2 کو ملتوی کر دیا ہے، جس کے تحت 4 خلا بازوں کو 5 دہائیوں بعد چاند کے مدار میں بھیجا جانا تھا۔ پہلے یہ مشن 8 فروری کو روانہ ہونے والا تھا لیکن اب اسے مارچ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ناسا کے مطابق مشن کی ڈریس ریہرسل کے دوران کئی مسائل سامنے آئے، جن میں سرد موسم کے باعث تاخیر اور راکٹ انجن میں ہائیڈروجن لیکج شامل ہیں۔ ناسا نے کہا کہ ملتوی کرنے سے مسائل کا تجزیہ کرنے اور دوبارہ ریہرسل کے لیے تیاری کا موقع ملے گا۔
آرٹیمس 2 مشن میں 4 خلا باز زمین کے مدار میں پرواز کے بعد چاند کے اُس حصے تک جائیں گے جو زمین سے نظر نہیں آتا، تاہم چاند کی سطح پر قدم نہیں رکھیں گے۔ یہ مشن ناسا کے آرٹیمس 3 مشن کے لیے ٹیسٹ کے طور پر بھی استعمال ہوگا، جس میں 2027 میں انسان چاند کی سطح پر قدم رکھیں گے۔
Author: Aqsa Younas Rana

ناسا نے آرٹیمس 2 انسان بردار مشن کو ملتوی کر دیا

بسنت کے رنگ، پتنگ بازاروں میں رش اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
لاہور میں کئی برس بعد بسنت کے تہوار کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور ایک بار پھر رنگ برنگی پتنگوں سے آسمان سجنے کو تیار ہے۔ شہر کی فضا میں بسنت کی روایتی رونق لوٹ آئی ہے، جس کا واضح عکس فصیل بند شہر، بالخصوص موچی گیٹ اور گرد و نواح کی مارکیٹوں میں نظر آ رہا ہے جہاں پتنگیں اور ڈور خریدنے والوں کا غیر معمولی رش ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت کی تیاریوں کا جوش عید جیسا محسوس ہو رہا ہے۔ خواتین بسنت کے لیے ہم رنگ لباس اور زیورات کی خریداری میں مصروف ہیں جبکہ گھروں کی چھتوں پر بیٹھنے کے انتظامات، کھانے پینے کا سامان اور موسیقی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ تاہم بڑھتی ہوئی مہنگائی نے بسنت کی خوشیوں کو کچھ حد تک متاثر کر دیا ہے۔
دکانداروں کے مطابق پتنگوں اور ڈور کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دو عدد ڈور کے پنے کی قیمت 12 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ بڑی چرخیاں سائز کے حساب سے 400 سے 600 روپے میں فروخت ہو رہی ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ محدود وقت اور تھوک نرخوں میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھانا مجبوری بن چکا ہے۔
پچیس سال بعد بسنت کی واپسی نے شہرِ زندہ دلان میں تہلکہ مچا دیا۔ لاہور کے بازاروں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں، ہر طرف پیلا رنگ، پتنگیں اور چھتوں کی سجاوٹ اپنے عروج پر ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت ہمیں رنگ، اُمید اور میل جول کا احساس دلاتی ہے۔
قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں بھی پتنگ سازی کی اجازت دے دی ہے تاکہ سپلائی میں اضافہ ہو سکے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں پر سخت کنٹرول یقینی بنایا جائے تاکہ ہر طبقے کے لوگ بسنت کی خوشیوں میں برابر شریک ہو سکیں۔
غزہ اور ایران کا حل طاقت نہیں، سفارتکاری ہے, یو اے ای
متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے کہا ہے کہ غزہ اور ایران کے مسائل کا حل طاقت نہیں بلکہ سفارتکاری ہے۔ انہوں نے دبئی سمٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ میں سیاسی استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک فلسطینی ریاست کے قیام اور اسرائیلی سلامتی دونوں محاذوں پر بیک وقت پیش رفت نہ ہو، جو علاقائی اور عالمی تعاون سے ممکن ہے۔
انور قرقاش نے کہا کہ ابراہیمی معاہدوں کے ذریعے خطے میں امن کے فروغ کا کردار جاری رہے گا اور خطہ طاقت کے استعمال یا بار بار کی محاذ آرائی برداشت نہیں کر سکتا۔
انہوں نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے حل کے لیے سیاسی معاہدے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایران کو امریکا سے براہِ راست مذاکرات کر کے معاہدے تک پہنچنا چاہیے تاکہ اپنی معیشت کی تعمیر نو اور جوہری مسئلے سمیت دیگر اہم امور پر پیش رفت ممکن ہو۔
اماراتی مشیر نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات پرعزم اور بلند اہداف پر مبنی معاشی پالیسی جاری رکھے گا اور انتہا پسندی، بشمول اخوان المسلمون کے خلاف اقدامات بھی جاری رہیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا شب برات پر رحم دلی، نیکی اور تزکیہ نفس کا پیغام
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شب برات کے موقع پر کہا ہے کہ یہ رات انسان کو اپنے اعمال پر نظرثانی اور تزکیہ نفس کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شب برات خلوص نیت سے محاسبہ، دلی توبہ اور ہدایت الٰہی کا نام ہے اور یہ فرد اور معاشرے کی اصلاح کی ترغیب دیتی ہے۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ قوم نیکی، رحم دلی، عدل و انصاف کو فروغ دے اور انفرادی و اجتماعی فرائض میں تزکیہ نفس کرے۔ انہوں نے شب برات پر ملک کے امن، استحکام، اتحاد اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
دریں اثنا، کراچی میں شب برات کے موقع پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے تمام زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت دی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، قبرستانوں اور درگاہوں پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے اور مرکزی شاہراہوں اور گلیوں میں پولیس موبائل اور موٹر سائیکل گشت بڑھائی جائے۔
ساتھ ہی آتش بازی اور پٹاخوں کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
جرح کے نام پر گواہ کو ہراساں کرنا ناقابل قبول، سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ
لاہور کے علاقے موہلنوال میں واقع 53 کنال 3 مرلہ اراضی سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے جرح کے طریقۂ کار پر اہم اصولی فیصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرح کا حق لامحدود نہیں اور اس کی آڑ میں گواہ کو ہراساں کرنا یا غیر متعلقہ سوالات کرنا ناقابل قبول ہے۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ کو یہ مکمل قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ غیر ضروری، طویل یا ہراساں کرنے والی جرح کو محدود کرے یا ختم کر دے۔ عدالت نے واضح کیا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے گواہوں کو غیر ضروری دباؤ اور تضحیک سے محفوظ رکھنا عدالتی ذمہ داری ہے۔
سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کو قانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹرائل کورٹ اس نتیجے پر پہنچے کہ مزید جرح غیر ضروری یا ہراساں کرنے کے مترادف ہے تو وہ مدعا علیہ کا مزید جرح کا حق ختم کر سکتی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے بھی اسی بنیاد پر ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل مسترد کر دی تھی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ گواہوں کو طویل جرح کے ذریعے تھکا کر غلطی پر مجبور کرنا انصاف کے منافی ہے اور عدالتی ریکارڈ کی درستگی کے حق میں ایک مضبوط قانونی مفروضہ موجود ہوتا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مذکورہ مقدمے میں مدعی بطور گواہ پیش ہوا، جس پر دو ماہ کے دوران سات سماعتوں میں 30 صفحات پر مشتمل جرح کی گئی۔ سپریم کورٹ نے اس تناظر میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کو سیکشن 151 سی پی سی کے تحت مکمل اختیار حاصل تھا کہ وہ ٹرائل کورٹ کے اقدام کو برقرار رکھے۔
نیب کی بڑی کارروائی، کرپشن کیس میں 2 ارب 67 کروڑ روپے کی ریکوری
قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کے ایک بڑے مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے حیدرآباد میں اکاونٹس ڈپارٹمنٹ کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر کی بیوہ سے 2 ارب 67 کروڑ روپے کی ریکوری کرلی ہے۔
نیب کے مطابق گریڈ 18 کے افسر مشتاق کے انتقال کے بعد ان کی بیوہ نے سال 2025 میں پلی بارگین کی درخواست دی، جسے منظور کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بنائے گئے تمام اثاثے سرکار کو واپس لے لیے گئے۔ ریکور کیے گئے اثاثوں میں اربوں روپے مالیت کی کمرشل پراپرٹیز، زرعی زمینیں، سونا، لگژری گاڑیاں، اور معروف برانڈز کو کرائے پر دی گئی دکانوں کا وسیع نیٹ ورک شامل ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ پلی بارگین کے بعد تمام اثاثے سندھ حکومت کے حوالے کر دیے گئے ہیں، جس سے سرکاری خزانے کو بڑا ریلیف ملا ہے۔ یہ ریکوری صوبے میں بدعنوانی کے خلاف جاری کارروائیوں میں ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
کیا ایل ای ڈی بلب بند نہ کرنا بجلی بچاتا ہے؟
اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ کیا کمرے میں بلب کو مسلسل روشن رکھنے سے بجلی کم خرچ ہوتی ہے، خاص طور پر اب جب ایل ای ڈی لائٹس کم بجلی استعمال کرتی ہیں۔ اس کا جواب سادہ نہیں بلکہ کچھ حد تک حالات پر منحصر ہے۔
امریکی محکمہ توانائی (یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف انرجی) کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جب بھی کوئی شخص کمرے سے باہر نکلے تو عام طور پر بلب بند کر دینا چاہیے، کیونکہ اس سے بجلی کی بچت ہوتی ہے اور بل میں کمی آتی ہے۔
تاہم تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کچھ مخصوص حالات میں بلب کو روشن رکھنا زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔ اگر آپ 15 منٹ کے اندر دوبارہ اسی کمرے میں واپس آنے والے ہوں تو بلب بند کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ بار بار بند اور روشن کرنے سے نہ صرف بجلی زیادہ خرچ ہوتی ہے بلکہ بلب کی عمر بھی کم ہو سکتی ہے۔
اس کے برعکس، اگر آپ کو کافی دیر تک واپس آنے کا ارادہ نہیں تو بہتر یہی ہے کہ بلب بند کر دیا جائے، تاکہ بجلی کا ضیاع روکا جا سکے اور بلب کی زندگی بھی طویل ہو۔
بجلی کے بل میں کمی کا ایک اور مؤثر طریقہ یہ ہے کہ استعمال کے بعد برقی آلات کو پلگ سے نکال دیا جائے۔ اکثر ڈیوائسز بند ہونے کے باوجود پلگ میں لگی رہیں تو تھوڑی تھوڑی بجلی استعمال کرتی رہتی ہیں، جسے ماہرین ’ویمپائر انرجی‘ کہتے ہیں۔
امریکی محکمہ توانائی کے مطابق صرف ویمپائر انرجی کی وجہ سے لوگ سالانہ 100 سے 200 ڈالر اضافی خرچ کر دیتے ہیں۔ پاکستانی تناظر میں یہی رقم ہزاروں بلکہ بعض صورتوں میں لاکھوں روپے بن سکتی ہے، اور اوسطاً ایک گھر کی تقریباً 10 فیصد بجلی یہی غیر ضروری استعمال ضائع کر دیتا ہے۔
قصور میں مین ہول میں گر کر تین سالہ بچہ جاں بحق
پنجاب میں کھلے گٹروں کے باعث ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔ قصور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں شادی ہال کے احاطے میں موجود کھلے سیوریج نالے میں گر کر تین سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کمسن علی اپنے والدین کے ساتھ ایک ولیمے میں شرکت کے لیے آیا تھا کہ اچانک شادی ہال میں موجود کھلے گٹر میں گر گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق وہاں موجود افراد نے بچے کو فوری طور پر نکال کر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی ہال میں سیوریج کا مین ہول کھلا ہوا تھا، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ کمسن بچے کی موت سے خوشیوں کا ماحول ماتم میں بدل گیا اور اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ موقع پر پہنچ گئیں اور شادی ہال کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا نے بتایا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مین ہول کا سلیب پہلے سے غائب تھا یا بعد میں ہٹایا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کراچی میں شب برات کے موقع پر سیکیورٹی سخت
کراچی میں شب برات کے موقع پر پولیس اور انتظامیہ نے شہر بھر میں سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ نیشنل آئی جی کراچی نے تمام زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت دی ہے کہ مرکزی شاہراہوں، گلیوں اور اہم مقامات پر پولیس موبائل اور موٹر سائیکل گشت بڑھایا جائے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، قبرستانوں اور درگاہوں پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ شب برات کی محافل اور اجتماعات کے منتظمین اور رضاکاروں کے ساتھ رابطہ رکھا جائے گا اور دہشت گرد عناصر، فورتھ شیڈول کے ملزمان اور مشکوک افراد پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔
عوامی املاک اور اہم تنصیبات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ آتش بازی اور پٹاخوں کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ الرٹ پر ہوگا اور ٹریفک روانی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت اور شب برات کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
پشاور میں ینگ لیڈرز کنونشن: طالبہ نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو لاجواب کر دیا
پشاور میں ینگ لیڈرز کنونشن کے دوران ایک طالبہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو سوال کر کے حیران کر دیا۔
کنونشن کے دوران طالبہ نے کہا کہ دوسرے صوبوں میں تو جعلی حکومتیں ہیں لیکن کے پی میں تو اصلی حکومت ہے، پھر ترقی دوسرے صوبوں میں ہو رہی ہے، یہاں کیوں نہیں ہو رہی؟
سوال سنتے ہی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مسکراتے رہے اور کہا کہ ہماری ترقی یہ ہے کہ آپ بلا جھجک وزیراعلیٰ سے سوال کر رہی ہیں۔
یہ موقع شرکاء کے لیے دلچسپ بھی رہا اور طالبہ کی ہوشیاری کی داد بھی دی گئی۔









