Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • ‎کراچی: صدر موبائل مارکیٹ میں آگ لگ گئی

    ‎کراچی: صدر موبائل مارکیٹ میں آگ لگ گئی

    
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ متاثرہ عمارتوں میں فوری ریسکیو اور امدادی کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
    مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
    ‎ترجمان کے مطابق فائربریگیڈ کی پانچ گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی موقع پر موجود ہیں۔
    ‎آئی جی سندھ کے مطابق ٹریفک پولیس نے ریسکیو اور امدادی ٹیموں کے لیے راستہ بنانے کی ہدایت دی ہے تاکہ ریسکیو کاموں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

  • 
سینیٹ نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی

    
سینیٹ نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی

    
سینیٹ پاکستان نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
    سینیٹ نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جو عوام کی حفاظت اور ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
    ‎سینیٹ نے بلوچستان میں امن، ترقی اور سیاسی شمولیت کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار سیکیورٹی معاشرتی و اقتصادی ترقی، اچھے حکمرانی اور آئینی حقوق کے احترام سے الگ نہیں۔
    ‎قومی اسمبلی نے دہشت گردی کو کامیاب نہ ہونے دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی یکجہتی اور عوام کی ارادے پر تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی غالب نہیں آئے گی۔
    ‎سینیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حملوں کی شفاف، فوری اور حتمی تحقیقات یقینی بنائی جائیں اور دہشت گردوں، سہولت کاروں اور دہشت گردی کے مقامی و بین الاقوامی پشت پناہوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
    ‎ساتھ ہی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے کہا گیا کہ بلوچستان میں انٹیلی جنس کا تعاون، سرحدی سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات مزید مضبوط کیے جائیں۔

  • 
وفاقی وزیر علیم خان نے سینیٹ میں پلوشہ خان سے معذرت کرلی

    
وفاقی وزیر علیم خان نے سینیٹ میں پلوشہ خان سے معذرت کرلی

    
وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری علیم خان نے سینیٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان سے معذرت کی ہے۔
    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک واقعہ پیش آیا، اور 24 سال سے سیاست میں انہوں نے ہر کولیگ کے ساتھ احترام کا رشتہ قائم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا، "کبھی ایسے لمحات آ جاتے ہیں، میں محترمہ سینیٹر پلوشہ خان، سینیٹر پرویز رشید اور دیگر ارکان سے دلی طور پر معذرت خواہ ہوں۔”
    ‎اس پر پلوشہ خان نے کہا کہ سب کی عزت برابر ہے اور امید ہے کہ آئندہ اجلاس میں یہ ماحول نہیں ہوگا۔
    ‎یاد رہے کہ 19 دسمبر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات میں وفاقی وزیر علیم خان اور پلوشہ خان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، جس میں علیم خان نے پلوشہ خان کو "شٹ اپ” کہا تھا، جبکہ جواب میں پلوشہ خان نے "یو شٹ اپ” کہا تھا۔ سینیٹر پرویز رشید نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی تھی لیکن وہ ناکام رہی۔

  • 
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لیبیا کے کمانڈر اِن چیف خلیفہ ابو القاسم حفتر کی ملاقات

    
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لیبیا کے کمانڈر اِن چیف خلیفہ ابو القاسم حفتر کی ملاقات

    
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیبیا کے کمانڈر اِن چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر اور ان کے ہمراہ ڈپٹی کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔
    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص خطوں کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے پیشہ ورانہ تعاون، پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مستقل روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
    ‎آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے۔
    ‎قبل ازیں نور خان ائیر بیس آمد پر مہمانوں کا استقبال کیا گیا اور معزز مہمان نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جی ایچ کیو میں یادگارِ شہدا پر پھول رکھے۔

  • سہیل آفریدی کی وزیراعظم سے ملاقات پہلے ہونی چاہیے تھی.وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری

    سہیل آفریدی کی وزیراعظم سے ملاقات پہلے ہونی چاہیے تھی.وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری

    
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی وزیراعظم سے ملاقات پہلے ہونی چاہیے تھی اور یہ ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ بروقت آئیں۔
    انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے اگر وزیراعلیٰ وفاق سے بات نہیں کرتے تو عوام کو نقصان پہنچتا ہے۔ طلال چوہدری نے عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم بالکل ٹھیک ہیں اور بیرون ملک علاج کے لیے بھیجنا ابھی بہت دور کی بات ہے۔

  • بلوچستان میں عدم استحکام کے لیے بھارت سازش کر رہا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

    بلوچستان میں عدم استحکام کے لیے بھارت سازش کر رہا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

    
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔
    خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی دور دور آباد ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں بلوچ زیادہ تعداد میں مقیم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیانیہ بنایا گیا کہ جتنے دہشتگرد مارے گئے وہ لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھے، جبکہ باقی لاپتہ افراد خلیجی ممالک میں بیٹھے ہیں جو یہ بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔
    ‎وزیر دفاع نے یاد دلایا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن بلوچستان سے پکڑا گیا تھا، نہ کہ لاہور یا کراچی سے۔ انہوں نے سیاسی اختلافات سے قطع نظر ایوان سے اپیل کی کہ دہشت گردی کے ایشو پر سب متحد ہوں۔
    ‎وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تیل کی اسمگلنگ کے ذریعے دہشتگرد روزانہ 4 ارب روپے منافع کماتے ہیں اور جب حکومت نے اسمگلروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی تو انہوں نے حکومت کے خلاف بغاوت کی فضا پیدا کر دی۔
    ‎قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ بلوچستان میں تیل اور دیگر اشیا کی اسمگلنگ ایک طویل عرصے سے جاری ہے، اور اربوں روپے کا کاروبار اس غیر قانونی نیٹ ورک کے ذریعے ہوتا رہا ہے۔ حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔
    ‎وزیر دفاع نے کہا کہ ایرانی اسمگل تیل کی قیمت ایران میں فی لیٹر 40 روپے ہے، جسے کراچی میں 200 روپے فی لیٹر بیچا جا رہا ہے۔ صرف اس اسمگل تیل سے دہشتگرد روزانہ 4 ارب روپے کماتے ہیں۔ ایران سے اسمگل تیل کی آمد روکنے کے بعد یہ عناصر امن و امان خراب کر رہے ہیں۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پچھلی تین دہائیوں سے امن و امان کی صورتحال متاثر رہی ہے اور دہشتگردی کے پیچھے کئی عوامل ہیں۔ افغانستان سے دہشتگردوں کو مدد ملتی ہے، اور ان کے سربراہ بھی وہاں موجود ہیں۔ ان کے بقول، اس پورے نیٹ ورک کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔
    ‎خواجہ آصف نے زور دیا کہ بلوچستان میں جو صورتحال پیدا ہوئی وہ قوم کے لیے بہت بڑا المیہ ہے اور حکومت ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہے۔

  • 
سابق ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی برطرفی کی اصل وجہ سامنے آ گئی

    
سابق ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی برطرفی کی اصل وجہ سامنے آ گئی

    
سابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے معاملے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن میں ان پر ذاتی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایک تاجر کو اغوا کروانے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔
    تفتیشی حکام کے مطابق آئی جی سندھ پولیس نے تاجر اغوا کیس میں ڈی آئی جی پیر محمد شاہ سے باضابطہ وضاحت طلب کی تھی، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
    ‎آئی جی سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں بتایا گیا کہ 19 دسمبر 2025 کو پیر محمد شاہ نے حیدرآباد میں ایک تاجر کے خلاف مقدمہ درج کروایا، جس میں بزنس مین سے 31 کروڑ روپے سے زائد رقم کی واپسی کا مطالبہ ظاہر کیا گیا۔ خط کے مطابق رواں برس 14 جنوری کی شام حیدرآباد پولیس کراچی پہنچی اور ڈیفنس فیز 6 سے مقدمے میں نامزد تاجر کو اپنے ساتھ لے گئی۔
    ‎تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ تاجروں کی مداخلت کے بعد حیدرآباد پولیس نے مغوی تاجر کو رہا کر دیا۔ بعد ازاں تاجر کی مدعیت میں 22 جنوری کو گزری تھانے میں پیر محمد شاہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
    ‎مقدمے کے متن کے مطابق مدعی دانش متین نے بیان دیا کہ وہ 14 جنوری کو ڈیفنس فیز 6 میں اپنے گھر سے دفتر جا رہا تھا کہ ایک سفید گاڑی میں سوار تین افراد نے اسے روکا اور زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ مدعی کے مطابق ان میں سے دو افراد نے پولیس یونیفارم سے ملتا جلتا لباس پہن رکھا تھا۔
    ‎درخواست گزار تاجر نے بتایا کہ ملزمان نے اس سے 31 کروڑ روپے سے زائد رقم کا مطالبہ کیا اور اس کے گھر فون کر کے 30 لاکھ روپے تاوان بھی مانگا۔ اس نے بتایا کہ ملزمان نے اسی روز ہائی وے کے قریب 10 لاکھ روپے وصول کیے اور رات ساڑھے 11 بجے کے قریب اسے دفتر کے نزدیک چھوڑ دیا۔
    ‎ایس ایس پی حیدرآباد کے مطابق واقعے میں ملوث حیدرآباد پولیس کے تین اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، جن میں ایک اے ایس آئی اور دو کانسٹیبل شامل ہیں۔
    ‎اسی کیس کے تناظر میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • 
چین کے سابق وزیرِ انصاف تانگ یی جون کو رشوت کے جرم میں عمر قید کی سزا

    
چین کے سابق وزیرِ انصاف تانگ یی جون کو رشوت کے جرم میں عمر قید کی سزا

    
چین کے سابق وزیرِ انصاف تانگ یی جون کو رشوت لینے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق عدالت نے بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر یہ فیصلہ سنایا۔
    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تانگ یی جون کی بدعنوان سرگرمیوں کے باعث ریاست اور عوامی مفادات کو غیر معمولی نقصان پہنچا۔ جرم ثابت ہونے پر انہیں تاحیات سیاسی حقوق سے بھی محروم کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
    ‎برطانوی میڈیا کے مطابق یہ سزا ایسے وقت میں سنائی گئی ہے جب چینی صدر شی جن پنگ ملک بھر میں بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کو مزید سخت اور تیز کر رہے ہیں۔ اس مہم کے تحت حالیہ ہفتوں میں کئی اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام احتساب کی زد میں آ چکے ہیں۔
    ‎گزشتہ ماہ چین نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ اعلیٰ فوجی جنرل ژانگ یو شیا کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، جسے سینئر عسکری قیادت کے خلاف اب تک کی سب سے نمایاں کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

  • 
حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس پر سیہون میں دفعہ 144 نافذ

    
حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس پر سیہون میں دفعہ 144 نافذ

    
کمشنر حیدرآباد نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کے موقع پر سیہون میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی جامشورو کی درخواست پر باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
    نوٹیفکیشن کے مطابق عرس کے دوران زائدالمیعاد ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ غیرقانونی ایل پی جی ڈیکینٹنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
    ‎انتظامیہ نے عرس کے دوران سیہون میں نہروں پر نہانے اور ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ 15 شعبان سے 20 شعبان تک نہروں میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
    ‎کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ زائرین کی حفاظت، سہولت اور ٹریفک کے مؤثر انتظام کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • 
امریکا کے ساتھ جوہری معاہدے کی تجدید کے لیے پرامید۔ایران

    
امریکا کے ساتھ جوہری معاہدے کی تجدید کے لیے پرامید۔ایران

    
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کو کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ جوہری معاہدے کی تجدید کے لیے پرامید ہے اور دونوں ممالک ایک نازک مرحلے سے گزر رہے ہیں جو تعلقات کے مستقبل کی سمت طے کرے گا۔
    ‎عراقچی نے کہا کہ تہران ایک منصفانہ اور متوازن معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے، جس کا مقصد ایٹمی ہتھیاروں کی عدم موجودگی کو یقینی بنانا ہے اور دونوں فریقین کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایک ممکنہ متبادل منظرنامہ بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، لیکن ایران اس کے لیے بھی تیار ہے۔
    ‎وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان جنگ ناگزیر نہیں اور اسے روکا جا سکتا ہے، تاہم ایران کسی بھی ممکنہ فوجی تصادم کے لیے بھی تیار ہے۔ عراقچی نے زور دیا کہ امریکا کے کچھ فریق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر امریکی صدر دانشمندانہ فیصلے کرنے کے قابل ہیں۔