آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بائراموف نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس دوران دوطرفہ تعلقات اور خطے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جیہون بائراموف نے کہا کہ آذربائیجان کا مؤقف اصولی اور غیر متزلزل ہے، اور وہ ہمیشہ ایسے اقدامات یا بیانات کی مخالفت کرتا ہے جو ایران یا خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔
Author: Aqsa Younas Rana

آذربائیجان اور ایران کے وزرائے خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ، خطے میں استحکام پر تبادلہ خیال

ایمان مزاری کیس: متنازع فیصلے سے ایران و دیگر ممالک سے متعلق پیرا گراف حذف کرنے کا حکم
اسلام آباد: انسدادِ الیکٹرانک کرائم ایکٹ کی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹوئٹس کیس کے فیصلے میں ایران اور دیگر ممالک سے متعلق پیرا گراف حذف کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کے جج افضل مجوکا نے استغاثہ کی درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کے پیرا نمبر 36 میں ایک واضح غلطی موجود تھی، جس میں غلطی سے چار ممالک کے نام شامل ہو گئے تھے۔
فیصلے کے مطابق اسٹینوگرافر نے تحریری وضاحت میں بتایا کہ یہ جملہ تصحیح کے دوران دیگر چند جملوں کے ساتھ حذف کر دیا گیا تھا، تاہم حتمی پرنٹ کے وقت غلطی سے دوبارہ فیصلے میں شامل ہو گیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس غلطی میں کسی قسم کی بدنیتی شامل نہیں تھی۔
عدالت نے قرار دیا کہ مذکورہ جملے کا مقدمے کے قانونی نکات یا فریقین کے حقوق کے تعین سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔ عدالت نے دفعہ 561 اے کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ میں موجود اس واضح غلطی کی تصحیح کی اجازت دی۔
عدالت نے متعلقہ جملہ حذف کرنے اور استغاثہ کی درخواست کو مرکزی مقدمے کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
نیپاہ وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظرپاکستان میں ہنگامی اقدامات، 100 ٹیسٹنگ کٹس حاصل
قومی ادارہ صحت نے نیپاہ وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر وائرس کی 100 ٹیسٹنگ کٹس حاصل کر لی ہیں۔ وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت نے ملک میں وائرس کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
سیکرٹری صحت حامد یعقوب کی زیر صدارت اجلاس میں وائرس سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی گئی، جس میں زمینی اور فضائی داخلی راستوں پر مسافروں کی 100 فیصد اسکریننگ لازمی قرار دی گئی۔ ایئرپورٹس اور دیگر داخلی راستوں پر مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی ٹریول ہسٹری چیک کی جا رہی ہے، جبکہ بخار، سانس لینے میں دشواری یا اعصابی علامات والے مسافروں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام نے ہدایت دی ہے کہ کسی بھی مشتبہ مریض کو فوری طور پر مخصوص آئسولیشن یونٹس میں منتقل کیا جائے اور اس کے نمونے تصدیق کے لیے قومی ادارہ صحت بھیجے جائیں۔ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے اور وفاقی حکومت نے تمام صوبوں کو نیپاہ وائرس کے لیے مخصوص اسپتال مختص کرنے اور طبی عملے کو خصوصی تربیت دینے کی ہدایت کی ہے۔
قومی ادارہ صحت نے وضاحت کی کہ پاکستان میں اب تک نیپاہ وائرس کا کوئی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا، اور تمام اقدامات احتیاطی تدابیر کے طور پر کیے جا رہے ہیں۔
کراچی اور لاہور میں آتشزدگی کے واقعات نے فائر سیفٹی انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے
کراچی اور لاہور میں حالیہ ہفتوں کے دوران آتشزدگی کے واقعات نے بڑے شہروں میں فائر سیفٹی کے نظام، ریاستی نگرانی اور کمرشل عمارتوں کی حفاظتی تیاریوں پر شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
بلند و بالا پلازے، گنجان مارکیٹیں اور تجارتی مراکز جہاں ہزاروں افراد کام کرتے ہیں، وہاں معمولی غفلت بڑے سانحات کا سبب بن رہی ہے۔ کراچی کے صدر کے علاقے میں گل پلازہ شاپنگ مال میں 17 جنوری کو لگنے والی آگ اس کا تازہ ثبوت ہے، جس میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کئی روز گزرنے کے باوجود آگ کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔
گل پلازہ کے واقعے کے بعد سندھ حکومت نے صوبے بھر کی سرکاری، نجی اور کمرشل عمارتوں کے فائر سیفٹی آڈٹ کی ہدایت کی ہے، اور ابتدائی طور پر 2,368 عمارتوں کا معائنہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
صوبائی حکومت نے حکم دیا ہے کہ منظور شدہ بیسمنٹ اور میزانائن فلور صرف پارکنگ کے لیے استعمال ہوں، اور اس فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے بچنے کی امید، بات چیت جاری ،ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا ہے کہ انہیں امید ہے ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے بچا جا سکتا ہے، تاہم تہران نے کسی بھی ممکنہ حملے کے جواب میں امریکی فوجی اڈوں اور طیارہ بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔
امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور وہ فوجی آپشن استعمال کرنے سے گریز چاہتے ہیں، حالانکہ اس سے قبل وہ یہ خبردار بھی کر چکے ہیں کہ تہران کے لیے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ امریکا نے اسی تناظر میں خطے میں ایک بڑا بحری بیڑا بھی روانہ کیا ہے۔
جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کریں گے تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے بات کر چکے ہیں اور مزید منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک امریکی گروپ ایران کے قریب جا رہا ہے، مگر امید ہے کہ اسے عملی طور پر استعمال کرنے کی نوبت نہیں آئے گی۔
دوسری جانب واشنگٹن کے لہجے میں سختی آئی ہے جبکہ ایران نے بھی واضح کیا ہے کہ کسی بھی امریکی کارروائی کا جواب محدود نہیں ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے فریقین پر زور دیا ہے کہ ایٹمی مذاکرات کے ذریعے بحران کو حل کیا جائے تاکہ خطے میں تباہ کن نتائج سے بچا جا سکے۔
ایران کے ایک سینئر فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نیا نے سرکاری ٹیلی ویژن پر کہا کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کمزور ہیں اور خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے ایران کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی زد میں ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو اس کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
کولکتہ گودام آگ: ہلاکتیں 21افراد ہلاک جبکہ 28 افرادلاپتہ
بھارتی شہر کولکتہ کے علاقے آنند پور میں 26 جنوری کی صبح لگنے والی آتشزدگی میں اب تک 21 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 28 افراد لاپتہ ہیں۔ آگ دو گوداموں میں پھیلی، جہاں کئی مزدور کام کر رہے تھے۔
مقامی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق رات 3 بجے کے قریب ایک گودام میں آگ پھیلی جو جلد ہی پڑوس کے گودام تک پہنچ گئی۔ فائر فائٹرز نے 36 گھنٹے سے زائد عرصے میں آگ پر قابو پایا، اس دوران دونوں عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ شدید دھواں، حرارت اور ملبے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن مشکل ثابت ہوا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گوداموں میں حفاظتی اقدامات ناکافی تھے اور خارجی دروازے بند رکھے گئے تھے، جس سے ہلاکتیں بڑھیں۔ ایک گودام کے مالک کو غفلت کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرے گودام کی انتظامیہ نے ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو 10، 10 لاکھ بھارتی روپے معاوضہ اور بچوں کی تعلیم کے اخراجات ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ہلاک شدگان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹنگ جاری ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔
نیپاہ وائرس کے انڈیا سے باہر پھیلنے کا خطرہ کم ہے، ڈبلیو ایچ او
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے جمعے کو کہا ہے کہ جان لیوا نیپاہ وائرس کے انڈیا سے باہر پھیلنے کا خطرہ کم ہے۔ ادارے نے واضح کیا کہ انڈیا میں دو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ابھی کسی بھی ملک کے سفر یا تجارت پر پابندی کی ضرورت نہیں ہے۔
انڈیا میں انفیکشن کی تصدیق کے بعد ہانگ کانگ، ملائیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویت نام نے ایئرپورٹ پر سکریننگ سخت کر دی ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ڈبلیو ایچ او نے ای میل میں کہا کہ اس دو کیسز کے باوجود انفیکشن کے مزید پھیلنے کا خطرہ کم ہے اور انڈیا کے پاس وبا کو روکنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ ادارے کے مطابق ابھی تک وائرس کے انسان سے انسان میں منتقل ہونے کے کسی ثبوت کا پتہ نہیں چلا۔
تاہم ڈبلیو ایچ او نے یہ بھی کہا کہ نیپاہ وائرس کے مزید لوگوں کو متاثر کرنے کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ وائرس انڈیا اور بنگلہ دیش کے کچھ علاقوں میں چمگادڑوں میں پایا جاتا ہے۔
قرضوں کی تاریخ ساز قبل از وقت واپسی، حکومت کی معاشی حکمت عملی
حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی اور معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں، جہاں تاریخ میں پہلی بار بڑے پیمانے پر قرضے مقررہ مدت سے پہلے واپس کرنے کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق مالی سال 2026 میں قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی گزشتہ سال کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ رہی۔ وزارتِ خزانہ نے 14 ماہ کے دوران 3 ہزار 654 ارب روپے کا اندرونی قرضہ مقررہ مدت سے پہلے ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جنوری 2026 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 300 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی، جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں مجموعی طور پر 2 ہزار 150 ارب روپے قرضہ قبل از وقت واپس کیا جا چکا ہے۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ مالی سال 26 میں قبل از وقت قرض ادائیگیوں میں 65 فیصد حصہ اسٹیٹ بینک، 30 فیصد ٹی بلز اور 5 فیصد پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کا رہا، جو مالی نظم و ضبط اور بہتر قرض مینجمنٹ کی عکاسی کرتا ہے۔
یورپی یونین نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا
یورپی یونین نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے، جس پر تہران کی جانب سے شدید ردعمل متوقع ہے۔
جمعرات کو یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کاجا کالاس نے کہا کہ یونین کے 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس اقدام کی تائید کی ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کی بنیادی وجہ ایران میں پرتشدد مظاہروں کے دوران مظاہرین پر اس کی جانب سے کیے گئے سخت کریک ڈاؤن کو بتایا گیا ہے۔
کاجا کالاس کے مطابق، اب پاسدارانِ انقلاب القاعدہ، حماس اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کے صف میں شمار ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی دہشت پھیلانے والے اقدامات کرے، اس کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سخت سلوک ہونا چاہیے۔
سیالکوٹ اسٹالینز نے کس مشہور کرکٹر کو ہیڈ کوچ مقرر کیا؟
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 رواں برس پہلی بار 8 ٹیموں کے ساتھ کھیلی جائے گی، اور نئی ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز نے بھی اپنی کوچنگ ٹیم کی تقرری شروع کر دی ہے۔ سیالکوٹ اسٹالینز نے اپنے ہیڈ کوچ کے لیے سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کا انتخاب کیا ہے۔
ٹم پین نے آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی اور اپنے کیریئر میں 35 ٹیسٹ، 35 ون ڈے اور 12 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ فرنچائز مالکان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ٹم پین کو سیالکوٹ اسٹالینز کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
یہ تقرری پی ایس ایل کے شائقین کے لیے دلچسپی کا باعث ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ سابق کپتان کی کوچنگ ٹیم کی کارکردگی میں نکھار لائے گی۔









