حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی اور معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں، جہاں تاریخ میں پہلی بار بڑے پیمانے پر قرضے مقررہ مدت سے پہلے واپس کرنے کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق مالی سال 2026 میں قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی گزشتہ سال کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ رہی۔ وزارتِ خزانہ نے 14 ماہ کے دوران 3 ہزار 654 ارب روپے کا اندرونی قرضہ مقررہ مدت سے پہلے ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جنوری 2026 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 300 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی، جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں مجموعی طور پر 2 ہزار 150 ارب روپے قرضہ قبل از وقت واپس کیا جا چکا ہے۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ مالی سال 26 میں قبل از وقت قرض ادائیگیوں میں 65 فیصد حصہ اسٹیٹ بینک، 30 فیصد ٹی بلز اور 5 فیصد پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کا رہا، جو مالی نظم و ضبط اور بہتر قرض مینجمنٹ کی عکاسی کرتا ہے۔
قرضوں کی تاریخ ساز قبل از وقت واپسی، حکومت کی معاشی حکمت عملی
