وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے صنعتی شعبے کو بڑا ریلیف ملے گا، جبکہ حکومت کو ماہانہ 12 ارب روپے ریونیو بھی حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈسٹری کے لیے ویلنگ چارجز 9 روپے سے کم کر دیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات نے مشکل حالات میں ملک کا نام روشن کیا اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا سب سے بڑا چیلنج تھا، تاہم آج معیشت مستحکم ہے اور مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتیں کاروبار نہیں کرتیں بلکہ نجی شعبہ معیشت کا اصل محرک ہوتا ہے، اس لیے اسٹیٹ بینک اور متعلقہ اداروں کو کاروباری طبقے کی بات سننی چاہیے۔ انہوں نے دوست ممالک چین، سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کی مدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ان ممالک نے پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا۔
شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی اور اس کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے ساتھ رویوں میں واضح تبدیلی آئی۔ انہوں نے کہا کہ نامور ایکسپورٹرز کو دو سال کے لیے بلیو پاسپورٹ دیا جائے گا اور ایکسپورٹرز کے لیے ٹیکس میں 3 فیصد کمی کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی شفاف نجکاری کی گئی، کرپشن کے حامل ادارے بند کیے گئے اور حکومتی اخراجات میں کمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شوگر سیکٹر اور وزارت مواصلات میں ریونیو بڑھانے کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے جاری رہیں گے۔
Author: Aqsa Younas Rana

وزیراعظم کا صنعتوں کیلئے بجلی سستی کرنے کا اعلان، ایکسپورٹرز کو ریلیف پیکج

ایبٹ آباد: اسکول میں گیس لیکیج، 17 طالبات بے ہوش
ایبٹ آباد میں پبلک ہیلتھ اسکول میں گیس لیکیج کے باعث 17 طالبات بے ہوش ہو گئیں، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد تمام متاثرہ طالبات کو فوری طور پر ایوب ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ایک طالبہ کو میڈیکل آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے، دو طالبات سی سی یو، ایک میڈیکل وارڈ سی جبکہ دیگر طالبات کو ایمرجنسی آبزرویشن میں رکھا گیا ہے۔
اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قریبی گلی میں گیس لیکیج ہوئی، جس کے باعث گیس کلاس روم میں بھر گئی اور طالبات کی طبیعت بگڑ گئی۔
واقعے کے بعد اسکول میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
افغانستان ایک بار پھر دہشتگردی کا گڑھ، عالمی جریدے کی پاکستان کے مؤقف کی تائید
افغانستان ایک بار پھر دہشتگردی کا مرکز بن چکا ہے، جہاں طالبان رجیم کی سرپرستی میں مختلف دہشتگرد نیٹ ورکس سرگرم ہیں۔ عالمی جریدے یوریشیا ریویو نے بھی اس حوالے سے پاکستان کے مؤقف کی تائید کر دی ہے۔
یوریشیا ریویو کے مطابق افغان طالبان رجیم اب صرف افغانستان کا داخلی مسئلہ نہیں رہا بلکہ ایک سنگین عالمی سیکیورٹی خطرے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ جریدے کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی متعدد رپورٹس اس بات کی تصدیق کر چکی ہیں کہ افغانستان میں القاعدہ، فتنہ الخوارج (FAK) سمیت 20 سے زائد دہشتگرد تنظیمیں فعال ہیں۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر افغانستان سے پنپنے والی دہشتگردی نے پاکستان کو مزید متاثر کیا تو خطے کے دیگر ممالک بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
یوریشیا ریویو کے مطابق پاکستان صرف اپنے شہریوں کا ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے امن اور سلامتی کا دفاع کر رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دفاعی استعداد اور فوج کی کامیابیوں پرخراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم نے قربانی دی اور غریب نے مشکلات برداشت کیں، اب معیشت کی گروتھ کی طرف توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی تجاویز کو سراہتے ہیں اور مشاورت کے بعد معاشی پالیسیاں بنائی جائیں گی، جبکہ سیاسی و عسکری تعاون سے ملک کی ترقی کے راستے کھل رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور دفاعی محاذ پر کامیابیاں سمیٹیں، معرکہ حق میں فتح کے بعد پاکستان کا دنیا میں منفرد مقام بن چکا ہے، اور عالمی دوروں میں رویوں میں تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایوارڈ یافتہ کاروباری افراد کو بلیو پاسپورٹ دیے جائیں گے۔
شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کیا اور کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے عالمی رابطے کیے جا رہے ہیں۔ ایکسپورٹرز کو قرض پر شرح سود 4.5 فیصد کردی گئی ہے۔
وزیراعظم نے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو ملکی ترقی کا محور قرار دیا، صنعتوں کو مزید سہولتیں دینے کا عزم کیا اور کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک تاجروں اور صنعتکاروں سے مل کر مضبوط فیصلے کریں۔
انہوں نے ملک میں ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی شفاف نجکاری اور اصلاحات سے اربوں کے اخراجات کم ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات اور ڈیجیٹل شعبے میں نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں، پی آئی اے اپنی کھوئی ہوئی حیثیت دوبارہ حاصل کرے گا اور فیلڈ مارشل کے خصوصی تعاون سے متعدد اہم معاملات حل ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اتنا مضبوط ہوگا کہ بھارت کو بھی اس کا احساس ہوگا۔
بلوچستان میں کارروائیاں، 41 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جنوری 2026 کو بلوچستان میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی تنظیموں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 41 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ہرنائی کے مضافات میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 30 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج مارے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 11 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی۔ یہ دہشتگرد ماضی میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ بیان کے مطابق “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔
سونے کی قیمت میں تاریخی کمی، فی تولہ 35 ہزار 500 روپے سستا
پاکستان اور عالمی منڈیوں میں سونے کی قیمت میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونا 35 ہزار 500 روپے سستا ہو کر 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے پر آ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 30 ہزار 435 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے مقرر کی گئی ہے۔
چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی، فی تولہ چاندی 1106 روپے سستی ہو کر 11 ہزار 69 روپے پر آ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت فی اونس 355 ڈالر کم ہوئی، جس کے بعد نرخ 5 ہزار 150 ڈالر ہو گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 42 ہزار 300 روپے کا اضافہ ہوا تھا اور نرخ 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے تک پہنچ گئے تھے۔
اسلام مخالف بیانات پر آسٹریلیا نے اسرائیلی انفلوئنسر کا ویزا منسوخ کر دیا
آسٹریلیا نے اسلام کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے پر اسرائیلی سوشل میڈیا انفلوئنسر سیمی یہود کا ویزا منسوخ کر دیا ہے۔ الجزیرہ اور دیگر عالمی میڈیا اداروں کے مطابق آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ نفرت پھیلانے والے افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
آسٹریلیا کے وزیرِ داخلہ ٹونی برک نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ نفرت پھیلانا آسٹریلیا آنے کی کوئی معقول وجہ نہیں۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ جو لوگ آسٹریلیا آنا چاہتے ہیں، وہ درست ویزا اور درست مقاصد کے ساتھ درخواست دیں، کیونکہ نفرت انگیزی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب سیمی یہود نے خود انکشاف کیا کہ اسرائیل سے اس کی پرواز روانہ ہونے سے صرف تین گھنٹے قبل آسٹریلوی حکام نے اس کا ویزا منسوخ کر دیا۔
ویزا منسوخی سے چند گھنٹے قبل سیمی یہود نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسلام کے خلاف متنازع اور توہین آمیز پوسٹ کی تھی، جس میں اس نے اسلام کو غیر مسلموں، خواتین، بچوں اور ہم جنس پرستوں کے حقوق کے خلاف قرار دیا اور اسے نفرت پھیلانے والا نظریہ کہا۔
آسٹریلوی حکام کے مطابق ایسے بیانات ملک کے سماجی اقدار کے منافی ہیں اور اسی بنیاد پر ویزا منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایران میں رجیم چینج وینزویلا سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوگی, ا مریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی وینزویلا کے مقابلے میں کہیں زیادہ پیچیدہ عمل ہوگا۔ سینیٹ کی سماعت کے دوران روبیو نے قانون سازوں کو بتایا کہ ایران میں ایک طویل عرصے سے قائم رجیم کو ہٹانے کی صورت میں احتیاط اور غور و فکر کی ضرورت ہوگی کیونکہ کوئی نہیں جانتا کہ سپریم لیڈر کے جانے کے بعد کون اقتدار سنبھالے گا۔
مارکو روبیو نے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی کو دفاعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقریبا 30,000 سے 40,000 امریکی فوجی آٹھ یا نو تنصیبات پر تعینات ہیں، جو بغیر پائلٹ طیاروں (یو اے ویز) اور قریبی فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کی نگرانی میں ہیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے کو پہلے سے روکا جا سکے۔
یہ بیانات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد سامنے آئے، جن میں انہوں نے ایران کی طرف "بہت بڑا بحری بیڑا” بھیجنے کا اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ تہران مذاکرات کے لیے میز پر آئے گا۔
ایران میں 28 دسمبر سے معاشی بدحالی اور ریال کی قدر میں کمی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ ایرانی حکام نے امریکہ اور اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ فسادی عناصر کی حمایت کر کے غیر ملکی مداخلت کا بہانہ بنا رہے ہیں، اور ساتھ ہی خبردار کیا کہ اگر امریکہ حملہ کرے تو ایران فوری اور جامع جواب دے گا۔
بوشہر ایٹمی پلانٹ پر حملے کی صورت میں روسی عملے کے انخلا کی وارننگ
روس کی سرکاری ایٹمی توانائی کارپوریشن کے سربراہ الیکسی لیخاچیوف نے کہا ہے کہ اگر صورتحال نے تقاضا کیا تو روس ایران کے بوشہر ایٹمی بجلی گھر سے اپنے عملے کے انخلا کے لیے تیار ہے۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق الیکسی لیخاچیوف کا کہنا تھا کہ روس حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وزارتِ خارجہ اور وزارتِ دفاع کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ہنگامی انخلا کے اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برس جون میں ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے امریکی حملوں کے دوران بوشہر ایٹمی پلانٹ کو نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ بوشہر ایٹمی بجلی گھر میں سیکڑوں روسی ماہرین خدمات انجام دے رہے ہیں۔
الیکسی لیخاچیوف نے خبردار کیا کہ اگر بوشہر ایٹمی پلانٹ پر حملہ ہوا تو اس کے نتائج 1986 میں یوکرین میں پیش آنے والے چرنوبل ایٹمی حادثے جتنے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جمعرات کو ہونے والی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی حالات کا جائزہ لیا اور خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے لیے مذاکرات اور سفارتی رابطوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع کا تسلسل ناگزیر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح روابط اور مشاورت کو دوطرفہ ادارہ جاتی میکنزم کے ذریعے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔









