پاکستان کے بڑے شہروں میں یکساں اوقاتِ اذان اور نماز کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا آغاز ابتدائی مرحلے میں دو اہم شہروں سے کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں یکساں اذان اور نماز کے نظام پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں تمام مکاتبِ فکر کے علما اور تاجر برادری نے شرکت کی۔
اجلاس میں نظامِ صلوٰۃ کے نفاذ پر اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ یکساں اذان اور نماز کا باقاعدہ کلینڈر جلد جاری کیا جائے گا۔ وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ اس نظام کے لیے قانون سازی پر بھی وزارت مذہبی امور کام کر رہی ہے۔
سردار یوسف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اس فیصلے کے نفاذ کے اثرات چاروں صوبوں تک جائیں گے اور یکساں اذان و نماز سے اتحادِ امت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
تاجر برادری نے اذان کے بعد دکانیں رضاکارانہ طور پر بند کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جبکہ جمعہ کے دن سے یکساں نظام کے آغاز کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana

راولپنڈی اور اسلام آباد میں یکساں اوقاتِ اذان و نماز نافذ کرنے کا فیصلہ

اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کا اعلان، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ
اڈیالہ جیل کے فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج رات دھرنا دیا جائے گا اور پارٹی کے ایم پی ایز اور ایم این ایز موقع پر پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالات کو زبردستی خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ان کا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کے ذاتی معالج اور اہلِ خانہ کی ملاقات کی اجازت بھی دی جائے۔
پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی اور طلبہ کی ذہنی صحت کے لیے بڑے اقدامات
پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی مضبوط بنانے اور طلبہ کی ذہنی صحت کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت صوبے کے 30 ہزار سے زائد اسکولوں، کالجوں اور جامعات کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے، جبکہ طلبہ کی ذہنی صحت کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن بھی شروع کر دی گئی ہے۔
سیف سٹی سسٹم سے منسلک ہونے کے بعد تعلیمی ادارے روزانہ تین بار سیفٹی ایپ کے ذریعے اپنی سیکیورٹی اسٹیٹس اپڈیٹ کریں گے۔ اس مقصد کے لیے ورچوئل سینٹر فار ایجوکیشنل سیکیورٹی قائم کیا گیا ہے، جہاں ایک ایپ کے ذریعے تمام اداروں کی سیکیورٹی ایک کلک پر مانیٹر کی جا سکے گی۔
ذہنی دباؤ، ناامیدی اور خودکشی جیسے بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لیے پنجاب سیف سٹی نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 بھی متعارف کرائی ہے۔ اس ہیلپ لائن پر ڈپریشن، خوف، ناامیدی یا خودکشی کے خیالات کی صورت میں خصوصی کونسلنگ فراہم کی جائے گی، جہاں ماہرِ نفسیات فوری طور پر رابطہ کر کے مدد فراہم کریں گے۔
پاکستانی نوجوان نے مصنوعی ذہانت کو اردو سکھا دی، دنیا کا سب سے بڑا اردو لینگویج ماڈل تیار
مصنوعی ذہانت (AI) اب تک اردو سے مکمل طور پر آشنا نہیں تھی، جس کی وجہ سے انگریزی میں کم مہارت رکھنے والے پاکستانی اکثر اس سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے تھے۔ تاہم امریکا میں زیرِ تعلیم پاکستانی نوجوان تیمور حسن نے اس خلا کو پر کیا اور AI کو اردو سکھا دیا۔
تیمور حسن نے اپنے دو ساتھیوں جواد احمد اور محمد اویس کے ساتھ مل کر پاکستان کا اپنا اردو چیٹ جی پی ٹی ماڈل تیار کیا ہے جسے ’’قلب‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ماڈل دنیا کا سب سے بڑا اردو لینگویج ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔
’’قلب‘‘ تقریباً ایک ارب 97 کروڑ الفاظ پر تربیت دی گئی ہے اور اسے سات سے زائد عالمی معیار کے ٹیسٹس پر جانچا گیا، جہاں اس نے موجودہ اردو AI ماڈلز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ ماڈل اردو زبان میں سوالات سمجھنے اور جواب دینے میں مکمل مہارت رکھتا ہے۔ طلبہ اس کے ذریعے اردو میں تحقیق اور اسائنمنٹس کے لیے مدد حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ عام صارفین بھی جدید AI ٹیکنالوجی سے اپنی مادری زبان میں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ترکی میں ایرانی جاسوسی نیٹ ورک کا پردہ فاش، پانچ صوبوں میں چھ افراد گرفتار
ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (MIT) اور سکیورٹی فورسز نے ترکی کے اندر سرگرم ایک مشتبہ ایرانی جاسوسی نیٹ ورک کو توڑ دیا اور پانچ صوبوں میں مشترکہ چھاپوں کے دوران چھ افراد کو گرفتار کیا۔
روزنامہ ’صباح‘ کے مطابق یہ گروہ حساس فوجی اور سکیورٹی معلومات اکٹھا کرنے اور ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا، جس میں جنوبی ترکی میں انجرلیک ایئر بیس کی نگرانی بھی شامل تھی۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ اس نیٹ ورک کو ایرانی انٹیلی جنس افسران نجف رستمی (عرف حاجی) اور مہدی یکہ دہقان (عرف ڈاکٹر) چلا رہے تھے۔ رستمی نے وان صوبے میں رہائش پذیر علی جان کوچ کو ہدایت دی کہ وہ ایسے افراد بھرتی کرے جو آدانا میں انجرلیک بیس کے ارد گرد خفیہ تصاویر اور ویڈیوز بنا سکیں۔
مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ انقرہ میں مقیم ایرانی شہری اشکان جلالی نے اپنی کمپنیوں بلاق روبوٹکس اور آریٹے انڈسٹریز کے ذریعے ترکی سے ترک جمہوریہ شمالی قبرص اور یونانی قبرصی انتظامیہ کو مسلح ڈرونز منتقل کرنے کی کوشش کی۔ مبینہ طور پر جلالی اور کوچ نے اگست اور ستمبر 2025 میں ایران میں ڈرون کی تربیت حاصل کی تھی۔
استنبول میں چھاپوں کے دوران دفاعی صنعت کے مالکان ارہان ارگیلن اور تانیر اوزجان، ٹیکسٹائل تاجروں جمال بیاز اور رمزی بیاز، علی جان کوچ اور اشکان جلالی کو حراست میں لیا گیا۔ بعد ازاں استنبول کی عدالت نے انہیں ’سیاسی یا فوجی جاسوسی کے لیے ریاستی خفیہ معلومات حاصل کرنے‘ کے الزام میں گرفتار کر لیا۔پاکستان کی مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعرات کو کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑے تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور ہر سطح پر ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنا رہی ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ بیان فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقع پر دیا، جہاں انہیں کور کی مختلف عملیاتی، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور ٹیکنالوجی اس تبدیلی کو آگے بڑھا رہی ہے، جس کے لیے ہر سطح پر فکری تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تکنیکی حربے جسمانی حرکات کی جگہ لیں گے اور جارحانہ و دفاعی کارروائیوں کے طریقے بنیادی طور پر بدل جائیں گے، اسی لیے مسلح افواج تیزی سے ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل میں اختراع، مقامی تیاری اور موافقت بنیادی ستون ہوں گے۔ جوانوں سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عملیاتی تیاری کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کے خلاف ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے مستقبل کے میدانِ جنگ اور سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
لاہور مین ہول حادثہ: مریم نواز سخت برہم، غم و غصے کا اظہار
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں مین ہول واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بیان نہیں کر سکتی کہ میرے دل پر کیا گزری۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں انسان کی بھی جان کی قیمت نہیں ہے، جانور کی تو بات ہی چھوڑ دیں، ہر سطح پر مجرمانہ غفلت ہوئی اور میں سمیت سب جوابدہ ہیں۔
مریم نواز کی زیرصدارت لاہور مین ہول واقعے پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے کام عوام کی بہتری اور سہولت کے لیے کیے جاتے ہیں، لوگوں کو نقصان پہنچانے کے لیے نہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کسی کو پرواہ نہیں تھی کہ مین ہول کھلا ہوا ہے، داتا دربار جیسی رش والی جگہ پر یہ غفلت ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کس چیز کے ذمہ دار ہیں اور مین ہول کھلا کیوں رہ گیا۔ کمشنر لاہور اور ایل ڈی اے لاہور دونوں ہی اس میں قصوروار ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کو بھی معلوم نہیں تھا کہ پارکنگ کے پیسے لیے جا رہے ہیں، اور لوگوں کے لیے جگہ محفوظ نہیں بنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی تمام میٹنگوں میں واضح ہدایت ہے کہ کوئی مین ہول کھلا نہ رہے۔ جو لوگ مین ہول کھلا چھوڑتے ہیں، کیا ان کے اپنے گھر میں بچے نہیں؟
مریم نواز نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کی فیملی کو چور بنا کر تھانے میں لے جانا بھی ناقابل قبول ہے۔ سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی کی مدد سے حقیقت دیکھنے میں زیادہ وقت نہیں لگنا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ معاملے کا رخ بدلنے کی کوشش کی گئی، جیسے کچھ ہوا ہی نہیں، لیکن میں نے سیف سٹی کے اہلکار کو فون کیا تو اس نے کہا شاید کوئی مین ہول میں گرا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اس واقعے کے تمام ذمہ دار خود بھی جوابدہ ہیں۔
کراچی میں واٹر ٹینکر حادثہ، پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق
کراچی میں ایک افسوسناک حادثے میں واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو روند دیا۔ حادثے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر لاشیں نکالیں اور متاثرہ علاقے کو سیل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق واٹر ٹینکر تیز رفتاری سے چل رہا تھا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید ٹریفک جام بھی دیکھنے میں آیا۔

پاکستان کی پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست
پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا نے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 146 رنز بنائے، جس میں کیمرون گرین سب سے زیادہ 36 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور صائم ایوب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔ صائم ایوب نے 40 اور سلمان آغا نے 39 رنز کی شراکت کی۔ بابراعظم 24، عثمان خان 18 اور فخر زمان 10 رنز بنا سکے
پاکستان کا غزہ میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار، اسرائیل کی جواب دہی پر زور
کی فراہمی میں رکاوٹوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جواب دہی ناگزیر ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ کے حالات پر بحث کے دوران کہا کہ غزہ میں نازک صورتِ حال مسلسل دباؤ میں ہے اور جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بلا تعطل جاری ہیں، جس سے شہریوں کی جانیں خطرے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں پر بڑھتا ہوا دباؤ، رجسٹریشن کی منسوخی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کارروائیاں غیر محفوظ افراد کے لیے امداد اور تحفظ میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
پاکستانی مندوب نے مسئلہ فلسطین کو مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام نے دہائیوں تک غیر قانونی قبضے، گھروں سے بے دخلی، وحشیانہ جبر اور حق خود ارادیت کے ساتھ ساتھ ان کے ناقابلِ تنسیخ حقوق سے انکار کا سامنا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں غزہ میں یہ تکالیف غیر معمولی سطح تک پہنچ گئیں، جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر اموات، بڑے پیمانے پر نقل مکانی، بنیادی ڈھانچے کی تقریباً مکمل تباہی اور شدید انسانی محرومی دیکھنے میں آئی۔
عاصم افتخار نے عالمی برادری کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات، بالخصوص ’غزہ بورڈ آف پیس‘ اور ’نیشنل کمیٹی فار ایڈمنسٹریشن آف غزہ‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے جنگ بندی کے استحکام، مستقل جارحیت کے خاتمے، بحالی، تعمیرِ نو، انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی حق خود ارادیت کے لیے پائیدار سیاسی عمل کی راہ ہموار ہونی چاہیے۔








