Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • ‎پنجاب میں 2,115 مستقل ڈاکٹروں کے عہدے ختم، لوکم پوسٹس متعارف

    ‎پنجاب میں 2,115 مستقل ڈاکٹروں کے عہدے ختم، لوکم پوسٹس متعارف

    ‎پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں پرائمری اور سیکنڈری صحت کے شعبے کے 2,115 جنرل کیڈر ڈاکٹروں کے مستقل عہدے ختم کرکے انہیں عارضی عہدوں میں تبدیل کر دیا ہے، جس کے بعد طبی برادری میں شدید ردعمل پیدا ہوا اور اسے صحت کے نظام کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا گیا ہے۔
    ‎یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے 15 دسمبر کے اجلاس میں منظور کیے گئے قواعد کے تحت کیا گیا، جس کے مطابق سیکنڈری سطح کے عملے کو خصوصی مراعات کے ساتھ بھرتی کیا جائے گا۔ محکمہ مالیات نے بھی اس کی منظوری دی اور اتنے ہی نئے عارضی عہدے تخلیق کیے۔
    ‎ان مختلف زمروں کے جنرل کیڈر اور کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کے عہدے ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتالوں سے منسلک تھے، جو پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے انتظامی کنٹرول میں تھے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے صحت کا نظام شدید متاثر ہوگا، کیونکہ روزانہ ڈاکٹروں کی تبدیلی سے مریضوں کو یہ معلوم نہیں ہوگا کہ پہلی ملاقات میں کس ڈاکٹر سے ملاقات ہوئی اور دوسری ملاقات میں کس سے ہوگی۔
    ایک سرکاری اہلکار کے مطابق ختم کیے گئے عہدے گزشتہ ایک سال سے خالی تھے اور انہیں "عارضی عہدے ” قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کی وسیع اصلاحاتی حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ انتظامی اخراجات کم کیے جائیں اور مالی استحکام بہتر بنایا جا سکے۔ اس کا تعلق بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ کیے گئے وعدوں سے بھی ہے۔
    دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک نے کہا کہ گریڈ 18، 19 اور 20 کے مستقل عہدے ختم کرکے انہیں عارضی عہدوں میں تبدیل کرنا ڈاکٹروں کے ساتھ ناانصافی ہے جو پہلے سے مستقل بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ محکمہ مالیات کی موجودہ بیوروکریسی حکومت کو گمراہ کر رہی ہے اور مختص فنڈز کو دیگر بجٹ خانوں میں منتقل کر رہی ہے، جو نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
    ‎پروفیسر شاہد ملک نے خبردار کیا کہ عارضی یا یومیہ اجرت پر ڈاکٹروں کی تقرری سے پورا صحت کا نظام متاثر ہوگا اور تربیت یافتہ ڈاکٹروں کے کیریئر اور ترقی کے مواقع محدود ہو جائیں گے، جس کا براہِ راست اثر مریضوں پر پڑے گا۔ انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لے کر محکمہ مالیات کا جاری کردہ نوٹیفکیشن معطل کیا جائے تاکہ بیوروکریسی کو ایسے اقدامات کرنے سے روکا جا سکے اور مستقبل میں دوبارہ ایسے اقدامات نہ کیے جائیں۔
    ‎مزید برآں، اس اقدام کے طبی نظام پر منفی اثرات واضح ہیں۔ مستقل ڈاکٹروں کے عہدوں کو عارضی پوسٹس میں بدلنے سے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے علاج کا تسلسل متاثر ہوگا۔ روزانہ ڈاکٹروں کی تبدیلی سے مریض نہیں جان پائیں گے کہ ان کی پہلی ملاقات کے ڈاکٹر سے دوسری ملاقات میں کس ڈاکٹر سے ہو رہی ہے۔
    ‎یہ فیصلہ ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ ترقی اور ترقیاں بھی متاثر کرے گا، کیونکہ گریڈ 18، 19 اور 20 میں ترقی کے لیے مستند عہدوں کی دستیابی ضروری ہے۔ اس سے نہ صرف کیریئر کے مواقع محدود ہوں گے بلکہ صحت کے نظام کی مجموعی کارکردگی بھی متاثر ہوگی۔

  • گل پلازہ میں لگنے والی آگ اکیس گھنٹے گزرنے کے باوجود بے قابو

    گل پلازہ میں لگنے والی آگ اکیس گھنٹے گزرنے کے باوجود بے قابو

    
کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی آگ اکیس گھنٹے کے باوجود قابو نہ پائی جا سکی، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
    آگ نے گراؤنڈ اور میزنائن فلور کو مکمل طور پر نگل لیا، جبکہ مخدوش عمارت کے کئی حصے زمین بوس ہو گئے۔
    ‎سیکڑوں دکانداروں کی برسوں کی محنت اور کمائی راکھ ہو گئی۔
    ‎عینی شاہدین کے مطابق بیسمنٹ اور اندرونی حصے سے اب بھی آوازیں آ رہی ہیں، جس سے خدشہ ہے کہ مزید افراد پھنسے ہوئے ہو سکتے ہیں۔

  • ‎
دہلی سے باگڈوگرا جانے والی پرواز میں بم کی اطلاع، طیارے کی لکھنؤ میں ہنگامی لینڈنگ

    ‎
دہلی سے باگڈوگرا جانے والی پرواز میں بم کی اطلاع، طیارے کی لکھنؤ میں ہنگامی لینڈنگ

    
نئی دہلی سے باگڈوگرا جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز میں بم کی اطلاع ملنے کے بعد طیارے کو لکھنؤ میں ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔
    بھارتی میڈیا کے مطابق پرواز میں عملے سمیت مجموعی طور پر 230 افراد سوار تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بم کی اطلاع طیارے کے واش روم میں موجود ٹیشو پیپر پر ہاتھ سے لکھی گئی تحریر کے ذریعے ملی۔
    ‎میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنؤ ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا اور ان کی اسکریننگ کی گئی۔ سکیورٹی اقدامات کے تحت طیارے کو ایئرپورٹ کے ایک علیحدہ مقام پر منتقل کر کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مکمل تلاشی لی۔
    ‎انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بم کی اطلاع کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

  • ‎
بیٹے کی شادی پر مریم نواز کی تیاری توجہ کا مرکز، شرمیلا فاروقی اور بختاور بھٹو زرداری کی تعریف

    ‎
بیٹے کی شادی پر مریم نواز کی تیاری توجہ کا مرکز، شرمیلا فاروقی اور بختاور بھٹو زرداری کی تعریف

    
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کے موقع پر اپنی تیاری اور دیدہ زیب لباس کے باعث خصوصی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
    ‎جنید صفدر کی شادی گزشتہ روز لاہور کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں منعقد ہوئی، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ مریم نواز، اہلِ خانہ کے علاوہ وفاقی و صوبائی وزرا اور ملکی و غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔
    ‎تقریب میں مریم نواز کی تیاری کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا گیا۔ بختاور بھٹو زرداری نے بھی ان کے انداز اور لباس کی تعریف کی۔
    ‎اس موقع پر پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بھی ایکس پر اپنی پوسٹ میں ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ وہ بھی اپنے بیٹے کی شادی پر اسی طرح خوبصورت نظر آنا چاہیں گی۔

  • ‎
بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان کی بنگلادیش کو مکمل حمایت کی یقین دہانی

    ‎
بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان کی بنگلادیش کو مکمل حمایت کی یقین دہانی

    
بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان نے بنگلادیش کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
    حکومتی ذرائع کے مطابق اس معاملے پر بنگلادیشی حکومت نے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بنگلادیش کے تحفظات کو دور نہ کیا گیا تو پاکستان بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے اپنے فیصلے کا ازسرِنو جائزہ لے سکتا ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بنگلادیش کے پاس معقول اور درست وجوہات موجود ہیں، جنہیں سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کو کسی بھی ملک کو دھمکانے یا دباؤ میں لانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
    ‎ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان نے اس معاملے پر بنگلادیش کے ساتھ کھڑے رہنے اور مکمل سفارتی و اخلاقی حمایت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • 
ویزا فراڈ اور مائیگرنٹ اسمگلنگ میں ملوث گینگ کے دو ملزمان ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار

    
ویزا فراڈ اور مائیگرنٹ اسمگلنگ میں ملوث گینگ کے دو ملزمان ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار

    
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ویزا فراڈ اور مائیگرنٹ اسمگلنگ میں ملوث ایک گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی امریکی سفارتخانے کی نشاندہی پر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے انجام دی، جس کے دوران طاہر شہباز اور رب نواز کو حراست میں لیا گیا۔
    ‎ترجمان نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے جعلسازی کے ذریعے 12 شہریوں کو امریکا بھجوانے کی کوشش کی۔
    ‎ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس گینگ میں شامل دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ‎
ایران میں حالیہ فسادات کے ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہیں، کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر جیفری سیکس

    ‎
ایران میں حالیہ فسادات کے ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہیں، کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر جیفری سیکس

    
امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کے معروف پروفیسر جیفری سیکس نے ایران میں حالیہ فسادات کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو قرار دے دیا ہے۔
    پروفیسر جیفری سیکس کا کہنا ہے کہ ایران میں ایک غیر معمولی، پُرتشدد اور سفاک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق خریدا ہوا اور جانبدار امریکی مین اسٹریم میڈیا یہ تاثر دیتا ہے کہ ایرانی حکومت نے معیشت پر کنٹرول کھو دیا ہے، جبکہ یہ حقیقت چھپائی جاتی ہے کہ ایرانی معیشت کو نقصان پہنچانے والا اصل کردار خود امریکا ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح عوام کو یہ کہہ کر گمراہ کیا جاتا ہے کہ ایرانی حکومت اپنے شہریوں پر ظلم کر رہی ہے، جبکہ اصل حقائق سامنے نہیں لائے جاتے۔
    ‎پروفیسر جیفری سیکس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کا بنیادی مقصد ایرانی عوام کی زندگی کو زیادہ سے زیادہ مشکل بنانا ہے، اور ان اقدامات کا حتمی ہدف ایران میں رجیم چینج ہے۔
    ‎دوسری جانب بین الاقوامی امور کے ماہر اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے پروفیسر جیفری سیکس کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ایران کے معاملے پر مغربی میڈیا اس قدر کمزور، جعلی اور خریدا ہوا ہے کہ وہ سچ بیان کرنے سے انکار کر رہا ہے۔

  • 
انڈونیشیا میں 11 افراد کو لے جانے والے لاپتا طیارے کا ملبہ برآمد

    
انڈونیشیا میں 11 افراد کو لے جانے والے لاپتا طیارے کا ملبہ برآمد

    
انڈونیشیا میں ریسکیو اہلکاروں نے 11 افراد کو لے جانے والے لاپتا طیارے کا ملبہ تلاش کر لیا ہے۔
    ‎میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز امدادی ٹیموں نے اس طیارے کا ملبہ برآمد کیا، جو بادلوں والے موسم میں سولاویسی جزیرے کے ایک پہاڑی علاقے کے قریب پہنچتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔ طیارہ انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا کے شہر یوگیاکارتا سے جنوبی سولاویسی کے صوبائی دارالحکومت مکاسر جا رہا تھا اور ہفتے کے روز ریڈار سے غائب ہو گیا تھا۔
    ‎مکاسر سرچ اینڈ ریسکیو دفتر کے سربراہ محمد عارف انور کے مطابق اتوار کی صبح فضائیہ کے ہیلی کاپٹر میں موجود ریسکیو ٹیم نے ماؤنٹ بولوساراؤنگ کی ڈھلوان پر جنگلاتی علاقے میں ایک چھوٹے طیارے کی کھڑکی سے مشابہ شے دیکھی۔
    ‎انہوں نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ بعد ازاں زمینی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں، جہاں ایک کھڑی شمالی ڈھلوان پر طیارے کے مرکزی ڈھانچے اور دم کے بڑے حصوں سے ملتا جلتا ملبہ بکھرا ہوا پایا گیا۔ ریسکیو کارروائی اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

  • 
وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ دورے پر سوئٹزرلینڈ روانہ

    
وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ دورے پر سوئٹزرلینڈ روانہ

    
وزیراعظم شہباز شریف آج سے سوئٹزرلینڈ کے لیے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔
    تفصیلات کے مطابق رواں ماہ سوئٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم کا 56واں سالانہ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم خود کریں گے۔ اجلاس 19 سے 23 جنوری تک جاری رہے گا، جبکہ وزیراعظم 18 جنوری کو دورے کے لیے روانہ ہوں گے۔
    ‎وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے دوران دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون پر بات چیت متوقع ہے۔

  • ‎پی ٹی اے کی بڑی سہولت، بیرون ملک پاکستانی اپنی سم ایکٹو رکھ سکیں گے

    ‎پی ٹی اے کی بڑی سہولت، بیرون ملک پاکستانی اپنی سم ایکٹو رکھ سکیں گے

    
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت وہ اپنی پاکستانی موبائل سم کو کہیں بھی ایکٹو رکھ سکیں گے۔
    پی ٹی اے کے مطابق تارکین وطن بیرون ملک بھی اپنی موبائل سروس میں تسلسل برقرار رکھ سکیں گے اور قیام کے دوران ان کی سم بلاک نہیں کی جائے گی۔
    ‎اتھارٹی نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے، اور سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی متعلقہ موبائل کمپنی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
    ‎پی ٹی اے نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے تارکین وطن کے لیے پاکستان سے رابطہ برقرار رکھنا اور آسان ہو جائے گا۔