Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 35 تک پہنچ گئی

    ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 35 تک پہنچ گئی

    ‎ایران میں مہنگائی کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف شہروں میں جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق تہران، شیراز اور مغربی علاقوں میں مظاہرے ہوئے اور تقریباً 1200 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
    ‎ایرانی میڈیا کے مطابق مظاہروں میں تقریباً 250 پولیس اہلکار اور 45 بسیج فورس کے ارکان زخمی ہوئے۔ ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور تشدد کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
    ‎ایران میں مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں گراوٹ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ گزشتہ 10 روز سے جاری ہے۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ معاشی دباؤ کم کرنے کے لیے ہر شہری کو ماہانہ مالی الاؤنس فراہم کیا جائے گا۔
    ‎سرکاری ترجمان فاطمہ مہاجرانی کے مطابق ہر فرد کو ماہانہ 10 لاکھ تومان (تقریباً 7 امریکی ڈالر) کے برابر رقم چار ماہ کے لیے ان کے اکاؤنٹس میں کریڈٹ کی صورت میں منتقل کی جائے گی۔ یہ رقم نقد کے بجائے مخصوص اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے استعمال کی جا سکے گی اور اس کا مقصد عوام پر معاشی دباؤ کو کم کرنا ہے۔

  • ‎لندن میں شدید سردی اور برفباری، اسکول اور ٹرانسپورٹ متاثر

    ‎لندن میں شدید سردی اور برفباری، اسکول اور ٹرانسپورٹ متاثر

    
لندن میں سردی کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مارہم، نورفوک میں گزشتہ رات درجہ حرارت منفی 12.5 ڈگری تک گر گیا، جس کی وجہ سے بچوں کی کرسمس کی چھٹیاں طویل ہو گئیں۔
    برفباری کے باعث سیکڑوں اسکول مسلسل دوسرے دن بھی بند رہے، اور سڑک، ریل و ہوائی سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کے روز کار بریک ڈاؤن پر مدد طلب کرنے والوں کی تعداد 40 فیصد تک بڑھ گئی۔ شمالی اسکاٹ لینڈ میں بھی برفباری جاری رہی اور شام تک ٹرین سروسز معمول پر آنے کا امکان نہیں۔
    ‎لندن-ہالینڈ یورو اسٹار سروسز میں خلل آیا، ٹرینیں برسلز سے آگے نہیں جا سکیں۔ ایبرڈین اور انورنس ایئرپورٹ پر شدید برفباری کے باعث پروازیں منسوخ ہو گئیں، جبکہ لیورپول جان لینن ایئرپورٹ دوپہر تک بند رہا۔ شمالی آئرلینڈ کے سٹی آف ڈیری ایئرپورٹ اور بیلفاسٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی پروازیں تاخیر اور منسوخی کا شکار رہیں۔
    ‎ملک بھر میں شدید سردی اور برفباری کے سبب 500 سے زائد اسکول بند ہیں۔ یورپ میں بھی سخت سردی کے اثرات دیکھنے کو ملے، ایمسٹرڈیم کے شپول ایئرپورٹ پر تقریباً 400 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔

  • ‎اسرائیلی وزیر خارجہ کے صومالی لینڈ دورے پر صومالیہ کی شدید مذمت

    ‎اسرائیلی وزیر خارجہ کے صومالی لینڈ دورے پر صومالیہ کی شدید مذمت

    ‎اسرائیل کے وزیر خارجہ گیڈیون سار نے متنازع صومالی لینڈ کا دورہ کیا ہے، جو اسرائیل کی جانب سے اس علیحدگی پسند خطے کو تسلیم کیے جانے کے بعد کسی اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
    ‎صومالی لینڈ کی حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق گیڈیون سار کی قیادت میں اسرائیلی وفد دارالحکومت ہرگیسا پہنچا، جہاں اعلیٰ سرکاری حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران اسرائیلی وزیر خارجہ نے صومالی لینڈ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ امور پر بات چیت کی۔
    ‎اسرائیل نے گزشتہ ماہ باضابطہ طور پر صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ اس خطے کو تسلیم کرنے والا دنیا کا واحد ملک بن گیا ہے۔
    ‎گیڈیون سار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ صومالی لینڈ کے صدر نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی دعوت قبول کر لی ہے اور وہ جلد اسرائیل کا سرکاری دورہ کریں گے۔
    ‎دوسری جانب صومالیہ کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز گیڈیون سار کے ہرگیسا دورے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ صومالیہ کی رضامندی کے بغیر کسی بھی قسم کی سرکاری سرگرمی غیر قانونی اور ناقابل قبول ہے۔
    ‎صومالیہ نے اقوام متحدہ، افریقی یونین اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کریں۔
    ‎واضح رہے کہ صومالی لینڈ کئی دہائیوں سے عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کی کوشش کر رہا ہے۔ خلیج عدن کے ساحل پر واقع ہونے کے باعث یہ علاقہ اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے اور اس کی اپنی کرنسی، پاسپورٹ اور سیکیورٹی فورسز موجود ہیں۔
    ‎اسرائیل کے اس فیصلے پر متعدد افریقی ممالک اور مسلم اکثریتی ریاستوں نے بھی شدید تنقید کی ہے اور اسے صومالیہ کی خودمختاری کے خلاف اقدام قرار دیا ہے۔

  • ‎نیا سنگِ میل: رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں 21 ہزار سے زائد نئی کمپنیوں کا اندراج

    ‎نیا سنگِ میل: رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں 21 ہزار سے زائد نئی کمپنیوں کا اندراج

    ‎پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے۔
    ‎سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق جولائی سے دسمبر کے عرصے میں مجموعی طور پر 21 ہزار 668 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔ ان کمپنیوں نے 30 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد کا ادا شدہ سرمایہ جمع کرایا، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 79 ہزار 724 ہو گئی ہے۔
    ‎ایس ای سی پی کے ترجمان کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس کا شعبہ سرفہرست رہا، جہاں سب سے زیادہ 4 ہزار 277 نئی کمپنیوں کا اندراج ہوا۔ اسی عرصے میں 524 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی سامنے آئی، جس کا مجموعی حجم 1 ارب 26 کروڑ روپے رہا۔
    ‎غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے بتایا گیا کہ چین 71 فیصد حصے کے ساتھ سب سے بڑا سرمایہ کار رہا، جو پاکستان کے کاروباری ماحول پر عالمی اعتماد میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔

  • ‎مودی سرکار نے ٹرمپ انتظامیہ کو خوش کرنے کے لیے لاکھوں ڈالر جھونک دیے

    ‎مودی سرکار نے ٹرمپ انتظامیہ کو خوش کرنے کے لیے لاکھوں ڈالر جھونک دیے

    مودی حکومت نے ٹرمپ انتظامیہ کو خوش کرنے کی کوششوں میں لاکھوں ڈالر خرچ کر دیے اور اس مقصد کے لیے ایک مہنگی امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کیں۔ ذرائع کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو راضی کرنے کے لیے سوشل میڈیا مہم چلائی گئی، جس پر تقریباً ایک اعشاریہ آٹھ ملین ڈالر خرچ کیے گئے۔
    ‎اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی سفارتخانے نے لابنگ کمپنی ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز کی خدمات حاصل کیں، جس کے ذریعے سوشل میڈیا پر ٹرمپ انتظامیہ کے حق میں پوسٹس ڈلوائی گئیں اور ان پوسٹس میں امریکی جھنڈوں کا استعمال بھی کیا گیا، تاکہ ناراض صدر کو خوش کیا جا سکے۔
    ‎رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے یہ اقدامات خود ساختہ آپریشن سندور میں ناکامی، عالمی سطح پر تنقید، اور امریکا کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد کیے۔
    ‎بھارتی تجزیہ کار راہل پارولیکر نے مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کم فہمی اور سفارتی صلاحیت کے فقدان کے باعث بھارت کو لاکھوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس قیادت نے گیارہ برس میں نہ کوئی بامعنی مکالمہ کیا اور نہ ہی ایک بھی کھلی پریس کانفرنس کا سامنا کیا، اس سے بہتر سفارت کاری کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
    ‎بھارتی پروفیسر سشانت سنگھ نے بھی مودی سرکار کی خارجہ پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ وزیر خارجہ جے شنکر خود امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر دفاع سے ملاقات کی پوزیشن میں نہیں، اسی لیے لابنگ کمپنی کو امریکی حکام سے رابطوں کے لیے استعمال کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ تمام اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ مودی حکومت عالمی سفارتی سطح پر کس حد تک کمزور ہو چکی ہے۔

  • سمیر منہاس نے سوریا ونشی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    سمیر منہاس نے سوریا ونشی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    گیندوں پر سنچری اسکور کرکے سمیر منہاس نے بھارتی کھلاڑی ویبھو سوریاونشی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
    ہرارے میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 159 رنز کا ہدف 16.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
    ‎سمیر منہاس نے 51 گیندوں پر 114 رنز کی شاندار اور میچ وننگ اننگز کھیلی، جس میں 17 چوکے اور پانچ بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
    ‎محمد شایان 38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عثمان خان 2 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔
    ‎42 گیندوں پر سنچری مکمل کرکے سمیر منہاس نے بھارت کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ سوریاونشی نے 2025 میں متحدہ عرب امارات کے خلاف بھی 56 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
    ‎اس سے قبل پاکستان کے قاسم اکرم نے 2022 میں سری لنکا کے خلاف 63 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی، جبکہ آسٹریلیا کے جیڈن ڈریپر بھارت کے خلاف 65 گیندوں پر سنچری بنا کر فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

  • کراچی میں صرف 5 دنوں میں کتوں نے 850 افرادکو کاٹ لیا

    کراچی میں صرف 5 دنوں میں کتوں نے 850 افرادکو کاٹ لیا

    
کراچی میں کتے کے کاٹنے کے واقعات وبا کی شکل اختیار کر گئے ہیں، اور صرف رواں سال کے پہلے پانچ دنوں میں کتوں نے تقریباً 850 افراد کو کاٹ لیا۔
    ‎انڈس اسپتال کورنگی میں پانچ دنوں کے دوران 300 نئے سگ گزیدگی کے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ سول اور جناح اسپتال میں بھی 300 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
    ‎انچارج ڈاگ بائٹ کلینک، ڈاکٹر آفتاب گوہر کے مطابق زیادہ تر کیسز کورنگی، حب چوکی، بلدیہ، لانڈھی اور گڈاپ کے علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
    ‎انڈس اسپتال میں کتے کے کاٹے کا شکار 41 سالہ شخص کی انگلی کو انفیکشن پھیلنے کے باعث کاٹنا پڑا۔
    ‎ڈاکٹر آفتاب گوہر نے خبردار کیا کہ ریبیز کی علامات ظاہر ہونے کے بعد یہ بیماری تقریباً ہمیشہ جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔
    ‎شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ڈاگ بائٹ کی صورت میں فوراً طبی امداد حاصل کریں اور ویکسین لگوائیں تاکہ جان لیوا بیماری سے بچا جا سکے۔

  • بنگلا دیش کے ائیر چیف  کی پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات، جے ایف-17 طیاروں کی ممکنہ خریداری پر تبادلہ خیال

    بنگلا دیش کے ائیر چیف کی پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات، جے ایف-17 طیاروں کی ممکنہ خریداری پر تبادلہ خیال

    ‎
بنگلا دیش کی فضائیہ کے سربراہ، ائیر چیف مارشل حسن محمود خان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے پاکستان کی فضائیہ کے سربراہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
    ‎آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بات چیت ہوئی۔ بنگلا دیشی ائیر چیف نے پاکستانی ائیر چیف سے اپنے لڑاکا طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت میں معاونت کی درخواست بھی کی۔
    ‎اس کے علاوہ بنگلا دیشی ائیر چیف نے یہ درخواست کی کہ ان کے ائیر ڈیفنس ریڈار سسٹم کو پاکستان کے ایئر سرویلیئنس سسٹم سے منسلک کرنے میں تعاون فراہم کیا جائے۔
    ‎پاکستانی ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یقین دلایا کہ بنگلا دیش کی ائیر فورس کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے مکمل تربیتی اور طویل مدتی معاون نظام فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بنگلا دیش کو سپر مشاق تربیتی طیاروں کی جلد فراہمی کا بھی وعدہ کیا۔
    ‎ملاقات میں ایرو اسپیس شعبے میں تعاون، الیکٹرانک وار فیئر اور بغیر پائلٹ فضائی نظام میں پاک فضائیہ کی صلاحیتوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

  • ‎گریٹر مانچسٹر میں ٹیکسی ڈرائیور کو خواتین کو ہراساں کرنے پر پرائیویٹ ہائر لائسنس سے انکار

    ‎گریٹر مانچسٹر میں ٹیکسی ڈرائیور کو خواتین کو ہراساں کرنے پر پرائیویٹ ہائر لائسنس سے انکار

    
برطانیہ کے شہر گریٹر مانچسٹر میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کو مبینہ طور پر خاتون مسافر کو ہراساں کرنے اور اسے مسلسل پیغامات بھیجنے کے باعث پرائیویٹ ہائر لائسنس دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔
    ‎بولٹن کونسل کی لائسنسنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈرائیور نے شکایت درج ہونے کے باوجود خاتون کو پیغامات بھیجنا اور ہراساں کرنا جاری رکھا۔ کمیٹی نے اس رویے کو نامناسب اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
    ‎18 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں ڈرائیور نے خود تسلیم کیا کہ اس کا رویہ غلط تھا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ڈرائیور نے لازمی سیف گارڈنگ تربیت میں شرکت نہیں کی اور اس کا کوئی ثبوت بھی فراہم نہیں کیا کہ اس نے یہ تربیت مکمل کی ہو۔
    ‎مزید برآں، ڈرائیور نے لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر پرائیویٹ ہائر آپریٹر کے بکنگ کی اور شکایت کنندہ مسافر کو دوبارہ لینے کی کوشش کی، جس سے اس کی گاڑی کی انشورنس غیر مؤثر ہو جاتی۔
    ‎کونسلر مارٹن ڈوناگی نے ڈرائیور کو لائسنس نہ دینے کی تجویز پیش کی، جس کی کونسلر شارلٹ مونکاڈو سیئرز نے تائید کی۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ درخواست گزار اس وقت پرائیویٹ ہائر لائسنس کے لیے موزوں اور ذمہ دار فرد نہیں ہے، تاہم اس کی موجودہ گاڑی کے لائسنس پر کسی کارروائی کی ضرورت نہیں سمجھی گئی۔

  • ‎وزیرِاعظم کا زرعی برآمدات اور اصلاحات اجلاس کی صدارت

    ‎وزیرِاعظم کا زرعی برآمدات اور اصلاحات اجلاس کی صدارت

    ‎
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ملکی زرعی برآمدات میں اضافہ اور زرعی شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے تشکیل کردہ نجی شعبے کے ماہرین پر مبنی ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کی۔
    ‎وزیرِاعظم نے کہا کہ زرعی اصلاحات اور کسانوں کو عالمی سطح پر رائج جدید طریقہ کار سے روشناس کروانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر زراعت کی ترقی اور اصلاحات کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
    ‎وزیرِاعظم نے کہا کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے کسانوں کو معیاری بیج، بروقت اور مناسب قیمت پر کھاد، اور بیماریوں سے بچاؤ کی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ زرعی اجناس کی پراسیسنگ اور برآمدات کے لیے بھی پالیسی اقدامات مرتب کیے جا رہے ہیں۔
    ‎انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں چین میں سرکاری سطح پر ایک ہزار پاکستانی طلبہ و طالبات کو زراعت کی جدید ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے بھیجا گیا، تاکہ ملکی زرعی شعبے میں ترقی کی بھرپور استعداد کو بروئے کار لایا جا سکے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ موجود وسائل کے اندر رہتے ہوئے تحقیق اور سرمایہ کاری کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ یقینی بنایا جائے گا۔
    ‎ماہی گیری، پھلوں اور ان سے تیار شدہ مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ساحلی پٹی پر پام آئل کی پیداوار کے لیے بھی پالیسی اقدامات تیار کیے جائیں گے۔ وزیرِاعظم نے آئندہ پانچ برس میں زرعی برآمدات بڑھانے کے لیے واضح لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی۔
    ‎اجلاس میں چیئرمین ورکنگ گروپ رانا نسیم اور ان کی ٹیم نے ملکی زرعی شعبے کی جامع رپورٹ، شعبے کو درپیش مسائل، اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ربیع اور خریف کی بڑی فصلوں، اوسط فی ایکڑ پیداوار، ہارٹی کلچر، پھلوں کی پیداوار و برآمدات، گلہ بانی، ڈیری شعبے اور دیگر زرعی شعبوں کا علاقائی اور عالمی تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
    ‎اجلاس کو بتایا گیا کہ قلیل مدتی اصلاحاتی فریم ورک کے تحت موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے لیے وفاقی حکومت معیاری بیج کی فراہمی، مؤثر ایکسٹینشن سروسز، اور جدید زرعی طریقہ کار کے ذریعے کسانوں کی تربیت کرے گی۔
    ‎زرعی اجناس کی پراسیسنگ کے لیے سرٹیفیکیشن رجیم پر کام کیا جائے گا تاکہ عالمی منڈیوں میں مصنوعات کی قدر بڑھے اور کسانوں کے منافع میں اضافہ ہو۔ تحقیقاتی اداروں کی اصلاحات پر بھی جامع لائحہ عمل پیش کیا گیا ہے تاکہ موجود فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور نئی منافع بخش فصلوں کی کاشت کو فروغ دیا جا سکے۔
    ‎وزیرِاعظم نے ورکنگ گروپ کی بریفنگ کی تعریف کرتے ہوئے قابل عمل، مؤثر اور جامع روڈ میپ تیار کر کے حکومتی اصلاحات میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔