Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • امریکا کی جانب سے روکے گئے جہازوں سے 11 پاکستانیوں کی واپسی ممکن بنا دی گئی، اسحاق ڈار

    امریکا کی جانب سے روکے گئے جہازوں سے 11 پاکستانیوں کی واپسی ممکن بنا دی گئی، اسحاق ڈار

    ‎نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے روکے گئے بحری جہازوں سے 11 پاکستانیوں اور 20 ایرانی شہریوں کی بحفاظت واپسی ممکن بنا لی گئی ہے۔
    ‎اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حفاظت اور فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
    ‎وزیر خارجہ کے مطابق تمام پاکستانی اور ایرانی شہری سنگاپور سے بینکاک پہنچ چکے ہیں اور پاکستانی شہری اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جبکہ ایرانی شہریوں کی وطن واپسی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
    ‎اسحاق ڈار نے اس کامیاب آپریشن میں تعاون پر سنگاپور، ایران، امریکا اور تھائی لینڈ کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا۔
    ‎انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور متعلقہ سفارتی مشنز کی بروقت اور مؤثر کوششوں کے باعث یہ کامیاب آپریشن ممکن ہوا۔
    ‎نائب وزیراعظم نے خصوصی طور پر سنگاپور کے وزیر خارجہ ووِوین بالا اور وہاں کی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدد کے بغیر یہ عمل اتنی تیزی سے مکمل نہیں ہو سکتا تھا۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے اور سفارتی تعاون کے نتیجے میں مجموعی طور پر 31 پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی رہائی اور واپسی ممکن بنائی گئی۔
    ‎اسحاق ڈار نے تھائی لینڈ حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے بینکاک میں ٹرانزٹ سہولیات فراہم کیں تاکہ متاثرہ شہریوں کی محفوظ منتقلی ممکن ہو سکے۔

  • گوگل 15 جی بی مفت اسٹوریج ختم کرنے کی آزمائش میں مصروف

    گوگل 15 جی بی مفت اسٹوریج ختم کرنے کی آزمائش میں مصروف

    ‎گوگل کی جانب سے نئی جی میل اور گوگل اکاؤنٹس کے لیے مفت کلاؤڈ اسٹوریج میں بڑی تبدیلی کی آزمائش کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے صارفین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
    ‎اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اس وقت ہر نئے گوگل اکاؤنٹ کے ساتھ 15 جی بی مفت کلاؤڈ اسٹوریج دی جاتی ہے، جسے صارفین جی میل، گوگل فوٹوز اور گوگل ڈرائیو سمیت مختلف سروسز کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
    ‎یہ اسٹوریج عام صارفین کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے، تاہم نئی رپورٹس کے مطابق گوگل اب اس سہولت کو محدود کرنے پر غور کر رہا ہے۔
    ‎رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گوگل بعض صارفین کے لیے صرف 5 جی بی مفت اسٹوریج دینے کی آزمائش کر رہا ہے۔
    ‎البتہ جن صارفین کی جانب سے اکاؤنٹ کے ساتھ فون نمبر منسلک کیا جائے گا، انہیں دوبارہ 15 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کی جا سکتی ہے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ایک اسکرین شاٹ بھی سامنے آیا ہے جس میں نئی اسٹوریج پالیسی کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔
    ‎اگرچہ گوگل کے آفیشل سپورٹ پیج پر اب بھی 15 جی بی مفت اسٹوریج کا ذکر موجود ہے، تاہم کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ نئی پالیسی کی محدود پیمانے پر آزمائش جاری ہے۔
    ‎گوگل کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی نئے اکاؤنٹس کے لیے مختلف اسٹوریج آپشنز کی جانچ کر رہی ہے تاکہ اکاؤنٹ سکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکے اور ڈیٹا ریکوری کے عمل کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
    ‎کمپنی کے مطابق فی الحال یہ آزمائش صرف چند مخصوص خطوں میں کی جا رہی ہے اور ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
    ‎ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گوگل نے مستقبل میں مفت اسٹوریج کم کر دی تو صارفین کو اضافی اسٹوریج خریدنے یا متبادل کلاؤڈ سروسز استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔

  • جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں اسرائیلی فوجی ہلاک

    جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں اسرائیلی فوجی ہلاک

    ‎اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے مارٹر حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
    ‎فوجی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت اسٹاف سارجنٹ نیگیو ڈیگن کے نام سے ہوئی ہے، جو اسرائیلی فوج کی گولانی بریگیڈ کی 12ویں بٹالین سے تعلق رکھتا تھا۔
    ‎اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیگیو ڈیگن جمعرات کی رات تقریباً 10 بجے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے مارٹر گولے کا نشانہ بنا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق 2 مارچ سے جاری سرحدی کشیدگی کے دوران حزب اللہ کے حملوں میں ہلاک ہونے والا یہ 19واں اسرائیلی فوجی ہے۔
    ‎دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان اور شمالی اسرائیل کی سرحد پر گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل جھڑپیں جاری ہیں، جہاں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان راکٹ، مارٹر اور ڈرون حملوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق غزہ جنگ کے بعد خطے میں کشیدگی کئی محاذوں تک پھیل چکی ہے اور لبنان کی سرحد اب ایک حساس عسکری محاذ بنتی جا رہی ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے مسلسل حملے اسرائیلی فوج کیلئے بڑا چیلنج بن رہے ہیں، جبکہ اسرائیل بھی جنوبی لبنان میں جوابی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

  • آئی ایم ایف کی پاکستان پر 11 نئی شرائط، بجلی اور گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان

    آئی ایم ایف کی پاکستان پر 11 نئی شرائط، بجلی اور گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان

    ‎بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے قرض پروگرام کی اگلی قسط جاری کرنے کے لیے پاکستان پر 11 نئی شرائط عائد کر دی ہیں، جن میں نیب قوانین میں ترامیم، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور مزید معاشی اصلاحات شامل ہیں۔
    ‎آئی ایم ایف کی تازہ رپورٹ کے مطابق نئے اسٹرکچرل بینچ مارکس شامل ہونے کے بعد موجودہ قرض پروگرام کے تحت مجموعی شرائط کی تعداد 55 تک پہنچ گئی ہے۔
    ‎رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو قرض پروگرام جاری رکھنے کے لیے گیس ٹیرف میں ہر چھ ماہ بعد ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوگا جبکہ سالانہ بجلی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ بھی لازمی ہوگی، جس سے عوام پر مزید مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    ‎آئی ایم ایف نے نیب آرڈیننس میں ترامیم کو بھی لازمی قرار دیا ہے تاکہ ادارے کی خودمختاری اور شفافیت میں اضافہ کیا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق اعلیٰ انتظامیہ کی تقرری کے لیے میرٹ، شفافیت اور مسابقت پر مبنی طریقہ کار متعارف کرانا ہوگا۔
    ‎رپورٹ میں اگرچہ پاکستان کی معیشت میں استحکام کے آثار کا ذکر کیا گیا ہے، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باوجود پاکستان نے اپنے معاشی اہداف حاصل کیے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
    ‎آئی ایم ایف نے اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت سخت اقدامات کے باعث مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملی۔
    ‎تاہم رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے نے پاکستان میں مہنگائی کو مزید بڑھایا۔
    ‎آئی ایم ایف کے مطابق کاروباری اور پیداواری شعبے میں ترقی کے لیے مسابقت کو فروغ دینا ضروری ہوگا تاکہ پاکستان طویل المدتی معاشی ترقی حاصل کر سکے۔
    ‎رپورٹ میں مالی سال 2026 کے لیے پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
    ‎آئی ایم ایف نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 17.5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں، بشرطیکہ حکومت معاشی اصلاحات اور مقررہ شرائط پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائے۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل گانا “دائی دائی” جاری

    فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل گانا “دائی دائی” جاری

    ‎فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل گانا “دائی دائی” باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے، جسے عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور نائیجیرین میوزک اسٹار برنا بوائے نے تیار کیا ہے۔
    ‎یہ گانا فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ کے تعاون سے پیش کیا گیا ہے اور اس کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ دنیا بھر کے بچوں کی تعلیم کے لیے فنڈز جمع کرنا بھی ہے۔
    ‎فیفا حکام کے مطابق اس گانے سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی عالمی سطح پر بچوں کی تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔ شکیرا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس گانے سے ملنے والی اپنی مکمل رائلٹی ایجوکیشن فنڈ میں عطیہ کریں گی۔
    ‎اس کے علاوہ میوزک پروڈکشن کمپنی نے بھی ابتدائی طور پر ڈھائی لاکھ ڈالر فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے، جسے ایک مثبت اور انسان دوست اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے ایک اور تاریخی اعلان بھی کیا ہے۔ حکام کے مطابق پہلی بار ورلڈ کپ فائنل کے دوران “ہاف ٹائم شو” منعقد کیا جائے گا، جس میں شکیرا خصوصی پرفارمنس دیں گی۔
    ‎فٹبال شائقین اور موسیقی کے مداح اس اعلان کے بعد بے حد پرجوش دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ شکیرا ماضی میں بھی ورلڈ کپ کے یادگار گانے پیش کر چکی ہیں، جنہوں نے دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔
    ‎فیفا کے مطابق “دائی دائی” اب تمام بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر سننے کے لیے دستیاب ہے، جبکہ ورلڈ کپ 2026 کی مکمل میوزک البم کے دیگر گانے بھی آئندہ چند ہفتوں میں مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیل اور موسیقی کو فلاحی مقصد کے ساتھ جوڑنے کا یہ اقدام نہ صرف ورلڈ کپ کی مقبولیت میں اضافہ کرے گا بلکہ دنیا بھر میں تعلیم کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

  • ایران کی مزاحمت نے امریکا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں مزید مضبوط بنا دیا، مجتبیٰ خامنہ ای

    ایران کی مزاحمت نے امریکا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں مزید مضبوط بنا دیا، مجتبیٰ خامنہ ای

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ حالیہ جنگی صورتحال میں ایرانی قوم کی دلیرانہ مزاحمت نے ملک کو امریکا کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ مضبوط اور تیار بنا دیا ہے۔
    ایرانی میڈیا کے مطابق خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور صہیونی قوتوں کی جانب سے حملوں اور دباؤ کے باوجود ایرانی عوام نے اتحاد، حوصلے اور مزاحمت کی مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران ایران نے دنیا کو یہ ثابت کر دیا کہ دشمن کی جارحیت کے خلاف پوری قوم ایک صف میں کھڑی ہے۔
    سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ دشمن کا مقصد ایران کو کمزور کرنا تھا، لیکن ایرانی عوام کے عزم نے ان منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ اور دباؤ کے باوجود ایران نہ صرف ڈٹا رہا بلکہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر سامنے آیا ہے۔
    آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی افواج اور عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی قربانیوں اور مزاحمت نے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط کیا ہے۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق خامنہ ای کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی مسلسل برقرار ہے اور آبنائے ہرمز سمیت کئی معاملات پر صورتحال انتہائی حساس بنی ہوئی ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ ایرانی قیادت اپنی عوام کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ بیرونی دباؤ اور جنگی خطرات کے باوجود ملک متحد اور مستحکم ہے۔

  • آبنائے ہرمز صرف ایران مخالف جنگ میں شامل ممالک کیلئے بند ہے، عباس عراقچی

    آبنائے ہرمز صرف ایران مخالف جنگ میں شامل ممالک کیلئے بند ہے، عباس عراقچی

    ‎ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار ایران نہیں، جبکہ یہ آبی گزرگاہ صرف ان ممالک کے لیے بند ہے جو ایران کے خلاف جنگ میں شامل تھے۔
    ‎نئی دہلی میں برکس اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے کبھی جنگ کا آغاز نہیں کیا بلکہ صرف اپنے دفاع میں کارروائی کی ہے۔ ان کے مطابق تہران جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ خطے میں مزید کشیدگی نہ بڑھے۔
    ‎انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی دباؤ، دھمکی یا جارحیت کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 40 روزہ جنگ کے باوجود امریکا ایران کے خلاف اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد واشنگٹن نے دوبارہ مذاکرات کی بات شروع کی۔
    ‎عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کو امریکا پر کوئی اعتماد نہیں کیونکہ ماضی کے تجربات نے ثابت کیا ہے کہ امریکی پالیسیوں میں تسلسل موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہمارے پاس امریکا پر اعتبار کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔”
    ‎ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے مسئلے کا کوئی عسکری حل نہیں اور تہران برسوں سے امریکی پابندیوں اور دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ “ایرانی صرف عزت کی زبان سمجھتے ہیں، جو چیز جنگ کے ذریعے حاصل نہیں ہو سکی وہ مذاکرات سے بھی حاصل نہیں کی جا سکتی۔”
    ‎عباس عراقچی کے مطابق امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے سے پہلے تمام معاملات کو واضح کرنا ضروری ہوگا کیونکہ موجودہ مذاکراتی عمل میں اعتماد کا شدید فقدان موجود ہے۔
    ‎پاکستان کی ثالثی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوششیں اب تک ناکام نہیں ہوئیں، تاہم مذاکرات ایک مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس کی بڑی وجہ امریکی رویہ اور دونوں ممالک کے درمیان موجود عدم اعتماد ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ایران ہر اس ملک کی سفارتی کوشش کو سراہتا ہے جو خطے میں امن کے قیام میں مدد دینا چاہتا ہو۔

  • ایمان کی طاقت نے ایرانی طیارے کو امریکی دفاعی حصار تک پہنچایا، ایرانی آرمی چیف

    ایمان کی طاقت نے ایرانی طیارے کو امریکی دفاعی حصار تک پہنچایا، ایرانی آرمی چیف

    ‎ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایمان اور عزم کی طاقت ہی تھی جس نے ایک ایرانی F-5 لڑاکا طیارے کو امریکی افواج کے کویت میں موجود ٹھکانوں کے قریب تک پہنچنے کے قابل بنایا، حالانکہ وہاں جدید زمینی اور فضائی دفاعی نظام موجود تھے۔
    ‎ایرانی میڈیا کے مطابق میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج اپنی پوری قوت اور صلاحیت کے ساتھ ملک کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور آزادی کا دفاع جاری رکھیں گی۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج کسی بھی خطرے یا جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور دشمن کو یہ پیغام دیا جا چکا ہے کہ ایران کے دفاع میں کوئی کمزوری نہیں۔
    ‎آرمی چیف نے کہا کہ “ہم ایرانی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ مقدس مشن اپنی تمام تر توانائی، وسائل اور خون کے آخری قطرے تک جاری رکھا جائے گا، اور ان شاء اللہ مکمل فتح حاصل ہوگی۔”
    ‎انہوں نے ایرانی عوام کے جذبے، اتحاد اور حمایت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کی طاقت اور حوصلہ ہی ایران کی سب سے بڑی قوت ہے۔
    ‎دفاعی ماہرین کے مطابق میجر جنرل امیر حاتمی کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور آبنائے ہرمز سمیت مختلف علاقوں میں فوجی تناؤ برقرار ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اپنی عسکری صلاحیت اور دفاعی تیاریوں کو اجاگر کر کے خطے میں اپنے مخالفین کو واضح پیغام دینا چاہتا ہے کہ کسی بھی ممکنہ کارروائی کا سخت جواب دیا جائے گا۔

  • ‎لاہور میں مارکیٹوں کے اوقات کار میں یکم جون تک نرمی

    ‎لاہور میں مارکیٹوں کے اوقات کار میں یکم جون تک نرمی

    ‎ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے لاہور کی مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے اوقات کار میں یکم جون تک نرمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت دکانیں، مالز اور مارکیٹس رات 10 بجے تک کھلی رکھی جا سکیں گی۔
    ‎ڈی سی لاہور نے اپنے پیغام میں کہا کہ نئے اوقات کار کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے تاکہ بڑی عید سے قبل تاجروں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
    ‎حکام کے مطابق پہلے کاروباری مراکز کو رات 8 بجے بند کرنے کی پابندی تھی، تاہم تاجر برادری کے دیرینہ مطالبے پر اس فیصلے میں نرمی کرتے ہوئے کاروباری اوقات میں توسیع کی گئی ہے۔
    ‎ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد معاشی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانا اور عیدالاضحیٰ سے قبل خریداری کیلئے شہریوں کو بہتر سہولت دینا ہے۔
    ‎انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹوں کے نئے اوقات کار کے فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
    ‎تاجر تنظیموں نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوقات کار میں توسیع سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور تاجروں کو عید سیزن میں بہتر کاروبار کا موقع ملے گا۔
    ‎شہریوں کی جانب سے بھی فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ گرمی کے موسم میں زیادہ تر لوگ رات کے اوقات میں خریداری کو ترجیح دیتے ہیں۔
    ‎ضلعی انتظامیہ کے مطابق یکم جون تک مارکیٹس، مالز اور کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، جبکہ سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو بھی مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

  • سونے کی قیمت میں بڑی کمی

    سونے کی قیمت میں بڑی کمی

    ‎ملک بھر میں سونے کی قیمت میں آج بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد صرافہ بازاروں میں خریداروں کی توجہ ایک بار پھر سونے کی جانب بڑھ گئی ہے۔
    ‎آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 15 ہزار 500 روپے کی نمایاں کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 76 ہزار 862 روپے ہو گئی ہے۔
    ‎اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 13 ہزار 289 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 8 ہزار 832 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
    ‎صرافہ بازار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت 155 ڈالر کم ہو کر 4545 ڈالر فی اونس پر آ گئی ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق عالمی معاشی صورتحال، امریکی ڈالر کی قدر اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے رجحانات میں تبدیلی سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر ڈال رہے ہیں۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کے بعد مقامی مارکیٹ میں خریداری میں کچھ بہتری آ سکتی ہے، خاص طور پر شادی سیزن کے باعث زیورات کی طلب دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے۔
    ‎دوسری جانب جیولرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث خریدار اور سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
    ‎معاشی ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مقامی سطح پر بھی مزید کمی دیکھی جا سکتی ہے۔