وفاقی وزیر عطاء تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے بچوں کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور انہیں ویزہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
عید پر بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کرائی جائے گی،
عطا تارڑ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو پاکستان آنے کی اجازت ہوگی اور انہیں ویزا درکار نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بچے پاکستان آتے ہیں تو انہیں ملکی قوانین کی پابندی کرنا ہوگی، جبکہ بانی کے بیٹے نائیکوپ کارڈ پر پاکستان آئیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی کے صاحبزادے پاکستانی شہری ہیں اور این آئی سی او پی رکھتے ہیں۔
Author: Aqsa Younas Rana

عمران خان کے بچوں کو پاکستان آنے کی اجازت، ویزہ درکار نہیں

خلیجی ممالک کے دفاع کے لیے یوکرینی ماہرین کی تعیناتی، زیلنسکی کا انکشاف
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے ڈرون حملوں کے خلاف دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے دو سو سے زائد یوکرینی فوجی ماہرین مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں تعینات کیے جا چکے ہیں۔
برطانوی پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ یوکرینی ٹیمیں پہلے ہی متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ مزید ماہرین کویت روانہ کیے جا رہے ہیں تاکہ خطے میں دفاعی صلاحیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یوکرین نے حالیہ برسوں میں ڈرون حملوں کے خلاف مؤثر دفاعی تجربہ حاصل کیا ہے، جس کی وجہ سے دیگر ممالک بھی اس مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امریکا سمیت گیارہ ممالک نے حالیہ ہفتوں کے دوران خلیجی ممالک پر ہونے والے ایرانی شاہد ڈرون حملوں سے نمٹنے کے لیے یوکرین سے مدد طلب کی ہے۔
افغانستان میں کارروائیاں، پاکستان نے بھارتی بیان مسترد کر دیا
پاکستان نے افغانستان میں جاری کارروائیوں کے تناظر میں بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جس میں بھارت کی سرپرستی کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارت کا مؤقف کھلی منافقت اور دہرا معیار ظاہر کرتا ہے، جبکہ پاکستان اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
حکام کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔
ایران کا دعویٰ، ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر امریکی و اسرائیلی حملہ
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں اس کے بڑے ساؤتھ پارس گیس فیلڈ اور اس سے منسلک اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق خلیجی علاقے عسلویہ میں واقع تیل اور پیٹروکیمیکل تنصیبات بھی ان حملوں کی زد میں آئیں، جہاں اہم توانائی کا انفراسٹرکچر موجود ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ان حملوں کی باضابطہ تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ جاری کشیدگی کے دوران پہلا موقع ہوگا جب ایران کی تیل و گیس کی بنیادی تنصیبات کو براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے ممکنہ اثرات عالمی توانائی منڈی پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ساؤتھ پارس گیس فیلڈ دنیا کے بڑے گیس ذخائر میں شمار ہوتا ہے اور یہ ایران اور قطر کے مشترکہ کنٹرول میں ہے، جس کی اسٹریٹجک اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔
سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہ آیا، عید الفطر جمعہ 20 مارچ کو ہوگی
سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ عید الفطر جمعہ 20 مارچ کو منائی جائے گی۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مملکت کے مختلف شہروں میں قائم آبزرویٹریوں میں اجلاس منعقد ہوئے، جبکہ سعودی سپریم کورٹ نے عوام سے بھی چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔
تاہم ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی مصدقہ شہادت موصول نہ ہو سکی۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے تمام آبزرویٹریوں اور رویت ہلال کمیٹیوں سے ملنے والی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد باضابطہ اعلان کیا کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کے 30 روزے مکمل کیے جائیں گے۔
اعلان کے مطابق جمعہ 20 مارچ کو یکم شوال 1447 ہجری ہوگی اور اسی روز ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی۔
بیروت پر اسرائیلی فضائی حملے، 14 منزلہ عمارت تباہ، متعدد ہلاکتیں
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مرکزی علاقوں پر شدید فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں ایک 14 منزلہ عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق آج ہونے والے حملوں میں اب تک 12 افراد جاں بحق جبکہ 41 زخمی ہو چکے ہیں، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بشورا کے علاقے میں ایک بڑا فضائی حملہ کیا گیا، جبکہ زقاق البلاط کے گنجان آباد علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں بغیر کسی پیشگی انتباہ کے بمباری کی گئی، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واضح رہے کہ لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 800 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو کر نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
عید الفطر کے احترام میں آپریشن غضب للحق عارضی طور پر معطل
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کے احترام میں آپریشن غضب للحق کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق یہ فیصلہ اسلامی تہوار کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، جبکہ برادر اسلامی ممالک کی درخواست کو بھی پیش نظر رکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب، ترکیے اور قطر کی جانب سے کی گئی درخواستوں کے بعد کارروائیوں کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق یہ آپریشن آج رات سے لے کر 23 اور 24 مارچ کی درمیانی رات تک روکا جائے گا، جس کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
سعودی ویزہ فراڈ: نوجوان گرفتار، والدین انصاف کے لیے پریس کلب پہنچ گئے
کراچی کے علاقے بنارس کے رہائشی 22 سالہ ابراہیم کو مبینہ طور پر ایجنٹ کی جانب سے سعودی عرب کے ایگریمنٹ ویزے کے نام پر دھوکہ دے کر بیرونِ ملک بھجوا دیا گیا، جہاں وہ بعد ازاں گرفتار ہو گیا۔
متاثرہ نوجوان کے والدین انصاف کے حصول کے لیے پریس کلب پہنچ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایجنٹ نے ساڑھے سات لاکھ روپے لے کر دو سالہ ورک ایگریمنٹ ویزہ دینے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اگست 2025 میں جب ابراہیم کو سعودی عرب بھیجا گیا تو وہ ویزہ دراصل وزٹ ویزہ نکلا۔
والدین کے مطابق ابراہیم کو ابتدا میں ایک جگہ مزدوری پر رکھا گیا، لیکن کچھ عرصے بعد اسے نکال دیا گیا جس کے بعد وہ کئی دن تک بے سہارا گھومتا رہا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ اسے سعودی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
متاثرہ خاندان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کو فوری طور پر وطن واپس لایا جائے اور ملوث ایجنٹ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ دیگر شہری ایسے فراڈ سے محفوظ رہ سکیں۔
یومِ پاکستان پریڈ منسوخ، سادگی سے تقاریب منانے کا فیصلہ
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی مرکزی پریڈ اور اس سے متعلق تمام بڑی تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر یومِ پاکستان کو سادگی اور وقار کے ساتھ منانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکومتی ہدایات کے مطابق اس موقع پر صرف محدود اور سادہ نوعیت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں پرچم کشائی کی تقاریب شامل ہوں گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یومِ پاکستان کو سادہ مگر باوقار انداز میں منائیں اور اس دن کے نظریات اور پیغام کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق محدود تقریبات کے باوجود اس دن کی اہمیت کو برقرار رکھا جائے گا اور قوم کو اس کے حقیقی مقصد سے روشناس کرایا جائے گا۔
ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی پر ایک شخص کو سزائے موت
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ایران نے جاسوسی کے مقدمات میں عدالتی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور سکیورٹی سے متعلق کیسز میں سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔








