Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • 
آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں ملالہ یوسفزئی کی تصویر آویزاں

    
آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں ملالہ یوسفزئی کی تصویر آویزاں

    
نوبل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کی تصویر آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں آویزاں کر دی گئی، یہ اعزاز بینظیر بھٹو کے بعد دیا جانے والا دوسرا اہم اعزاز ہے۔ اس موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ملالہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان لڑکیوں اور خواتین کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہے ہیں۔
    ملالہ نے مزید کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف ہے، اور بین الاقوامی برادری کو انسانی حقوق کی بنیاد پر طالبان پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔
    ‎ملالہ یوسفزئی نے ایل ایم ایچ سے فلسفہ، سیاست اور معیشت میں تعلیم حاصل کی اور 2020 میں گریجویشن کی۔ وہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے عالمی سطح پر معروف کارکن ہیں اور 2014 میں نوبل امن انعام حاصل کرنے والی سب سے کم عمر شخصیت بنی تھیں۔
    ‎ملالہ کو 2024 میں ایل ایم ایچ کی آنرری فیلو بھی منتخب کیا گیا تھا اور وہ آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے مشاورتی ادارے کی رکن بھی ہیں، جو آکسفورڈ اور پاکستان کے درمیان علمی روابط اور اسکالرشپ مواقع فراہم کرتا ہے۔
    ‎اس موقع پر پورٹریٹ پینٹر ازابیلا واٹلنگ نے کہا کہ ملالہ کا پورٹریٹ بنانا ایک بہت بڑا اعزاز تھا اور انہوں نے تصویر میں ملالہ کی طاقت اور وقار کو پیش کرنے کی کوشش کی۔ ملالہ نے کہا کہ یہ اعزاز دیگر لوگوں کے لیے دروازے کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا اور یہ یاد دہانی ہے کہ وادی سوات کی ایک لڑکی یہاں اپنی جگہ رکھتی ہے، اور ہر لڑکی، چاہے وہ پاکستان، افغانستان یا کہیں بھی سے ہو، کی بھی یہاں اپنی جگہ ہے۔

  • 
کرپشن پرسیپشن انڈیکس 2025: پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری

    
کرپشن پرسیپشن انڈیکس 2025: پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری

    
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پرسیپشن انڈیکس (CPI) 2025 جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پاکستان کے کرپشن کے تاثر میں واضح بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق 2024 کے مقابلے میں پاکستان کا مجموعی اسکور ایک پوائنٹ بڑھ کر 28 تک پہنچ گیا ہے، جبکہ عالمی درجہ بندی میں پاکستان ایک درجہ بہتری کے ساتھ 136 ویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔
    ‎ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران گڈ گورننس اور مسلسل ادارہ جاتی اصلاحات کے باعث پاکستان کے مجموعی اسکور میں بہتری کا رجحان برقرار رہا ہے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان میں نہ صرف پبلک سیکٹر اور انتظامی بدعنوانی کے اشاریوں میں بہتری آئی ہے بلکہ قانون ساز اداروں اور عدلیہ میں بدعنوانی کے تاثر میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق 2025 میں کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے لیے 182 ممالک کا سروے کیا گیا، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 180 تھی۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق 2021 سے 2025 کے دوران پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں مجموعی طور پر چار درجے بہتری آئی ہے۔
    ‎ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے دسمبر 2025 میں جاری کی گئی سالانہ رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ تین میں سے دو پاکستانی شہریوں کو سرکاری اداروں میں کبھی بدعنوانی یا بے ضابطگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، جو کرپشن کے تاثر میں کمی کی عکاسی کرتا ہے۔

  • 
ناسا کی نئی پالیسی، خلا بازوں کو اپنے ذاتی اسمارٹ فون خلا میں لے جانے کی اجازت

    
ناسا کی نئی پالیسی، خلا بازوں کو اپنے ذاتی اسمارٹ فون خلا میں لے جانے کی اجازت

    ‎امریکی خلائی ادارے ناسا نے تاریخ میں پہلی بار خلا بازوں کو اپنے ذاتی اسمارٹ فونز خلا میں لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس پالیسی میں تبدیلی کا اطلاق کریو 12 اور آرٹیمس 2 مشنز سے ہوگا۔
    ‎کریو 12 مشن فروری 2026 کے وسط میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن روانہ کیا جائے گا، جبکہ آرٹیمس 2 مشن مارچ 2026 میں چاند کے مدار کی جانب روانگی کے لیے شیڈول ہے۔ نئی پالیسی کے تحت خلا باز جدید آئی فون اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز اپنے ساتھ لے جا سکیں گے۔
    ‎اس سے قبل ناسا خلا بازوں کو صرف ادارے کی جانب سے فراہم کردہ ڈی ایس ایل آر اور گو پرو کیمرے استعمال کرنے کی اجازت دیتا تھا، جن میں سے بیشتر پرانے ماڈلز تھے اور جن سے تصاویر یا ویڈیوز فوری طور پر شیئر کرنا ممکن نہیں تھا۔
    ‎ناسا کے منتظم جیراڈ آئزک مین کے مطابق اس فیصلے سے خلا باز زمین سے باہر اپنے تجربات زیادہ آسانی سے ریکارڈ کر سکیں گے اور تصاویر و ویڈیوز براہِ راست عوام کے ساتھ شیئر کر پائیں گے۔ انہوں نے ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ یہ قدم خلا بازوں کو اپنے خاندانوں کے لیے خصوصی لمحات محفوظ کرنے کے ساتھ دنیا سے جڑنے کا موقع فراہم کرے گا۔
    ‎ناسا کا کہنا ہے کہ ذاتی اسمارٹ فونز کی اجازت مستقبل میں زمین کے مدار اور چاند پر ہونے والے سائنسی تجربات میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ جیراڈ آئزک مین کے مطابق یہ فیصلہ روایتی سوچ سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی کو خلائی مشنز کا حصہ بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

  • 
وزیراعظم شہباز شریف کی قومی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کی اجازت

    
وزیراعظم شہباز شریف کی قومی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کی اجازت

    
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی قبولیت اور آئی سی سی کی جانب سے طے شدہ شرائط مانے جانے کے بعد کیا گیا۔

    ‎حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دوست ممالک کی درخواستوں اور سفارتی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے منظوری دی۔ فیصلے کا مقصد کھیل کے جذبے کو برقرار رکھنا اور عالمی سطح پر کرکٹ کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔‎حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اصولی مؤقف کے ساتھ اپنے تحفظات آئی سی سی کے سامنے رکھے، جس کے بعد معاملات طے پائے اور قومی ٹیم کی شرکت کی راہ ہموار ہوئی۔

    پاکستان کے موقف کی جیت،حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کیساتھ میچ کھیلنے کی اجازت دے دی،پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شیڈول کے مطابق ہوگا،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 15 فروری کو شیڈول ہے،

    قبل ازیں وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے باضابطہ طور پر اُن اعلیٰ سطحی مشاورتوں کے نتائج سے آگاہ کیا گیا ہے جو پی سی بی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے نمائندوں کے درمیان منعقد ہوئیں۔حکومتِ پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو ارسال کی گئی باضابطہ درخواستوں کا، نیز سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کی جانب سے موصول ہونے والی تائیدی مراسلت کا بھی جائزہ لیا۔ ان خط و کتابت میں حالیہ درپیش چیلنجز کے قابلِ عمل حل کے لیے پاکستان کے قائدانہ کردار کی درخواست کی گئی تھی۔

    حکومت نے بی سی بی کے صدر جناب امین الاسلام کے بیان کا بھی نوٹس لیا۔ برادر ملک کی جانب سے اظہارِ تشکر کو نہایت خلوص اور گرمجوشی سے قبول کیا جاتا ہے۔ پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔آج شام وزیرِاعظم نے سری لنکا کے صدر عزت مآب انورا کمارا ڈسانائیکے سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ خوشگوار اور دوستانہ بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس امر کو یاد کیا کہ پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ بالخصوص مشکل اوقات میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ سری لنکن صدر نے وزیرِاعظم سے درخواست کی کہ موجودہ تعطل کے خوش اسلوبی سے حل کے لیے سنجیدگی سے غور کیا جائے۔کثیرالجہتی مشاورت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی پیش رفت اور دوست ممالک کی درخواستوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے، حکومتِ پاکستان پاکستان نیشنل کرکٹ ٹیم کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے شیڈول میچ میں شرکت کے لیے میدان میں اترے۔مزید برآں، یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ اور اس عالمی کھیل کے تسلسل کو تمام شریک ممالک میں برقرار رکھنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

  • 
اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال پہ اجلاس، سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

    
اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال پہ اجلاس، سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

    ‎اسلام آباد میں امن و امان کی صورتِ حال کا جائزہ لینے اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف کمشنر اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی نے کی۔
    ‎اجلاس میں مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کی کڑی نگرانی اور ان سے متعلق مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر مانیٹرنگ مزید سخت کرنے اور اسلام آباد میں آمد و رفت کی نگرانی کے لیے جدید نظام متعارف کرانے پر اتفاق کیا۔
    ‎آئی جی اسلام آباد پولیس نے کہا کہ شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور فورس چوبیس گھنٹے سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپلومیٹک انکلیو اور ریڈ زون سمیت پورے شہر میں سیکیورٹی مزید بہتر بنائی جا رہی ہے جبکہ سیف سٹی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔
    ‎اجلاس میں بتایا گیا کہ شہری علاقوں میں گھر گھر سروے مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں یہ عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہر کے داخلی راستوں پر نگرانی بڑھانے اور گشت میں اضافے پر بھی زور دیا گیا تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

  • 
کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں جعلی ادویات کی فیکٹری پر چھاپہ

    
کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں جعلی ادویات کی فیکٹری پر چھاپہ

    ‎شہر قائد کراچی میں پولیس نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں جعلی ادویات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور بھاری مقدار میں جعلی ادویات برآمد کر لیں۔
    ‎پولیس کے مطابق فیکٹری کا مالک صدیق اور اس کا بیٹا زید فرار ہو گئے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ یہ دونوں طویل عرصے سے فیکٹری چلا کر جعلی ادویات تیار کر رہے تھے۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا گیا۔
    ‎تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ جعلی ادویات کے استعمال سے انسانی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

  • 
اسلام آباد اور راولپنڈی میں دھماکا خیز فلئیر گیس کی غیر قانونی فروخت کا انکشاف

    
اسلام آباد اور راولپنڈی میں دھماکا خیز فلئیر گیس کی غیر قانونی فروخت کا انکشاف

    ‎وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں پابندی کے باوجود دھماکا خیز فلئیر گیس کی غیر قانونی فروخت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کے ایکسپلوسو ڈیپارٹمنٹ کی واضح ہدایات کے باوجود 28 سی این جی اسٹیشنز پر یہ گیس غیر قانونی طور پر بیچی جا رہی ہے۔
    ‎اوگرا کے قوانین کے مطابق فلئیر گیس صرف بھٹوں اور صنعتی اداروں کو فراہم کی جا سکتی ہے، کیونکہ یہ انتہائی دھماکا خیز ہے اور کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی تقریباً 1200 اسٹیشنز پر فلئیر گیس کی غیر قانونی فروخت کی جا رہی ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق فلئیر گیس کے غیر قانونی استعمال سے نہ صرف خطرناک دھماکے کا خدشہ ہوتا ہے بلکہ یہ گاڑیوں کے انجن اور ماحول کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ ڈائریکٹر ایکسپلوسو کے مطابق متعدد اسٹیشنز کے لائسنس کینسل کر دیے گئے تھے، تاہم عدالت سے حاصل کردہ سٹے آرڈرز کے تحت وہ اب بھی کام کر رہے ہیں۔

  • یورپی یونین اور مسلم ممالک کی اسرائیلی اقدامات کی مذمت

    یورپی یونین اور مسلم ممالک کی اسرائیلی اقدامات کی مذمت

    ‎مقبوضہ مغربی کنارے میں کنٹرول بڑھانے اور مزید غیر قانونی بستیوں کی راہ ہموار کرنے کے لیے اسرائیل کے حالیہ اقدامات پر یورپی یونین اور متعدد مسلم ممالک نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
    ‎یورپی یونین کے ترجمان انوار الانونی نے صحافیوں کو بتایا کہ "مغربی کنارے میں اسرائیلی کنٹرول بڑھانے کے لیے سیکیورٹی کابینہ کے حالیہ فیصلے غیر قانونی اور غلط سمت میں ایک اور قدم ہیں۔”
    ‎اسی طرح سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر، انڈونیشیا، پاکستان، مصر اور ترکی نے بھی مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی بستیوں کے قیام اور کنٹرول بڑھانے کی پالیسیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
    ‎سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ "یہ ممالک اسرائیل کے غیر قانونی فیصلوں اور مقبوضہ سرزمین پر خودمختاری نافذ کرنے کے اقدامات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔”
    ‎بین الاقوامی قوانین کے تحت یہ اقدامات غیر قانونی قرار دیے جاتے ہیں اور عالمی سطح پر فلسطینی علاقوں کی قانونی حیثیت کے حوالے سے تشویش بڑھا رہے ہیں۔

  • 
سپریم لیڈر خامنہ ای نے 37 برس میں  پہلی بار ایئر فورس کمانڈوز سےملاقات کیوں نہ کی؟

    
سپریم لیڈر خامنہ ای نے 37 برس میں پہلی بار ایئر فورس کمانڈوز سےملاقات کیوں نہ کی؟

    ‎ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار 37 سالہ روایت توڑتے ہوئے 8 فروری کو ایئر فورس کمانڈروں کے ساتھ ہونے والی سالانہ ملاقات میں شرکت نہیں کی۔
    ‎اتوار کے روز ہونے والے اجلاس میں خامنہ ای کی غیر موجودگی میں مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف عبدالرحیم موسوی نے ایئر فورس کمانڈروں سے ملاقات کی۔ یہ اجلاس ہر سال 8 فروری کو منایا جاتا ہے تاکہ 1979 میں فضائیہ کے افسران کی روح اللہ خمینی کے ساتھ وفاداری کی یاد تازہ کی جائے۔
    ‎سپریم لیڈر کی اس غیر معمولی غیر حاضری نے سوالات پیدا کر دیے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب تہران اور واشنگٹن کے تعلقات کشیدہ ہیں اور امریکہ خطے میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا رہا ہے۔

  • 
پاکستان میں پہلی آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام، اے آئی کے دور میں تاریخی پیش رفت

    
پاکستان میں پہلی آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام، اے آئی کے دور میں تاریخی پیش رفت

    ‎پاکستان میں پہلی آئی ٹی یونیورسٹی قائم کر دی گئی ہے، جسے ملکی تعلیمی اور تکنیکی شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس یونیورسٹی کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے میدان میں جدید تعلیم، تحقیق اور مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔
    ‎وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نوجوانوں کو مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا دور شروع ہو چکا ہے اور پاکستان اس میدان میں پیچھے نہیں رہے گا۔
    ‎وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت آئی ٹی، ڈیجیٹل اکانومی اور جدت پر مبنی تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد بنا رہی ہے، تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں اور پاکستان عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔