خیبر پختونخوا میں آبی پرندوں کے شکار کا سیزن 15 فروری سے شروع ہو رہا ہے، جو 15 مارچ تک جاری رہے گا، تاہم اس کے لیے محکمہ وائلڈ لائف نے چند شرائط پر سختی سے عمل درآمد کو لازمی قرار دیا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے اعلامیے کے مطابق شکار کے لیے باقاعدہ شوٹنگ لائسنس ضروری ہوگا، جس کی فیس 6 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ شکار کی اجازت صرف ہفتہ اور اتوار کو دی جائے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایک شکاری کو ایک دن میں زیادہ سے زیادہ پانچ آبی پرندوں کے شکار کی اجازت ہوگی، جبکہ ایم پی تھری یا کسی بھی الیکٹرانک آلے کے ذریعے شکار مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق لوئر اور اپر چترال کے چند علاقوں میں شکار پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ شندور جھیل، بروغل، تورکھو اور دیگر مخصوص مقامات پر بھی آبی پرندوں کا شکار ممنوع رہے گا۔
محکمہ وائلڈ لائف نے شکاریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام حکومتی قواعد و ضوابط پر عمل کریں، خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Author: Aqsa Younas Rana

پرندوں کا شکار کب سے شروع ہوگا؟

تین بہنیں عمارت سے گر کر جاں بحق، بچوں کی حفاظت پر تشویش
انڈیا کے شہر غازی آباد کے شالیمار گارڈن علاقے میں تین نو عمر بہنوں کی موت نے بچوں کی پرورش اور والدین کی ذمہ داریوں پر ایک بار پھر بحث کو جنم دیا ہے۔
واقعہ چار فروری کو پیش آیا جب ٹیلا موڑ پولیس سٹیشن کی حدود میں رہائشی سوسائٹی میں تینوں لڑکیاں ایک عمارت سے گر گئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور انہیں فوری طور پر لونی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
شالیمار گارڈن کے اسسٹنٹ کمشنر اتل کمار سنگھ نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ موت کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کیا جا سکے۔ یہ واقعہ بچوں کی حفاظت اور والدین کی نگرانی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
میٹرک کے امتحانات 10 فروری سے شروع ، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں میٹرک کے امتحانات 10 فروری 2026 سے شروع ہوں گے۔ انہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر باضابطہ اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ امتحانات کے دوران نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی قسم کی بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نقل کے خاتمے کے لیے پولیس، ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ تعلیم باہمی رابطے سے کام کریں گے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم سمیت تمام شعبوں میں بلوچستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہے اور اس مقصد کے لیے سخت فیصلے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات سامنے آئے، جنہیں پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ، گوادر، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران اور پسنی سمیت مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں کے بعد تین روزہ آپریشن کے دوران پاک فوج، فرنٹیئر کانسٹیبلری، پولیس اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے 22 اہلکار شہید ہوئے، جبکہ 197 دہشت گرد مارے گئے۔
یونیسف کی ترلائی مسجد حملے میں بچوں کی شہادت پر شدید مذمت
یونیسف نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد پر ہونے والے خودکش حملے میں بچوں کی شہادت کو انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورت میں بچوں کو تشدد یا حملوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
یونیسف کے مطابق بچوں کا قتل ان کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور عالمی قوانین کے منافی ہے۔ ادارے نے متاثرہ خاندانوں اور مقامی برادریوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنانے پر زور دیا۔
یاد رہے کہ ترلائی کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 6 بچے شہید ہوئے تھے، جبکہ مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 33 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ترلائی کلاں امام بارگاہ خودکش حملے کے داعش افغان ماسٹر مائنڈ سمیت چار سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور اور نوشہرہ میں کارروائیاں کیں، جہاں سے حملے کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری میں ملوث افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی، تربیت اور ذہن سازی افغانستان میں داعش کی جانب سے کی گئی۔
ایمبینٹے اور پیپر ورلڈ فرینکفرٹ 2026 کا آغاز
ایمبینٹے اور پیپر ورلڈ فرینکفرٹ 2026 کے افتتاح کے ساتھ 6 فروری کو عالمی صارف اشیا کے سیزن کا باضابطہ آغاز ہو گیا، جو میسے فرینکفرٹ میں 10 فروری تک جاری رہے گا۔ یہ نمائش دنیا کی بڑی بین الاقوامی صارف اشیا تجارتی نمائشوں میں شمار کی جاتی ہے، جہاں عالمی خریدار، سپلائرز اور صنعت سے وابستہ ماہرین اکٹھے ہو کر آئندہ سال کے لیے سورسنگ اور ڈیزائن کے رجحانات طے کرتے ہیں۔
اس سال نمائش کا دائرہ پہلے کے مقابلے میں وسیع ہے، کیونکہ پیپر ورلڈ کے تمام شعبوں کو ایمبینٹے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس توسیع سے آفس سپلائیز، اسٹیشنری، کاغذ اور تخلیقی مصنوعات کے شعبوں میں نئے کاروباری مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
پاکستانی نمائش کنندگان، جن میں ڈالر انڈسٹریز بھی شامل ہے، کے لیے یہ پلیٹ فارم عالمی خریداروں تک براہِ راست رسائی فراہم کر رہا ہے، خاص طور پر ان خریداروں کے لیے جو جدت، پائیداری اور ڈیزائن پر مبنی مصنوعات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
پاکستان اس نمائش میں 12 نمائش کنندگان کے ساتھ شریک ہے، جو صارف اشیا کی تیاری میں ملک کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) ان میں سے 6 کمپنیوں کی معاونت کر رہی ہے۔
بسنت سے معاشی سرگرمیوں میں بڑا اضافہ
لاہور میں بسنت کا تہوار بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں شہر بھر میں جشن کا سماں ہے، آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھرا ہوا ہے اور فضا میں بوکاٹا کے نعرے گونج رہے ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک سے بسنت منانے کے لیے آنے والے سیاحوں کی بڑی تعداد کے باعث ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں کمرے نایاب ہو گئے ہیں، جبکہ شہر بھر میں روایتی کھانوں کی مانگ بھی عروج پر ہے۔
بسنت نے نہ صرف اہلِ لاہور کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں بلکہ مقامی کاروبار کو بھی نمایاں فروغ دیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے لاہور کے بیشتر ہوٹل مکمل طور پر بک ہیں۔
لاہور ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر گلریز خٹک کے مطابق بسنت فیسٹیول اب بین الاقوامی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور تہوار کے دوران کیے گئے انتظامات کو سراہا جا رہا ہے، جن کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو جاتا ہے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوران مجموعی معاشی سرگرمی 20 ارب روپے سے تجاوز کر سکتی ہے، جس میں سیاحت، ہوٹل انڈسٹری، ٹرانسپورٹ، خوراک اور مقامی تجارت کا بڑا حصہ شامل ہے۔
پتنگوں، ڈور اور دیگر متعلقہ سامان کی فروخت سے چھوٹے تاجروں، فروشوں، ڈرائیورز اور سپلائرز کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے، جبکہ بسنت سیزن کے لیے ایک ہزار سے زائد کاروباری افراد نے رجسٹریشن کروائی۔
ماہرین کے مطابق اس تہوار کے باعث کاغذ، بانس، دھاگہ، پیکیجنگ، خوراک اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف سپلائی چینز میں اربوں روپے کی کاروباری سرگرمیاں پیدا ہو رہی ہیں اور ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں۔
مریم نواز کا خصوصی اجلاس، لاہور میں ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار پیش
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ نگرانی خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت کی دو روزہ رپورٹ پیش کی۔
بریفنگ کے مطابق لاہور میں تین روز کے دوران 9 لاکھ گاڑیوں کی انٹری ریکارڈ ہوئی۔ اورنج لائن اور سرکاری بسوں پر دو دن میں تقریباً 14 لاکھ مسافروں نے مفت سفر کیا، جس میں جمعہ کو اورنج ٹرین پر 2 لاکھ 99 ہزار اور ہفتے کو 3 لاکھ 5 ہزار مسافر شامل تھے۔
میٹرو بس پر جمعہ کو ایک لاکھ 43 ہزار اور ہفتے کو ایک لاکھ 35 ہزار مسافروں نے سفر کیا، جبکہ اسپیڈو فیڈر بسوں پر جمعہ کو ایک لاکھ 74 ہزار اور ہفتے کو ایک لاکھ 82 ہزار مسافروں نے مفت سروس استعمال کی۔
بسنت کا رنگا رنگ جشن، پتنگ بازی کا سامان دو ارب روپے سے زائد میں فروخت
لاہور میں تین روزہ بسنت کا تہوار بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں پنجاب حکومت کی مشروط اجازت کے بعد شہر بھر میں ثقافتی جشن کا سماں ہے۔ زندہ دلانوں کے شہر میں دن رات آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھرا ہوا ہے اور چھتوں پر میلوں جیسا ماحول دکھائی دے رہا ہے۔
بسنت کے دوران گھروں کی چھتوں پر موسیقی، قہقہے اور بوکاٹا کے نعرے گونجتے رہے، جبکہ شہریوں نے روایتی انداز میں تہوار کا بھرپور لطف اٹھایا۔
صدر ڈسٹرکٹ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن شیخ سلیم کے مطابق یکم سے 7 فروری کے دوران لاہور میں بسنت کے لیے دو ارب روپے سے زائد کا پتنگ بازی کا سامان فروخت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف تین روزہ بسنت میں ہی تقریباً 50 کروڑ روپے کا سامان فروخت ہوا۔
شیخ سلیم نے بتایا کہ پتنگ اور ڈور کی تیاری اور ترسیل میں بدانتظامی کے باعث قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ برس بسنت کا اعلان کم از کم تین ماہ قبل کیا جائے تاکہ سپلائی بہتر بنائی جا سکے اور قیمتیں قابو میں رہیں۔
انہوں نے بسنت کے دوران حکومتی ایس او پیز پر مؤثر عملدرآمد پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی لاہور میں بسنت کی تقریبات میں شرکت
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بسنت کی تقریبات میں شرکت کے لیے لاہور کے دہلی گیٹ پہنچیں، جہاں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
بسنت کے موقع پر نیٹلی بیکر اور امریکی سفارتی وفد نے روایتی لباس زیب تن کیا اور پتنگ بازی میں حصہ لیا۔ ان خوشگوار لمحات میں لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔
تقریب کے دوران مریم اورنگزیب نے امریکی سفیر، قونصل جنرل اور انڈر سیکریٹری کو پتنگ اڑانے کے طریقے سکھائے اور بسنت کے حوالے سے کی گئی خصوصی سجاوٹ اور انتظامات سے آگاہ کیا۔
امریکی وفد نے پتنگ بازی کے ساتھ ساتھ لاہوری کھانوں، مقامی ثقافت اور پاکستانی مہمان نوازی کو بھی سراہا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ثقافتی سرگرمیاں قوموں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ بسنت جیسے تہوار پاکستان کی پُرامن اور مثبت شناخت کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر رسمی ماحول میں ہونے والی ایسی ملاقاتیں باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بناتی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ کا نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے پانچویں میچ میں انگلینڈ نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
دو بار کی عالمی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم حالیہ فارم کے ساتھ میدان میں اتری ہے، جو رواں ماہ کے آغاز میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں کلین سویپ کے بعد اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں شریک ہے۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں فل سالٹ، جوس بٹلر، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، ہیری بروک (کپتان)، سیم کرن، ول جیکس، لیام ڈاوسن، جوفرا آرچر، عادل رشید اور لیوک ووڈ شامل ہیں۔
دوسری جانب نیپال کی ٹیم پہلی بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں انگلینڈ کے مدمقابل آئی ہے۔ نیپال نے ایشیا اور ای اے پی کوالیفائرز میں شاندار کارکردگی کے بعد اس 20 ٹیموں کے میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا۔
نیپال کی پلیئنگ الیون میں کشال بھرتیل، آصف شیخ (وکٹ کیپر)، روہت پاوڈیل (کپتان)، دیپیندر سنگھ ایری، عارف شیخ، لوکیش بام، گلشن جھا، کرن کے سی، نندن یادو، سندیپ لامیچانے اور شیر ملا شامل ہیں۔









