Baaghi TV

Author: باغی بلاگز

  • شہید صفدر علی ، چیف جسٹس سے ازخود نوٹس کی اپیل۔ تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    شہید صفدر علی ، چیف جسٹس سے ازخود نوٹس کی اپیل۔ تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    22 فروری 2025 کا دن فیصل آباد کی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جب ایک عام، محنت کش نوجوان صفدر علی، پاپا نانا پیزا شاپ کے اندر بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔ شہادت ایک عظمت کا رتبہ ہے، جو اکثر ظالم کے ہاتھوں، بے گناہی کی سزا بن کر نصیب ہوتا ہے۔ صفدر علی کی شہادت نہ صرف ایک فرد کا نقصان ہے، بلکہ یہ ہمارے سماجی و عدالتی نظام کے ماتھے پر ایک نہ مٹنے والا دھبہ ہے۔
    صفدر علی نہ کوئی مجرم تھا، نہ کسی جھگڑے کا حصہ، نہ کسی ذاتی دشمنی کا شکار۔ وہ صرف پیزا لینے گیا تھا، تاکہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ایک خوشگوار لمحہ گزار سکے۔ مگر ظالموں نے اس کی مسکراہٹ کو گولیوں سے چھین لیا۔ ایف آئی آر نمبر 375/25 کے مطابق، پیزا شاپ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ بصویر نے مالک آصف کے اشتعال دلانے پر صفدر پر فائرنگ کی۔ وہ سڑک پر تڑپتا رہا، اور لوگ تماشائی بنے کھڑے رہے۔ پیزا شاپ کا مالک بھی قریب کھڑا تھا، مگر اس نے مدد کرنے کے بجائے تماشا دیکھا۔یہ صرف صفدر علی کی شہادت نہیں تھی، بلکہ یہ ہمارے ضمیر کی موت تھی۔ ایک زندہ انسان کے بے گناہ قتل پر معاشرہ خاموش رہا، نظامِ قانون خاموش رہا، اور وہ ادارے بھی خاموش رہے جو عوام کی حفاظت کے دعویدار ہیں۔مگر صفدر کے والد، حیدر علی، خاموش نہیں رہے۔ وہ اپنے بیٹے کی لاش کو دفن کرنے کے بعد انصاف کی راہوں پر نکل پڑے۔ انہوں نے تھانہ سمن آباد میں مقدمہ درج کروایا، قاتلوں کو نامزد کیا، مگر شہید حیدر علی کے والد کا کہنا ہے کہ قانون نے جیسے ان کے بیٹے کے خون پر سودا کر لیا ہو۔ ایس ایچ او امتیاز جپہ اور تفتیشی افسر ناصر عباس نے آصف کو دس دن مہمان بنا کر تھانے میں رکھا، ریمانڈ بھی نہ لیا، اور پھر "بے گناہ” قرار دے کر چھوڑ دیا۔یہ وہی ایس ایچ او ہے، جو اب اینٹی نارکاٹکس فورس کے ہاتھوں بھاری منشیات سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار ہو کر معطل ہو چکا ہے۔ حیدر علی کا کہنا ہے کہ کیا اب بھی یہ سوال باقی ہے کہ منشیات فروش ایس ایچ او کی زیر نگرانی تفتیشی ناصر عباس نے صفدر علی کے قاتل کو بے گناہ کیوں قرار دیا؟ کیا وہی ہاتھ جو منشیات بیچتے ہیں، قاتلوں کو بھی بچاتے ہیں؟

    صفدر علی کی شہادت، پاکستان کے اس نظامِ انصاف پر ایک سنگین سوال ہے، جو طاقتور کے سامنے جھک جاتا ہے، اور مظلوم کے دروازے بند کر دیتا ہے۔ آج حیدر علی دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لے کر چیف جسٹس پاکستان تک سب کو پکار رہے ہیں۔ وہ پوچھتے ہیں:”میرا بیٹا بے گناہ تھا، شہید ہوا۔ اس کا قاتل آزاد کیسے ہے؟”یہ سوال صرف حیدر علی کا نہیں، یہ ہر اس باپ کا ہے جس کا بیٹا ظلم کا نشانہ بن کر انصاف سے محروم ہو گیا۔ صفدر علی کی شہادت اس بات کی علامت ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں جی رہے ہیں جہاں عام آدمی کا خون پانی سے بھی سستا ہو چکا ہے، اور طاقتور کے لیے قانون فقط ایک تماشا بن گیا ہے۔
    اب ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا:
    کیا ہم صفدر علی کی شہادت کو یونہی فراموش کر دیں؟.کیا ہم حیدر علی کی فریاد کو در و دیوار سے ٹکرا کر خاموش ہونے دیں؟یا ہم سب اس باپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اور اس بے گناہ شہید کے لیے آواز بلند کریں گے؟.ہمیں اب خاموشی توڑنی ہوگی۔ہمیں درج ذیل اقدامات پر زور دینا ہوگا:1. شہید صفدر علی قتل کیس کی غیر جانبدارانہ، نئی تفتیش کا حکم دیا جائے – اعلیٰ پولیس افسران پر مشتمل شفاف تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے۔2. تھانہ سمن آباد کے ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے – امتیاز جپہ اور تفتیشی ناصر عباس جیسے اہلکاروں کے کردار کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔3. عدلیہ ازخود نوٹس لے – تاکہ یہ ثابت ہو کہ عدالتیں صرف طاقتور کے لیے نہیں، عام انسان کے لیے بھی ہیں۔4. پولیس اصلاحات کو فوری طور پر نافذ کیا جائے – سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد تفتیشی نظام بنایا جائے۔5. شہید صفدر علی کو ریاستی سطح پر انصاف دلایا جائے – تاکہ اس کی شہادت رائیگاں نہ جائے۔
    حکومت، ریاست اور ادارے اگر اب بھی نہ جاگے، تو آنے والے وقت میں صفدر علی جیسے معصوم شہید ہوتے رہیں گے، اور حیدر علی جیسے باپ انصاف کے لیے در بدر ہوتے رہیں گے۔
    صفدر علی ہم سب کا بیٹا ہے۔ اگر ہم نے آج اس کے لیےے آواز نہ اٹھائی، تو کل ہمارا اپنا بچہ بھی کسی پیزا شاپ کے اندرظلم کا نشانہ بن سکتا ہے۔کیا ہم شہید صفدر علی کے لیے کھڑے ہوں گے؟ یا ایک بار پھر خاموش تماشائی بنے رہیں گے ؟ شہید صفدر علی کے دکھی ماں باپ نےچیف جسٹس سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔۔۔!!

  • مکمل انسان .تحریر : شمائل عبداللہ

    مکمل انسان .تحریر : شمائل عبداللہ

    ہمارے معاشرے میں اکثر معذور افراد کو ” ایب نارمل ” کہا جاتا ہے لیکن دیکھا جائے تو یہ نامکمل انسان ہی حقیقت میں مکمل ہوتا ہے۔ کہ کبھی کسی معذور کی نظر میں حوس نہیں دیکھی گئی سوائے خواجہ سرا کے وہ بھی اس لئے کہ ان کی معذوری میں ذرا فرق ہے لیکن باوجود اس کے وہی اس چیز کا زیادہ شکار ہوئے کبھی کسی معذور نے ریپ نہیں کیا۔ اور تو اور کہیں کہیں لفظوں اور باتوں کو سمجھنے کا شعور بھی سب سے زیادہ انہی میں پایا گیا ۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ایک معذور کے احساس و جذبات کو نہ تو سمجھا گیا نہ لکھا گیا۔ ابھی پرسوں کی ہی بات ہے میں خبروں میں سن رہا تھا۔ ویسے تو میری دلچسپی نہیں ہے خبروں میں لیکن والد محترم لگاتے ہیں تو سن لیتا ہوں۔ دو بچے کنوئیں میں گر گئے تھے کوئی ان کی مدد کو نہ گیا سب کو اپنی جان بچانی تھی اور جنہوں نے انہیں بچایا وہ ایک معذور طبقہ تھا بغیر جان کی پرواہ کئے۔ اب بتائیے نامکمل کون؟ انسانیت کن میں ہے؟ حقیقی معذور کون؟ میں جب اس طرح کے واقعات دیکھتا ہوں تو کہانیوں پر یقین آنے لگتا ہے ہاں یہ الگ بات ہے کہ محبت سب کو ہوتی ہے شاید انہیں بھی ہو آخر کو وہ انسان تو ہیں؟ لیکن عام لوگوں کی طرح کی سوچ سے وہ پرے ہیں تو ایب نارمل کون ہوا؟ کئی مرتبہ دوست انہیں بھی چاہئیے ہوتے ہیں لیکن یہ اتنے باہمت ہوتے ہیں کہ اکیلے جی سکیں۔ ان کا واحد سہارا خدا اور ان کے اپنے ہیں اور یہ اسی میں خوش ہیں لیکن عام عوام کبھی خوش نہیں ہوتی بعض اوقات اپنے بھی اکتا جاتے ہیں لیکن خدا تو نہیں اکتاتا ناں ؟ یہ اس میں بھی خوش ہیں کیونکہ خدا کی مرضی بھی یہی ہے کہ ہم خوشی اور شکر گزاری کریں اور بلا ناغہ دعا کریں اور یہ لوگ ایسے ہی ہیں عام لوگوں میں یہ بات ہے کہ وہ خود پہ اور خدا پہ یقین رکھتے ہیں لیکن ان کا خود پہ نہیں بلکہ یقین کامل ایمان توکل سب خدا پر ہوتا ہے ان کی امید و محبت بھی دنیا نہیں بلکہ خدا ہے کیونکہ دنیا سے دوستی خدا سے دشمنی ہے ہمیں اس جہاں میں تو رہنا ہے مگر اس کے ہم شکل نہیں بننا بقول شاعر :-
    زمانہ دوست ہو جائے تو بہت محتاط ہو جانا
    منافق لوگ بڑے مخلص ہوا کرتے ہیں اکثر

    میں نے کہیں پہ لکھا تھا کہ محبت ہونا ضروری ہے لیکن شادی ضروری نہیں یہ بات میں نے کسی غلط ارادے نہیں لکھی تھی بلکہ اس لئے لکھی کہ ہم محبت کا مقابلہ نہیں کر سکتے یہ کچھ نہیں دیکھتی لیکن شادی بہت بڑا زندگی بدل دینے والا فیصلہ ہے۔ سو ہم اپنے احساسات و جذبات پر صبر کر سکتے ہیں۔ یہی بہتر ہوگا کیونکہ محبت تو سات پردوں میں بھی واجب ہے امید ہے پڑھنے والے بات کو سمجھیں۔ لیکن عام لوگوں کا کردار دیکھوں تو مجھے وہ شعر یاد آتا ہے کیا خوب کہا ہے کسی نے کہ:-
    جسم کی پوجا کرتا ہے یہ آج کا فلسفہ
    یہی اگر محبت ہے تو ہم جاہل ہی اچھے
    فی امان اللہ

  • زندگی کے دو دن…تحریر:نور فاطمہ

    زندگی کے دو دن…تحریر:نور فاطمہ

    زندگی ایک مسلسل امتحان ہے، جہاں خوشیاں اور غم، کامیابیاں اور ناکامیاں، دونوں کا ایک اہم کردار ہوتا ہے۔ یہ ایک ایسا راستہ ہے جو ہر انسان کو مختلف مراحل سے گزار کر ایک خاص مقصد تک پہنچاتا ہے۔ زندگی کے بارے میں ایک حقیقت یہ ہے کہ یہ دو دنوں پر مشتمل ہوتی ہے، ایک آپ کے حق میں ہوتا ہے اور دوسرا آپ کے خلاف۔

    یہ وہ دن ہوتا ہے جب سب کچھ اچھا چل رہا ہوتا ہے۔ آپ کی دعائیں قبول ہو رہی ہوتی ہیں، ہر کام آسان لگ رہا ہوتا ہے اور دنیا کی تمام خوشیاں آپ کے قدم چوم رہی ہوتی ہیں۔ ایسے دنوں میں انسان کو خوشی ملتی ہے اور وہ ہر لمحہ کا لطف اٹھاتا ہے۔ لیکن یہاں ایک بہت ضروری بات یہ ہے کہ انسان کو کبھی بھی اپنے کامیاب دنوں پر غرور نہیں کرنا چاہیے۔جب آپ کے حق میں سب کچھ ہو رہا ہو، تو آپ کو اپنے رب کا شکر گزار رہنا چاہیے اور اپنی خوشیوں میں دوسروں کو بھی شریک کرنا چاہیے۔ غرور انسان کو زمین پر لا کر اس کی حقیقت دکھا دیتا ہے۔ کامیاب دنوں میں بھی انسان کو ہمیشہ عاجزی اور انکساری اختیار کرنی چاہیے، کیونکہ اللہ کی رضا اور رحمت کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں ہوتا۔

    یہ وہ دن ہوتا ہے جب آپ کو زندگی کی تلخ حقیقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آپ کی محنت ضائع ہو جاتی ہے، حالات آپ کے خلاف ہو جاتے ہیں اور آپ کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے دنوں میں انسان کو غم، مایوسی اور افسوس کا سامنا ہوتا ہے۔ لیکن یہی وہ وقت ہوتا ہے جب انسان کو صبر کی ضرورت ہوتی ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں بتاتا ہے کہ جب آپ کے خلاف حالات ہوں، تو ان پر صبر کرو۔ یہ دن بھی ایک امتحان ہوتا ہے۔ اللہ کا حکم ہے کہ ہم جو بھی حالات میں ہوں، اس پر صبر کریں کیونکہ یہ ہمارے ایمان اور قوت کا امتحان ہوتا ہے۔ جو دن آپ کے خلاف ہوں، وہ بھی اللہ کی طرف سے آزمائش ہیں، اور ان سے نکل کر ہی انسان کا کردار مضبوط ہوتا ہے۔

    شیطان انسان کو ہر لمحہ گمراہی کی طرف لے جانے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کا پہلا حملہ انسان کی زبان پر ہوتا ہے۔ وہ انسان کو اللہ کے ذکر سے دور رکھنے کی کوشش کرتا ہے، کیونکہ جب انسان اللہ کا ذکر کرتا ہے، تو اس کی روح سکون پاتی ہے اور وہ دنیا کی پریشانیوں سے آزاد ہو جاتا ہے۔ اگر انسان اپنی زبان پر اللہ کا ذکر جاری رکھے، تو شیطان اسے اپنے جال میں نہیں پھانس سکتا۔جب انسان اللہ کے ذکر سے دور ہو جاتا ہے، تو اس کا دل اور دماغ پریشان ہو جاتے ہیں، اور پھر جسمانی طور پر بھی انسان کی حالت خراب ہو جاتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ہر حال میں اللہ کے ذکر کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، کیونکہ یہی ہمارے دل کی سکونت اور شیطان کی شکست کا ذریعہ ہے۔

    زندگی کے دونوں دنوں میں ہمیں توازن قائم رکھنا چاہیے۔ جب ہم خوش ہوں تو غرور سے بچنا چاہیے اور اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، اور جب حالات ہمارے خلاف ہوں تو صبر کرنا چاہیے اور اللہ پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔ شیطان کی کوششوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم ہمیشہ اللہ کے ذکر میں مشغول رہیں، کیونکہ ذکر اللہ کے ذریعے انسان کا دل سکون پاتا ہے اور شیطان کی تمام رکاوٹیں دور ہو جاتی ہیں۔یاد رکھیں کہ زندگی کا مقصد صرف کامیابی یا خوشی حاصل کرنا نہیں ہے، بلکہ یہ ایک مسلسل سفر ہے جس میں انسان کی شخصیت اور ایمان کی آزمائش ہوتی ہے۔ ہر دن ایک نیا امتحان ہوتا ہے، اور ہمیں ان امتحانوں کا صبر اور شکر کے ساتھ سامنا کرنا چاہیے۔

  • دریائے سندھ سب کا ہے.تحریر:عنبریں حسیب عنبر

    دریائے سندھ سب کا ہے.تحریر:عنبریں حسیب عنبر

    یہ عجیب سا المیہ ہے کہ جب کراچی کی سڑکوں پر جرم، لاقانونیت، اور بے یقینی کا راج ہوتا ہے، پانی کی قلت اور کوٹہ سسٹم پر احتجاج ہوتا ہے تو کچھ لوگ بے حس نظر آتے ہیں۔ اور جب ہمارے دیہات ڈوبتے ہیں، کارونجھر پہاڑ خطرے میں ہوتا ہے یا دریائے سندھ کی سانسیں گھٹتی ہیں، تو کچھ دوسرے لوگ خاموش تماشائی بن جاتے ہیں۔

    تقریباً اٹہتر سال ساتھ رہنے کے باوجود ہم ایک دوسرے کے دکھوں میں شریک کیوں نہیں ہو پاتے؟
    اس کا سبب یہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کو اپنی نہیں، سیاست دانوں کی عطا کردہ عینک سے دیکھتے ہیں۔ وہ عینک جو برسوں سے ہمیں پہنائی ہوئی ہے اور ہم اب اس عینک کو ہی اپنی آنکھیں سمجھنے لگے ہیں۔ یہ عینک ہمیں دکھاتی ہے کہ "ہمارے سب مسائل اور استحصال کی جڑ وہ ہیں!” لیکن خود سوچیے کہ اگر ایسا ہوتا تو ہم میں سے کوئی تو خوش حال ہوتا، چین کی بانسری بجاتا۔ خوش حال تو مقتدر طبقہ ہوا جاتا ہے، چین کی بانسری تو وہ بجاتا ہے۔ مگر مل کر اس کا گریبان پکڑنے کے بجائے ہم برسوں سے آپس میں دست و گریباں ہیں۔

    یاد رکھیے، غریب چاہے اردو بولتا ہو یا سندھی، سب ایک جیسے مسائل کا شکار ہیں۔

    نہ کوٹہ سسٹم نے انصاف دیا، نہ روزگار نے برابر مواقع۔ کوٹہ سسٹم ہو یا روزگار کا بحران، کسی غریب کو اس کا حقیقی فائدہ کبھی نہیں ہوا۔ نہ کشمور کے غریب نوجوان کو، نہ ناظم آباد کے غریب طالب علم کو۔ اس حقیقت کو اب سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس تقسیم سے دراصل فائدہ کسے ہو رہا ہے۔

    ہم سب جانتے ہیں کہ اس تقسیم کا ہتھیار زبان ہے۔ حالاں کہ ایک دوسرے کی زبان سیکھنے سے اپنی زبان، تہذیب اور ثقافت مر نہیں جاتی۔ ہم دوسرے ملکوں جا کر تو فوراً ان کی زبان سیکھ لیتے ہیں اور منہ ٹیڑھا کر کر کے درست زبان بولنے میں فخر محسوس کرتے ہیں اور اس وقت نہ سندھی زبان و ثقافت کو کوئی خطرہ ہوتا ہے اور نہ اردو زبان و ثقافت کو۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس تقسیم کی سازش کو سمجھیے، ایک دوسرے کی زبان کو دشمن نہ مانیے۔ ایک دوسرے کی زبان سیکھیے تاکہ ایک دوسرے سے مکالمہ کر سکیں، ایک دوسرے کو جان سکیں اور دلوں کے بند دروازے کھل سکیں۔
    ہم لوگوں کو اس سچ کو سمجھنا چاہیے کہ کسی بھی زبان کی حفاظت دوسروں کو خاموش کر کے نہیں ہوتی، بلکہ مکالمے، محبت، اور ایک دوسرے کو سمجھنے سے ہوتی ہے۔
    کوئی دریائے سندھ کہے یا سندھو دریا مگر زندگی سب کی اسی سے جڑی ہوئی ہے۔
    یہ دریا جب بہتا ہے تو نہ ذات دیکھتا ہے، نہ زبان، نہ مذہب، نہ شہر، اور نہ دیہات، بس سب کو سیراب کرتا ہے تو پھر اس کی حفاظت بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وہ دریا جو اپنے آپ میں کوئی تعصب نہیں رکھتا اسے بچانے میں تعصب کیوں؟
    یاد رکھیے سندھ دریا زبانوں کا نہیں انسانوں کا ہے اور اس کی بقا ہم سب کی بقا ہے۔

  • تبصرہ کتب: کٹی پتنگ از ذوالفقار علی بخاری.مبصر ، دانیال حسن چغتائی

    تبصرہ کتب: کٹی پتنگ از ذوالفقار علی بخاری.مبصر ، دانیال حسن چغتائی

    ذوالفقار علی بخاری کا شمار اردو ادب کے اُن نازک مزاج، لطیف حس اور وسیع المشرب مصنفین میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کی شعوری گہرائیوں کو قرطاس پر اس سلیقے سے منتقل کیا کہ قاری اُن کے جملوں میں اپنی پرچھائیاں تلاش کرتا پھرتا ہے۔ کٹی پتنگ ایسا ہی ایک نثری ڈراما ہے جو محبت کے فریب میں لپٹی انسانی کمزوریوں، سماجی تضادات، اور جذباتی ناپختگی کا بھرپور عکاس ہے۔ اس تصنیف میں بخاری صاحب نے جس انداز سے محبت کو موضوع بنایا ہے، وہ نہ صرف اُن کے فکری افق کی وسعت کا پتا دیتا ہے بلکہ مشرقی طرزِ معاشرت اور محاوراتی نزاکت کو بھی زندہ رکھتا ہے۔
    کٹی پتنگ درحقیقت انسانی فطرت کی اس کمزوری کی تمثیل ہے جہاں جذباتی وابستگیاں عقل کے مقابل آ کھڑی ہوتی ہیں، اور نوجوانی کی محبت محض خوبصورت فریب بن کر رہ جاتی ہے۔ ذوالفقار بخاری نے نہایت نفاست سے دکھایا ہے کہ شادی سے قبل کی محبتیں اکثر وہم و گمان کا کھیل ہوتی ہیں، جن کا حقیقت سے کم اور خوابوں سے زیادہ تعلق ہوتا ہے۔ اور یوں یہ محبتیں کٹی پتنگ کی مانند ہوا میں اُڑتی ہیں، بلاسمت، بےوزن اور انجام سے عاری۔
    "شادی سے پہلے تو محبت محض سراب ہوتی ہے”— یہ جملہ بخاری صاحب کے اس ڈرامے کے مرکزی خیال کو تقویت دیتا ہے۔ کتاب میں کئی کردار ایسے دکھائے گئے ہیں جو تعلیمی اداروں میں، دفتر کے ماحول میں یا کسی سماجی تقریب کے دوران ایک دوسرے سے متعارف ہوتے ہیں، اور چند خوشگوار لمحوں کو عمر بھر کا رشتہ سمجھ بیٹھتے ہیں۔ مگر جب شادی کا حقیقی بندھن آتا ہے تو یہ محبتیں امتحان میں فیل ہو جاتی ہیں۔ بخاری صاحب نے ان جذباتی لغزشوں کو طنز و مزاح کے ساتھ پیش کیا ہے جو قاری کو ہنسا کر رُلا دیتی ہیں۔
    ڈرامے کے کردار کسی فرضی دُنیا سے نہیں آئے، وہ ہمارے آس پاس کے وہی نوجوان ہیں جو کالج اور یونیورسٹی کے ماحول میں ہر مسکراہٹ کو دعوتِ محبت سمجھ بیٹھتے ہیں۔ بخاری صاحب نے نہایت نفاست سے اس ماحول کی عکاسی کی ہے جہاں لڑکی کا ہنسنا، لڑکے کا کتاب تھام کر انتظار کرنا، مشترکہ پروجیکٹس پر کام کرنا، سب کچھ محبت کی جھوٹی فضا پیدا کرتا ہے۔ اور یوں ہر تعلیم گاہ میں "محبت کا سراب” جنم لیتا ہے، جو بعدازاں دل شکنیوں، بداعتمادیوں اور افسردگیوں کا سبب بنتا ہے۔
    کتاب میں مصنف نے خاص طور پر اُن نوجوانوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے جو کام کے دوران ساتھ گزارے گئے وقت کو محبت کا نام دے بیٹھتے ہیں۔ ذوالفقار بخاری کے بقول، "بعض اوقات ہم کام کے سلسلے میں ساتھ ہوتے تو کچھ بے وقوف اسے محبت سمجھ لیتے”—یہ چیز عہدِ حاضر کے اُس فکری انتشار کی بھرپور نشاندہی کرتی ہے جس میں جذباتی وابستگی کو عقل پر ترجیح دے دی جاتی ہے۔ مصنف کا ماننا ہے کہ ایک ساتھ گزارا گیا وقت ضروری نہیں کہ دلوں کا رشتہ بن جائے، اور یہ کہ پسندیدگی کو محبت سمجھنا ایک جذباتی غلط فہمی ہے۔
    ڈرامے میں بخاری صاحب نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ "محبت اور پسندیدگی میں بڑا فرق ہوتا ہے”۔ محبت وہ ہے جو امتحان سے گزرے، حالات کی تپش جھیلے، وقت کی ضربیں سہے اور تب جا کر اپنے خالص وجود میں سامنے آئے۔ جبکہ پسندیدگی محض لمحاتی تاثر کا نام ہے، جو کسی خوش لباسی، حسین چہرے یا دلکش انداز سے پیدا ہو جاتا ہے، اور وقت کے ساتھ ماند پڑ جاتا ہے۔
    ایک اور اہم نکتہ جو کٹی پتنگ کو معاشرتی اعتبار سے اہم بناتا ہے، وہ یہ ہے کہ شادی کے بعد ماضی کی بے وقوفیوں کو یاد رکھنے کی بجائے انہیں دفن کر دینا چاہیے۔ یہ ازدواجی زندگی کے استحکام کا راز بھی ہے۔ ماضی کی پرچھائیاں اگر دل میں باقی رہیں تو حال کی خوشیوں پر سائے ڈال دیتی ہیں۔
    ذوالفقار بخاری کی زبان دانی، محاوروں کا چناؤ اور مشرقی تہذیب کا اثر ہر صفحے پر جھلکتا ہے۔ اُن کا اسلوب رواں، نرماہٹ سے بھرپور اور جملہ بندی نہایت نفیس ہے۔ کہیں کہیں طنز ایسا ہوتا ہے کہ قاری کو اپنی ہی زندگی کا آئینہ نظر آنے لگتا ہے، اور ہنسی کے ساتھ شرمندگی کا پہلو بھی نکلتا ہے۔
    کٹی پتنگ نوجوان نسل کے اُس ذہنی المیے کا آئینہ ہے جہاں تعلیم کے مراکز میں علم کی بجائے محبت کے افسانے تراشے جاتے ہیں۔ ذوالفقار بخاری نے اس فکری زوال کو بھی بڑی خوبی سے قلم بند کیا ہے کہ ہر کالج اور یونیورسٹی میں محبت کیوں کھیل جاتی ہے؟ کیوں ہر نوجوان اپنی زندگی کا سب سے قیمتی وقت ان فضول جذبات میں ضائع کر بیٹھتا ہے؟ کیوں یہ "سراب” اُسے اصل منزل سے ہٹا کر ایک غیر حقیقی دُنیا میں لے جاتا ہے؟
    ڈرامے کی سب سے بڑی خوبی اس کا انجام ہے، جو جذباتی بے یقینی کے بادل چھا جانے کے بعد بھی قاری کو سبق دے کر رخصت کرتا ہے۔ محبت اگر سمجھداری، وقت اور حالات کے ترازو پر تولی جائے تو زندگی سنور سکتی ہے، ورنہ وہ محض ایک "کٹی پتنگ” ہے—جو نہ بلندیوں کو چھو سکتی ہے، نہ کسی ہاتھ میں دوبارہ آ سکتی ہے۔
    کٹی پتنگ وہ فکری آئینہ ہے جو ہر نوجوان کو اپنے جذبات کے عکس دکھاتا ہے۔ یہ کتاب نہ صرف محبت کے فریب کو بے نقاب کرتی ہے بلکہ ہمارے تعلیمی نظام، سماجی روایت، اور ازدواجی زندگی میں در آنے والی غلط فہمیوں کی جڑوں کو بھی کاٹتی ہے۔ بخاری صاحب کی تحریر ہر اُس قاری کے لیے ہے جو محبت کے نام پر جذباتی تماشے کو زندگی کا مرکز بنانا چاہتا ہے۔ یہ کتاب بتاتی ہے کہ محبت اگر عقل و فہم کے بغیر ہو تو صرف دھوکہ ہے، اور اگر دل و دماغ کے توازن سے کی جائے تو زندگی کا سب سے حسین تجربہ بن سکتی ہے۔ یہ خوبصورت کتاب سرائے اردو پبلیکیشن، سیالکوٹ(03338631328) سے شائع ہوئی ہے۔ خوبصورت گیٹ اپ کے ساتھ شائع شدہ یہ کتاب آپ مصنف اور ادارے سے رابطہ کر کے منگوا سکتے ہیں
    danial

  • متنازع ترین "پرموشن بورڈ”   تحریر:ملک محمد سلمان

    متنازع ترین "پرموشن بورڈ” تحریر:ملک محمد سلمان

    متنازع ترین "پرموشن بورڈ”

    جناب شہباز شریف میں جب کبھی بھی آپ کے حوالے سے کالم لکھتا تھا تو سب سے زیادہ فیڈبیک بیوروکریسی کی طرف سے آتا تھا اگر کوئی پہلو ڈسکس نہیں ہوتا تھا تو یہی افسران تفصیل سے اگاہ کرتے کہ شہباز صاحب یہ اصلاحات اور کام بھی کررہے ہیں اگلی دفعہ ان اقدامات کو لازمی مینشن کریے گا۔ جب سے ہائی پاور اور سینٹرل سلیکشن بورڈ ہوا ہے ہر طرف خاموشی ہے، جواب میں اداس ایموجیز کا ہی ریپلائی ملتا ہے۔ مایوسی اور نا امیدی کی یہ لہر صرف ترقی سے محروم افسران تک محدود نہیں رہی بلکہ بیوروکریسی کی اکثریت شدید پریشان ہے اور ایسی بے توقیر اور بے یقینی والی نوکری سے رخصت لیکر بیرون ملک جانے کا سوچ رہے ہیں۔ ہائی پاور بورڈ سے لیکر سینٹرل سلیکشن بورڈتک “پک اینڈ چوز“ نے اہم ترین بورڈز کو ”سلاٹر ہاؤس“ میں بدل دیا۔

    جن افسران کو ناحق ترقی سے محروم کیا گیا ہے وہ سخت اذیت اور صدمے میں ہیں۔ بیوروکریسی کی اکثریت چہہ مگوئیاں کرتی پھر رہی ہے کہ شہباز شریف نے بیوروکریسی کو فلاں سابق افسر کو ٹھیکے پر دے دیا ہے۔ جناب شہباز شریف آپ جیسا باخبر، ذہین اور میرٹ پسند حاکم پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل بیوروکریسی کے معاملات کو چند افراد کے رحم و کرم پر کیسے چھوڑ سکتا ہے۔ جناب وزیراعظم آپ کے بارے تو بیوروکریسی کا پختہ یقین رہا ہے کہ شہباز شریف کے ہوتے ہوئے ہمیشہ میرٹ کا بول بالا ہوتا ہے۔

    جناب شہباز شریف جب آپ ناحق قید تھے تو افسران کو آپ کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے اور ثبوت فراہم کرنے کے بدلے اچھی پوسٹنگ آفر ہوتی تھیں تو یہ وہی افسران ہیں جو اصولی مؤقف پر ڈٹ گئے تھے کہ جب شہباز شریف نے انہیں کبھی خلاف میرٹ کوئی کام کہا ہی نہیں تو وہ صرف اچھی پوسٹنگ کے حصول کیلئے پنجاب کی تعمیروترقی کے ریکارڈ قائم کرنے والے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے خلاف کیونکر بیان دیں، اگر حکومت کو پوسٹنگ دینی ہے تو قابلیت کی بنیاد پر دیں، وہ میرٹ پر بہترین کام کرکے دکھائیں گے۔

    آج ان تمام افسران کو اس اصول پسندی کا یہ صلہ ملنا تھا؟
    جناب وزیراعظم آپ کے خلاف وعدہ معاف گواہ نہ بننے والے افسران کی پی ٹی آئی حکومت میں رپورٹس خراب کیں گئیں۔ اس وقت کی رپورٹ کی بنیاد پر آج ان افسران کا پرموشن لسٹ میں نہ ہونا وفاداری کرنے والوں کیلئے بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے. کچھ افسران کی ”ٹارگٹ کلنگ“ کیلئے نئی رپورٹس کی بجائے پرانی رپورٹس پیش کی گئیں جو اس گریڈ میں ترقی کیلئے ریلیوینٹ ہی نہیں تھیں جبکہ کچھ افسران کو ترقی سے محروم کرنے کیلئے خود سے”فرمائشی رپورٹیں“ تیار کروائی گئیں۔ بیوروکریسی کا یہ مطالبہ ہے کہ فرضی اور جعلی رپورٹس کی بجائے سب کو قابل قبول سپیشل ویٹنگ ایجنسی کے طور پر آئی ایس آئی کی رپورٹ پر فیصلہ کریں۔

    ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ کے حوالے سے بیوروکریسی کے گروپس میں شدید بحث اور تنقید کی جارہی ہے بیوروکریسی نے وزیر اعظم اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہائی پاور سلیکشن بورڈ اور سینٹرل سلیکشن بورڈ کے فیصلوں پر نظر ثانی کی درخواست کرتے ہوئے متنازع ترین ڈی جی آئی بی اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کی برطرفی کا مطالبہ کیا ایسے حالات میں جب وطن عزیز کو معاشی اور ملکی سلامتی کے سنگین مسائل کا سامنا ہے اور ان مسائل سے نمٹنے کیلئے یہی بیوروکریسی ہراول دستہ ہیں۔

    جناب وزیراعظم اگر افسران خود ترقی سے محروم ہوں گے تو عام عوام کیلئے خلوص نیت سے کیسے کام کر سکیں گے؟ جناب وزیراعظم، پاکستان کی تاریخ کے متنازع ترین پرموشن بورڈ کا ”ریویو“ کیے بنا یہ بورڈ سیاست اور سول سروس کے نام پر کلنک کا داغ بن کر رہ جائے گا۔

    وزیر اعظم کو مسئلے کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے سول سروس اور پاکستان کو تباہی سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
    ملکی باگ ڈور چند افراد کے حوالے کرنے کی بجائے ہر کسی کے اختیارات کا تعین کیا جائے۔ پختہ شواہد کے بغیر کسی کو بھی ترقی سے محروم نہ کیا جائے۔ صوبائی سروس کے افسران کی بیچارگی بھی ختم کرنا ہوگی جو ٹریننگ مکمل کرنے کے باوجود پرموشن بورڈ کی راہ تک رہے ہیں۔

    چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور ان کی ٹیم پاکستان کو ترقی و کامیابی کی منزلوں پر لے جانے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں خدارا! چیف آف آرمی سٹاف کی کوششوں کو رائیگاں نہ کریں۔

    پی ٹی آئی کا قریبی ہونے جیسے بیہودہ الزامات لگا کر پرموشن اور پوسٹنگ سے محروم رکھنا، ارباب حکومت کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔ اس وقت بھی فیصلہ سازی سے لیکر کمائی والی تمام سیٹوں پر تو بزدار حکومت میں اہم سیٹوں پر رہنے والے براجمان ہیں پھر پرموٹ نہ ہونے والے، او ایس ڈی اور کھڈے لائن کیے افسران کا کیا قصور ہے؟

    حالیہ تعیناتیوں میں ٹریفک پولیس سمیت جو افسران فرائض سے غفلت برت رہے ہیں اور کرپشن کے ریکارڈ توڑ رہے ہیں انکو عہدے سے کیوں نہیں ہٹایا جارہا۔ جو کرپٹ ہے اس کی سزا صرف ترقی نہ دینا کیوں؟ کرپٹ افراد کو نہ صرف نوکری سے نکالا جائے بلکہ لوٹی ہوئی رقم جرمانہ سمیت واپس لی جائے۔

    ملک محمد سلمان
    maliksalman2008@gmail.com

  • عید کا دن اور خوشیوں کی محفل،تحریر: سیدہ عطرت بتول نقوی

    عید کا دن اور خوشیوں کی محفل،تحریر: سیدہ عطرت بتول نقوی

    عید کا دن فیملی سے منسوب ہوتا ہے جب سب گھر والے خاندان والے اکھٹے ہوتے ہیں ملکر کھانا کھاتے ہیں چہروں پر خوشی اور مسکراہٹیں ہوتی ہیں نئے کپڑے پہنے ہوتے ہیں ایک دوسرے کی شاپنگ پر تبصرہ ہوتا ہے عیدی دی اور لی جاتی ہے پھر پلک جھپکتے ہی یہ دن اگلے سال دوبارہ آ نے کے لیے رخصت ہو جاتا ہے اور پھر عید کا دوسرا دن یعنی ٹرو اس وقت عید کے دن کی طرح خوشگوار ہوجاتا ہے جب دوستوں کے ساتھ ملاقات ہو جاے

    عید کے دوسرے دن شمیم عارف تسنیم جعفری میرے گھر تشریف لائیں مجھے بہت خوشی ہوئی عید کی رونق دوبالا ہوگئی ہم نے خوب باتیں کیں تسنیم صاحبہ کی نئی کتاب جو سیرت نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پر ہے شائع ہو چکی ہے انشاء اللہ یہ کتاب بھی ایوارڈ حاصل کرے گی تسنیم جعفری 25 سے زائد کتابوں کی مصنفہ اور پہلی سائنس فکشن رائیٹر ہیں ماشاءاللہ بہت سے ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں نئی کتاب کی خوشی میں ہم نے کیک کاٹا .

    شمیم عارف صاحبہ کی بھی دو کتب پبلش ہونے کے لیے تیار ہیں وہ حج کے سفر نامہ سمیت دو کتابوں ،، ننھا سلطان ،، اور ،، ہم ابھی راہ گزر میں ہیں ،، کی مصنفہ ہیں ،، ہماری فرمائش پر انہوں نے اپنی نظمیں سنائیں
    تسنیم اور شمیم آ پ کی آ مد کا بہت شکریہ ، بہت اچھا وقت گزرا اور تسنیم کو اہم موضوع پر نئی کتاب لکھنے پر مبارکباد ❤️
    اللہ کرے زور قلم اور زیادہ

    تسنیم جعفری صاحبہ 26 کتابوں کی مصنفہ
    تسنیم جعفری صاحبہ 26 کتابوں کی مصنفہ

  • بس یہی داستاں ہماری ہے .تحریر:مجیداحمد جائی

    بس یہی داستاں ہماری ہے .تحریر:مجیداحمد جائی

    انسان کے جنم کے ساتھ ہی داستان نے بھی جنم لیا ہے۔ہر گزرتا لمحہ یادوں میں منتقل ہو جاتا ہے۔یہ یادیں تلخ بھی ہو سکتی ہیں اور حسین بھی۔زندگی کے سفر میں حسین یادیں جینے کا مزہ دوبالا کر دیتی ہیں لیکن تلخ یادیں کُند تلوار کی طرح ضربیں لگاتی رہتی ہیں۔گزرتی عمر کے ساتھ یادوں کے حوالے سے پروفیسر عظمیٰ مسعود لکھتی ہیں:”یادیں ہمیشہ یادوں کی ایک بارات سی لے کر چلتی ہیں۔ایک یاد،پھر دوسری اور تیسری یاد۔کڑی سے کڑی ملتی جاتی ہے اور یادوں کی لمبی زنجیر سی بن جاتی ہے اور اگر تھوڑی سی لمبی عمر کی اجازت مل جائے اور انسان خود بھی ذہنی طور پر بڑا ہو جائے تو یہ یادیں اُس کی زندگی کا بڑا قیمتی سرمایہ بن کر کبھی تو اسے نہال کر دیتی ہیں کبھی نڈھال۔اس پر طاقت ور فرعون کا،نمرود کا،حسین سے حسین تر قلوپطرہ کا اور تنومند سے تنومند مرد کا بھی کوئی زور نہیں چلتا۔یہ کہیں تو تلوارکی دھار کی کاٹ رکھتی ہیں کہ جگر چیر کر رکھ دیتی ہیں تو کہیں پھول کی پتیوں جیسی نرم اور گدازہوتی ہیں کہ اندر تک مہکا دیتی ہیں۔یہ روح پر اپنا اثر چھوڑے بغیر جاتی ہی نہیں۔
    کتب کے مطالعے میں خود نوشت پڑھنے کا ہمیشہ سے دیوانہ رہا ہوں۔آپ بیتیوں میں بزرگوں کے ساتھ گزرے حالات و واقعات سے سبق لے کر ہم اپنی زندگی سنوار سکتے ہیں۔مشکل سے مشکل حالات میں اچھے فیصلے کرنے کی صلاحیت پیدا کر لیتے ہیں۔سیکھنے کا عمل جاری رہے تو انسان مات نہیں کھاتا۔چاہے وہ خانگی زندگی ہو معاشرتی مسائل۔

    "بس یہی داستاں ہماری ہے”پچھلے کئی دِنوں سے زیرِ مطالعہ رہی ہے۔پروفیسر عظمیٰ مسعودخراج تحسین کی مستحق ہیں جس طرح انھوں نے زندگی کے نشیب و فراز کو قلم بند کیا ہے دوسروں کے لیے مشعل راہ ہے۔میں نے یہ خودنوشت راتوں کو بیٹھ کر پڑھی ہے۔صبح نماز کے بعد فصلوں کی سیر کے دوران پڑھی ہے۔تازہ ہوا کے جھونکوں میں اوراق کی مہک نتھوں کے ذریعے روح ودل کو راحت بخشتی ہے۔ڈاکٹر اشفاق احمد وِرک نے خوب کہا ہے:
    یہ جو یادوں کی لائبریری ہے
    اس کی چھایا بہت گھنیری ہے

    "بس یہی داستاں ہماری ہے”میں جو پڑھتا ہوں تو کتاب رکھنے کو دل نہیں کرتا۔لیکن میں نے یہ کتاب اپنے اوپر مسلط کرکے پڑھی ہے۔مصنفہ کے ساتھ میں نے بھی ماضی و حال کا سفر کیا ہے۔کہیں آنسوؤں کی کشتی میں سوار ہوا تو کہیں سسکیوں کی نگری آباد کی۔کہیں شرارتیں سوجھی تو کہیں آہیں بھر نے لگا۔پروفیسرعظمیٰ مسعودکا قلم بے باک ہے۔بڑی جان فشانی سے زیست کے اوراق کو پلٹا ہے۔کہیں ہجرت کے دُکھ ہیں تو کہیں آزادوطن کے حکمرانوں کی کارستانیاں۔کہیں اپنوں کے بچھڑنے کادُکھ ہے تو کہیں عشق کی باتیں۔کہیں دوست دشمن بنتے ہیں تو کہیں دُشمن دوست۔کہیں بُرے وقت میں "نند”جیسا کردار ہمدردی اور اپنائیت کا استعارہ بن جاتا ہے تو کہیں حسد کرنے والے اپناوار کرتے ہیں۔کہیں ایک تھالی میں کھانے والے گہری ضرب لگاتے نظر آتے ہیں تو کہیں دلاسہ بڑھانے والے موجود ہیں۔

    "بس یہی داستاں ہماری ہے”کہنے کو تو پروفیسر عظمٰی مسعود کی خودنوشت ہے لیکن میں سمجھتا ہوں وطن ِعزیز کے ادیبوں کی داستاں ہے۔یہ سیاست دانوں کی کارستانیوں کا اعلان ہے۔اس کتاب میں ایک زندگی نہیں ہزاروں زندگیاں ہیں۔کہیں مصنفہ مطالعہ کی شوقین نظر آتی ہے اور ہمیں بہترین کتب سے ملواتی ہیں۔کہیں سیاست دان بن کر اصطلاحات نافذ کراتی ہیں تو کہیں پروفیسر بن کر بتاتی ہے کہ حالات جیسے بھی رہے ہوں پروفیسر ایسا ہوتا ہے۔یہ اقتباس پڑھیے:
    "اب میں "ادب”کی کچھ کچھ باتیں بھی سمجھنے لگی تھی۔یہاں سے میں نے پہلی بار عصمت چغتائی کا نام سُنااور ریڈیو کی لائبریری سے اُن کے افسانوں کی کتاب لی۔”لحاف”کا ذکر بار بار ذکر سنا تھا۔پڑھا خاک سمجھ نہ آیا۔پھر کشورناہید کے سمجھانے پر بھی سمجھ نہ آیا۔اس نے گالیاں دے کر سمجھایا۔دل پھر بھی نہ مانا۔اسے سمجھنے کے لیے دماغ کو تیز دھار چھری کی طرح کا ہونا ضروری تھا اور میرے ہاں تو صرف گودا بھرا تھا۔خداگواہ ہے کہ وہ افسانہ عرصہ دراز تک ایک راز ہی رہا۔جو کشور نے سمجھایا میں نے اکثرسوچا”یہ کیسے ہوسکتا ہے۔”میں نے سوچنا ہی چھوڑ دیا۔اُسی زمانے میں منٹو کے "ٹھنڈے گوشت”کا تذکرہ شروع ہوا۔کتاب خریدی،کہانی پڑھی،خاص طور پر پڑھی،البتہ یہ کچھ کچھ پلے پڑی۔باقی تفصیل میں نے کشور سے پوچھ لی۔”
    زندگی کے بارے لکھتی ہیں:”زندگی مشکل تھی اور اتنی مشکل زندگی کو جینا کانچ پر ننگے پاؤں چلنے جیسا تھا۔میں اکثر سوچتی ہوں زندگی ہے کیا چیز؟اور یہ اتنی تکلیف دہ کیوں ہو جاتی ہے۔پھر یہی زندگی کسی قدر دل نواز،حسین اور دلبرانہ بھی ہے کہ اسے جینے کے لیے انسان کیسی کیسی محنت کرتا ہے،فریب کرتا ہے،ریاکاری کرتا ہے،جھوٹ بولتا ہے۔۔۔اُف خدایا انسان کیا کچھ نہیں کرتا کہ وہ یہ زندگی جی لے اور خوب جی لے۔زندگی کو جینے کا اتنا لالچ؟ہے تو پھر بھی دو ہی دن کی۔۔اس زندگی کے لیے اتنی تگ ودو سب ہی کرتے ہیں لیکن میرا خیال ہے ہمارے ملک کے سیاستدان کچھ زیادہ ہی آگے بڑھ جاتے ہیں۔وہ آگے بڑھتے جاتے ہیں،زندگی اُن کے گرد گھیرا تنگ کرتی جاتی ہے۔۔”
    نہ خدا ہی ملا نہ وصال ِصنم
    نہ ادھر کے ہوئے نہ اُدھر کے ہوئے
    "بس یہی داستاں ہماری ہے”میں پروفیسر عظمیٰ مسعود،اپنے سکول،کالج کے زمانے کی دوستوں کو یاد رکھتی ہیں۔سروس کے دوران تسلی اور دلاسہ دینے والوں کو نہیں بھولتیں۔دوسروں پر قدغن نہیں کرتیں،البتہ اپنے آپ کو کڑوی کسیلی سناتی ہیں۔جب بھی زندگی سے تھکنے لگتی ہیں تو رب کو یاد کرلیتی ہیں اور یوں ایک اُمید کا دیا روشن کر لیتی ہیں۔
    وقت اچھا بھی آئے گا ناصرؔ
    غم نہ کر زندگی پڑی ہے ابھی
    "بس یہی داستاں ہماری ہے”پروفیسر عظمیٰ مسعود کی شان دار کتاب 332صفحات پر مشتمل ہے۔قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل سے شایع ہوئی ہے جس کے روح رواں علامہ عبدالستار عاصم ہیں۔کتاب دوست،صاحب کتاب اور کتاب سے محبت رکھنے والوں کے خیرخواہ ہر دل عزیز شخصیت،کتاب بینی کے فروغ میں ہمہ تن سرگرداں۔ان کا احسان ِعظیم ہے کہ نامور شخصیات سے متعارف کرواتے ہیں ان کا لکھا قاری تک پہنچاتے ہیں۔
    "بس یہی داستاں ہماری ہے”کا اسلوب سادہ اور عام فہم ہے۔پروفیسر عظمیٰ مسعود اشعار کا تڑکا خوب لگاتی ہیں یہاں سے ان کے ذوق کی خبر ہوتی ہے۔اس کتاب کی بہت سی خوبیاں ہیں۔یوں کہیے جو آپ چاہتے ہیں آپ کے ذوق کے مطابق اس میں ملتا ہے۔آپ زندگی کے کسی بھی شعبے سے وابستہ ہیں اور آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو یہ کتاب آپ کو ضرور پڑھنی چاہیے۔یہ حالات کی گردش میں گرے لوگوں کا ہاتھ پکڑ کر راحت کے نگر میں بسیرا کراتی ہے۔دُنیامیں بسنے والے ہر شخص کی داستاں "بس یہی داستاں ہماری ہے”میں ملتی ہے۔
    کوئی تدبیر کرو،وقت کو روکو یارو
    صبح دیکھی ہی نہیں،شام ہوئی جاتی ہے
    "بس یہی داستاں ہماری ہے”کے پیغام کے ساتھ اجازت چاہوں گا:”رب ِ ذوالجلال نے دُنیا بنائی ہے تو اِس کو چلانے کے کچھ اصول بھی بنائے ہیں۔یہ دُنیا اسی طرح چلی ہے،اسی طرح اب تک چلتی رہی ہے اور اسی طرح چلتی رہے گی۔البتہ "ہم نہ ہوں گے کوئی ہم ساضرورہو گا”۔زندگی کو صرف بسر ہی نہیں کرنا اسے جینا بھی ہے اور اسے جینا چاہیے۔”
    اگر آپ چاہتے ہیں کہ ایسی کتاب پڑھیں جو زندگی بدل دے تو میرا مشورہ یہی ہے کہ "بس یہی داستاں ہماری ہے”ضرور پڑھیں۔اگر آپ کو کتاب متاثر نہ کرسکی تو جو چاہے سزا دیں۔اللہ تعالیٰ، پروفیسر عظمیٰ مسعودکو جزائے خیر دے آمین۔

  • اسٹیج ڈراموں کا معاشرتی اثر اور فحاشی،تحریر:جان محمد رمضان

    اسٹیج ڈراموں کا معاشرتی اثر اور فحاشی،تحریر:جان محمد رمضان

    پاکستان میں اسٹیج ڈرامے ایک طویل عرصے سے مختلف نوعیت کی محافل کا حصہ بنے ہوئے ہیں، مگر ان ڈراموں میں عورت کے کردار اور اس کے ساتھ ہونے والے سلوک پر مسلسل سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان ڈراموں میں عورت کو جس طریقے سے پیش کیا جاتا ہے اور ان میں جو نازیبہ اور فحاشی بھرے جملے استعمال کیے جاتے ہیں، وہ نہ صرف ان ڈراموں کو ایک تفریح کا ذریعہ بناتے ہیں بلکہ معاشرتی اقدار کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔

    اسٹیج ڈراموں میں فحاشی کا استعمال ایک معمول بن چکا ہے، جہاں عورت کو صرف تفریح کا سامان سمجھا جاتا ہے۔ ایک طرف ڈرامے میں عورت کو بیوی، ماں، بہن یا بیٹی کے روپ میں دکھایا جاتا ہے، تو دوسری طرف اسے نازیبہ اور فحاش جملوں کے ذریعے تماشائیوں کو ہنسانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان ڈراموں میں عورت کی عزت کو مسلسل پامال کیا جاتا ہے، چاہے وہ کسی گانے کی صورت میں ہو یا پھر غیر اخلاقی شاعری کے ذریعے۔ اس سب کا مقصد صرف اور صرف تماشائیوں کی ہنسی ہنسانا اور اس کے بدلے مال و دولت کمانا ہوتا ہے۔یہ اسٹیج ڈرامے دراصل معاشرے کے لیے ایک منفی پیغام دیتے ہیں، جس میں خواتین کو جنسی طور پر ابھارنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان ڈراموں میں عورت کے کردار کو ناپاک اور بے عزت کیا جاتا ہے، جس کا براہ راست اثر نوجوان نسل پر پڑتا ہے۔ یہ ڈرامے صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک ایسا طریقہ ہیں جس سے عورت کے حقوق کی پامالی کی جاتی ہے اور اس کے ساتھ غیر اخلاقی سلوک کو معمول بنایا جاتا ہے۔

    کچھ عرصے سے حکومت کے نمائندے، جیسے عظمیٰ بخاری صاحبہ نے اس صورتحال پر سختی سے اعتراض کیا ہے اور اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیج ڈرامے خواتین کی توہین کر رہے ہیں اور انہیں بے پردہ کرنے کو فن سمجھا جا رہا ہے، جو کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے ڈراموں پر مکمل پابندی لگائی جائے تاکہ معاشرتی اقدار کی حفاظت کی جا سکے۔بہت سے اسٹیج ڈراموں میں کام کرنے والے اداکار اور اداکارائیں خود کو "فنکار” کہلانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کا یہ طرز عمل نہ صرف ان کی ذاتی عزت کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ پورے معاشرے کو بھی بے عزتی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ ان فنکاروں کے بارے میں سکھ برادری اور دیگر غیر مسلم کمیونٹیز بھی یہی رائے رکھتی ہیں کہ عورت کے ساتھ اس طرح کی توہین کرنا کسی بھی معاشرتی یا مذہبی اصول کے خلاف ہے۔

    آج اگر عظمیٰ بخاری صاحبہ اس اسٹیج ڈراموں پر پابندی کی بات کر رہی ہیں تو یہ دراصل اس بات کی ضرورت ہے کہ اس نوعیت کے فحاشی بھرے ڈراموں کو بند کیا جائے اور ایک ایسا ماحول بنایا جائے جس میں عورت کی عزت و احترام کو مقدم رکھا جائے۔ ان اسٹیج ڈراموں میں کام کرنے والے افراد کو محض فنکار نہ سمجھا جائے بلکہ انہیں وہ مقام اور عزت دی جائے جس کے وہ حقدار ہیں۔ ان ڈراموں کی روک تھام سے نہ صرف معاشرتی تبدیلی ممکن ہے بلکہ ایک صحت مند اور اخلاقی ماحول بھی قائم کیا جا سکتا ہے۔عظمیٰ بخاری صاحبہ سے درخواست ہے کہ ان اسٹیج ڈراموں پر مکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ ہمارا معاشرہ بہتر اور اخلاقی اصولوں پر قائم ہو سکے۔

  • عورت کے لیے برابری کی حقیقت،تحریر:نور فاطمہ

    عورت کے لیے برابری کی حقیقت،تحریر:نور فاطمہ

    عورت کے حقوق اور برابری کے حوالے سے دنیا بھر میں مختلف نظریات ہیں، اور یہ بحث ہمیشہ چلی آ رہی ہے کہ عورت کو مردوں کی طرح زندگی گزارنی چاہیے تاکہ وہ برابری کا حق حاصل کر سکے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ عورت کی برابری کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ مردوں کی طرح زندگی گزارے یا ان کی طرح طرزِ زندگی اپنائے۔ بلکہ عورت کی برابری یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو اپنی مکمل شناخت کے ساتھ برابری کی سطح پر لے کر آئے۔

    عورت کو ایک الگ اور خاص شناخت کے ساتھ پیدا کیا گیا ہے۔ اس کی فطرت، اس کی نفسیات اور اس کی قوتیں مردوں سے مختلف ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ عورت کم تر ہے یا اس کو مرد کے ساتھ موازنہ کرنا ضروری ہے، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ عورت کو اپنے آپ کو مکمل طور پر تسلیم کرتے ہوئے اپنی جگہ بنانی چاہیے۔ اگر عورت مرد بننے کی کوشش کرے گی، تو وہ اپنی حقیقت کو مٹا دے گی اور اپنی شناخت کھو دے گی۔اگر عورت صرف اس لیے مردوں کی طرح زندگی گزارنا شروع کر دے کہ وہ انہیں اپنے سے برتر سمجھتی ہے، تو یہ ایک غلط فہمی ہے۔ عورت کا مردوں کی پیروی کرنا نہ صرف اس کی اپنی شناخت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے اس کے اندر احساسِ کمتری بھی جنم لیتا ہے۔ عورت کی برابری اس میں ہے کہ وہ اپنی فطرت، اپنی صلاحیتوں اور اپنے اصولوں کے مطابق زندگی گزارے، نہ کہ مردوں کی پیروی کر کے۔

    یہ ضروری نہیں کہ اگر مرد سگریٹ پیتے ہیں تو عورت بھی ان کی تقلید کرے اور یہ سمجھے کہ اس طرح وہ برابری حاصل کر رہی ہے۔ برابری کا مطلب یہ نہیں کہ عورت بھی وہی کرے جو مرد کرتے ہیں۔ برابری کا مطلب یہ ہے کہ عورت اپنے آپ کو پورے اعتماد کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دے، اور اس کا حق مردوں سے کم نہیں ہے، بلکہ وہ اپنی فطری خصائص کے ساتھ بھی اپنی جگہ بنا سکتی ہے۔اگر کوئی عورت یہ سمجھتی ہے کہ وہ مردوں کی طرح پنٹ شرٹ پہنتی ہے تاکہ برابری کا احساس ہو، تو وہ اس بات کو نہیں سمجھ پا رہی کہ برابری طرزِ زندگی کی تقلید سے نہیں، بلکہ اپنے آپ کو تسلیم کرنے اور اپنی خصوصیات کو اہمیت دینے سے ملتی ہے۔ برابری کا مطلب اپنی جگہ پر پہنچنا ہے، نہ کہ مردوں کی طرح بننا۔برابری کا مفہوم یہ نہیں کہ عورت مردوں کی طرح زندگی گزارے، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ عورت کو وہی مواقع اور حقوق ملیں جو مردوں کو ملتے ہیں، اور اس میں کوئی تفاوت نہ ہو۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ عورت مردوں کی طرح بن جائے، بلکہ یہ ہے کہ عورت اپنے طور پر، اپنی شناخت کے ساتھ، ہر میدان میں کامیاب ہو۔

    عورت کا مقام اس کی فطرت اور شخصیت کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اور اس کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ اس کی برابری مردوں کے ساتھ نہیں بلکہ اپنے آپ کے ساتھ ہے۔ جب عورت اپنے اندر کی طاقت کو پہچانے گی اور اپنی مکمل شناخت کے ساتھ اپنے راستے پر گامزن ہو گی، تو وہ خود کو اور دوسروں کو یہ دکھا پائے گی کہ برابری صرف ایک ہی طریقے سے حاصل کی جا سکتی ہے: وہ ہے اپنی حقیقت کو تسلیم کر کے اپنی جگہ پر کامیاب ہونا۔