ننکانہ صاحب میں عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر ریجنل یونین آف جرنلسٹس (RUJ) کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافتی خدمات کے اعتراف میں ممتاز صحافی احسان اللہ ایاز کو “بیسٹ رپورٹر آف دی ایئر” ایوارڈ سے نوازا گیا۔تقریب میں شہر کے سینئر صحافیوں اور معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر صدر پریس کلب افضل حق، جنرل سیکرٹری آصف بھٹی، سینئر صحافی سمیع اللہ عثمانی، عرفان رشید بھٹی اور شیخ آصف اقبال سمیت دیگر مقررین نے احسان اللہ ایاز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے، جس کی بنیاد سچائی، دیانتداری اور امانت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچ لکھنے والے صحافیوں کو اکثر دھمکیوں، مقدمات اور مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر ایک حقیقی صحافی ہر حال میں حق اور سچ کا ساتھ دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے، جو اپنے قلم کے ذریعے سچ اور جھوٹ میں فرق واضح کرتا ہے اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتا ہے۔ ایک ایماندار صحافی قوم کا سرمایہ اور معاشرے کی حقیقی آواز ہوتا ہے، تاہم جب قلم بک جائے تو نہ صرف صحافت بلکہ پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کی قدر کریں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور اپنے مسائل اجاگر کرنے میں ان کے ساتھ تعاون کریں تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔تقریب کے اختتام پر سرپرست اعلیٰ پریس کلب ننکانہ صاحب، بابائے صحافت شیخ منظور احمد شاد نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن علی ناصر قادری ایڈووکیٹ، سینئر صحافی شاہین اقبال غیور، حبیب احمد، راؤ توقیر الاسلام اور ڈاکٹر شاہنواز قادری نے احسان اللہ ایاز کو “بیسٹ رپورٹر آف دی ایئر” ایوارڈ پیش کیا، جس پر شرکاء نے بھرپور تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
Author: Faizan Sheikh
-

رینالہ خورد: "آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی پر گورنمنٹ کالج میں پروقار سیمینار
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج رینالہ خورد میں "آپریشن بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت کالج کے پرنسپل راؤ اختر علی نے کی جبکہ اساتذہ کرام اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں معظم علی لیکچرار فزیکل ایجوکیشن، ڈاکٹر جواد حیدر اسسٹنٹ پروفیسر اسلامیات، ڈاکٹر محمد عبداللہ اسسٹنٹ پروفیسر شماریات، چوہدری عبدالرزاق اسسٹنٹ پروفیسر باٹنی، خالد سیف اللہ خالد ایسوسی ایٹ پروفیسر اور وائس پرنسپل ذوالفقار شاذ نے اظہار خیال کیا۔مقررین نے پاک فوج کی تاریخی اور بے مثال کامیابیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حب الوطنی، قربانی اور ایثار کے جذبے کو اپنائیں۔پرنسپل راؤ اختر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ آپریشن ہماری دفاعی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جو ہمیشہ نوجوان نسل کو ملک و قوم کے لیے قربانی کا درس دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور اس کے محافظ ایک "سیسہ پلائی ہوئی دیوار” کی مانند ہیں۔سیمینار کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
-

اوکاڑہ: عید قربان کیلئے مثالی صفائی اور جدید مویشی منڈیوں کے قیام کا فیصلہ
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت مفادِ عامہ کے پیش نظر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے عید قربان کے موقع پر ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات یقینی بنانے اور مویشی منڈیوں کے قیام و مانیٹرنگ کیلئے سخت اور مؤثر میکانزم وضع کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مخصوص مقامات پر جدید سہولیات سے آراستہ مویشی منڈیاں قائم کی جائیں جہاں شہریوں کو پینے کا صاف پانی، سایہ دار جگہیں اور ویٹرنری سروسز کی سہولت میسر ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ "ستھرا پنجاب” کی ٹیمیں نہ صرف شہر بھر میں صفائی کو یقینی بنائیں بلکہ مویشی منڈیوں میں بھی بہترین صفائی انتظامات مکمل کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے تمام اقدامات کو بروقت مکمل کروائیں۔
-

اوکاڑہ میں ناپ تول کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، مارکیٹوں اور پٹرول پمپس کی چیکنگ
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، پرائسز ویٹ اینڈ میئرز خالد جاوید بھٹی کی مارکیٹوں اور پٹرول پمپس پر پیمانوں کی چیکنگ، انہوں نے متعدد مقامات پر وزن کے پیمانوں اور ناپ تول کے آلات کی چیکنگ کی اور کاروائی کے دوران مختلف کمرشل مراکز، مارکیٹوں اور پیٹرول پمپس پر استعمال ہونے والے پیمانوں کا معائنہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ افیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ ناپ تول میں کمی سنگین جرم اور اخلاقی برائی ہے، جس کی کسی طور اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تمام دکاندار اور پٹرول پمپ مالکان ناپ تول کے مقررہ اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے کام نہ لیں۔ دکاندار یا کاروباری حضرات غیر معیاری اوزان یا کم وزن تولنے والے آلات استعمال کرنے سے پرہیز کریں، انہوں نے کہا کہ ناپ تول میں کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیمانوں کی تصدیق کو یقینی بنائیں۔
-

گھوٹکی میں بدامنی کے خلاف شہری اتحاد کی ریلی، بہتر پولیس تعیناتی کا مطالبہ
میرپورماتہیلو با غی ٹی وی / نامہ نگار مشتاق علی لغاری -گھوٽکی میں شہری اتحاد کی جانب سے شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈکیتیوں، موٹرسائیکل چوری، جوا اڈوں، آئس اور منشیات کی کھلے عام فروخت، اوباش عناصر کی غنڈہ گردی، بلیک میلنگ اور پولیس کی نااہلی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت چیئرمین شہری اتحاد رئیس الہوسایو گھوٹو، سرپرست مکھی کیکا رام اور سینئر وائس چیئرمین لالا قیصر زمان خان پٹھان نے کی۔ ریلی پریس کلب گھوٹکی سے شروع ہو کر پاکستان چوک تک پہنچی۔احتجاجی ریلی میں سینکڑوں دکانداروں اور شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ شہر میں دیانتدار اور قابل پولیس افسران مقرر کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
-

میرپورخاص میں شہید عظیم احمد طارق کی 33ویں برسی، قرآن خوانی و دعاؤں کا اہتمام
میرپورخاص میں شہید چیئرمین عظیم احمد طارق کی 33ویں برسی منائی گئی۔
ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے تحت قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا انعقاد۔خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
سابق رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر کمالی،انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی سلیم رزاق، رکن ایس ٹی سی شفیق احمد، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم،
ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارجزآفاق احمد خان، سلیم میمن و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی،
یوسیز و شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
میرپورخاص۔باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ
شہید چیئرمین عظیم احمد طارق کی 33ویں برسی کے موقع ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے تحت ڈسٹرکٹ آفس میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا انعقاد ہوا جس میں سابق رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر کمالی، انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی سلیم رزاق، رکن ایس ٹی سی شفیق احمد، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی، تمام یوسیز کے ذمہ داران و کارکنان، ایلڈرزونگ، شعبہ خواتین سمیت دیگر تمام شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔بعدازاں شہید عظیم احمد طارق سمیت تحریک کے تمام شہداء کے بلند درجات،لواحقین کے لئے صبر جمیل،حق پرستانہ جدوجہد کی کامیابی و کامرانی،تحریک کے خلاف سازشوں کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ قبل اذیں خالد تبسم، آفاق احمد خان اور سلیم میمن نے کارکنان سے گفتگو کے دوران شہید عظیم احمد طارق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ غریب و مظلوم عوام کی خدمت شہید عظیم احمد طارق کی سیاست کا محور تھا اور انہوں نے جان کی بازی لگا کر نظریہ حق پرستی کی حفاظت کی جو ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ کٹھن حالات میں قید و بند کی صعوبتیں جھیل کر بھی وہ ثابت قدم رہے اور حق و صداقت کا پرچم بلند رکھا، شہید عظیم احمد طارق کا نام تاریخ سیاست میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ -

دیپالپور: شاہ پور میں نمبرداری جلسہ عام، میرٹ اور شفافیت پر زور، نادہندگان کے خلاف کارروائی کا حکم
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)دیپالپوراسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ کی زیر صدارت شاہ پور میں نمبرداری جلسہ عام کا انعقاد، جلسہ عام میں ریونیو افسران، نمبرداری کے درخواست گزاروں سمیت اہل دیہہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں نمبرداری نظام کو مزید مؤثر بنانے، سرکاری امور میں بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے سلسلہ میں نمبرداران کے انتخاب کے لیے درخواست گزاروں کے کوائف کا جائزہ لیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے کہا کہ نمبرداران حکومت اور عوام کے درمیان اہم کڑی ہیں، لہٰذا وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کرنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمبرداران کے انتخاب میں میرٹ اور شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا جبکہ سرکاری واجبات کے ناد ہندگان کے ساتھ ہرگز کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اجلاس میں سرکاری واجبات کی عدم ادائیگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا اور نادہندگان درخواست گزاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واجبات کی ادائیگی سے گریز کرنے والے درخواست گزاروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ریونیو کی بروقت وصولی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
-

میرپورخاص سول ہسپتال: سیکیورٹی اور بھرتیوں پر سنگین سوالات، شفاف انکوائری کا مطالبہ
میرپورخاص سول ہسپتال: سیکیورٹی یا سازش؟ عوامی جان و مال داؤ پر!میرپورخاص (رپورٹ سید شاہزیب شاہ ): کیا عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے مامور اسٹاف اب خود ایک سوالیہ نشان بن چکی ہے؟ میرپورخاص کا سول ہسپتال، جسے تحفظ اور علاج کی علامت ہونا چاہیے تھا، اب سنگین الزامات اور شکوک و شبہات کی زد میں ہے۔ڈاکٹر اسٹاف اور اکاونٹ انچارج پر سنگین الزامات سول ہسپتال میرپورخاص کے اکاونٹ انچارج کے خلاف سنگین شکایات کے سامنے آئی ہیں۔ عوامی حلقوں اور ملازمین کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے:بغیر تصدیق بھرتیاں کے : الزام ہے کہ ہسپتال میں اسٹاف کو بغیر کسی پولیس ویریفکیشن اور شناختی کارڈز کی مکمل جانچ پڑتال کے بھرتی کیا گیا ہے۔ کیا کسی بھی شخص کو بغیر کسی کولیفکشن اور بغیر تجربہ کے ڈیوٹی پر رکھنا عوام کی زندگیوں سے کھیلنا نہیں ہے؟اقربا پروری (نیپوٹزم): میرٹ کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے ایک ہی برادری کے افراد کو بڑی تعداد میں بھرتی کرنے کے الزامات ہیں۔ کیا یہ تعیناتیاں قابلیت کی بنیاد پر کی گئیں یا "اپنوں کو نوازنے” کی پالیسی اپنائی گئی اور عوام کی زندگی سے کھیلنا کھاں کا انصاف ھے یہ نہ صرف بدانتظامی ہے بلکہ کھلی ناانصافی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
حساس ذمہ داری اور انتظامی خاموشیسوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ایسے شخص کو اکاؤنٹنٹ کی حساس ذمہ داری سونپی جانی چاہیے جس پر اتنے سنگین الزامات ہوں؟ کیا انتظامیہ کسی بڑے حادثے کا انتظار کر رہی ہے؟ بے چینی اور انتظامیہ کی خاموشی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔مطالبات: شفاف انکوائری کا وقت تعین کیا جاےعوامی حلقوں اور متاثرہ عوام کی جانب سے درج ذیل مطالبات سامنے آئے ہیں:
ایس ایس پی میرپورخاص فوری طور پر ان الزامات کی شفاف انکوائری کا حکم دیں۔اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں، تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔یہ محض ایک انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ ہزاروں مریضوں اور شہریوں کے زندگی کے تحفظ کا سوال ہے۔ اب خاموشی اختیار کرنا مزید خطرات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ سچ کا سامنے آنا اور انصاف ہونا ناگزیر ہے!


