Baaghi TV

Author: Faizan Sheikh

  • کندھ کوٹ: غلام ربانی خان چاچڑ ایمانداری اور وقت کی پابندی کی روشن مثال

    کندھ کوٹ: غلام ربانی خان چاچڑ ایمانداری اور وقت کی پابندی کی روشن مثال

    کشمور (بیورو چیف) ضلع کشمور کندھ کوٹ میں محکمۂ تعلیم کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کرنے والے آفس سپرنٹنڈنٹ غلام ربانی خان چاچڑ اپنی دیانتداری، محنت اور اعلیٰ اخلاق کے باعث ایک مثالی سرکاری افسر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔تعلیم کو کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے غلام ربانی خان چاچڑ نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ اگر ذمہ داری کا احساس اور اخلاص موجود ہو تو اداروں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ ان کی سب سے نمایاں خوبی وقت کی پابندی ہے، وہ روزانہ بروقت دفتر پہنچ کر مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ان کے آنے کے بعد محکمۂ تعلیم میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ دفتری نظام بہتر ہوا، فائلوں کی بروقت تکمیل ممکن بنی اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئی۔ ان کی نگرانی میں شفافیت اور میرٹ کو فروغ ملا ہے جس سے عوام کا ادارے پر اعتماد بڑھا ہے۔غلام ربانی خان چاچڑ کا تعلق چاچڑ قبیلے سے ہے اور وہ ایک محنتی و باصلاحیت نوجوان کے طور پر اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی قابلیت اور ایمانداری سے نہ صرف اپنی برادری بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔شہریوں اور اہلِ علم نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اعلیٰ حکام ایسے فرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ اداروں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ بلاشبہ غلام ربانی خان چاچڑ جیسے افسران قوم کا قیمتی سرمایہ اور باعثِ فخر ہیں۔

  • دیپالپور میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، ڈپٹی کمشنر کے کام تیز کرنے کے احکامات

    دیپالپور میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، ڈپٹی کمشنر کے کام تیز کرنے کے احکامات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) دیپالپور میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس، روڈ کے اطراف واٹر ٹینکس اور شہر کی خوبصورتی کے مختلف منصوبوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ اور دیگر متعلقہ افسران نے انہیں جاری کاموں پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کے معیار پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اعلیٰ معیار کا مٹیریل استعمال کیا جائے تاکہ یہ منصوبے طویل عرصے تک عوام کے لیے مفید ثابت ہوں۔انہوں نے واضح کیا کہ ناقص مٹیریل یا سستی روی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔ خاص طور پر برسات کے موسم سے قبل پانی کے نکاس کے نظام کو فعال بنانا ضروری قرار دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زیر تعمیر ٹینکس کی جلد تکمیل نہایت اہم ہے تاکہ بارشی پانی کے بروقت نکاس سے شہری انفراسٹرکچر کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہروں کی جدید طرز پر ترقی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔بعد ازاں انہوں نے مثالی گاؤں وینڈلا جاگیر کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

  • ادریس تبسم کی سید نہال ہاشمی کو گورنر سندھ بننے پر مبارکباد

    ادریس تبسم کی سید نہال ہاشمی کو گورنر سندھ بننے پر مبارکباد

    گورنر سندھ سید نہال ہاشمی کو ادریس تبسم کی مبارکباد، نیک تمناؤں کا اظہار
    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ادریس تبسم نے گورنر سندھ سید نہال ہاشمی کو ان کی تعیناتی پر ٹیلی فون کے ذریعے دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، صوبہ سندھ کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے ادریس تبسم کو گورنر ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی۔
    ادریس تبسم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید نہال ہاشمی کی گورنر سندھ کے عہدے پر تعیناتی سے صوبہ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط اور فعال ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی قیادت کی رہنمائی میں سندھ میں عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور سندھ میں بھی پارٹی کو ایک مضبوط سیاسی قوت بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

  • اوکاڑہ: ماں نے دوسرے شوہر کی خاطر 7 سالہ بیٹے کو قتل کر دیا

    اوکاڑہ: ماں نے دوسرے شوہر کی خاطر 7 سالہ بیٹے کو قتل کر دیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ماں قاتل بن گئی، دوسرے شوہر کی خوشی کیلئے سات سالہ بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا
    اوکاڑہ کے علاقے 27 والا روڈ، شفقت بلاک میں انسانیت سوز واقعہ، ماں نے اپنے ہی 7 سالہ بیٹے کی جان لے لی۔خاتون نے دوسری شادی کر رکھی تھی جبکہ سوتیلے باپ کو بچہ قبول نہیں تھا۔ مبینہ طور پر ماں نے اپنے دوسرے شوہر کے کہنے پر اپنے بیٹے 7 سالہ علی حمزہ کا گلا دبا دیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر لیا .

  • اوکاڑہ: گندم خریداری مراکز فعال، باردانہ رجسٹریشن شروع

    اوکاڑہ: گندم خریداری مراکز فعال، باردانہ رجسٹریشن شروع

    اوکاڑہ میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بینظیر روڈ پر قائم گندم خریداری مرکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے باردانہ کی تقسیم کے لیے جاری رجسٹریشن عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محسن گجر نے انہیں بریفنگ دی۔ کسانوں کی سہولت کے لیے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی غرض سے ایم سی بی اور یو بی ایل کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود کسانوں سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، جس پر کسانوں نے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور رجسٹریشن مکمل ہوتے ہی باردانہ کی تقسیم شروع کر دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال گندم خریداری پرائیویٹ ایگریگیٹرز کے ذریعے کی جائے گی جبکہ سرکاری نرخ 3500 روپے فی من مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع میں مجموعی طور پر 9 خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ہر کسان کو فی ایکڑ 100 کلو کے 10 بیگز دیے جائیں گے، جبکہ زیادہ سے زیادہ 12 ایکڑ تک باردانہ فراہم کیا جائے گا۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ چھوٹے کسانوں کو ترجیح دی جائے گی۔

  • کالاش رومبور میں نیٹ ورک بحران، فور جی سروس بند

    کالاش رومبور میں نیٹ ورک بحران، فور جی سروس بند

    وادی کالاش کے علاقے رومبور میں ٹیلی نار سروس کی بندش اور فور جی انٹرنیٹ کی خراب صورتحال نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ علاقے کے مختلف مقامات پر موبائل انٹرنیٹ یا تو مکمل طور پر بند ہے یا انتہائی سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث مقامی افراد اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی صحافی فتح اللہ کے مطابق ماضی میں اس علاقے میں انٹرنیٹ سروس تیز اور ہر جگہ دستیاب تھی، تاہم اب صورتحال یکسر بدل چکی ہے اور کئی مقامات پر فور جی سروس غیر فعال ہو چکی ہے، جس سے رابطہ نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کالاش گرام میں قائم ٹیلی نار ٹاور پر بجلی کا کوئی مستقل انتظام موجود نہیں، جبکہ نصب سولر سسٹم بھی ناکارہ ہو چکا ہے۔ مزید برآں فیول کی فراہمی بھی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث مواصلاتی نظام تقریباً مفلوج ہو چکا ہے۔فتح اللہ کا کہنا ہے کہ فیول سپلائی کے نظام میں بھی شدید انتظامی مسائل ہیں۔ متعلقہ عملہ اکثر اپنی ڈیوٹی بروقت انجام نہیں دیتا اور چوبیس گھنٹے دستیاب نہیں ہوتا۔ عملے کے مطابق کم تنخواہوں کے باعث وہ دیگر کام کرنے پر مجبور ہیں، جس سے فیول کی ترسیل میں تاخیر اور نظام میں مزید بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔اس صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، آن لائن تعلیم کا نظام ٹھپ ہو چکا ہے جبکہ صحت کے شعبے میں بھی سنگین مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ ایمرجنسی حالات میں رابطہ نہ ہونے کے باعث بروقت مدد حاصل کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔فتح اللہ نے اس امر پر زور دیا کہ فوری طور پر سولر سسٹم کی بحالی، فیول سپلائی کے مؤثر انتظامات، عملے کی بہتر ڈیوٹی شیڈولنگ اور فور جی انٹرنیٹ کی مکمل بحالی ناگزیر ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خاموشی اس مسئلے کو مزید سنگین بنا رہی ہے، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا اور پرامن ذرائع سے اپنی آواز بلند کریں تاکہ متعلقہ ادارے فوری نوٹس لے کر مواصلاتی نظام بحال کر سکیں۔

  • ننکانہ صاحب: واسا سیوریج سسٹم کی ناقص کارکردگی، شہری زندگی متاثر

    ننکانہ صاحب: واسا سیوریج سسٹم کی ناقص کارکردگی، شہری زندگی متاثر

    احسان اللہ ایاز نامہ نگار باغی ٹی وی ننکانہ صاحب
    واسہ (WASA) کے سیوریج سسٹم کی ناقص کارکردگی بالخصوص ننکانہ صاحب جیسے جسے انٹرنیشنل شہر بھی کہا جاتا واسا کی کارکردگی نے عوامی زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے اس حوالے سے ایک تفصیلی نوٹ پیش ہےواسہ (WASA) کے سیوریج سسٹم کی ناقص کارکردگی ایک جائزہ بنیادی مسائل اوروجوہات
    واسہ کے نظام میں خرابی کی کئی وجوہات ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ شدت اختیار کر چکی ہیں فرسودہ انفراسٹرکچر شہروں کی آبادی میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہےجبکہ سیوریج کی لائنیں وہی دہائیوں پرانی ہیں جو اب بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں رہیں
    پلاننگ کا فقدان نئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا قیام بغیر کسی جامع نکاسیِ آب کے منصوبے کے کیا جا رہا ہے، جس سے مین لائنوں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے
    مشینری کی کمی اکثر علاقوں میں ڈسپوزل پمپس خراب رہتے ہیں یا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کام نہیں کر پاتے عوامی صحت پر اثرات ناقص سیوریج سسٹم صرف بدبو کا باعث نہیں بنتا بلکہ یہ انسانی صحت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہےبیماریوں کا پھیلاؤ گندا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے مچھروں اور مکھیوں کی افزائش ہوتی ہے، جس سے ڈینگی، ملیریا، ہیضہ اور ٹائیفائیڈ جیسی بیماریاں عام ہو جاتی ہیں پینے کے پانی کی آلودگی اکثر مقامات پر سیوریج کی لائنیں اور پینے کے پانی کی پائپ لائنیں ساتھ ساتھ گزرتی ہیں لیکیج کی صورت میں گندا پانی پینے کے صاف پانی میں شامل ہو کر اسے زہریلا بنا دیتا ہے بارشوں کے دوران سنگین صورتحال
    مون سون کے دوران واسہ کی کارکردگی کا پول کھل جاتا ہے معمولی بارش کے بعد بھی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے اور قیمتی جانی و مالی نقصان ہوتا ہے
    بجلی کا شارٹ سرکٹ گلیوں میں جمع پانی کی وجہ سے بجلی کے کھمبوں میں کرنٹ آنے کے واقعات کثرت سے رونما ہوتے ہیں اس بحران سے نکلنے کے لیے درج ذیل اقدامات ناگزیر ہیں نئی پائپ لائنوں کی تنصیب بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے سیوریج لائنوں کا قطر (Diameter) بڑھایا جائےجدید مشینری کا استعمال نالوں کی صفائی کے لیے پرانے طریقوں کے بجائے جدید سکشن اور جیٹنگ مشینوں کا استعمال کیا جائے
    عوامی شعور شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ کچرا اور پلاسٹک کے شاپر نالوں میں نہ پھینکیں، کیونکہ یہ لائنوں کے بند ہونے کی سب سے بڑی وجہ بنتے ہیں واسہ کے سیوریج سسٹم کی بہتری کے لیے صرف ہنگامی اقدامات کافی نہیں، بلکہ ایک طویل مدت اور پائیدار پالیسی کی ضرورت ہے جب تک بجٹ کا درست استعمال اور افسران کی جوابدہی یقینی نہیں بنائی جائے گی، شہری اس اذیت سے نجات حاصل نہیں کر سکیں گے

  • میرپورخاص: صحافتی خدمات پر سید شاہزیب شاہ کو اعزاز

    میرپورخاص: صحافتی خدمات پر سید شاہزیب شاہ کو اعزاز

    میرپورخاص تقریبِ اسناد کی تقسیم
    انفارمیشن کمیشن کے سینئر کمشنر محمد سلیم خان (کمشنر کراچی) نےباغی ٹی وی نامہ نگار میرپورخاص کے سید شاہزیب شاہ کو سرٹیفکیٹ سے نوازا۔یہ تقریب میرپورخاص ملک سینٹر میں منعقد ہوئی،جس میں صحافتی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کا مقصد صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے وال ی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

  • تلہ گنگ میں اساتذہ و عملے کی ترقی، پہلی DPC کامیابی سے مکمل

    تلہ گنگ میں اساتذہ و عملے کی ترقی، پہلی DPC کامیابی سے مکمل

    ضلع تلہ گنگ میں اساتذہ، کلرکس اور کلاس فور (C-IV) ملازمین کی ترقی کا عمل آج کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی تلہ گنگ نے اس اہم پیش رفت پر تمام ترقی پانے والے ملازمین کو دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ضلع تلہ گنگ میں پہلی ڈسٹرکٹ پروموشن کمیٹی (DPC) کا کامیاب انعقاد ایک اہم سنگِ میل ہے، جو انتظامی کارکردگی اور تعلیمی نظام کی بہتری کی جانب مثبت قدم ہے۔سی ای او اخلاق صاحب نے اس موقع پر تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (DEOs) اور متعلقہ ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور بروقت ذمہ داریوں کی تکمیل قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے ملازمین اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھائیں گے اور ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔آخر میں انہوں نے تمام افسران و عملے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کی توقع ظاہر کی۔

  • اسلام آباد: تشدد کیس میں خاتون کو والدین کے ساتھ جانے کی اجازت

    اسلام آباد: تشدد کیس میں خاتون کو والدین کے ساتھ جانے کی اجازت

    اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن کورٹ ویسٹ میں اینکر پرسن جمیل فاروقی پر مبینہ تشدد اور غیر قانونی حراست کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد خاتون کو والدین کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔تفصیلات کے مطابق طارق مسعود و دیگر کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کی بیٹی عائشہ مسرت کو اس کے شوہر محمد جمیل الدین نے شادی کے بعد گھر میں غیر قانونی طور پر قید کر رکھا ہے اور اسے والدین سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ درخواست میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ خاتون کو جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔عدالت نے درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 15 اپریل کو بیلف مقرر کیا اور تھانہ گولڑہ شریف کو ہدایت دی کہ خواتین پولیس کی مدد سے خاتون کو 16 اپریل کو عدالت میں پیش کیا جائے۔گزشتہ روز سماعت کے دوران عائشہ مسرت کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس نے بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے شوہر پر مسلسل ظلم و زیادتی اور والدین سے نہ ملنے دینے کا الزام عائد کیا۔ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ وہ بالغ ہے اور اپنی مرضی سے والدین کے ساتھ جانا چاہتی ہے۔عدالت نے خاتون کے بیان کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ چونکہ وہ بالغ ہے اور اپنی آزاد مرضی سے والدین کے ساتھ جانا چاہتی ہے، لہٰذا اسے والدین کے ساتھ جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ عدالت نے کیس نمٹا کر فائل ریکارڈ روم منتقل کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔