Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ترکی ،سعودی عرب،قطر کا پاکستان کے افغانستان پر حملے روکنے کا خیرمقدم

    ترکی ،سعودی عرب،قطر کا پاکستان کے افغانستان پر حملے روکنے کا خیرمقدم

    ترکی، سعودی عرب، قطر نے عیدالفطر کے موقع پر افغانستان اور پاکستان کے درمیان اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے

    ترکی کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ افغانستان اور پاکستان نے ترکیے، قطر اور سعودی عرب کی طرف سے کی گئی اپیل کا مثبت جواب دیا ہے اور عید الفطر کے دوران جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کی بنیاد پر، ہم امید کرتے ہیں کہ جنگ بندی کی پاسداری کی جائے گی اور یہ ایک ایسے عمل کی راہ ہموار کرے گا جو افغانستان اور پاکستان کے لوگوں کے لیے دیرپا امن اور خوشحالی لائے گا۔

    قطر نے عیدالفطر کے موقع پر افغانستان اور پاکستان کے درمیان اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے، جسے کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ عارضی جنگ بندی دونوں ممالک کے درمیان حالات کو معمول پر لانے اور کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ وزارت نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام ایک پائیدار سیزفائر معاہدے کی راہ ہموار کرے گا، جو نہ صرف شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنائے بلکہ خطے میں امن و استحکام کو بھی یقینی بنائے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ قطر ان دونوں فریقین کی جانب سے جنگ بندی کے لیے مثبت ردعمل کو سراہتا ہے، خاص طور پر ان اپیلز کے تناظر میں جو سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مل کر کی گئی تھیں۔وزارتِ خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے مکالمہ اور پرامن ذرائع ہی سب سے مؤثر راستہ ہیں، اور یہی طریقہ دیرپا امن کی ضمانت دے سکتا ہے۔آخر میں، قطر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سفارتی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور خطے میں سلامتی و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔

    علاوہ ازیں سعودی عرب نے بھی جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے،سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے اس بابت اعلامیہ جاری کیا گیا ہے.

  • کراچی میں شدید بارش،بجلی غائب،حادثات میں 17 اموات

    کراچی میں شدید بارش،بجلی غائب،حادثات میں 17 اموات

    کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے باعث مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہو ئی۔کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی،آندھی کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ بھی جاری رہا جب کہ بارش شروع ہوتے ہیں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی،بارش کے بعد معین آباد عالمگیر سوسائٹی، شادمان ٹاون 14 اے، گلشن اقبال کے مختلف علاقوں اور ڈیفنس فیز ٹو، ون، اختر کالونی، کشمیر کالونی اور نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی،مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے باعث درخت بھی گرگئے جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب تیز ہوا سے درخت گر گیا، 2افراد درخت کے نیچے پھنس گئی، محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر بل بورڈ گرگیا، ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے،ترجمان ریسکیو کے مطابق دیوار گرنے سے 3افراد زخمی ہوئے،لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر گری، یہ رہائشی عمارت نہیں، پولیس نفری موقعے پر پہنچ گئی ہے، سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، مزید افراد کے دبے ہونےکا خدشہ ہے۔قائد آباد مجید کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے خاتون اور مرد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک شخص زخمی ہے۔ملیرندی یارو گوٹھ کےقریب آسمانی بجلی گرنےسے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ کورنگی ساڑھےتین میں گھر کی چھت گرنے سےخاتون جاں بحق ہوگئی، کورنگی 5 نمبرمیں درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔دوسری جانب شاہ لطیف مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات میں مزید بارش کا امکان نہیں تاہم آج دوپہر کے بعد بارش کا امکان رہےگا، تیزہوا اورگرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے، عید کے پہلے دن ہلکی بارش کا امکان رہے گا،24 سے27 مارچ کےدوران بھی مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

  • افغان طالبان کو  فیصلہ کرنا  ہےکہ ان کے لیے ٹی ٹی پی اہم ہے یا پاکستان،ترجمان پاک فوج

    افغان طالبان کو فیصلہ کرنا ہےکہ ان کے لیے ٹی ٹی پی اہم ہے یا پاکستان،ترجمان پاک فوج

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہےکہ پاکستان افغان طالبان سے بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن وہ پہلے دہشت گردوں کو ہمارے حوالے کریں، افغان طالبان کو فیصلہ کرنا ہےکہ ان کے لیے ٹی ٹی پی اہم ہے یا پاکستان، ان کے لیے دہشت گردی اہم ہے یا امن۔

    جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک کے میزبان حامد میر سے گفتگو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان رجیم نے دہشت گردوں کو اپنے پاس چھپا کر رکھا ہوا ہے، حتیٰ کہ سرکاری عمارتوں میں بھی دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں، پاکستان بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن پہلے دہشت گردوں کو پاکستان کے حوالے کرو اور اپنے ملک میں دہشت گردی کے مراکز کو ختم کرو ۔

    ‘افغان طالبان نے صومالیہ کی الشباب کو دعوت دی ہےکہ افغانستان آجائیں’
    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دنیا کو پتہ ہونا چاہیے افغان طالبان نے صومالیہ کی الشباب کو دعوت دی ہےکہ افغانستان آجائیں آپ کو جگہ دیتے ہیں، اسامہ کے بیٹے کے ساتھ بھی ان کا رابطہ ہے اور حمزہ بن لادن کو کہا ہےکہ افغانستان آجائیں آپ کو جگہ دیتے ہیں۔ افغانستان پوری دنیا کے دہشت گردوں کا مرکز بنا ہوا ہے، پاکستان نے ان کا راستہ روکا ہوا ہے، یہ صرف پاکستان کے عوام کی جنگ نہیں یہ خطے اور پوری دنیا کی جنگ ہے جو ہم لڑ رہے ہیں۔

    شروع انہوں نے کیا ہے پاکستان نے جواب دیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نےکابل میں افغان رجیم کے اسلحےکے ذحیرے اور ڈرون اسٹوریج کو نشانہ بنایا جو پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال ہو رہا تھا ، یہ کارروائی بھی افغان طالبان کے ان 53 حملوں کے جواب میں کی گئی جو انہوں نے پاکستان میں ہماری چیک پوسٹوں پر کیے۔ شروع انہوں نے کیا ہے، پاکستان نے جواب دیا ہے ، ہم دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کرتے ہيں تو یہ اپنی ملیشیا لےکر وہاں پہنچ جاتے ہیں ، ہم نے ان کی 81 لوکیشنز پر اسٹرائیک کی ہیں اور یہ سارے حملے دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے والے انفرا اسٹرکچر پر کیے گئے ہیں ، یہ وہ تمام انفرا اسٹرکچر ہيں جہاں سے پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کو سپورٹ مل رہی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کابل میں ہدف افغان طالبان کے گولا بارود اور ہتھیاروں کے علاوہ ڈرون طیاروں کا ڈپو تھا، یہ گولا بارود پھٹنے سے جو دھماکے ہوئے انہیں پورے شہر نے دیکھا، حملے میں سویلینز کی ہلاکتوں کا پروپیگنڈہ جھوٹ ہے، طالبان کے اکثر جنگجو وردی نہیں سویلین لباس پہنتے ہیں اور طالبان منشیات کے عادی افراد کو خودکش حملوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں ۔

    ہمیں افغان بہن بھائیوں سے مسئلہ نہیں وہ تو خود مظلوم اور اس رجیم کے ظلم کا شکار ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمیں افغان بہن بھائیوں سے مسئلہ نہیں وہ تو خود مظلوم ہیں اور اس رجیم کے ظلم کا شکار ہیں، ہم نے افغانوں کو نہیں دہشت گردوں کو حملے کا نشانہ بنایا، حملوں کے فوری بعد وزارت اطلاعات ان حملوں سے متعلق اپ ڈیٹ دیتی ہے، ہم واضح طور پر بتاتے ہیں کہ آج یہاں ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا، کابل میں ملٹری کیمپ اور ایمونیشن اسٹوریج سائٹ تھی اس کو ٹارگٹ کیا، جہاں ایمونیشن ہو وہاں حملہ ہو تو اس کے بعد وہاں بارود پھٹنا شروع ہوجاتا ہے اور یہ دنیا نے دیکھا، ہم افغانستان میں اہداف کو نشانے بنانے میں بہت زیادہ محتاط ہیں، افغان طالبان رجیم جھوٹے دعوے کرتے ہیں اوربعد میں پوسٹس ڈیلیٹ کردیتے ہیں، کوئی ان سے پوچھے کہ ایمونیشن اسٹوریج میں ڈرگ اسپتال کیوں بنایا گیا تھا، یہاں پر کسی زمانے میں انھوں نے نشئی افراد کو یرغمال بنایا ہوا تھا، جتنے خودکش حملہ آور یہاں پاکستان میں پھٹتے ہیں نشئی ہوتے ہیں یا نشے کے زیر اثر ہوتے ہیں افغان طالبان رجیم کی پرانی عادت ہے یہ نشئیوں کو خودکش حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    ‘ ہم نے افغانستان پرجنگ مسلط نہیں کی، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے’
    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم نے افغانستان پرجنگ مسلط نہیں کی، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانی شہید ہوچکے ہیں، ہم دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، ترلائی مسجد دھماکے میں معصوم لوگ شہید ہوئے، دہشت گرد افغانستان سےآیا وہاں پر تربیت حاصل کی تھی، وانا کیڈٹ کالج میں حملہ کیا گیا، ہلاک پانچوں دہشت گرد افغان شہری تھے، پولیس،شہریوں اور مساجد پر حملے ہو رہے ہیں، دہشت گرد افغانستان سے آرہے ہیں، ان دہشت گرد تنظیموں کی قیادت افغانستان میں موجود ہے، خارجی نورولی،خارجی بشیر زیب، خارجی گل بہادر افغانستان میں ہیں۔

    بھارت افغان طالبان کو ڈرون طیارے دے رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
    انہوں نے کہا کہ افغان طالبان دہشت گرد تنظیم ہے جو اس ملک پر قابض ہوئی ہے یہی یواین کہہ رہا ہے، افغانستان میں کوئی ڈرون بنانے کی فیکٹری نہیں تو کونسا ملک ان کو دے رہا ہے؟ بھارت افغان طالبان کو ڈرون طیارے استعمال کرنے کے لیے دے رہا ہے، مشرق وسطیٰ میں بہترین دفاعی نظام ہے اس کے باوجود کچھ جگہ اہداف نشانہ بنے، افغانستان سے آئے تمام ڈرون طیارے ہم نے مار گرائے۔

    ‘پہلے ہم جب بات کرتے تھے تو یہ کہتے تھے صبر کریں، اب یہ کریں صبر ‘
    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ افغان طالبان رجیم نے دہشت گردوں کو سرکاری عمارتوں میں چھپایا ہوا ہے، پہلے ہم جب بات کرتے تھے تو یہ کہتے تھے صبر کریں، اب یہ کریں صبر ، تم یہاں پاکستان کے بچوں کو شہید کرو اور ہم تمہارے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کریں ؟ پاکستان نے کب بات چیت سے انکار کیا، ہم نے تو کئی بار ان سے ہرفورم پر بات کی، ہم دوست ممالک سے کہتے ہیں آپ گارنٹی دیں، دنیا میں کیا کوئی ان کی گارنٹی دے سکتا ہے؟ اس دہشت گردی میں منشیات بھی کردار ادا کر رہی ہے، اسلام میں کہاں لکھا ہےکہ دہشت گردی کریں یا خودکش حملے کریں، اسلام میں کہاں لکھا ہےکہ خواتین سے جانوروں کی طرح سلوک کریں، کسی کو کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی کہ پاکستان میں دہشت گردی کرے، پاک افغان سرحد پر ہونے والی اسمگلنگ سے بھی ملک کو نقصان ہوتا تھا،کراس بارڈر دہشت گردی میں کمی آئی ہے، اسمگلنگ کم ہوئی ہے ۔

  • ایرانی حملوں سے اسرائیلی ایئر پورٹ پر 3 طیارے تباہ،اسرائیلی متعدد علاقے نشانہ

    ایرانی حملوں سے اسرائیلی ایئر پورٹ پر 3 طیارے تباہ،اسرائیلی متعدد علاقے نشانہ

    ایرانی میزائلوں کے شدید حملے میں اسرائیل کے کئی علاقے نشانہ بن گئے۔

    ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی نظام آئرن ڈوم زیادہ تر میزائل روکنے میں ناکام رہا۔تل ابیب میں زور دار دھماکے ہوئے جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں آگ لگ گئی، ترک میڈیا نے ویڈیوز جاری کردی ہیں۔ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی میزائل حملوں میں اسرائیل میں کئی سو افراد زخمی ہوئے اور ہلاکتوں کا خدشہ ہے، تاحال نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔اسرائیلی حکام کی سخت سینسر پالیسی جاری ہے، تباہ ہونے والے مقامات کے قریب میڈیا کو جانے سے روک دیا گیا ہے اور جواز تراشا ہے کہ میڈیا امدادی سرگرمیوں میں خلل پیدا کرسکتا ہے۔عرب میڈیا رپورٹ میں ویڈیو جاری کی گئی ہے اور دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی حملوں میں اسرائیلی شہر ہولون میں کئی مقامات پر تباہی ہوئی ہے۔

    اسرائیل کے مرکزی ایئرپورٹ بن گوریون پر ایرانی میزائل لگنے سے 3 طیارے تباہ ہوگئے،اسرائیل ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق یہ نقصان گزشتہ چند دنوں کے دوران اس وقت ہوا جب میزائلوں کے ٹکڑے ایئرپورٹ کے احاطے میں گرے۔ ان ٹکڑوں کی زد میں آ کر تین پرائیویٹ طیارے بری طرح متاثر ہوئے۔حکام کے مطابق متاثرہ طیاروں میں سے ایک میں آگ بھی بھڑک اٹھی، جس پر بعد میں قابو پا لیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ایئرپورٹ تل ابیب کے قریب واقع ہے اور اسرائیل کی بین الاقوامی فضائی آمد و رفت کا سب سے بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے۔حالیہ میزائل حملوں اور فضائی دفاعی کارروائیوں کے باعث اس علاقے میں سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔

    اسرائیلی محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے اسپتال زخمیوں سے بھرنے لگے ہیں۔اسرائیلی حکام نے کہا کہ اسرائیلی اسپتالوں میں روزانہ 100سے زائد زخمی لائے جاتے ہیں، جس کے باعث ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔حکام کے مطابق دوسری طرف اسرائیل کے شمالی علاقوں پر حزب اللّٰہ حملے کیے ہیں، ان حملوں سے قبل سائرن کی آوازیں بھگدڑ کا سبب بنتی ہیں،اسرائیل خصوصاً وسطی اسرائیل میں پُرسکون راتیں اب ماضی کاحصہ بن چکی ہیں،رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل میں رات کے وقت کم از کم دو مرتبہ الارم بجتا ہے، ملک میں دفاتر کھلے ہیں مگر اسکول بدستور بند ہیں۔

  • خواتین سے کہوں گی کسی غلط سرگرمی کا حصہ نہ بنیں،گرفتارخاتون خودکش حملہ آور کی اپیل

    خواتین سے کہوں گی کسی غلط سرگرمی کا حصہ نہ بنیں،گرفتارخاتون خودکش حملہ آور کی اپیل

    سکیورٹی اداروں نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے خودکش حملے کے لیے تیار کی گئی نوجوان لڑکی کو گرفتار کرلیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ وزیر داخلہ ضیا لانگو و دیگر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس دوران بی ایل اے کی جانب سے خودکش حملوں کے لیے تیار کی گئی لڑکی لائبہ کو بھی موجود تھیں،پریس کانفرنس میں لائبہ نے بتایا کہ اسے خودکش مشن کے لیے تیار کیا جارہا تھا کہ اسے خضدار سے گرفتار کرلیا گیا، تمام خواتین سے کہوں گی کسی غلط سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔ ضلع خضدار کے علاقے تحصیل زہری کی رہائشی ہوں، کمانڈر ابراہیم نے میرا رابطہ دل جان سے کرایا ،کمانڈر ابراہیم ذہن سازی کرکے مجھے خودکش حملہ آور بنانا چاہتا تھا،کمانڈر دل جان نے کہا کہ بی وائے سی کی ڈاکٹر صبیحہ کے پاس لے کر جائے گا خودکش حملے کی تیاری کیلئے، تنظیمی گفتگو اور نظریات سے متاثر ہو کر وہ اس راستے پر چلنے کے لیے تیار ہو گئی۔ بعد ازاں کمانڈر ابراہیم نے اس کا رابطہ دل جان سے کروایا، جہاں اسے ہدف دیا گیا کہ مزید لڑکیوں کو بھی اس سرگرمی کے لیے تیار کرے۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بلوچ خواتین کا استحصال کر رہے ہیں، لائبہ کہ کہانی سب کے سامنے ہے، بی ایل اے نے خواتین کا احترام ختم کیا، بلوچوں کو لاحاصل مقاصد کی طرف دھکیل دیا گیا ہے،بلوچستان کے عوام حکومت سے خود حساس معلومات شیئر کر رہے ہیں، سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی نے بڑی تباہی سے بچالیا اور بلوچستان کو محفوظ بنایا۔

  • خلیج ہرمز کے قریب ایرانی میزائل تنصیبات پر امریکی فضائی حملہ، ’بنکر بسٹر‘ بم استعمال

    خلیج ہرمز کے قریب ایرانی میزائل تنصیبات پر امریکی فضائی حملہ، ’بنکر بسٹر‘ بم استعمال

    خلیج ہرمز کے حساس علاقے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جہاں امریکی فوج نے ایرانی میزائل تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے طاقتور فضائی حملہ کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس کارروائی میں جدید اور انتہائی تباہ کن ’بنکر بسٹر‘ بم استعمال کیے گئے۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں تقریباً 5000 پاؤنڈ (2,268 کلوگرام) وزنی گہرائی تک تباہی پھیلانے والے بم استعمال کیے گئے، جن کا ہدف ساحلی علاقوں میں قائم مضبوط ایرانی میزائل اڈے تھے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان مقامات پر نصب ایرانی اینٹی شپ کروز میزائل بین الاقوامی بحری جہاز رانی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے تھے، جس کے باعث یہ کارروائی ناگزیر ہو گئی۔ذرائع کے مطابق یہ حملہ خلیج ہرمز میں بحری آمد و رفت کو بحال کرنے کی جانب پہلی بڑی فوجی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جہاں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی ترسیل بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے بعد خطے میں مزید کشیدگی بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ ایران کی جانب سے ممکنہ ردعمل بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔

  • اسرائیل کا ایرانی انٹیلی جنس منسٹر اسماعیل خطیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    اسرائیل کا ایرانی انٹیلی جنس منسٹر اسماعیل خطیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    اسرائیل نے ایرانی انٹیلی جنس منسٹر اسماعیل خطیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کردیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے ایرانی انٹیل جنس منسٹر اسماعیل خطیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، حکام کارروائی کے نتائج کا جائزہ لے رہے ہیں۔الجزیرہ کا کہنا ہے کہ ایران سے ابھی تک اس پیشرفت پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

    دوسری جانب امریکی نیوی نے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ کو میدان جنگ سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔حکام کے مطابق طیارہ بردار جہاز مرمت کیلئے یونانی بندرگاہ پر لنگر انداز رہے گا، 12 مارچ کو یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ایرانی پاسداران انقلاب نے جہاز پر میزائل حملوں کا دعویٰ کیا تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ کا دعویٰ ہے کہ جہاز میں آگ خود بخود بھڑک اٹھی تھی۔نیویارک ٹائمز کے مطابق آگ پر قابو پانے میں 30 گھنٹے لگے تھے، 600 میرینز کے بستر جل گئے، جس کی وجہ سے وہ ایک ہفتے سے فرش پر سورہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش کو جلد مشرق وسطیٰ میں تعینات کیا جائے گا۔

  • سیاسی مفاد کیلئے مودی کی دوغلی پالیسیاں، بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار

    سیاسی مفاد کیلئے مودی کی دوغلی پالیسیاں، بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار

    خلیجی جنگ کے دوران مودی کی بدترین سفارتکاری نے بھارت کے نام نہاد عالمی تعلقات کا پردہ چاک کر دیا

    عالمی جریدہ بلومبرگ کے مطابق مفاد پرست مودی کی عالمی دوستیاں محض دعوؤں تک محدود، دنیا بھر میں بھارت بطور ریاست اثر و رسوخ سے محروم ہو گیا ،خلیجی بحران میں روسی تیل کی خریداری کیلئے ٹرمپ کی اجازت اور ایران سے مدد کی التجا نے مودی کی سیاسی ساکھ کمزور کر دی،بھارتی عوام نے مودی کی من گھڑت طاقت کی کہانیوں کے برعکس بحران کے دوران کمزور مذاکرات پر سوال اٹھا دیے،خلیجی ممالک میں 9 ملین بھارتیوں میں سے 50 ہزار کی وطن واپسی سے زرمبادلہ اور فلاحی اخراجات متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ چکا ہے، گذشتہ تین سالوں میں بھارت کی اسرائیل کیساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے بعد ایران کیلئے بھارت محض بُرا دوست یا نادان ثابت ہوا ہے،

    عالمی ماہرین کے مطابق مودی کا خطہ میں دھونس جمانے کیلئے عالمی اثرو رسوخ کا مضحکہ خیز بیانیہ سنگین بحران کے دوران دم توڑ چکا ہے،مودی کی دوغلی پالیسیاں، بلند و بانگ دعوؤں اور دکھاوے پر مبنی ناقص سفارتکاری کی عالمی بازگشت بھارت کی رسوائی کا سبب بن چکی ہے

  • خضدار میں خاتون خودکش حملہ آور کی مبینہ منصوبہ بندی ناکام، 19 سالہ لڑکی گرفتار

    خضدار میں خاتون خودکش حملہ آور کی مبینہ منصوبہ بندی ناکام، 19 سالہ لڑکی گرفتار

    بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی اداروں نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر خودکش حملے کی تیاری میں ملوث 19 سالہ لڑکی کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی خضدار کے علاقے گزگی میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست لڑکی پر شبہ ہے کہ وہ ایک ممکنہ خودکش حملہ آور کے طور پر استعمال کی جا سکتی تھی۔ انٹیلی جنس حکام کے مطابق اس کے روابط ایک ایسے شدت پسند کمانڈر سے تھے جو کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے منسلک بتایا جاتا ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران حکام نے انکشاف کیا کہ ملزمہ مستقبل قریب میں خودکش حملہ کرنے کے لیے آمادہ تھی، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ایک ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق لڑکی نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس کا تعارف اس کے ایک قریبی رشتہ دار (کزن) نے ایک مقامی شدت پسند کمانڈر سے کروایا، جس کے بعد اسے بتدریج شدت پسندی کی جانب مائل کیا گیا۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ نومبر 2025 کے تیسرے ہفتے میں اس نے ایک مبینہ تربیتی کیمپ کا دورہ کیا تھا۔پس منظر کے حوالے سے حکام نے بتایا کہ ملزمہ ایف اے تک تعلیم یافتہ ہے۔ اس کے والد 2007 سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں جبکہ خاندان کے معاملات اس کا چچا سنبھالتا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس کی شادی اپریل 2024 میں ایک عمر میں بڑے شخص سے بطور دوسری بیوی ہوئی تھی۔سیکیورٹی حکام کے مطابق ملزمہ نے خود کو "ممکنہ خودکش حملہ آور” قرار دیا ہے، تاہم اس نے دیگر شدت پسند سرگرمیوں میں براہ راست ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔

  • بغداد میں امریکی سفارتخانے پر مسلسل دوسرے روز حملہ

    بغداد میں امریکی سفارتخانے پر مسلسل دوسرے روز حملہ

    عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع امریکی سفارتخانے پر منگل کے روز مسلسل دوسرے دن بھی حملہ کیا گیا، عراقی سیکیورٹی حکام کے مطابق سفارتخانے کو متعدد راکٹوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

    عراقی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ “ایک بار پھر قانون شکن گروہوں نے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانے کو نشانہ بنا کر مجرمانہ جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔” بیان میں اس حملے کو عراق کی خودمختاری اور ریاستی اختیار پر کھلا دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی گئی۔فوج نے عزم ظاہر کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ انہیں ان کے جرائم کی مکمل سزا دی جا سکے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سفارتخانے کے کمپاؤنڈ پر کم از کم چار مختلف پروجیکٹائل داغے گئے، جن میں دو ڈرون بھی شامل تھے۔ ان میں سے ایک سفارتخانے کے قریب آ کر گرا۔ اس سے قبل منگل کی صبح بھی ایک اور حملے کی کوشش کی گئی تھی جسے فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔دوسری جانب بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع ایک امریکی سفارتی تنصیب کو بھی دو پروجیکٹائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق اس موقع پر بھی فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا، تاہم نقصانات یا دیگر تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔

    ادھر “اسلامک ریزسٹنس ان عراق” نامی گروپ، جس میں ایران نواز ملیشیائیں شامل ہیں، نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے منگل کے روز عراق کے اندر اور باہر امریکی مفادات کے خلاف درجنوں ڈرونز اور راکٹوں کے ذریعے 47 حملے کیے ہیں۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔