Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بونی کپور کی بیٹی انشولا کپور شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

    بونی کپور کی بیٹی انشولا کپور شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

    بالی ووڈ کے معروف پروڈیوسر بونی کپور کی بیٹی اور اداکار ارجن کپور کی بہن انشولا کپور رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انشولا کپور نے اپنے دیرینہ دوست روہن ٹھاکر سے ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس میں خاندان کے قریبی افراد اور دوستوں نے شرکت کی۔انشولا کپور نے اپنی شادی کی خوشخبری سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خوبصورت تصاویر شیئر کرکے مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ تصاویر میں دونوں کو شادی کی مختلف رسومات ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک تصویر میں انشولا کی سوتیلی بہنیں، جھانوی کپور اور خوشی کپور بھی موجود ہیں۔انشولا نے تصاویر کے ساتھ ایک جذباتی کیپشن بھی تحریر کیا، جس میں انہوں نے 6 جولائی کو اپنی شادی کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے اپنے شوہر روہن ٹھاکر کے لیے محبت بھرے جذبات کا اظہار کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب انتہائی سادگی اور نجی انداز میں منعقد کی گئی، جس میں صرف قریبی عزیزوں اور دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ انشولا کپور اور روہن ٹھاکر کی منگنی جولائی 2025 میں ہوئی تھی، جس کے بعد اب دونوں نے اپنی نئی زندگی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • لیاری میں تین کمسن بچیوں سے مبینہ زیادتی، والد حراست میں

    لیاری میں تین کمسن بچیوں سے مبینہ زیادتی، والد حراست میں

    کراچی کے علاقے لیاری کے کالاکوٹ میں تین کمسن بچیوں سے مبینہ زیادتی کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچیوں کے والد کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق گزشتہ شب تین بچیوں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ متاثرہ بچیوں کی عمریں 7 سال، 5 سال اور ڈھائی سال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل معائنے کی حتمی رپورٹ آنے میں دو سے تین روز لگ سکتے ہیں، جس کے بعد واقعے کی نوعیت کے بارے میں واضح رائے دی جا سکے گی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں کی والدہ نے اپنے شوہر پر مبینہ زیادتی کا شبہ ظاہر کیا تھا، جس کی بنیاد پر پولیس نے گزشتہ روز ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ میڈیکل رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • ’سگریٹ سے جلایا، تھپڑ بھی مارا‘سابق بوائے فرینڈ بارے اداکارہ کا انکشاف

    ’سگریٹ سے جلایا، تھپڑ بھی مارا‘سابق بوائے فرینڈ بارے اداکارہ کا انکشاف

    بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ نیتی ٹیلر نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک نہایت تکلیف دہ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ماضی میں وہ ایک ایسے پُرتشدد اور زہریلے تعلق کا حصہ رہیں جہاں انہیں جسمانی اور ذہنی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔

    نیتی ٹیلر نے ایمیزون پرائم پر نشر ہونے والے ریئلٹی شو "الائنس” میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے سابق بوائے فرینڈ کا رویہ انتہائی جارحانہ تھا اور اس نے کئی مواقع پر ان پر تشدد کیا۔اداکارہ کے مطابق ایک موقع پر سابق بوائے فرینڈ نے غصے میں آکر جلتی ہوئی سگریٹ سے ان کی رانوں کو داغ دیا، جس کے نشانات آج بھی ان کے جسم پر موجود ہیں۔ انہوں نے شو کے دوران یہ نشانات دیگر شرکاء کو بھی دکھائے، جس پر وہاں موجود افراد حیران رہ گئے۔نیتی ٹیلر نے مزید بتایا کہ یہ تشدد صرف سگریٹ سے جلانے تک محدود نہیں تھا بلکہ ایک موقع پر ان کے سابق بوائے فرینڈ نے انہیں تھپڑ بھی مارا تھا۔

    اداکارہ نے واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا، "ایک رات اس کی سالگرہ پر حالات بہت خراب ہو گئے تھے۔ اس نے مجھے تھپڑ مارا، جس کے بعد میں نے صرف اتنا کہا، ‘الوداع، پھر ملیں گے۔’ اس وقت میری عمر کم تھی اور میں لوگوں کی اصل شخصیت کو صحیح طرح سمجھ نہیں پاتی تھی۔”انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ ایک انتہائی زہریلے اور پُرتشدد تعلق میں تھیں، جہاں محبت کے نام پر انہیں مسلسل اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔نیتی ٹیلر کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے ان کی ہمت کو سراہا ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے اپنے تجربے کو عوام کے سامنے لا کر گھریلو تشدد اور بدسلوکی پر مبنی تعلقات جیسے اہم مسئلے پر کھل کر بات کی، جس سے متاثرہ افراد کو حوصلہ مل سکتا ہے۔

    نیتی ٹیلر بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ ہیں، جنہوں نے "کیسی یہ یاریاں” میں نندنی کے کردار سے شہرت حاصل کی، جبکہ وہ "عشق باز” اور "غلام” سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

  • حقیقی رشتوں کی پہچان مشکل حالات میں ہی ہوتی ہے، زارا نور عباس

    حقیقی رشتوں کی پہچان مشکل حالات میں ہی ہوتی ہے، زارا نور عباس

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری میں کئی ایسی خواتین موجود ہیں جو کبھی ان کی قریبی دوست تھیں، مگر مشکل وقت میں انہوں نے توقع کے مطابق ساتھ نہیں دیا۔

    ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے زارا نور عباس نے شوبز انڈسٹری میں قائم ہونے والی دوستیوں، مشکل حالات اور ذاتی تجربات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زندگی کے کٹھن دور میں انہیں بعض ساتھی فنکاروں اور دوستوں کی جانب سے وہ تعاون نہیں ملا جس کی انہیں امید تھی۔اداکارہ نے کہا کہ ان کے مشکل وقت میں سب سے زیادہ حوصلہ افزائی اور حمایت خاندان کی خواتین نے کی، جو مضبوط کردار کی حامل ہیں۔ ان کے بقول، خاندان نے ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا اور انہیں یہ احساس دلایا کہ اپنی ذات، ذہنی سکون اور جذبات کو اہمیت دینا انتہائی ضروری ہے۔

    زارا نور عباس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی بعض خواتین، جو کبھی ان کی اچھی دوست تھیں، مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئیں، تاہم انہیں اس بات کا اطمینان ہے کہ انہوں نے ایسے افراد کو اپنی زندگی سے دور کر دیا جو ضرورت کے وقت ان کا سہارا نہ بن سکے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ زندگی کے تلخ تجربات انسان کو یہ سکھاتے ہیں کہ حقیقی رشتوں کی پہچان مشکل حالات میں ہی ہوتی ہے، اور یہی تجربات انسان کو خود کو ترجیح دینے اور اپنی ذہنی و جذباتی صحت کا خیال رکھنے کا شعور بھی دیتے ہیں۔

  • مشکل وقت میں اکشے کمار نے میرا ساتھ دیا، وویک اوبرائے کا انکشاف

    مشکل وقت میں اکشے کمار نے میرا ساتھ دیا، وویک اوبرائے کا انکشاف

    بالی ووڈ کے معروف اداکار وویک اوبرائے نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے سب سے مشکل دور میں اداکار اکشے کمار نے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ انہیں فلم انڈسٹری میں تنہا ہونے سے بھی بچایا۔

    ایک حالیہ انٹرویو میں وویک اوبرائے نے بتایا کہ ہدایت کار رام گوپال ورما کی فلم "کمپنی” سے شہرت حاصل کرنے کے بعد 2000ء کی دہائی میں سلمان خان کے ساتھ ہونے والے عوامی تنازع نے ان کے کیریئر کو شدید متاثر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس تنازع کے بعد انہیں مسلسل کام سے محروم رکھا گیا، کئی فلمی منصوبوں سے الگ کر دیا گیا اور متعدد مواقع ہاتھ سے نکل گئے، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہو گئے تھے۔وویک اوبرائے کے مطابق اسی مشکل وقت میں اکشے کمار نے خود ان سے رابطہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اکشے کمار کو اپنی افسردگی کے بارے میں بتایا تو وہ تقریباً آدھے گھنٹے کے اندر ان کے گھر پہنچ گئے اور کافی دیر تک ان کے حالات اور مشکلات پر گفتگو کرتے رہے۔

    اداکار کے مطابق اکشے کمار نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ شاید ان کے تمام مسائل حل نہ کر سکیں، تاہم ان کی مثبت سوچ بحال کرنے اور انہیں دوبارہ آگے بڑھنے کا حوصلہ ضرور دے سکتے ہیں۔وویک اوبرائے نے مزید بتایا کہ اکشے کمار نے انہیں اسٹیج شوز کے مواقع بھی پیش کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے وہ کئی شوز میں شرکت نہیں کر پا رہے تھے، اس لیے انہوں نے یہ مواقع وویک اوبرائے کو دینے کی پیشکش کی تاکہ وہ دوبارہ اپنے کیریئر کا آغاز کر سکیں۔وویک اوبرائے نے کہا کہ اکشے کمار کی اس غیر مشروط حمایت نے انہیں نہ صرف دوبارہ کام کرنے کا اعتماد دیا بلکہ فلم انڈسٹری میں تنہائی کے احساس سے بھی نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔اداکار نے اکشے کمار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں کی جانے والی یہ مدد وہ زندگی بھر فراموش نہیں کر سکیں گے۔

  • بچوں کے ساتھ دوستی بھی، رعب بھی ضروری ہے، یاسر نواز

    بچوں کے ساتھ دوستی بھی، رعب بھی ضروری ہے، یاسر نواز

    پاکستان کے معروف اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز نے والدین اور بچوں کے درمیان تعلقات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ والد کا اپنے بچوں کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلق ہونا چاہیے، تاہم اس کے ساتھ والد کا رعب اور احترام بھی برقرار رہنا ضروری ہے۔

    اداکارہ اور میزبان ندا یاسر نے اپنے حالیہ پروگرام میں اس منفرد موضوع پر گفتگو کے لیے اپنے شوہر یاسر نواز اور بیٹے بالاج کو مدعو کیا، جہاں خاندان نے والدین اور بچوں کے تعلقات، تربیت اور گھریلو ماحول سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا۔گفتگو کے دوران یاسر نواز نے کہا کہ بعض والدین اپنے بچوں کے ساتھ غیر ضروری سختی اختیار کرتے ہیں، جس سے گھر کا ماحول خوفزدہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے ایک ذاتی واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ایک کزن گھر میں انتہائی سخت مزاج ہیں اور ایک مرتبہ جب وہ ان کے گھر گئے تو اہلِ خانہ ان کی آمد سے پہلے ہی خوفزدہ تھے اور کہہ رہے تھے کہ "ابو آ رہے ہیں”، جیسے کوئی بہت سخت شخصیت آنے والی ہو۔انہوں نے کہا کہ والد کو اپنے بچوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اپنانا چاہیے تاکہ بچے اپنی بات بلا جھجھک والدین سے شیئر کر سکیں، تاہم ساتھ ہی والد کا ایسا مقام بھی ہونا چاہیے کہ بچے ان کا احترام کریں اور یہ احساس رکھیں کہ ضرورت پڑنے پر والد ناراض بھی ہو سکتے ہیں اور سختی بھی کر سکتے ہیں۔

    یاسر نواز نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد ان کے بہترین دوست بھی تھے، لیکن اس کے باوجود وہ ہمیشہ ان کا احترام کرتے تھے اور ان سے ایک فطری خوف بھی محسوس کرتے تھے۔ ان کے مطابق والدین کو زیادہ تر وقت بچوں کے دوست بن کر رہنا چاہیے، مگر تربیت کے لیے مناسب حد تک رعب بھی ضروری ہے۔

    اس موقع پر ندا یاسر نے اپنی بیٹی صلہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ گھر میں ان کی ایک ہی بیٹی ہے، اس لیے اس کی خواہشات نسبتاً آسانی سے پوری ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ صلہ اکثر اس بات کا فائدہ بھی اٹھا لیتی ہے، جبکہ ان کے دونوں بیٹوں کو اپنی خواہشات منوانے کے لیے زیادہ کوشش کرنا پڑتی ہے۔

  • 190 ملین پاؤنڈ کیس ،عمران،بشریٰ کے وکلا کو اپیلوں پر دلائل کی حتمی مہلت

    190 ملین پاؤنڈ کیس ،عمران،بشریٰ کے وکلا کو اپیلوں پر دلائل کی حتمی مہلت

    190 ملین پاؤنڈ کیس ،عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلوں میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے

    اسلام آباد ہائیکورٹ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کو اپیلوں پر دلائل کی حتمی مہلت دے دی ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ اگر آئندہ سماعت اپیلوں پر دلائل نا دئیے تو نیب کو سن کر دستیاب ریکارڈ پر فیصلہ کر دیں گے ،آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی لطیف کھوسہ کی انڈرٹیکنگ پر کیس ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر لی گئی،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ،حکم نامہ میں کہا گیا کہ وکیل سردار لطیف کھوسہ جن کا وکالت بانی اور بشری کی جانب سے ریکارڈ پر موجود ہے ، سردار لطیف کھوسہ نے واضح انڈرٹیکنگ دی ہے کہ آئندہ سماعت پر مزید کوئی التوا نہیں مانگیں گے ،سردار لطیف کھوسہ نے انڈرٹیکنگ دی ہے آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل دیں گے ،سردار لطیف کھوسہ کی انڈرٹیکنگ کے بعد عدالت کیس ملتوی کر رہی ہے ،عدالت واضح کرتی ہے کہ اس کیس میں اب حتمی مہلت دی جا رہی ہے ،آئندہ سماعت پر اگر اپیلوں پر دلائل نہیں دئیے تو مزید کیس ملتوی نہیں ہو گا ،نیب کو سن کر دستیاب ریکارڈ دیکھ کر اپیلوں کا فیصلہ کر دیا جائے گا ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی

  • نوکری کا جھانسا دے کر 20 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار

    نوکری کا جھانسا دے کر 20 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار

    لاہور: نوکری کا جھانسا دے کر 20 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی قلعہ گجر سنگھ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے متاثرہ لڑکی کو ملازمت دلوانے اور اس کی اکیڈمی کے اخراجات برداشت کرنے کا لالچ دے کر اپنے گھر بلایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب لڑکی ملزم کے گھر پہنچی تو وہاں ملزم کے علاوہ کوئی دوسرا شخص موجود نہیں تھا۔پولیس کے مطابق ملزم نے گھر کو اندر سے لاک کر کے مبینہ طور پر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس نے ملزم، جس کی شناخت مجاہد خان کے نام سے ہوئی ہے، کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔اس موقع پر ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ زیادتی جیسے گھناونے جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • وزیراعظم کی صنعتوں  کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

    وزیراعظم کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سمیڈا (SMEDA) پر جائزہ اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی.

    اجلاس میں مزید ہدایات دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی استعداد کار بڑھانے بالخصوص کسانوں کی اجناس و پھلوں کی پراسیسنگ کیلئے انہیں آگاہی اور قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے سہولت دی جائے. کمرشل بینکوں کی چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی پراڈکٹس کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے. چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو فیزیبیلٹی کی تیاری اور دیگر مراحل میں مدد فراہم کی جائے. وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں. سمیڈا نوجوان بشمول خواتین آنٹرپرنیورز کو چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتیں لگانے میں معاونت فراہم کرے.

    اجلاس کو سمیڈا کی جانب سے ایس ایم ایز کی سہولت کیلئے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی ایس ایم ایز کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدات بڑھانے کیلئے رواں برس 700 ایس ایم ایز کی 16 ایونٹس میں شرکت یقینی بنائی گئی. اسکے ساتھ ساتھ 35 شہروں میں ایس ایم ایز کو مالی ضابطوں اور کاروبار کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی. اجلاس کو سمیڈا کے تحت مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی. وزیرِ اعظم نے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی کیلئے اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی. اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور شعبے کے ماہرین نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی.

  • بہاولپور: ہوٹل میں اونچی آواز میں بات کرنے سے منع کرنے پر جھگڑا

    بہاولپور: ہوٹل میں اونچی آواز میں بات کرنے سے منع کرنے پر جھگڑا

    بہاولپور: شہر کے یونیورسٹی چوک پر واقع ایک نجی ہوٹل میں اونچی آواز میں بات کرنے سے منع کرنے پر تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی، جہاں مبینہ طور پر لاتوں، گھونسوں اور کرسیوں کا استعمال کرتے ہوئے طالبہ اور اس کے ساتھی پر حملہ کیا گیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص سیڑھیوں سے نیچے اترتا ہے اور ایک لڑکی کے ساتھ بیٹھے شخص پر اچانک حملہ کر دیتا ہے۔ فوٹیج میں حملہ آور کو کرسی اٹھا کر مارتے اور پھینکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔فوٹیج کے مطابق جب لڑکی حملہ آور کو روکنے کی کوشش کرتی ہے تو وہ اسے بھی دھکا دیتا ہے، جس سے وہ زمین پر گر جاتی ہے۔متاثرہ طالبہ کے مطابق وہ اپنے ساتھی کے ساتھ نجی ہوٹل میں بیٹھی ہوئی تھی۔ اس دوران وہاں موجود ایک شخص اور اس کی اہلیہ اونچی آواز میں گفتگو کر رہے تھے، جنہیں خاموشی سے بات کرنے کا کہا گیا۔ طالبہ کا کہنا ہے کہ اس بات پر مذکورہ شخص مشتعل ہوگیا اور خود کو پولیس ملازم ظاہر کیا۔طالبہ کے مطابق ملزم ابتدا میں وہاں سے چلا گیا، تاہم کچھ دیر بعد دو دیگر افراد کے ہمراہ واپس آیا اور اس کے ساتھی سمیت اس پر تشدد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ یونیورسٹی کی طالبہ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔