Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • لاہور چیمبر  آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر سے  فارن سٹڈی کنسلٹنٹس ایسوی ایشن  پاکستان کے وفدکی ملاقات

    لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر سے فارن سٹڈی کنسلٹنٹس ایسوی ایشن پاکستان کے وفدکی ملاقات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل سے فارن سٹڈی کنسلٹنٹس ایسوی ایشن پاکستان کے وفد کی راؤ شہزاد کی قیادت میں ملاقات ہوئی ہے،

    وفد نے فارن کنسلٹنٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل پر صدر چیمبر کو اعتماد میں لیا جن میں کنسلٹنٹس کی رجسٹریشن میں چیمبر کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی ملاقات میں تعلیمی مشاورت بین الاقوامی تعلیم کے مواقع نوجوانوں کی استعداد کار ہنر مندی افرادی قوت کی تیاری اور اکیڈیمیا و صنعت کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ پر ایسوسی ایشن کو فعال کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا راؤ شہزاد کے ہمراہ وفد میں منصور حسن محمد عدنان ملک عثمان منظور رانا علی فراز رانا قمرنمان عبدالصبور بھٹی فیصل پیرزادہ عدنان لکھا اور عتیق الرحمن نے بھرپور شرکت کی

  • بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک اور پرامن صوبہ بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان

    بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک اور پرامن صوبہ بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان

    وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے زیارت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایم پی اے زیارت،ہرنائی، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور آئی جی پولیس بلوچستان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن، سول انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان رابطہ کاری اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

    اجلاس کے دوران حکام نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات، مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور امن و امان کی بحالی کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حکومت بلوچستان، سول انتظامیہ، پولیس، لیویز، سیکیورٹی فورسز اور عوام دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر ہیں اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک بلا تعطل جاری رہے گا، جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر قسم کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کرتے رہیں گے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن کے دشمن عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک اور پرامن صوبہ بنایا جائے گا۔

  • بلوچستان ،دہشتگردی کے 3 واقعات،42 شہادتیں ،54 دہشتگرد جہنم واصل ،ترجمان پاک فوج

    بلوچستان ،دہشتگردی کے 3 واقعات،42 شہادتیں ،54 دہشتگرد جہنم واصل ،ترجمان پاک فوج

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ چار روز کے دوران تین بڑے واقعات ہوئے ،فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے مذموم مقاصد کے لیے معصوم لوگوں پر حملہ کیا ۔

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پہلاواقعہ4اور5جولائی کی رات ہوا،فتنہ الخوارج نے معصوم شہریوں کونشانہ بنایا،فتنہ الخوارج کےدہشت گردوں نےمذموم مقاصدکیلئےعام شہریوں کونشانہ بنایا، زیارت منگی چیک پوسٹ پر حملے میں 26 دہشتگرد مارے گئے، پولیس کے 27 جوان شہید ہوئے۔زیارت میں مزید 18 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا ہے ‘ پہلے دن 9 شہید کئے گئے ’ ٹوٹل شہید پولیس اہلکاروں کی تعداد 27 ہوگئی ہے ‘پولیس کی جوابی کارروائی میں پہلے دن 15 خارجی مارے گئے تھے ، خاران اور دالبندین میں آج 14 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا،مجموعی طور پر 54دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاچکا،بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کروارہا ہے،
    خارجیوں کیخلاف آپریشن جاری ہے ‘بلوچستان میں تین بڑے حملے ہوئے ہیں جن میں 42شہادتیں ہوئی ہیں۔ ان میں 4سویلین جبکہ باقی تمام شہداء کا تعلق پاک آرمی اور پولیس سے ہے۔ اب تک 54 فتنہ الہندوستان کے خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے،فتنہ الخوارج نے بلوچستان میں معصوم شہریوں پر حملہ کیا غیور شہریوں نے ان دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا ،بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کروارہا ہے،پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے دشمن دہشتگردی کروارہے ہیں، بلوچستان کے بہادر لوگوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا،فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد فرار ہو گئے،دہشت گردوں کا مقصد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔طالبان رجیم دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ھے کوئی مائی کا لال ریاست پاکستان کو شکست نہیں دے سکتا ،عوام کی جان و مال، شاہراہوں کے تحفظ اور بلوچستان کے امن کو یرغمال بنانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا

    ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی اورترقی کے دشمن دہشتگردی کے ان واقعات میں ملوث ہیں۔دہشتگردانہ کارروائیاں بھارت اور وہ قوتیں کروا رہی ہیں جن کو پاکستان کی عزت اور استحکام برداشت نہیں ہوتی، افغانستان کی سرزمین غیر قانونی افغان طالبان رجیم کے زیر قبضہ اس دہشتگردی کیلئے استعمال ہورہی ہے، دہشتگردی کے ان واقعات میں زیادہ ترمارے گئے دہشتگرد افغان تھے،کراچی واقعے میں ملوث 4 حملہ آور میں 3 افغان دہشتگرد تھے، ان دہشتگردوں کو سہولتکاری افغان طالبان رجیم فراہم کررہی ہے،فغان طالبان رجیم کو پاکستان کے عزت اور وقار سے مسئلہ ہے، ان کو ہر اس چیز سے مسئلہ ہے جو بلوچستان کے عوام کے لیے ہے، ان کو کوئٹہ کےلیے جانے والی پانی کی پائپ لائن سے مسئلہ ہے، ہم روز ان دہشتگردوں کا تعاقب کریں گے اور ان کو ہدف بنائیں گے، بلوچستان کے وزیراعلیٰ بائی روڈ زیارت گئے، تین سال سے ریاست جو واضح پالیسی دکھارہی ہے ان کو اس سے پریشانی ہے، ریاست واضح بتارہی ہےکہ یہ فتنہ الہندوستان ہے ان کا بلوچستان یا بلوچیت سے تعلق نہیں، ریاست واضح بتارہی ہے کہ یہ فتنہ الخوارج ہے اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، غیرقانونی افغان مقیم باشندوں کو پاکستان سے اٹھا کر باہر پھینکیں گے، دنیا میں کوئی مائی کا لعل پیدا نہیں ہوا جو پاکستان کو دھمکا سکے، پاکستان اور بلوچستان یہاں ہے اور ہمیشہ رہے گا، ہر دہشتگرد اور ان کے تمام سہولتکاروں کا پیچھا کریں گے، تم ہمارے بچوں اور شہریوں پر ہاتھ ڈالتے ہو اور سمجھتے ہو ہم آکر بات چیت کریں گے، عوام، فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر لمحے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، ہر صورت ہمیں کامیابی حاصل ہوگی کیونکہ ہم حق اور سچ پر کھڑے ہیں

  • ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم، ٹرمپ کا اعلان

    ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم، ٹرمپ کا اعلان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کو عملاً ختم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے نزدیک اب یہ معاہدہ ختم ہو چکا ہے اور وہ ایران کے ساتھ مزید مذاکرات نہیں کرنا چاہتے۔

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے جواب میں ایران کے مختلف فوجی اہداف پر بڑے پیمانے پر فضائی کارروائیاں کیں، جس کے بعد خطے میں ایک بار پھر شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔نیٹو سربراہ مارک روٹے کے ہمراہ انقرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ "میرے نزدیک جنگ بندی ختم ہو چکی ہے، میں اب ان سے مزید معاملہ نہیں کرنا چاہتا۔ وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں لیکن میرے خیال میں ان سے بات چیت وقت کا ضیاع ہے۔”

    واضح رہے کہ امریکہ اور ایران نے 17 جون کو ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک نے فوجی کارروائیاں روکنے اور 60 روزہ مذاکرات کے ذریعے مستقل امن معاہدہ طے کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

    امریکی صدر نے رات گئے ہونے والے فضائی حملوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج نے ایران پر "انتہائی طاقتور حملے” کیے ہیں۔ ان کے بقول ایران نے جنگ بندی کے باوجود راکٹ داغے اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں امریکہ نے سخت کارروائی کی۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی حملے ایران کی جوابی کارروائیوں سے "20 گنا زیادہ شدید” تھے۔انہوں نے کہا کہ "ہم نے انہیں کہا تھا کہ اپنے جنازوں میں مصروف رہیں، لیکن اس کے بجائے انہوں نے راکٹ فائر کیے اور جہازوں پر حملے کیے، اس لیے ہم نے انہیں سخت جواب دیا۔”صدر ٹرمپ نے ایران پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "یہ بیمار اور خطرناک لوگ ہیں، ایران ایک کینسر کی مانند ہے اور کینسر کو ابتدا ہی میں کاٹ کر ختم کرنا پڑتا ہے۔”

    دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ نے امریکی فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق امریکی فوج نے جنوبی ساحلی علاقوں میں متعدد نگرانی اور سرویلنس مراکز کو نشانہ بنایا، جس سے 17 جون کو ہونے والے عبوری امن معاہدے کی اہم شقیں غیر مؤثر ہو گئی ہیں۔ایران نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی تیل کی فروخت کے لیے عارضی لائسنس کی منسوخی سمیت دیگر اقدامات نے بھی مفاہمتی معاہدے کو نقصان پہنچایا ہے۔

    امریکی کارروائیوں کے دوران ایرانی بندرگاہی شہر بندر عباس میں متعدد دھماکوں اور آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں بندرگاہ کے قریب سیاہ دھواں، شدید آگ اور پانی میں جلتی ہوئی کشتیوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔امریکی فوج کے مطابق حملوں کے دوران آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی 60 سے زائد چھوٹی کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے تصدیق کی ہے کہ دشمن کے ڈرون حملے میں اس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا ہے، تاہم حملے کی درست جگہ ظاہر نہیں کی گئی۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خلیج فارس کے ساحلی شہر بوشہر اور اس کے گردونواح میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ بوشہر ایران کی اہم بندرگاہوں اور توانائی تنصیبات کے قریب واقع ہے، جس کے باعث ان دھماکوں نے مزید تشویش پیدا کر دی ہے۔

    امریکی حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب ایران میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری سطح پر آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹس کے مطابق 28 فروری کو جنگ کے آغاز میں ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوئے تھے، جبکہ ان کی تدفین کے لیے ایران اور عراق میں لاکھوں افراد شریک ہیں۔

    نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے بعد نیدرلینڈز کے وزیراعظم روب جیٹن نے بھی امریکی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جا سکتی، تاہم سفارتی کوششوں کو جاری رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ مستقل حل نکالا جا سکے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا “اپنا گھر، محفوظ گھر پروگرام شروع کرنے کا  فیصلہ

    وزیراعلیٰ پنجاب کا “اپنا گھر، محفوظ گھر پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

    وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر’ اور ‘اپنی زمین اپنا گھر’ پراجلاس ہوا

    سانحہ کاہنہ کے غم کو وزیراعلیٰ پنجاب نے گھروں کو محفوظ بنانے کے عزم میں ڈھال دیا.مریم نواز نے کاہنہ سانحات کی روک تھام کیلئے “اپنا گھر، محفوظ گھر پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، مخدوش یا کمزورچھتوں کو محفوظ اور بہتر بنانے میں معاونت کریں گے.کمزور چھتوں والے خستہ حال اور مخدوش گھروں کے لئے 5 لاکھ دیے جائیں گے. نئی عمارت یا اضافی فلور بنانے کے لئے سود فری آسان اقساط پر 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے. مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر کی دوسری قسط تین دن کے اندر اندر جاری کرنے کا حکم دے دیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بحران میں بیانات نہیں،اقدامات نظر آنا ہی گڈ گورننس ہے.’اپنی زمین اپنا گھر’ کے تحت علاقوں کی بحالی اور ترقیاتی کاموں کی رپورٹ پیش کی گئی. 2 ہزار خاندانوں کو مفت پلاٹ کے ساتھ گھر بنانے کے لئے قرضہ بھی دیا جائے گا. مریم نواز شریف کی گھر بنانے کے لئے آسان قرض پہلے سے بھی آسان بنانے کی ہدایت . پنجاب حکومت کے فلیگ شپ منصوبوں میں کوتائی برداشت نہیں کرونگی.غریب پر بوجھ نہ ڈالیں نہ ہی قرض کے حصول کے ضوابط میں کوئی تبدیلی ہو.

  • غیر ملکی خواتین کیس،رضا ڈار سمیت گرفتار ملزمان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    غیر ملکی خواتین کیس،رضا ڈار سمیت گرفتار ملزمان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے نواسے رضا ڈار سمیت گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

    سماعت کے دوران پولیس نے ملزمان کو سخت سکیورٹی میں چہروں پر ماسک پہنا کر عدالت کے روبرو پیش کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے، جس کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔پراسیکوٹر نے آج عدالت کو بتایا کہ ڈی این اے ہو چکا ملزمان کے فنگر پرنٹ لئے جا چکے ہیں اب گاڑی ، لیپ ٹاپ ، رقم اور اسلحہ برآمد کرنا ہے ،عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کا مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا اور انہیں 13 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ تفتیش مکمل کرکے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی جمع کرائی جائے۔عدالت نے ملزمان رضا ڈار، رضوان، نواز اور ناصر کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کردی

  • الیکشن کمیشن،تحریک لبیک کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ

    الیکشن کمیشن،تحریک لبیک کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک لبیک پاکستان کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں سپیشل سیکرٹری پولیٹیکل فنانس نے بتایا کہ ٹی ایل پی کی جانب سے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب موصول ہو چکا ہے، جس پر بلال قادری کے دستخط موجود ہیں اور انہیں پارٹی کا مستقل الیکشن کمشنر ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ دسمبر 2025 میں پارٹی عہدیداروں کی مدت ختم ہو چکی تھی، جبکہ تحریری جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دفاتر سیل ہونے کے باعث متعدد کوششوں کے باوجود انٹرا پارٹی انتخابات منعقد نہیں ہو سکے۔سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ٹی ایل پی کے وکیل کے وکالت نامے اور نمائندگی کے اختیار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ فی الحال انہیں بطور وکیل نہیں سنا جا رہا اور اگر اختیار ثابت نہ ہوا تو حکم میں انہیں غیر متعلقہ شخص قرار دیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے یاد دلایا کہ گزشتہ سماعت میں فوکل پرسن عامر شہزاد کا حقِ دعویٰ مسترد کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر وکیل نے بتایا کہ وہ چیئرمین الیکشن اتھارٹی بلال قادری کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ پارٹی کے امیر سے ان کا رابطہ نہیں ہے، اگرچہ امیر موجود ہیں۔

    ٹی ایل پی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین الیکشن اتھارٹی بلال قادری کو اکتوبر 2025 میں گرفتار کر لیا گیا تھا اور جون 2026 میں ضمانت پر رہائی کے بعد انہوں نے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی انتخابات کرانے کے لیے توسیع کی درخواست مسترد کر چکا تھا، کیا اس فیصلے کو کسی عدالتی فورم پر چیلنج کیا گیا تھا، اور کیا انتخابات سے 15 روز قبل الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا تھا؟ وکیل نے جواب دیا کہ کمیشن کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر مکمل انصاف کیا جائے اور انٹرا پارٹی انتخابات کو تسلیم کیا جائے۔ سماعت مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  • پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے ایک کروڑ سے زائد مریض موجود ہیں،وزیر صحت

    پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے ایک کروڑ سے زائد مریض موجود ہیں،وزیر صحت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی پروگرام کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد میں جاری ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کے پائلٹ مرحلے کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں شروع کیے گئے پائلٹ مرحلے کا بنیادی مقصد عملی طور پر نظام میں موجود خامیوں اور درپیش مسائل کی نشاندہی کرنا تھا، تاکہ قومی سطح پر پروگرام کے آغاز سے قبل انہیں دور کیا جا سکے۔ وزیر صحت نے ہدایت کی کہ تمام تکنیکی اور انتظامی مسائل کا مؤثر حل نکال کر آئندہ 15 روز کے اندر نظام کو مکمل طور پر مستحکم کیا جائے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے ایک کروڑ سے زائد مریض موجود ہیں، اس لیے بیماری کی بروقت تشخیص اور فوری علاج انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی بروقت نشاندہی اور علاج سے نہ صرف بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے بلکہ ہزاروں قیمتی انسانی جانیں بھی بچائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کا خاتمہ حکومت کا قومی نصب العین ہے اور وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی پروگرام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو ہیپاٹائٹس فری بنانا صرف حکومتی ہدف نہیں بلکہ پوری قوم کا مشترکہ عزم ہے۔

    وزیر صحت نے کہا کہ اسلام آباد میں پروگرام کی کامیابی میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اور پولی کلینک اسپتال کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ہر شہری اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ہیپاٹائٹس سی کا ٹیسٹ کرائے۔مصطفیٰ کمال نے اس بات پر زور دیا کہ ہیپاٹائٹس سی ایک قابل علاج مرض ہے اور جن افراد میں اس بیماری کی تشخیص ہوگی، ان کا علاج ریاست کی جانب سے مفت فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیپاٹائٹس سی کے خلاف قومی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور بروقت اسکریننگ کرا کر اپنے اور معاشرے کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے میں کردار ادا کریں۔

  • بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی پر سکھ رہنما قتل کیس میں امریکا میں فردجرم عائد

    بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی پر سکھ رہنما قتل کیس میں امریکا میں فردجرم عائد

    مریکی حکام نے بھارتی جرائم پیشہ گروہ کے مبینہ سربراہ لارنس بشنوئی پر کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے جیل میں رہتے ہوئے اسمگل شدہ موبائل فونز کے ذریعے کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق لارنس بشنوئی اور اس کے بچپن کے دوست ستندر جیت سنگھ عرف گولڈی برار پر الزام ہے کہ انہوں نے 2023 میں کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ بشنوئی اس وقت بھارتی جیل میں قید ہے جبکہ گولڈی برار تاحال قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں نہیں آ سکا۔
    فردِ جرم کے مطابق لارنس بشنوئی نے جیل سے اسمگل کیے گئے موبائل فونز کے ذریعے اپنے ساتھیوں کو ہدایات دیں اور ایک ساتھی کو ہردیپ سنگھ نجر کی تصویر کے ساتھ ان کے متعدد پتے بھی فراہم کیے تاکہ حملے کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔

    امریکی اٹارنی بل ایسیلی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یہ فردِ جرم ایک بڑے بین الاقوامی آپریشن کا حصہ ہے، جس میں امریکا، کینیڈا اور یورپ کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 37 ملزمان کو گرفتار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کا تعلق تین بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس سے ہے، جو مبینہ طور پر اغوا، بھتہ خوری، اسلحے اور منشیات کی اسمگلنگ سمیت قتل کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔پریس کانفرنس میں ایف بی آئی، لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ اور رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ ایف بی آئی کے لاس اینجلس فیلڈ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گرینڈی نے کہا کہ ان جرائم پیشہ گروہوں نے کیلیفورنیا اور دیگر علاقوں میں مشرقی بھارتی کمیونٹی کے اندر تشدد، خوف اور عدم استحکام کو فروغ دیا۔
    حکام کے مطابق اس کیس میں اب بھی 10 مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے، جن میں ایک یورپ، سات امریکا اور دو بھارت میں موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ جون 2023 میں کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد کینیڈا اور بھارت کے تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہوگئے تھے۔ اس وقت کے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے دعویٰ کیا تھا کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے "قابلِ اعتبار شواہد” موجود ہیں

  • صحافیوں کی آزادانہ اظہار رائے پر پابندی عائد کرنے کا بل،خیبر یونین آف جرنلسٹس کا شدید ردعمل

    صحافیوں کی آزادانہ اظہار رائے پر پابندی عائد کرنے کا بل،خیبر یونین آف جرنلسٹس کا شدید ردعمل

    خیبر یونین آف جرنلسٹس نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قانون سازی کے ذریعے صحافیوں کی آزادانہ اظہار رائے پر پابندی عائد کرنے سے متعلق بل کو مسترد کر دیا.

    خیبر یونین آف جرنلسٹس خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے مبینہ طور پر منظور کیے گئے اس قانون پر شدید تشویش، افسوس اور مذمت کا اظہار کرتی ہے، جس کے تحت صحافیوں پر قید، بھاری جرمانوں اور اسمبلی کارروائی کی آزادانہ کوریج پر پابندیوں جیسے سخت اختیارات متعارف کرائے گئے ہیں،خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید اور جنرل سیکرٹری ارشاد علی سمیت دیگر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آزاد صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، جبکہ صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے پر قید، جرمانوں اور پابندیوں کی دھمکی دینا آئینِ پاکستان میں دیے گئے اظہارِ رائے اور آزادیِ صحافت کے بنیادی حقوق سے متصادم ہے،یونین اس امر پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتی ہے کہ مذکورہ بل کو کئی ماہ تک منظرِ عام پر نہیں لایا گیا اور متعلقہ صحافتی تنظیموں، میڈیا نمائندوں اور اسٹیک ہولڈرز سے کوئی مؤثر مشاورت نہیں کی گئی،ایسے قوانین کو یکطرفہ انداز میں نافذ کرنا جمہوری روایات کے منافی ہے،خیبر یونین آف جرنلسٹس حکومتِ خیبر پختونخوا اور اسمبلی سے مطالبہ کرتی ہے کہ صحافی برادری کے تحفظات کو فوری طور پر دور کیا جائے، متنازع شقوں پر نظرثانی کی جائے اور تمام صحافتی تنظیموں سے مشاورت کے بعد ایسا قانونی فریم ورک تشکیل دیا جائے جو ایک طرف ایوان کے وقار کو برقرار رکھے اور دوسری طرف آزادیِ صحافت اور عوام کے حقِ معلومات کو بھی یقینی بنائے،خیبر یونین آف جرنلسٹس واضح کرتی ہے کہ اگر اس قانون کی متنازع شقیں واپس نہ لی گئیں تو صوبے بھر کی صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک اور ہر جمہوری و قانونی آپشن استعمال کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔