Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ایران سے مذاکرات میں تعطل، ٹرمپ کے دورۂ چین پر غیر یقینی صورتحال

    ایران سے مذاکرات میں تعطل، ٹرمپ کے دورۂ چین پر غیر یقینی صورتحال

    ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متوقع دورۂ چین پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جس سے عالمی سفارتی حلقوں میں غیر یقینی کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اگرچہ ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار ہے، تاہم فریقین کے درمیان اعتماد کی کمی اور مذاکراتی عمل میں مسلسل تاخیر نے صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اس تعطل کے باعث امریکا کی خارجہ پالیسی پر بھی دباؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ کا مارچ میں طے شدہ دورۂ چین اب مئی تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔ اس دورے کے دوران ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں تجارتی امور، علاقائی سلامتی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔

    چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران سے جاری تنازع طویل ہونے کی صورت میں صدر ٹرمپ پر سیاسی دباؤ میں اضافہ ہوگا جبکہ چین کی سفارتی پوزیشن مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق تاخیر سے امریکی قیادت کی عالمی سطح پر ساکھ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ممکنہ بندش کے اثرات عالمی منڈیوں تک پہنچنے لگے ہیں۔ امریکا میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث مہنگائی کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال نومبر کے انتخابات سے قبل ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک بڑا سیاسی چیلنج بن سکتی ہے۔مبصرین کے مطابق موجودہ حالات میں امریکا، ایران اور چین کے درمیان تعلقات ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں ہر فیصلہ عالمی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

  • بھارت میں قیام کے دوران مہیش بھٹ کے گھر بھی ٹھہری تھی،اداکارہ میرا

    بھارت میں قیام کے دوران مہیش بھٹ کے گھر بھی ٹھہری تھی،اداکارہ میرا

    اکستانی اداکارہ میرا نے ایک حالیہ انٹرویو میں بھارتی فلم ساز مہیش بھٹ اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ اپنے تعلقات اور ماضی کی یادوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

    میرا نے گفتگو کے دوران بتایا کہ انہوں نے بھارتی فلم “نظر” میں مہیش بھٹ کے ساتھ کام کیا تھا، جس کے دوران ان کے بھٹ فیملی کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات قائم ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق بھارت میں قیام کے دوران وہ مہیش بھٹ کے گھر بھی مقیم رہیں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے مواقع ملے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کی آنے والی فلم “سائیکو” بھارت میں ریلیز نہیں ہو رہی، جس پر انہیں افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اگر یہ فلم ریلیز ہوتی تو مہیش بھٹ اور ان کی اہلیہ اسے ضرور دیکھتے اور پسند کرتے۔

    میرا نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ جب وہ بھارت میں کام کر رہی تھیں اس وقت عالیہ بھٹ بہت کم عمر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں ان کے بھٹ فیملی کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے اور وہ عالیہ بھٹ کے بچپن کی یادوں سے بھی واقف ہیں۔

  • سرکاری استعمال کیلیے صرف ای وی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں،وزیراعظم

    سرکاری استعمال کیلیے صرف ای وی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انرجی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مستقبل کی توانائی کی ضروریات کے پیشِ نظر ملک میں خام تیل کے اسٹریٹجک ذخائر رکھنے کے حوالے سے منصوبے پر کام جاری ہے،توانائی کی بچت اور پائیدار ترقی کے لیے ذرائعِ آمد و رفت کو بتدریج ماحول دوست برقی ذرائع (EV) پر منتقل کیا جائے،مستقبل میں سرکاری استعمال کے لیے صرف بجلی سے چلنے والی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں،شمسی توانائی سے پیدا کردہ اضافی بجلی کی اسٹوریج کے لیے بیٹریوں کا حصول آسان بنانے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے

    اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ تیل اور گیس کمپنیوں کی مسلسل کوششوں سے گیس اور تیل کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے.

  • ایران نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں پر قبضے کی ویڈیو جاری کردی

    ایران نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں پر قبضے کی ویڈیو جاری کردی

    تہران: ایران نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کو تحویل میں لینے کی ویڈیو جاری کردی ہے

    ایرانی بحریہ کے مطابق جہازوں کو اس وقت قبضے میں لیا گیا جب وہ آبنائے ہرمز کے حفاظتی انتظامات کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں جہازوں کو کارروائی کے بعد ایرانی ساحل کی جانب منتقل کردیا گیا ہے، جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے کانگریس کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے بچھائی گئی ممکنہ بارودی سرنگوں کو صاف کرنے میں کم از کم چھ ماہ کا وقت درکار ہوسکتا ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس نوعیت کی کسی بھی بڑی کارروائی کا آغاز ممکنہ طور پر امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی یا ممکنہ جنگ کے خاتمے تک مؤخر کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس صورتحال کے باعث عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل پر منفی اثرات رواں سال کے اختتام یا اس کے بعد تک جاری رہ سکتے ہیں۔

  • ٹی وی پراٹلی کی وزیراعظم کیخلاف توہین آمیز ریمارکس،روسی سفیر کی طلبی

    ٹی وی پراٹلی کی وزیراعظم کیخلاف توہین آمیز ریمارکس،روسی سفیر کی طلبی

    اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کی توہین آمیز الفاظ میں تضحیک پر روس اور اٹلی کے درمیان سفارتی کشیدگی پیدا ہوگئی ہے، جس کے بعد روس نے اٹلی کے سفیر کو طلب کر لیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی پریزنٹر ولادیمیر سولووف نے اپنے پروگرام کے دوران اطالوی وزیرِ اعظم کے خلاف انتہائی نازیبا اور جارحانہ زبان استعمال کی۔ انہوں نے میلونی کو “پوری نسلِ انسانی کے لیے رسوائی” قرار دیتے ہوئے مزید توہین آمیز الفاظ بھی کہے، جس پر اٹلی میں شدید ردعمل سامنے آیا،روسی ٹی وی پریزنٹر نے کہا ہے کہ میلونی ایک جنگلی جانور، بدتمیز، گھٹیا عورت ہیں، انہوں نے اپنے منتخب کرنے والوں سے بھی دھوکا کیا حتیٰ کہ انہوں نے امریکی صدر کے ساتھ بھی دھوکا کیا ہے۔

    اس معاملے پر اٹلی کے وزیرِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ روسی سفیر کو وزارتِ خارجہ طلب کرکے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک سرکاری میڈیا شخصیت کی جانب سے اس نوعیت کے بیانات سفارتی آداب کے منافی ہیں۔اطالوی میڈیا کے مطابق ملک کی اپوزیشن جماعتوں نے بھی وزیرِ اعظم کے خلاف اس توہین آمیز رویے کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا منصوبہ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“ کے پورٹل کاافتتاح

    وزیراعلیٰ پنجاب کا منصوبہ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“ کے پورٹل کاافتتاح

    پنجاب میں زرعی و معاشی خوشحالی کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“ کے پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کے تحت بے زمین دیہاتیوں کو تقریباً 160 ارب روپے مالیت کی زرعی اراضی فراہم کی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ کی ہدایت پر زرعی اراضی کی نشاندہی پانی کی دستیابی اور زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13 ہزار 812 زرعی لاٹس کے ذریعے 88 ہزار 780 خاندان مستفید ہوں گے، جبکہ چولستان میں 16 ہزار 685 لاٹس کی فراہمی سے ایک لاکھ ایک ہزار 111 خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا،سکیم کے تحت ہر کامیاب امیدوار کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زرعی اراضی کاشت کے لیے دی جائے گی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کامیاب کاشتکاروں کو فی ایکڑ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک آبادکاری کے لیے ون ٹائم گرانٹ بھی دی جائے گی،حکومت کی جانب سے پانی کی دستیابی کے ساتھ ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد ایکڑ زرعی اراضی فراہم کی جائے گی، جبکہ دیہات میں بے روزگار کاشتکاروں کو یہ زمین 10 سال کے لیے دی جائے گی۔ اضلاع میں اس سکیم کے لیے 43 ہزار 938 ایریاز اور چولستان میں 83 ہزار 425 ایریاز کی نشاندہی آبپاشی اور زرخیزی کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔

    خواہشمند کاشتکار 2 سے 18 مئی تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں جبکہ امیدوار یکم جون سے 8 جون تک ڈپٹی کمشنر کے پاس اپیل کا حق رکھیں گے۔ 19 جون کو حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور 30 جون سے زمین کی تقسیم کا عمل شروع ہوگا،ایک سے زائد امیدوار ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعے زمین الاٹ کی جائے گی جو 10 سال کے لیے ہوگی۔ فراہم کردہ زمین صرف زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہوگی اور پختہ تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر کاشتکار اپنی مرضی کی فصل کاشت کر سکے گا،سکیم کے تحت ہر لاٹ کے ساتھ ایگریکلچر افسر اور زرعی انٹرنی بھی تعینات ہوں گے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل کمیٹی سال میں دو مرتبہ دورہ کر کے کاشتکاری کا جائزہ لے گی۔

  • بلوچستان میں دہشتگردوں کی ہلاکت،خبر رساں ادارے کی فیک رپورٹنگ

    بلوچستان میں دہشتگردوں کی ہلاکت،خبر رساں ادارے کی فیک رپورٹنگ

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائیٹرز نے بلوچستان میں‌ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے حوالہ سے فیک رپورٹنگ شروع کر دی،

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کی نیشنل ریفائنری کمپنی کے بلوچستان کے علاقے داریگوان میں واقع سائٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔ کمپنی کے بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔

    تاہم یہ رپورٹ اصل صورتحال کی عکاسی نہیں کرتی۔ این-40 شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مبینہ طور پر کالعدم تنظیم “فتنہ الخوارج ” سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گرد مارے گئے تھے، جسے غیر ملکی میڈیا نے ایک مائننگ سائٹ پر حملے کے طور پر پیش کیا۔رائیٹرز کی اس حوالہ سے رپورٹنگ گمراہ کن اور پروپیگنڈہ ،زمینی حقائق کے برعکس ہے،دفاعی و سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ حساس علاقوں میں پیش آنے والے واقعات کی درست اور تصدیق شدہ رپورٹنگ نہایت اہم ہے، کیونکہ غلط معلومات نہ صرف عوامی رائے کو متاثر کرتی ہیں بلکہ سیکیورٹی صورتحال پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، اور حالیہ عرصے میں کئی شدت پسندوں کو ہلاک یا گرفتار کیا جا چکا ہے۔

  • امریکی وزیر بحریہ جان سی فیلن اچانک عہدے سے برطرف

    امریکی وزیر بحریہ جان سی فیلن اچانک عہدے سے برطرف

    واشنگٹن: امریکا میں ایک اہم پیش رفت کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے امریکی وزیر بحریہ جان سی فیلن کو اچانک عہدے سے برطرف کر دیا ہے، تاہم اس فیصلے کی فوری وجوہات سامنے نہیں لائی گئیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے نومبر 2024 میں جان سی فیلن کو وزیر نیوی نامزد کیا تھا، جس پر اس وقت بھی تنقید سامنے آئی تھی۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ فیلن کے پاس بحریہ، فوج، قومی سلامتی پالیسی یا دفاعی صنعت سے متعلق خاطر خواہ تجربہ موجود نہیں تھا۔بعد ازاں فروری 2025 میں جان سی فیلن سینیٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے، جبکہ مارچ 2025 میں انہیں 30 کے مقابلے 62 ووٹوں سے اس عہدے کے لیے توثیق حاصل ہوئی۔ برطرفی کے بعد ہنگ کاؤ کو قائم مقام وزیر بحریہ مقرر کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ امریکی وزیر نیوی بحریہ کے انتظامی، مالیاتی اور پالیسی معاملات کی نگرانی کرتا ہے اور یہ عہدہ دفاعی ڈھانچے میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایران جنگ کے دوران امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل رینڈ جارج کو فوری طور پر مستعفی ہونے پر مجبور کیا تھا، جس کے بعد امریکی دفاعی قیادت میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • ڈی ایچ اے میں کار ریسنگ حادثہ، فرار ہونے والے دونوں ملزمان گرفتار

    ڈی ایچ اے میں کار ریسنگ حادثہ، فرار ہونے والے دونوں ملزمان گرفتار

    لاہور کے پوش علاقے ڈی ایچ اے میں خطرناک کار ریسنگ کے دوران حادثہ کر کے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے اے ایس پی ڈیفنس کو ملزمان کی فوری ٹریسنگ اور گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا۔پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان مدثر مشتاق اور دانیال امتیاز کاظمی کو حراست میں لے لیا۔ واقعے میں استعمال ہونے والی بلیک ایم جی اور ہونڈا سوک گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق سیف سٹی اور ڈی ایچ اے کے کیمروں کی مدد سے گاڑیوں کی شناخت کی گئی، جبکہ ایکسائز ریکارڈ اور موبائل ڈیٹا کے ذریعے ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 19 اپریل کی صبح 4 بج کر 37 منٹ پر مین بلیوارڈ ڈی ایچ اے پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سوار 25 سالہ فیصل رحمان کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی شہری کو فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان آپس میں کلاس فیلوز ہیں اور کار ریسنگ میں ملوث تھے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • سی ٹی ڈی کراچی کی  کارروائی، کالعدم  ٹی ٹی پی کے دہشت گرد سمیت دو ملزمان گرفتار

    سی ٹی ڈی کراچی کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد سمیت دو ملزمان گرفتار

    کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر حب ریور روڈ، نزد نیول کالونی کراچی میں کی گئی، جہاں ملزمان کو ٹریس کر کے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار مرکزی ملزم اسماعیل سواتی سی ٹی ڈی کی ریڈ بک کے سیریل نمبر 87 پر مطلوب تھا۔گرفتار ملزمان میں‌اسماعیل سواتی ولد طوطی خان،زاہد اللہ ولد گل اعظم شامل ہیں ترجمان کے مطابق اسماعیل سواتی کالعدم ٹی ٹی پی کے لیے فنڈ ریزنگ میں سرگرم رہا ہے اور سنگین جرائم میں ملوث ہے۔سال 2023 میں پیر آباد کے علاقے میں عبدالقیوم قصائی سے بھتہ طلب کیا، انکار پر اسے ساتھی عبدالغنی کے ساتھ مل کر قتل کر دیا۔شریک ملزم عبدالغنی گزشتہ سال پولیس مقابلے میں مارا جا چکا ہے جبکہ اسماعیل سواتی اس مقدمے میں اشتہاری تھا۔ملزم تھانہ پریڈی اور گلشنِ معمار کے علاقوں میں بھتہ خوری کے متعدد مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔وہ تحریک طالبان سوات کے گرفتار دہشت گرد کمال خان کا قریبی ساتھی بھی رہا ہے۔وارداتوں کے بعد ملزم کراچی سے فرار ہو کر خیبر پختونخوا منتقل ہو گیا تھا۔

    کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 پستول،10 گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ملزمان کے خلاف درج ذیل مقدمات درج کر لیے گئے ہیں،مقدمہ نمبر 38/2026، دفعہ 23(1) سندھ آرمز ایکٹ 2013،مقدمہ نمبر 39/2026، دفعہ 23(1) سندھ آرمز ایکٹ 2013 درج کیا گیا ہے،سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات کی توقع ہے۔ ملزمان کے سہولت کاروں اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔