Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • شرقپور شریف میں آتشبازی فیکٹری میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

    شرقپور شریف میں آتشبازی فیکٹری میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

    صوبہ پنجاب کے علاقے شرقپور شریف میں آتشبازی کا سامان تیار کرنے والی فیکٹری میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری کی عمارت کی چھت زمین بوس ہو گئی اور اطراف کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فیکٹری میں آتشبازی کا سامان تیار کیا جا رہا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اچانک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے باعث عمارت کا ایک بڑا حصہ منہدم ہو گیا اور کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ چار زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ آتش گیر مواد کو غیر محفوظ طریقے سے تیار کرنا قرار دی جا رہی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں قائم ایسی فیکٹریوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • سیلاب سے بچاؤ، چناب پر 4 ڈیم بنانے کا فیصلہ

    سیلاب سے بچاؤ، چناب پر 4 ڈیم بنانے کا فیصلہ

    مستقبل میں دریائے چناب سے سیلاب کی تباہ کاریاں بچانے کیلئے واپڈا نے چناب پر 4 ڈیم بنانے کا فیصلہ کرلیا، تقریباً 300 ارب روپے مالیت کا منصوبہ 4 سال میں مکمل کیا جائے گا۔

    واپڈا حکام کے مطابق 298 ارب روپے مالیت کے منصوبے سے اضافی پانی ڈیمز میں ذخیرہ کرکے سیلابی صورتحال پر قابو پایا جائے گا۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ منصوبے سے 45 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ اور 330 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی، چنیوٹ اور شاہ جیوانہ ڈیمز سے 80، 80 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ بھارت مون سون سیزن میں دریایے چناب میں اچانک پانی چھوڑ دیتا ہے، اچانک سیلاب سے کھڑی فصلوں اور املاک کو نقصان پہنچتا ہے، خشک سالی کے دوران بھارت دریائے چناب کا پانی اچانک روک بھی لیتا ہے، مستقبل میں سیلاب اور قلت آب سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کیا گیا ہے، سیلابی صورتحال یا پانی میں کمی کی صورت میں ڈیم موزوں ثابت ہوں گے۔

  • لاہورمیں بسنت کے دوران 17 اموات، رپورٹ ہائیکورٹ جمع

    لاہورمیں بسنت کے دوران 17 اموات، رپورٹ ہائیکورٹ جمع

    لاہور میں بسنت کے دوران 17 اموات ہوئیں، رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی گئی

    ہوم ڈیپارٹمنٹ نے بسنت سے وانے والی اموات کی رپورٹ عدالت پیش کردی ،رپورٹ کے مطابق بسنت کے دوران کرنٹ لگنے سے 3 افراد ہلاک ہوئے، درخت سے گر کر دو افراد ہلاک ہوئے۔بارہ افراد چھتوں سے گر کر جان کی بازی ہار گئے۔ لاہور ہائیکورٹ نےبسنت کے دوران ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے افراد کی تفصیلات بھی طلب کرلیں،وکیل درخواست گزار اظہر صدیق نے کہا کہ بسنت کے دوران ڈور پھرنے سے زخمیوں کا ڈیٹا نہیں دیا گیا۔

    جسٹس اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی ،درخواست میں بسنت کے دوران ہونے والی اموات اور زخمیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے

  • جنس تبدیلی کے بعد فحاشی کا اڈہ چلانے والی دو بہنیں گرفتار

    جنس تبدیلی کے بعد فحاشی کا اڈہ چلانے والی دو بہنیں گرفتار

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس نے مبینہ طور پر جنس اور مذہب کی تبدیلی، عصمت دری، جبری تبدیلیٔ مذہب اور سیکس ریکیٹ چلانے کے الزامات میں دو بہنوں اور ان کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کیس میں نامزد مزید تین ملزمان تاحال مفرور بتائے جا رہے ہیں۔ پولیس نے مقدمے کی تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں بہنیں پہلے عباس نگر کی ایک کچی آبادی میں مقیم تھیں، تاہم حال ہی میں مبینہ طور پر جنس تبدیل کروانے کے بعد مردانہ شناخت اختیار کر کے ایک عالیشان مکان میں منتقل ہو گئی تھیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان کی جائیدادیں اور پرتعیش طرزِ زندگی ممکنہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی آمدن کا نتیجہ ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید مالی چھان بین جاری ہے۔کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب دو خواتین، جن کی عمریں 21 اور 32 سال بتائی جاتی ہیں، نے بھوپال کے علاقے باغ سیونیا تھانے میں الگ الگ مگر ملتے جلتے بیانات کے ساتھ مقدمات درج کروائے۔ متاثرہ خواتین کا تعلق کم آمدنی والے طبقے سے بتایا جاتا ہے۔

    مدعی خواتین کے مطابق انہیں گھریلو ملازمت، ماہانہ 10 ہزار بھارتی روپے تنخواہ، رہائش اور بہتر طرزِ زندگی کا جھانسہ دے کر رابطہ کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق بعد ازاں انہیں مختلف پارٹیوں، کلبز اور لاؤنجز میں لے جایا گیا جہاں مبینہ طور پر نشہ آور اشیاء پلائی گئیں اور ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔ایک متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ دسمبر 2025ء میں اسی گروہ کے ایک کارندے نے اسے ریاست گجرات کے شہر احمد آباد لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس خاتون کا کہنا ہے کہ اسے دھمکیاں دے کر خاموش رہنے پر مجبور کیا گیا۔دوسری متاثرہ خاتون، جو گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی، نے الزام لگایا کہ چندن یادیو نامی شخص نے اس کے ساتھ عصمت دری کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ درج مقدمے میں جبری تبدیلیٔ مذہب کا الزام بھی شامل کیا گیا ہے، جس کی الگ سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق گرفتاری کے دوران ملزمان کے موبائل فونز قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ ابتدائی ڈیجیٹل فرانزک جائزے میں مشتبہ واٹس ایپ گروپس اور متعدد لڑکیوں کی تصاویر برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل شواہد کی مکمل جانچ کے بعد مزید انکشافات متوقع ہیں۔بھوپال پولیس کو شبہ ہے کہ یہ ایک منظم بین الریاستی نیٹ ورک ہو سکتا ہے جس کے روابط گجرات اور ممبئی تک پھیلے ہوئے ہیں۔ پولیس مختلف ریاستوں کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہے اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی حساس نوعیت کے پیشِ نظر تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور متاثرہ خواتین کو قانونی و نفسیاتی معاونت فراہم کرنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ مزید گرفتاریوں اور انکشافات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • عمران خان کی صحت پر فیصلے کا مینڈیٹ پارٹی کے پاس نہیں ،علیمہ خان

    عمران خان کی صحت پر فیصلے کا مینڈیٹ پارٹی کے پاس نہیں ،علیمہ خان

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے بار بار کہا کہ وکلا کو کہیں عدالتوں میں جا کر بیٹھ جائیں میرے کیسز لگوائیں لیکن وکیل کچھ نہیں کر رہے ،

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو دو ٹوک کہتے ہیں کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر فیملی سے پوچھے بغیر کوئی فیصلہ نہ کریں ،ہم پی ٹی آئی کی طرف سے کچھ نہیں ہوتا دیکھ رہے، پارٹی بانی کی صحت سے متعلق آج کے بعد کوئی بات نا کرے ،عمران خان کی صحت پر فیصلے کا مینڈیٹ پارٹی کے پاس نہیں ، فیملی اور ذاتی ڈاکٹرز کے پاس ہے ، محسن نقوی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق پارٹی اور وہ ایک پیچ پر ہیں میں آج واضح کردوں عمران خان کی صحت کا معاملہ پارٹی کا میڈیٹ نہیں صرف فیملی کا مینڈیٹ ہے ،مارے ساتھ صرف حسین اخونزاہ رابطے میں تھے اور شفاء ہسپتال نام آیا تو حسین آخونزادہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ کانفرنس کال میں محسن نقوی سے بات ہوئی ہے،عمران خان کی صحت پر پی ٹی آئی فیصلہ نہیں کر سکتی ،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ لایا ہی اسی لیے گیا ہے کہ وہ عمران خان کے کیسز نہ سنیں ،سہیل آفریدی بات کرنے کے لیے آئے تو جسٹس ڈوگر اٹھ کر بھاگ گئے ،

    دوسری جانب بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ہاسپٹل لے جانے سے ثابت ہو چکا کہ ان کا علاج جیل میں ممکن نہیں،اگر اس ہفتے عمران خان اور بشری بی بی کے کیسز نہ سنے گئے تو اگلے ہفتے کیسز براہ راست سپریم کورٹ میں دائر کر دیں گے ،عدالتی عملے کی جانب ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کل جمعرات کے روز عمران خان کے کیسز مقرر ہوں گئے توشہ خان ٹو کیس کی درخواست پر یہ اعتراض لگایا یے کہ وکا لت نامے نہیں دیے جارہے ہم نے اڈیالہ جیل حکام سے دس مرتبہ رابطہ کیا ہے کہ وکلات نامے دستخط کر کے ہمیں دیں۔

  • چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو سلام کیا لیکن جواب نہیں ملا،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو سلام کیا لیکن جواب نہیں ملا،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

    وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اوپن کورٹ میں چیف جسٹس کو سلام کیا لیکن سوا گھنٹے انتظار کے بعد بھی ایک صوبے کے وزیرِ اعلیٰ کو جواب نہیں دیا گیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اسلام آباد سے ملاقات نہیں ہو رہی تھی اس لیے اوپن کورٹ میں گئے، چیف جسٹس سے بات کرنے کی کوشش کی، روسٹرم پر گیا اور سلام کیا لیکن جواب نہیں ملا، ہم دکھانا چاہتے ہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف احتجاجی یا انتشاری سیاست نہیں کرتی، ہم تمام آپشنز استعمال کرنے کے بعد پرامن احتجاج کرتے ہیں جو ہمارا حق ہے، سوا گھنٹے انتظار کے بعد بھی چیف جسٹس نے سلام کا جواب نہیں دیا، شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز سے طبی معائنے کی درخواست بھی جمع کرائی گئی لیکن اسے منظور نہیں کیا گیا۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے کوریڈور میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی کی ویڈیو بنانے والے شخص سے پولیس نے موبائل فون چھین لیا،پولیس نے سہیل آفریدی کے ساتھ موجود شخص سے موبائل فون چھین کر ویڈیو ڈیلیٹ کرائی، ویڈیو ڈیلیٹ کرانے کے بعد متعلقہ شخص کو موبائل فون واپس کر دیا گیا،عدالتی احکامات کے تحت عدالت کے احاطے میں موبائل فوٹیج بنانے پر پابندی ہے۔

  • پنجاب اب ایک رنگ اور ایک معیار سے پہچانا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

    پنجاب اب ایک رنگ اور ایک معیار سے پہچانا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

    پنجاب بھر میں پہلی مرتبہ انفرااسٹرکچر اور ڈیزائن اسٹینڈرائزیشن کا فیصلہ کرلیا گیا، "ون پنجاب، ون اسٹینڈرڈ، ون ڈیزائن” کے تحت صوبے میں تعمیرات میں یکسانیت اور عالمی معیار کا نفاذ ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کی منظوری دے دی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں انفرااسٹرکچر اسٹینڈرڈائزیشن پر بریفنگ دی گئی۔مریم نواز نے کہا ڈسپلن ہی ترقی کا اصل حُسن ہے، پنجاب اب ایک رنگ اور ایک معیار سے پہچانا جائے گا، لاہور سے راجن پور تک ہر گلی، ہر شاہراہ، دیدہ زیب اور ہر ادارہ نظم و ضبط کا شاہکار ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ انفرااسٹرکچر اور روڈز کے یکساں ڈیزائن شہر کو جمالیاتی طور پر پرکشش بناتے ہیں، صوبہ بھر میں یکساں روڈ، گرین بیلٹ، سائن بورڈ، فٹ پاتھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسٹینڈرائزڈ ڈیزائن مینول تیار کرنے کا حکم دے دیا۔

  • دہشتگرد عناصر کی سرپرست افغان طالبان رجیم کی عسکری و سفارتی ہزیمت بے نقاب

    دہشتگرد عناصر کی سرپرست افغان طالبان رجیم کی عسکری و سفارتی ہزیمت بے نقاب

    دہشتگرد عناصر کی سرپرست افغان طالبان رجیم کی عسکری و سفارتی ہزیمت بے نقاب ہو گئی

    افغان سرزمین پر قبضہ کے بعد دہشتگرد عناصر کی مسلسل پشت پناہی طالبان رجیم کو مہنگی پڑ گئی،افغان جریدہ نے طالبان کی دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کے باعث عالمی سطح پر سفارتی اور عسکری ناکامی کا پردہ چاک کر دیا،افغان جریدہ ہشت صبح کے مطابق متعدد طالبان حکام فتنہ الخوارج کی افغانستان میں موجودگی کا بالواسطہ اعتراف کر چکے ہیں ،ایٹمی طاقت پاکستان کیساتھ براہ راست عسکری تصادم طالبان کیلئے خطرناک اور مہنگا ثابت ہو گا ،افغانستان کیلئے پہلے ہی سرحدی بندش کے باعث ادویات اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ نا قابل برداشت ہے،طالبان کے اقتدار پر قابض رہنے تک افغانستان عالمی سیاست اور سفارتکاری میں ناکام رہے گا

    ماہرین کے مطابق افغان طالبان رجیم کی دہشتگردوں کیلئے سہولت کاری کیخلاف افغان عوام اور میڈیا بھی آوازیں اٹھا رہا ہے،افغانستان سے دنیا بھر میں بزدلانہ دہشتگرد حملے سفاک طالبان رجیم کی پہچان بن چکے ہیں،پاکستان کیجانب سے پیش کیے گئے ناقابل تردید شواہد کے بعد عالمی برادری بھی افغان سر زمین پر دہشتگرد پناہ گاہوں کا اعتراف کر چکی ہے، افغانستان کیجانب سے مسلسل سرحد پار دہشتگردی کا فروغ پاکستان سمیت پورے خطہ کیلئے سنگین چیلنج بن چکا ہے

  • انتہاپسند ہندوتوا کےزیراثر بھارت میں مسلمانوں کیخلاف نفرت عروج پر

    انتہاپسند ہندوتوا کےزیراثر بھارت میں مسلمانوں کیخلاف نفرت عروج پر

    انتہاپسند ہندوتوا کےزیراثر بھارت میں مسلمانوں کیخلاف نفرت عروج پرہے

    انتہاپسندمودی کے دورمیں مسلمانوں کیساتھ ظلم و ستم اور توہین آمیز رویہ ہندوتوا کااصل چہرہ عالمی سطح پر آشکارہو چکا ہے،بھارتی جریدہ ” ہندوستان ٹائمز” نےبھارت میں مسلمانوں کیخلاف پنپتی نفرت کو بے نقاب کردیا،راجستھان میں متعصب بی جے پی رہنما نے کئی خواتین کو مسلمان ہونے کی پاداش میں امدادی سامان دینے سے انکار کردیا،سکھبیر سنگھ جوناپوریا نے مسلمان خواتین کو امدادی پروگرام سے الگ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم خواتین کومیرےاس عمل سےبرا لگا تب بھی مجھےکوئی فرق نہیں پڑتا،ہندوستان ٹائمز کے مطابق جونا پوریا نے کہا کہ جو لوگ مودی کو گالی نکالتے ہیں انہیں سامان (کمبل) لینے کا کوئی حق نہیں

    متاثرہ مسلمان خواتین کا ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب جوناپوریا کومعلوم ہوا کہ ہم مسلمان ہیں تو اس نے اشتعال میں آکر امدادی سامان واپس کرنے کاکہا

    ماہرین کے مطابق بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کیخلاف بڑھتا تشدد اور تعصب دراصل انتہاپسندہندو راشٹرا کااصل چہرہ ہے،جوناپوریا کا یہ طرزعمل انتہا پسند بی جے پی کی مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز سوچ کا عکاس ہے

  • پاک روس  تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی،سحرکامران

    پاک روس تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی،سحرکامران

    پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما،رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ روس کے یومِ محافظانِ وطن کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز رہی، جہاں انہوں نے روسی سفیر اور اعلیٰ عسکری و سفارتی شخصیات کے ہمراہ شرکت کی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں تصاویر شیئر کرتے ہوئے سحر کامران کا کہنا تھا کہ انہیں Albert P. Khorev، جو پاکستان میں روس کے سفیر ہیں، کے ساتھ تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی شکیل غضنفر(ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف، پاکستان ایئر فورس) تھے، جبکہ روس کے دفاعی اتاشی Vadim N. Fenchenko اور دیگر معزز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔اسلام آباد میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی سفیر نے فوج اور عوام کے درمیان پائیدار اتحاد پر زور دیا اور روس کی دفاعی تاریخ اور خودمختاری کے تحفظ کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سحر کامران نے کہا کہ سفیر کے خیالات نے انہیں بے حد متاثر کیا، خاص طور پر قومی سلامتی اور عوامی یکجہتی کے حوالے سے دیے گئے پیغامات نے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب نے پاکستان اور روس کے درمیان جاری سفارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔

    سحر کامران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ دونوں ممالک کے عوام باہمی احترام اور تعاون کی فضا میں ترقی کی منازل طے کر سکیں۔

    تقریب میں ایران اور ازبکستان کے سفرا سمیت مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں اور سفارتی برادری کے اراکین نے بھی شرکت کی۔روسی سفارتخانے کے دفاعی اتاشی کرنل Vadim N. Fenchenko بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب کی نمایاں جھلک معزز مہمانوں کی جانب سے یادگاری کیک کاٹنے کی تقریب تھی، جو باہمی دوستی اور تعاون کی علامت کے طور پر پیش کی گئی۔

    واضح رہے کہ "ڈیفنڈر آف دی فادر لینڈ ڈے” ہر سال روس میں منایا جاتا ہے، جس کا مقصد موجودہ اور سابق فوجی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ یہ تقریب پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔