Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • 9 مئی ڈیجیٹل دہشتگردی،عادل راجہ،صابر شاکر،وجاہت ایس خان،معیدپیرزادہ،حیدرمہدی کو سزا

    9 مئی ڈیجیٹل دہشتگردی،عادل راجہ،صابر شاکر،وجاہت ایس خان،معیدپیرزادہ،حیدرمہدی کو سزا

    انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا

    9مئی ریاستی اداروں کیخلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کرنے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا،عدالت نے عادل راجہ، سابق اینکرپرسن صابر شاکر ، وجاہت ایس خان ، ڈاکٹر معید پیرزادہ ، حیدرمہدی سمیت دیگر ملزمان کو 2, 2 بار عمر قید اور 15 لاکھ جرمانہ کی سزا سنادی،عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے فیصلہ سناتے ہوئے عادل راجہ، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو 2،2 بار عمر قید کی سزا دی جبکہ صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو بھی 2،2 بار عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ دیگر دفعات کے تحت ملزمان کو مجموعی طور پر 35 سال قید اور 15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔تھانہ آبپارہ کے مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ تھانہ رمنا کے مقدمے میں شاہین صبہائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو سزا دی گئی۔

    پراسکیوشن کی جانب سے مجموعی طور پر 24 گواہان عدالت میں پیش کیے گئے۔ ملزمان کی غیر موجودگی میں ٹرائل مکمل کیا گیا، جیسا کہ انسداددہشت گردی قوانین کے تحت ممکن ہے۔ عدالت نے گلفام اشرف گورائیہ ایڈوکیٹ کو ملزمان کا وکیل مقرر کیا تھا، جبکہ راجہ نوید حسین کیانی پراسیکوشن کی نمائندگی کرتے رہے۔فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد عدالت نے ٹرائل کا اختتام کیا، جس کے ذریعے انسداددہشت گردی کے قوانین کے تحت سخت کارروائی کی گئی

  • لاڑکانہ،مبینہ پولیس مقابلہ، ماورائے عدالت قتل کی ویڈیو وائرل، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

    لاڑکانہ،مبینہ پولیس مقابلہ، ماورائے عدالت قتل کی ویڈیو وائرل، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

    لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک زیرِ حراست ملزم کو ماورائے عدالت قتل کیے جانے کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی موبائل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صوبے بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار زمین پر زخمی حالت میں پڑے شخص پر قریب سے فائرنگ کر رہا ہے، جس کے بعد مذکورہ شخص جان کی بازی ہار جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی بھی اہلکار کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال یا قانون شکنی کا ثبوت ملا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث پولیس اہلکار عرض محمد جتوئی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم تاحال اس کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج نہیں ہو سکا، جس پر عوامی اور سماجی حلقوں میں شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی جیکب آباد کلیم ملک کی سربراہی میں محکمانہ تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، تاہم ان تحقیقات کی تفصیلات تاحال منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔دوسری جانب مقتول کے ورثاء نے پولیس کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بھائی علی گل کلہوڑو بے گناہ تھا اور اس کے خلاف کسی قسم کا کوئی مقدمہ درج نہیں تھا۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ علی گل کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا اور اب واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے باوجود مقدمہ درج نہ ہونا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

  • نئے سال پر بلوچستان میں خواتین کے لیے پنک بس سروس کا آغاز

    نئے سال پر بلوچستان میں خواتین کے لیے پنک بس سروس کا آغاز

    کوئٹہ: نئے سال کے موقع پر بلوچستان میں خواتین اور طالبات کے لیے خصوصی پنک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں خواتین کی روزمرہ آمد و رفت کو محفوظ، باوقار اور سہل بنانا ہے۔ پنک بس سروس کا افتتاح صوبائی حکومت کی جانب سے خواتین دوست اصلاحات کے سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ پنک بس سروس کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں یہ سروس بڑے شہری علاقوں میں شروع کی گئی ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں پنک بس سروس کا دائرہ دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنک بس سروس خواتین کو تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات تک آسان اور محفوظ رسائی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ نظام صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی اور دیرپا اقدامات کر رہی ہے۔ پنک بس سروس خواتین کے اعتماد میں اضافے، معاشی سرگرمیوں میں شمولیت اور تعلیمی مواقع کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔

    صوبائی حکومت کے مطابق پنک بس سروس میں خواتین ڈرائیورز اور کنڈکٹرز کی تعیناتی، سکیورٹی انتظامات اور مناسب کرایہ نظام کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ خواتین اور طالبات بلا خوف و خطر سفر کر سکیں۔ عوامی حلقوں اور خواتین تنظیموں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ سروس بلوچستان میں خواتین کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

  • علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

    علیمہ خان سمیت 11 ملزمان پر 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کے موقع پر مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے،بعدازاں علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کے خلاف آج 26 نومبر کے احتجاج پر مقدمے کی سماعت تھی، عدالت کو بتایا ہے کہ علیمہ خان مصروفیات کے باعث آج پیش نہیں ہوسکتیں، علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی ہے، عدالت سے استدعا کی ہے کہ ہمیں 7 جنوری کی تاریخ دی جائے، علیمہ خان کی ہدایات ہیں کہ عدالت میں جو بھی کارروائی ہو انکے سامنے ہو، عدالت کے علم میں لایا ہوں کہ علیمہ خان اگلی تاریخ پر پیش ہوں گی۔

  • وفاقی کابینہ کی اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی منظوری

    وفاقی کابینہ کی اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی منظوری

    وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں شیڈول بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی کرنے کی منظوری دیدی۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا مختصر اجلاس اختتام پذیر ہو گیا،وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئی قانون سازی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق بریفنگ دی گئی،
    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے چیف کمشنر اسلام آباد کی بریفنگ کے بعد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی کرنے کی منظوری دیدی،کابینہ نے اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی انتخابات کی قانون سازی کی بھی منظوری دی ہے۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیتی انتخابات کیلئے 15 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ 16 فروری سے 19 فروری تک نتائج مرتب کیے جانے تھے،

  • سوئٹزرلینڈ کے اسکی ریزورٹ ٹاؤن میں بار میں ہولناک آتشزدگی، 47 افراد ہلاک، 115 زخمی

    سوئٹزرلینڈ کے اسکی ریزورٹ ٹاؤن میں بار میں ہولناک آتشزدگی، 47 افراد ہلاک، 115 زخمی

    سوئٹزرلینڈ کے مشہور اسکی ریزورٹ ٹاؤن میں سالِ نو کی خوشیاں اُس وقت ماتم میں تبدیل ہو گئیں جب نیو ائیر نائٹ کے موقع پر ایک بار میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 47 افراد ہلاک اور 115 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ سالِ نو کی تقریب کے دوران پیش آیا، جب بار میں بڑی تعداد میں مقامی اور غیر ملکی سیاح موجود تھے۔ آگ لگتے ہی بار میں شدید افراتفری مچ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے پورے ہال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔سوئس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں فرانس کے 8 شہری تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ آگ ویٹر کی ایک غلطی کے باعث لگی، جبکہ بار میں لکڑی کا فرش ہونے کے سبب آگ تیزی سے پھیل گئی اور چند ہی منٹوں میں صورتحال قابو سے باہر ہو گئی۔ ریسکیو اداروں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    حادثے کی سنگینی کے پیشِ نظر سوئس صدر نے دارالحکومت برن سمیت ملک بھر میں 5 روز کے لیے قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ میں بار آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں سوئس حکومت اور سوئٹزرلینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔

  • سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی بیٹی امریکا میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی بیٹی امریکا میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی اور ممتاز پاکستانی نژاد امریکی ماہرِ اطفال ڈاکٹر فائقہ نور خان (فائقہ آفتاب قریشی) امریکا میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ امریکی ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ پر پیش آیا۔ پولیس حکام کے مطابق 75 سالہ ڈاکٹر فائقہ قریشی کی گاڑی اچانک بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے ایک رکاوٹ سے ٹکرا گئی، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے فوراً بعد گاڑی میں آگ لگنے کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے عملے نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، تاہم ڈاکٹر فائقہ کی جان نہ بچائی جا سکی۔ورجینیا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ ایک سنگین ٹریفک حادثہ تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل رپورٹ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔

    ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں طبی شعبے کا ایک معتبر اور معروف نام تھیں۔ انہوں نے 1993 میں بچوں کے معروف طبی ادارے دی کنگز ڈاٹر اسپتال میں بطور فزیشن اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سنبھالیں۔ بعد ازاں وہ طویل عرصے تک اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں۔ ان کے زیرِ انتظام ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں ہزاروں بچوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر فائقہ قریشی کو بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ غیر معمولی لگاؤ حاصل تھا۔ وہ نہ صرف ایک ماہر معالج تھیں بلکہ نوجوان ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف کی تربیت میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی رہیں۔ اسپتال کے مطابق ان کی خدمات اور رہنمائی کے اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔

    کنگز ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر فائقہ نور خان کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ادارے کی نہایت ہونہار طالبہ تھیں۔ یونیورسٹی کے مطابق ڈاکٹر فائقہ نے 1973 میں کنگز ایڈورڈ میڈیکل کالج سے گریجویشن مکمل کی اور بعد ازاں وہ اسی ادارے میں بطور استاد بھی خدمات انجام دیتی رہیں، جہاں انہوں نے کئی طلبہ کی پیشہ ورانہ تربیت کی،تعزیتی بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر فائقہ نور خان کی وفات طبی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، کیونکہ وہ نہ صرف ایک قابل ڈاکٹر بلکہ ایک بہترین معلم اور انسان دوست شخصیت بھی تھیں۔

  • کراچی ایئر پورٹ،ایف آئی اے افسران چوہے پکڑیں گے

    کراچی ایئر پورٹ،ایف آئی اے افسران چوہے پکڑیں گے

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ایک غیر معمولی اور حیران کن انتظامی حکم نامہ سامنے آیا ہے، جس میں ایک ایف آئی اے افسر کو امیگریشن ایریا میں سیوریج، بیت الخلاء کی صفائی اور چوہوں کی نگرانی کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری آرڈر کے تحت اسسٹنٹ سب انسپکٹر منور مہدی کو کراچی ائیرپورٹ پر بطور ایڈمن انچارج سیوریج تعینات کیا گیا ہے، جو ایک نئی اور غیر روایتی پوسٹ تصور کی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آرڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ نامزد افسر امیگریشن کے تمام بیت الخلاء اور سیوریج سسٹم کی صفائی ستھرائی کی نگرانی کا ذمہ دار ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ افسر اس بات کا بھی پابند ہوگا کہ وہ ہر ایک گھنٹے بعد صفائی کی دستخط شدہ رپورٹ ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کو پیش کرے۔ اس نوعیت کی ذمہ داریاں نہ تو ایف آئی اے کے قواعد و ضوابط کا حصہ ہیں اور نہ ہی کسی تفتیشی یا امیگریشن افسر کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں، جس پر ادارے کے اندر شدید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

    مزید حیران کن طور پر آرڈر میں یہ بھی درج ہے کہ مذکورہ افسر اس بات کی نشاندہی کرے گا کہ امیگریشن ہال اور ڈپٹی ڈائریکٹر آفس میں موجود چوہے کس بیت الخلاء اور کن سیوریج لائنوں کے ذریعے آتے جاتے ہیں،افسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چوہوں کی نقل و حرکت، راستوں اور ممکنہ نقصانات پر بھی رپورٹ مرتب کرے، جسے افسران کی جانب سے غیر سنجیدہ اور تضحیک آمیز اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔اس غیر پیشہ ورانہ حکم نامے کے بعد ایف آئی اے کے افسران میں سخت اضطراب پایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے ہی آف لوڈنگ کے غیر واضح زبانی احکامات اور داخلی محکمانہ کارروائیوں کا سامنا کرنے والے افسران اس آرڈر کو اپنی مزید تذلیل کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔کئی افسران کا کہنا ہے کہ ایک قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افسر کو صفائی اور سیوریج کی نگرانی پر لگانا نہ صرف اختیارات کے ناجائز استعمال کے زمرے میں آتا ہے بلکہ اس سے ادارے کا وقار بھی مجروح ہو رہا ہے۔

  • خیبر پختونخوا،بلوچستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں،بنوں میں حملہ ناکام،سات دہشتگرد زخمی

    خیبر پختونخوا،بلوچستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں،بنوں میں حملہ ناکام،سات دہشتگرد زخمی

    خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کیخلاف کاروائیاں جاری ہیں

    بلوچستان کے علاقے سبی میں ایک دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے کی نوعیت اور جاں بحق افراد کی شناخت سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ ایک علیحدہ واقعے میں جھل مگسی میں فائرنگ کے دو واقعات رپورٹ ہوئے، تاہم تاحال کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کو دونوں علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ تحقیقات کی جا سکیں، مقامات کو محفوظ بنایا جا سکے اور مزید تشدد کو روکا جا سکے۔

    پنجگور میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے میں تین افراد شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے علاقے میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں زاہد، محمد حسین اور جاسم سیف اللہ شہید ہو گئے۔ قدوس ولد ملنگ شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ مزید واقعات کو روکا جا سکے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق منگل کو سبی میں چیک چوک کے باہر گرلز ہائی اسکول کے قریب ہینڈ گرنیڈ حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ گرنیڈ ایک اجتماع پر پھینکا گیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور حملے کی نوعیت اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حکام کے مطابق علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سات دہشت گرد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اکاخیل کے علاقے عالم کیلے میں منزہ ٹو پوسٹ کے قریب کیا گیا، جہاں کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر صدام عرف ابوذر کی قیادت میں ایک گروہ اور پشاور سے آنے والے ایک اور دہشت گرد گروہ کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور مزید فورسز علاقے میں بھیج دی گئی ہیں۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

    پولیس کے مطابق مہمند کے علاقے یکہ غنڈئی میں دہشت گردوں کی جانب سے چھوڑا گیا ایک بارودی مواد پھٹنے سے تین معصوم بچے شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ سپری گاؤں میں یکہ غنڈئی تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں سیمت اللہ خان کے تین بیٹوں نے دہشت گردوں کے چھوڑے گئے دھماکہ خیز مواد کو کھلونا سمجھ کر اس سے کھیلنا شروع کر دیا، جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر پشاور کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور سکیورٹی فورسز کو علاقے میں مزید بارودی مواد کی تلاش کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق چند روز قبل دہشت گردوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے ایک انجینئر کو ضلع کرم میں بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ بازیابی تحصیل فتح شیری کے علاقے تتی نصراتی میں مقامی خٹک یونین کے عمائدین کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔ ذرائع کے مطابق انجینئر محفوظ ہے اور اسے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے اغوا کے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے خود ساختہ، غیر ہدفی اور بے قابو راکٹوں کا استعمال ایک بار پھر عام شہریوں کے خلاف اس گروہ کی کھلی دشمنی کو ظاہر کرتا ہے۔ خوارج سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر گردش کرنے والی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دیسی ہتھیار نہ تو درست نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور نہ ہی ان پر کوئی کنٹرول ہوتا ہے، جس کے باعث یہ اکثر رہائشی علاقوں میں جا گرتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ان راکٹوں میں کوئی رہنمائی نظام موجود نہیں ہوتا، جس کے باعث یہ کسی مخصوص فوجی ہدف کو نشانہ بنانے کے قابل نہیں ہوتے۔ نتیجتاً یہ شہری آبادیوں میں گر کر بچوں، خواتین اور غیر مسلح شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیتے ہیں اور املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ اندھا دھند تشدد اس گروہ کے اصل مقصد کو ظاہر کرتا ہے، یعنی خوف پھیلانا اور معاشرے کو عدم استحکام کا شکار بنانا۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے ہتھکنڈے انسانیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

    حکام اور مقامی ذرائع کے مطابق کنڈی سرکل سے چند ماہ قبل اغوا ہونے والے چار سکیورٹی اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اہلکاروں کو مقامی طالبان عناصر نے چار سے پانچ ماہ قبل مختلف دیہات سے اغوا کیا تھا۔ ان کی بازیابی مسلسل امن جرگے کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔ بازیاب ہونے والوں میں زبیر ولد عمر دراز، انشاءاللہ ولد جمعہ خان، جہانزیب خان مروت اور پولیس کانسٹیبل حکمت اللہ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق تمام اہلکار محفوظ ہیں اور علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

    حکام کے مطابق تحصیل سروکئی کے علاقے چگملائی میں شدت پسندوں کی جانب سے کواڈ کاپٹر کے ذریعے لائے گئے دھماکہ خیز مواد کے گرنے سے ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز آلہ ٹکرانے پر آگ بھڑک اٹھی جس سے مکان کا ایک کمرہ متاثر ہوا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر نقصان کا جائزہ لیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    منگل کو بنوں میں مندن پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے فتح خیل پولیس چوکی کو نشانہ بنایا تاہم پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث حملہ آور فرار ہو گئے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ بعد ازاں علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی اور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ تحقیقات جاری ہیں۔

    منگل کو باڑہ کے علاقے منزہ اکاخیل میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اطلاع پر دہشت گردوں کو گھیرے میں لیا گیا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حکام کے مطابق آپریشن تاحال جاری ہے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ سکیورٹی اہلکاروں کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ مزید تفصیلات آپریشن مکمل ہونے پر جاری کی جائیں گی۔

  • راولپنڈی:ہسپتال کے واش روم میں خواتین کی ویڈیوز بنانے کا انکشاف، ملزم گرفتار

    راولپنڈی:ہسپتال کے واش روم میں خواتین کی ویڈیوز بنانے کا انکشاف، ملزم گرفتار

    راولپنڈی کے کنٹونمنٹ جنرل اسپتال میں خواتین کے لیے مختص واش روم میں خفیہ طور پر ویڈیوز بنانے کا انتہائی سنگین اور قابلِ مذمت واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر اسپتال انتظامیہ اور سکیورٹی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپتال کے سکیورٹی سپروائز نعمان کی مدعیت میں تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ اسپتال کے واش روم سے ایک خاتون کی چیخ و پکار سنائی دی، جس پر قریبی سکیورٹی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ سکیورٹی عملے نے واش روم میں مشکوک حرکات میں ملوث ایک شخص کو قابو کر لیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کے موبائل فون کی جانچ کی گئی تو اس میں خواتین کی نازیبا اور قابلِ اعتراض ویڈیوز موجود پائی گئیں۔ اس انکشاف کے بعد فوری طور پر پولیس کو طلب کیا گیا، جس نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے موبائل فون کو فرانزک جانچ کے لیے بھیجا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ویڈیوز کب، کہاں اور کس حد تک بنائی گئیں، اور آیا اس جرم میں کوئی اور فرد بھی ملوث ہے یا نہیں۔