Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • افغانستان: تخار میں حملہ، بدخشاں کے پولیس چیف معراج الدین ہلاک

    افغانستان: تخار میں حملہ، بدخشاں کے پولیس چیف معراج الدین ہلاک

    افغانستان کے صوبہ تخار میں نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) کے جنگجوؤں نے ایک حملے میں بدخشاں کے پولیس چیف خارجی معراج الدین کو جہنم واصل کر دیا۔

    اطلاعات کے مطابق خارجی معراج الدین بدخشاں سے تخار جا رہا تھا کہ راستے میں نیشنل ریزسٹنس کے جنگجوؤں نے اس کی گاڑی کو گھات لگا کر مار ڈالا، جنگجوؤں نے اچانک فائرنگ کر کے گاڑی کو نشانہ بنایا اور بعد ازاں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔حملہ انتہائی منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا،حملے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ان کے ساتھ موجود دیگر افراد کے بارے میں فوری طور پر واضح معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔

  • ایران میں امریکی و اسرائیلی جاسوسی کے الزام میں 33 افراد گرفتار

    ایران میں امریکی و اسرائیلی جاسوسی کے الزام میں 33 افراد گرفتار

    ایرانی حکام نے امریکا اور اسرائیل کے لیے مبینہ طور پر حساس معلومات جمع کرنے کے الزام میں 33 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان افراد کو انٹیلیجنس ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد پر الزام ہے کہ وہ ایران کے فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مراکز سے متعلق معلومات اور تصاویر اکٹھی کر رہے تھے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ایران میں ممکنہ فوجی اہداف اور حملوں سے متعلق معلومات بھی جمع کر رہے تھے، جنہیں امریکا اور اسرائیل تک پہنچانے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے اور ان کے نیٹ ورک کے ممکنہ دیگر ارکان کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • ترکیہ کا ایران کے میزائل حملوں کی تردید پر اعتراض، تکنیکی شواہد پیش کرنے کا دعویٰ

    ترکیہ کا ایران کے میزائل حملوں کی تردید پر اعتراض، تکنیکی شواہد پیش کرنے کا دعویٰ

    ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکیہ نے ایران کی جانب سے ترک سرزمین کی طرف میزائل فائر کرنے کی تردید کو چیلنج کر دیا ہے اور اس حوالے سے انقرہ کے پاس تکنیکی شواہد موجود ہیں جو ایرانی مؤقف سے متصادم ہیں۔

    دارالحکومت انقرہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے بتایا کہ ترک حکام نے میزائل لانچنگ سے متعلق مفصل تکنیکی ڈیٹا اور شواہد اکٹھے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیٹا کی روشنی میں ایران کی جانب سے میزائل فائر نہ کرنے کا دعویٰ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ ترکیہ اس معاملے پر ایران کے حکام کے ساتھ باضابطہ رابطے میں ہے اور ان سے ان تضادات کی وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقرہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے کیونکہ یہ علاقائی سلامتی اور خودمختاری سے جڑا ہوا مسئلہ ہے۔

    ترک وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ترکیہ کی سیکیورٹی اور دفاعی اداروں نے میزائلوں کی پرواز، سمت اور ممکنہ لانچ پوائنٹس سے متعلق معلومات حاصل کی ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ میزائل ترک حدود کی جانب فائر کیے گئے تھے۔ تاہم انہوں نے میزائلوں کی تعداد یا ان کے درست مقام کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    دوسری جانب ایران کی جانب سے اس سے قبل یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس نے ترکیہ کی سرزمین کی طرف کوئی میزائل فائر نہیں کیا اور ایسے الزامات بے بنیاد ہیں۔ تہران کا کہنا ہے کہ اس کے فوجی اقدامات مخصوص اہداف تک محدود ہوتے ہیں اور وہ ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔

  • خلیجی پانیوں میں دو ہفتوں کے دوران 17 جہازوں پر حملے، ایک شخص ہلاک

    خلیجی پانیوں میں دو ہفتوں کے دوران 17 جہازوں پر حملے، ایک شخص ہلاک

    مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے آغاز کے بعد گزشتہ دو ہفتوں کے دوران خلیجی سمندری راستوں میں کم از کم 17 جہازوں پر حملے کیے گئے ہیں۔ یہ معلومات برطانیہ کی سمندری سکیورٹی تنظیم نے جاری کی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق حملوں کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا ہے، جو بھارتی شہری تھا۔ اس ہلاکت کی تصدیق عمان میں موجود عمان میں بھارتی سفارتخانے نے بھی کی ہے۔حملے زیادہ تر اہم سمندری راستوں کے اطراف میں رپورٹ ہوئے، جو عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم سمجھے جاتے ہیں۔

    یکم مارچ:
    UKMTO کے مطابق آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کو میزائل نما گولوں سے نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک اور ٹینکر بحرین میں لنگر انداز ہونے کے دوران حملے کی زد میں آیا۔ اسی روز خلیج عمان میں MKD VYOM نامی ٹینکر پر حملہ ہوا جس میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ مزید ایک جہاز کے قریب بھی گولہ پھٹنے کی اطلاع دی گئی۔

    3 مارچ:
    خلیج عمان میں لنگر انداز دو جہازوں پر حملہ کیا گیا جبکہ ایک کارگو جہاز کے قریب ڈرون بھی دیکھا گیا جس نے پانی میں گر کر دھماکہ کیا۔

    4 مارچ:
    آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں دو جہازوں کے اندر دھماکے رپورٹ ہوئے جبکہ ایک اور جہاز سے تقریباً ایک ناٹیکل میل کے فاصلے پر گولہ پھٹنے کی اطلاع ملی۔

    6 مارچ:
    آبنائے ہرمز میں ایک ٹگ بوٹ کو گولوں سے نشانہ بنایا گیا۔

    7 مارچ:
    خلیج فارس میں سمندر میں قائم ایک آئل ڈرلنگ رگ کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں عملے کے کچھ افراد زخمی ہوئے اور اہلکاروں کو فوری طور پر نکالنا پڑا۔

    10 مارچ:
    خلیج فارس میں ایک جہاز پر گولہ گرنے سے اس کے ڈھانچے کو ممکنہ نقصان پہنچا۔

    11 مارچ:
    آبنائے ہرمز میں Mayuree Naree نامی کنٹینر شپ کو نشانہ بنایا گیا جبکہ خلیج فارس میں مزید تین جہاز بھی حملوں کا شکار ہوئے۔

    12 مارچ:
    خلیج فارس میں ایک کنٹینر جہاز پر گولہ لگنے سے آگ بھڑک اٹھی۔

    ماہرین کے مطابق ان حملوں نے خطے میں سمندری سکیورٹی اور عالمی تیل کی ترسیل کے حوالے سے شدید خدشات پیدا کر دیے ہیں، کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین توانائی راستوں میں شمار ہوتی ہے۔

  • افغان رجیم کے  پاکستان کی چوکیوں پر قبضے اور نقصان کے دعوے مسترد

    افغان رجیم کے پاکستان کی چوکیوں پر قبضے اور نقصان کے دعوے مسترد

    وزارت اطلاعات نے افغان رجیم کے وزارت دفاع کی جانب سے پاکستان کی چوکیوں پر قبضے اور نقصان کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام کو گمراہ کرنے کےلیے بنایا گیا ہے۔

    وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان رجیم کے دعووں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد افغان وزارت دفاع کا پاکستان کی کچھ چوکیوں پر قبضے اور نقصان پہنچانے کا دعویٰ من گھڑت ہے، یہ جھوٹا دعویٰ افغان عوام کو گمراہ کرنے کےلیے بنایا گیا۔ افغان عوام خود ان دہشت گردوں کے باعث براہِ راست مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں،پاکستانی وزارت اطلاعات افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے نقصانات اور ہلاکتوں سے اپڈیٹ کرتی رہتی ہے،دہشت گردوں اور معاون ڈھانچے کے خلاف کارروائیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی میں احتیاط برتی جارہی ہے، دہشت گردوں اور بھارتی میڈیا، سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے دعووں میں کوئی صداقت نہیں، طالبان رجیم کے بےبنیاد دعووں کے حق میں کوئی قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق ثبوت سامنے نہیں آیا، جب بھی ان دعووں کی جانچ پڑتال کی گئی ہے تو ہمیشہ غلط ثابت ہوئے۔

  • امت مسلمہ کو اتحاد،اخوت اور مضبوط نظریاتی بیانیے کی ضرورت ہے،حافظ طلحہ سعید

    امت مسلمہ کو اتحاد،اخوت اور مضبوط نظریاتی بیانیے کی ضرورت ہے،حافظ طلحہ سعید

    مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد،اخوت اور مضبوط نظریاتی بیانیے کی ضرورت ہے،یہودوہنود کا گٹھ جوڑ مسلم ممالک کے لئے خطرہ،ایٹمی پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے دہشتگردی ،سیاسی افراتفری کو فروغ دیا جا رہا ہے،قوم متحد رہے گی تو دشمن کی سازشیں ناکام ہوں گی

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مسلم لیگ شیخوپورہ کے زیر اہتمام مقامی ہال میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صدر وسطی پنجاب چوہدری حمیدالحسن گجر اور میاں حبیب الرحمن بھی موجود تھے، حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ امت کو تقسیم کرنے والی ہر پالیسی قابلِ مذمت ہے،امت متحد ہو گی تو سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا سکے گا، ایمان، اتحاد اور قربانی کے ذریعے بڑی سے بڑی مشکلات کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ آج سب سے بڑی ضرورت امت کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور ہر قسم کے انتشار کو روکنے کی ہے۔مرکزی مسلم لیگ اتحاد امت ،خدمت کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، حکمرانوں کی پالیسیاں عوام دوست نہیں بلکہ عوام دشمن ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ غریب عوام پر بوجھ ہے،ایک طرف عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکمران طبقہ اربوں ڈالر کے مہنگے طیاروں اور شاہانہ اخراجات میں مصروف ہے۔،اگر حکمران اشرافیہ کی غیر ضروری مراعات، سرکاری پٹرول اور شاہانہ اخراجات ختم کیے جائیں تو قومی خزانے کو اربوں ڈالر کی بچت ہو سکتی ہے اور عوام کو حقیقی ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں بندرگاہیں جائز ہدف ہیں، ایران

    متحدہ عرب امارات میں بندرگاہیں جائز ہدف ہیں، ایران

    تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر متحدہ عرب امارات کے شہروں سے امریکی میزائل ایران کے خلاف داغے گئے تو ان مقامات کو براہ راست نشانہ بنایا جائے گا۔

    ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ایسے تمام مقامات کو ہدف بنانے کا حق محفوظ رکھتا ہے جہاں سے امریکی حملے کیے جا رہے ہیں۔ہفتہ کے روز جاری بیان میں ابراہیم ذوالفقاری نے الزام لگایا کہ امریکی فوج کو خطے میں اپنے اڈوں پر نقصانات اٹھانے کے بعد اب متحدہ عرب امارات کے شہروں میں موجود بندرگاہوں، ڈاکس اور خفیہ ٹھکانوں سے ایران کے علاقوں پر میزائل حملے کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ ان کے مطابق ان حملوں کا ہدف جزیرہ ابو موسیٰ اور جزیرہ خارگ کے بعض حصے بنائے گئے۔

    ایرانی ترجمان نے کہا کہ ایران واضح طور پر اماراتی قیادت کو آگاہ کر رہا ہے کہ اگر امریکی افواج اماراتی شہروں کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کرتی رہیں تو ایران ان مقامات کو نشانہ بنانے کو اپنا جائز دفاعی حق سمجھتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فورسز شہری علاقوں میں بندرگاہوں، گودیوں اور پناہ گاہوں کو بطور لانچنگ پوائنٹ استعمال کر رہی ہیں۔ایران نے متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے بندرگاہوں، ڈاکس اور ان علاقوں سے دور رہیں جہاں امریکی افواج کی موجودگی یا سرگرمیوں کی اطلاعات ہیں تاکہ ممکنہ جوابی کارروائی کے دوران کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

  • فتح کا اعلان کریں اور جنگ سے نکل جائیں،ٹرمپ کو مشیروں کا مشورہ

    فتح کا اعلان کریں اور جنگ سے نکل جائیں،ٹرمپ کو مشیروں کا مشورہ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے مشیر جنگ ختم کرنے کا مشورہ دینے لگے۔

    امریکی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کے مشیروں نے مشورہ دیا ہے کہ فتح کا اعلان کریں اور جنگ سے نکل جائیں۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ میں ایران جنگ کے حوالے سے سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طویل جنگ مہنگی ثابت ہوسکتی ہے۔

    دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن غیر فعال ہونے کی تردید کردی۔سینٹ کام سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب بحری بیڑے کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کررہے ہیں، اس سے پہلے بھی وہ اس جہاز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کرچکے ہیں، یہ دعویٰ غلط ہے۔سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ابراہم لنکن کیریئر اسٹرائیک گروپ اب بھی ایران کے خلاف فعال ہے۔ سینٹ کام نے بحری جہاز پر طیاروں کی آمد و رفت کی ویڈیو بھی جاری کردی۔

    علاوہ ازیں یورپ کو تیل اور گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے، فرانس اور اٹلی نے آبنائے ہرمز سے محفوظ راستے کے حصول کیلئے ایران سے مذاکرات شروع کردیے۔فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں ملک مشرق وسطیٰ سے تیل اور گیس درآمد کرنا چاہتے ہیں اور اپنے ٹینکرز کو بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزارنے کیلئے ایران سے بات چیت کررہے ہیں۔

    خلیجی ممالک کو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے آغاز سے اب تک توانائی کی آمدنی میں تقریباً 15.1 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ہرمز آبنائے کی تقریباً مکمل بندش کی وجہ سے لاکھوں بیرل خام تیل عالمی منڈیوں تک پہنچنے سے محروم ہو گئے ہیں، جس سے روزانہ تقریباً 1.2 ارب ڈالر مالیت کی تیل، ریفائنڈ پروڈکٹس اور مائع قدرتی گیس کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔ سعودی عرب، جو دنیا کا سب سے بڑا تیل برآمد کنندہ ہے، کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے اور اسے تقریباً 4.5 ارب ڈالر کا خسارہ ہوا ہے، جبکہ عراق جیسے ممالک میں جہاں حکومتی آمدنی کا 90 فیصد تیل پر منحصر ہے، معاشی دباؤ شدید ہے۔یہ اعداد و شمار تجزیاتی فرموں Wood Mackenzie اور Kpler کی تحقیق پر مبنی ہیں، جو بتاتے ہیں کہ خلیجی ممالک (سعودی عرب، عراق، متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین) کو مجموعی طور پر تیل کی فروخت اور ٹیکس آمدنی میں 13.3 ارب ڈالر کا تاخیر سے ادائیگی کا سامنا ہے۔ سعودی عرب بحر احمر کے راستے برآمدات بڑھانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جبکہ دیگر ممالک جیسے قطر اور کویت اپنے sovereign wealth funds سے مختصر مدت کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ جنگ خلیجی ریاستوں کے لیے معاشی طور پر انتہائی مہنگی ثابت ہو رہی ہے، جو توانائی کی برآمدات پر انحصار کر کے اپنی حکومتیں چلاتی ہیں۔

  • بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 6 دہشتگرد ہلاک

    بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 6 دہشتگرد ہلاک

    بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے گروپ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کارروائی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 6 دہشتگرد مارے گئے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور عوامی تنصیبات پر حملوں میں ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان میں امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • خوشاب ، سابق شوہر نے مبینہ طور پر خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

    خوشاب ، سابق شوہر نے مبینہ طور پر خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

    خوشاب میں سابق شوہر نے مبینہ طور پر خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، 26 سالہ چمن بتول جان کی بازی ہار گئی

    افسوسناک واقعے پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا نوٹس، ڈی پی او خوشاب سے رپورٹ طلب کر لی،پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان بابر عباس اور طاہر عباس کو حراست میں لے لیا،دونوں ملزمان سے تفتیش جاری ہے، اصل حقائق مکمل تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے. حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پی ایف ایس اے ٹیم بھی طلب کر لی گئی۔ خواتین کے خلاف اس نوعیت کے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ شفاف تفتیش کے ذریعے ذمہ دار عناصر کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔ متاثرہ خاندان کو قانونی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہمارا عزم ہے۔