Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • لاہور ہائیکورٹ،شہریوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم کالعدم قرار

    لاہور ہائیکورٹ،شہریوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم کالعدم قرار

    لاہور ہائیکورٹ کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے

    عدالت نے فیملی کورٹ کو شہریوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم کالعدم قرار دے دیا ،عدالت نے فیصلے میں کہا کہ شناختی کارڈ کسی بھی شہری کی شناخت ثابت کرتی ہے جو شہری سے حق نہیں چھینا جاسکتا،قومی شناختی کارڈ فیملی کورٹ کی جانب سے بلاک نہیں کیا جاسکتا،لاہور ہائیکورٹ سیشن کورٹ اور فیملی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتی ہے،شہری ناصر علی رانجھا نے قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا ،شناختی کارڈ بلاک کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات موجود ہیں،جسٹس مزمل اختر شبیر نے آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ،درخواست گزار کی اہلیہ نے نان و نفقہ کیس میں ڈگری پر عملدرآمد کروانے کے لیے فیملی کورٹ سے رجوع کیا تھا ،درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ماتحت عدالتوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے فیصلے کو سیشن کورٹ گجرات چیلنج کیا ،درخواست گزار کے وکیل کے مطابق سیشن کورٹ گجرات نے درخواست کو خارج کردیا ،درخواست گزار کے وکیل کے مطابق جب فیملی کورٹ نے طلب کیا تو اس وقت پاکستان میں موجود نہیں تھا،

  • ہفتہ بھر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، آلو، پیاز اور مرغی مہنگی

    ہفتہ بھر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، آلو، پیاز اور مرغی مہنگی

    ملک میں ایک ہفتے کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں بعض ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کئی اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی سامنے آئی۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق آلو، پیاز، مرغی کا گوشت اور آٹے سمیت متعدد اشیاء مہنگی ہوئیں، جبکہ ٹماٹر، ایل پی جی، دال مونگ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں 3.94 فیصد، مرغی کے گوشت میں 3.70 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 3.54 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح گندم کا آٹا 1.61 فیصد، انڈے 0.81 فیصد، بڑا گوشت 0.59 فیصد، تازہ دودھ 0.50 فیصد اور واشنگ صابن 0.44 فیصد مہنگا ہوا۔دوسری جانب ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں سب سے زیادہ 23.30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر 15.12 فیصد سستا ہوا۔ دال مونگ کی قیمت میں 2.15 فیصد، پیٹرول میں 0.69 فیصد، ڈیزل میں 0.63 فیصد، دال مسور میں 0.52 فیصد اور چینی کی قیمت میں 0.07 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر کئی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ بھی برقرار ہے۔ ٹماٹر کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 129.01 فیصد، پیاز 76.34 فیصد اور گندم کے آٹے کی قیمت 71.22 فیصد بڑھ چکی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بجلی کے پہلی سہ ماہی کے چارجز میں سالانہ بنیاد پر 49.14 فیصد جبکہ گیس کے چارجز میں 29.85 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح ایل پی جی کی قیمت بھی سالانہ بنیاد پر 25.51 فیصد زیادہ رہی۔

    تاہم بعض اشیاء گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں سستی بھی ہوئیں۔ آلو 35.89 فیصد، چنے کی دال 22.23 فیصد، مرغی کا گوشت 21.32 فیصد، چینی 20.98 فیصد، نمک 14.09 فیصد، دال مسور 12.93 فیصد اور انڈے 9.23 فیصد سستے ریکارڈ کیے گئے۔ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مہنگائی کے مجموعی رجحان میں اگرچہ بعض اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، تاہم متعدد بنیادی ضروریات کی قیمتیں اب بھی بلند سطح پر برقرار ہیں، جس کے باعث صارفین پر مہنگائی کا دباؤ بدستور موجود ہے۔

  • پاکستانی ڈراموں میں بولڈ مناظر کا بڑھتا رجحان، مشی خان کا اظہار تشویش

    پاکستانی ڈراموں میں بولڈ مناظر کا بڑھتا رجحان، مشی خان کا اظہار تشویش

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان مشی خان نے پاکستانی ڈراموں میں بولڈ اور غیر مناسب مناظر کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس حوالے سے بروقت توجہ نہ دی گئی تو ڈرامہ انڈسٹری اپنی روایتی شناخت کھو سکتی ہے۔

    مشی خان، جو سوشل میڈیا پر قومی، بین الاقوامی اور سماجی معاملات پر اپنی بے باک رائے دینے کے لیے جانی جاتی ہیں، نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ اس ویڈیو میں انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں شامل کیے جانے والے رومانوی اور جسمانی قربت کے مناظر پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ فلموں، ڈراموں، اسٹیج شوز اور سوشل میڈیا کے نام پر بے حیائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی فلمیں اور گانے پہلے ہی غیر مناسب مواد کی طرف جا چکے ہیں اور اب پاکستانی ڈراموں میں بھی اسی طرز کا رجحان دکھائی دینے لگا ہے، جو تشویشناک ہے۔

    مشی خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستانی ڈرامے اپنی خاندانی اقدار، مضبوط کہانیوں اور معیاری کردار نگاری کی وجہ سے پسند کیے جاتے تھے، لیکن اب تقریباً ہر ڈرامے میں شادی شدہ جوڑوں کے درمیان گلے ملنے جیسے مناظر کو معمول بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو مستقبل میں بیڈروم سینز اور بوس و کنار جیسے مناظر بھی عام ہو سکتے ہیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈرامے پورے خاندان، بزرگوں اور بچوں کے ساتھ بیٹھ کر دیکھے جاتے ہیں، اس لیے ان میں ایسا مواد شامل کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے جو خاندانی ماحول کے لیے نامناسب ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈراموں کو تفریح کے ساتھ ساتھ معاشرتی اقدار اور ثقافتی روایات کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

  • اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل عہدے  کیلئے امیدوار   میکی سال کی  وزیراعظم سے  ملاقات

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل عہدے کیلئے امیدوار میکی سال کی وزیراعظم سے ملاقات

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کیلئے امیدوار میکی سال (MACKY SALL)
    نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی دیرینہ اور گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے عالمی امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں میں پاکستانی قیادت کے تعمیری کردار کوسراہا۔

    وزیراعظم نے میکی سال کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ۔انہوں نے عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کیلئےپاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔محمدشہبازشریف نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی آئندہ قیادت عالمی ادارے کے عالمی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق کے تین بنیادی ستونوں کو متوازن انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

    وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر من و عن عملدرآمد اور عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے احترام کیلئےپاکستان کے مستقل اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

  • گلگت بلتستان کو ترقی، خوشحالی اور پائیدار استحکام کی نئی منزلوں تک پہنچائیں گے۔وزیراعظم

    گلگت بلتستان کو ترقی، خوشحالی اور پائیدار استحکام کی نئی منزلوں تک پہنچائیں گے۔وزیراعظم

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان کی اسمبلی کے ممبران کی آج اسلام آباد میں ملاقات ہوئی.

    ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی محبت، وفاداری اور قومی یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ آپ عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔ آپ کے ذریعے عوام کی توقعات، مسائل اور ترجیحات سے براہِ راست آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ ہمارا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، ہمارا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ علاقے میں بنیادی ڈھانچے، مواصلات، توانائی، تعلیم، صحت، سیاحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

    وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل، سیاحتی مقامات اور معدنی ذخائر کو بروئے کار لا کر مقامی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی تربیت اور باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ گلگت بلتستان میں چار دانش سکول تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں، اگلے سال سے ان میں کلاسز شروع ہو جائیں گی۔ ہے۔ اسکے علاوہ شمسی توانائی سے 100 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ پر کام تیزی سے جاری ہے ۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ گلگت بلتستان میں موسماتی تبدیلی اور گلاف کے حوالے سے پیشگی اطلاع کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ مقامی لوگوں کو بروقت اطلاع فراہم کی جاسکے اور موسمی حالات کے نا مصائب صورتحال کا مقابلہ کیا جاسکے۔ عوام کو درپیش مسائل کے حل، بہتر طرزِ حکمرانی اور شفافیت کے فروغ کے لیے وفاقی اور مقامی قیادت کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آپ کی تجاویز اور سفارشات ہمارے لیے اہم ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہم مل کر کام کریں گے۔ تمام ممبران اسمبلی میں تعمیری کردار ادا کریں ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے گلگت بلتستان کو ترقی، خوشحالی اور پائیدار استحکام کی نئی منزلوں تک پہنچائیں گے۔

    وزیر اعظم نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی کی تشکیل کی ھدایت کی جو ان ممبران اسمبلی کی جانب سے دی گئی قابل عمل تجاویز کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں وزیر برائے امور گلگلت بلتستان و کشمیر امیر مقام اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناءاللہ شامل ہیں۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ، وزیر برائے امور گلگلت بلتستان و کشمیر امیر مقام اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناءاللہ شریک تھے۔

  • اچھرہ کے ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی کی موت،  مقدمہ درج

    اچھرہ کے ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی کی موت، مقدمہ درج

    لاہور کے علاقے اچھرہ میں واقع ایک ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی نعیمہ کی پراسرار ہلاکت کے واقعے پر پولیس نے والد محمد عدنان کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق 10 سالہ نعیمہ اپنی دو بہنوں کے ہمراہ دوپہر تقریباً ایک بجے ٹیوشن پڑھنے گئی تھی۔ کچھ دیر بعد ٹیوشن سینٹر چلانے والی ٹیچر کے والد عبدالرؤف نے اہل خانہ کو اطلاع دی کہ بچی کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے۔ اطلاع ملنے پر اسے فوری طور پر بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق بچی کی گردن پر رسی یا پھندے کے واضح نشانات پائے گئے ہیں، جس کے باعث مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اچھرہ کی اتحاد کالونی میں ایک گھر میں قائم ٹیوشن سینٹر میں پیش آیا، جہاں محلے کی 15 سے 20 بچیاں تعلیم حاصل کرتی ہیں۔ واقعے کے روز نعیمہ اپنی دو بہنوں کے ساتھ ٹیوشن پہنچی تھی۔ دورانِ کلاس اس نے واش روم جانے کی اجازت لی، تاہم کافی دیر گزرنے کے باوجود واپس نہ آئی۔ تشویش پر اس کی بڑی بہن واش روم گئی تو نعیمہ نیم مردہ حالت میں پڑی تھی۔ شور مچنے پر اہل محلہ جمع ہو گئے اور بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔پولیس نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد نعیمہ کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق طالبہ کے گلے پر پھندے کا واضح نشان موجود ہے اور موت کی وجہ گلے میں پھندا لگنا قرار دی گئی ہے، جبکہ جسم پر تشدد یا زبردستی کے کوئی واضح آثار نہیں ملے۔

    تحقیقات کے دوران پولیس نے جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس اور دیگر اہم شواہد اکٹھے کرکے فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔ پولیس کے مطابق واش روم کا دروازہ لاک نہیں تھا، جبکہ مزید تفتیش کے لیے گھر کے مالک کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔محلے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ گھر میں دو بہنیں عرصہ دراز سے ٹیوشن سینٹر چلا رہی ہیں اور ان کے اپنے بچے بھی وہاں پڑھتے رہے ہیں، اس سے قبل کبھی کسی قسم کی شکایت یا ناخوشگوار واقعہ سامنے نہیں آیا۔

    دوسری جانب جاں بحق بچی کے والد محمد عدنان، جو پیشے کے لحاظ سے رکشہ ڈرائیور ہیں، نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کی بیٹی کے ساتھ کیا ہوا، تاہم انہیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ انصاف کرے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ، پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں واقعے کی تمام ممکنہ جہتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

  • ہنزہ میں موبائل فراڈ، فرار ہونے والے سیاح دیامر سے گرفتار

    ہنزہ میں موبائل فراڈ، فرار ہونے والے سیاح دیامر سے گرفتار

    گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں مبینہ موبائل فراڈ میں ملوث سیاح کو دیامر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف ہنزہ کے علی آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق ہنزہ میں دبئی موبائل شاپ کے مالک معیز نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے سیاح محمد علی ولد محمد ایاز کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم نے دکان سے آئی فون 14 پرو خریدا اور آن لائن ادائیگی کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ٹرانزیکشن کا اسکرین شاٹ دکھایا، تاہم کافی انتظار کے باوجود رقم دکاندار کے اکاؤنٹ میں منتقل نہ ہوئی۔شکایت کے مطابق ملزم نے بتایا تھا کہ وہ سرینا ہوٹل ہنزہ میں مقیم ہے، لیکن جب رقم موصول نہ ہونے پر دکاندار ہوٹل پہنچا تو معلوم ہوا کہ وہ وہاں سے جا چکا ہے۔ ہوٹل انتظامیہ کے مطابق ملزم نے وہاں بھی ادائیگی کے لیے مبینہ طور پر جعلی اسکرین شاٹ دکھایا تھا۔دکاندار کا کہنا ہے کہ اسی دوران ایک اور متاثرہ شخص بھی سامنے آیا، جس نے دعویٰ کیا کہ اسی سیاح نے اسے بھی 75 ہزار روپے کی مبینہ آن لائن ادائیگی کا جعلی ثبوت دکھا کر دھوکہ دیا۔

    واقعے کے بعد معیز نے علی آباد تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا اور آئی جی پولیس گلگت بلتستان سے اپیل کی کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے صوبے کی حدود سے باہر جانے سے روکا جائے تاکہ متاثرین کا نقصان پورا کیا جا سکے۔ادھر اطلاع ملتے ہی دیامر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہنزہ فراڈ کیس میں ملوث سیاح کو شاہراہِ بابوسر ناران پر جل کے مقام سے گرفتار کر لیا۔ ایس پی دیامر کیپٹن (ر) شہریار خان کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ آیا ملزم نے اسی نوعیت کی وارداتیں دیگر علاقوں میں بھی کی ہیں یا نہیں۔

  • مودی کو دورہ انڈونیشیا نیوزی لینڈ، آسٹریلیا میں سفارتی رسوائی کا سامنا

    مودی کو دورہ انڈونیشیا نیوزی لینڈ، آسٹریلیا میں سفارتی رسوائی کا سامنا

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ انڈونیشیا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دوروں کو بھارتی میڈیا میں نمایاں کوریج دی گئی تاہم بعض بین الاقوامی میڈیا اداروں اور تجزیہ کاروں نے ان دوروں کی سفارتی اہمیت پر مختلف آراء پیش کی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے بعض میڈیا اداروں نے مودی کے دورے کو محدود کوریج دی۔ دی پرنٹ کے حوالے سے کہا گیا کہ جکارتہ گلوب اور کومپاس نے دورے کے دوران سفارتی سرگرمیوں کے بجائے دیگر پہلوؤں، جیسے لباس، گاڑیوں اور مندر کے دورے کی تصاویر پر زیادہ توجہ دی۔آسٹریلیا میں اے بی سی اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق دورے کے دوران بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال بھی زیرِ بحث رہی، جبکہ میلبورن میں بعض انسانی حقوق کی تنظیموں، مسلم اور سکھ برادری سے وابستہ افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے۔
    رائٹرز کے مطابق ان مظاہروں میں خالصتان کے حامی گروپ بھی شریک تھے، اسی دوران ایمنسٹی انٹرنیشنل نے آسٹریلوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں انسانی حقوق کے معاملات بھی اٹھائے۔

    دوسری جانب آسٹریلوی ذرائع ابلاغ میں بھارتی صنعتکار نوین جندال سے متعلق کرپشن الزامات کی خبریں بھی نمایاں رہیں، جبکہ نیوزی لینڈ میں بھارت کے ساتھ مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے پر سیاسی حلقوں میں اختلافِ رائے سامنے آیا۔رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے مجوزہ تجارتی معاہدے پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ ان کی بیرونِ ملک مصروفیات کو بھی بعض مبصرین نے سفارتی تناظر میں زیرِ بحث لایا۔

    سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایشیا پیسفک کے اس دورے نے بھارتی سفارت کاری اور عالمی اثرورسوخ سے متعلق مختلف سوالات کو جنم دیا ہے، جبکہ بھارتی میڈیا اور بعض بین الاقوامی میڈیا اداروں کی کوریج میں نمایاں فرق بھی دیکھنے میں آیا۔

  • غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کا اختیارصوبائی حکومت کا ہے، عدلیہ کا نہیں،وفاقی آئینی عدالت

    غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کا اختیارصوبائی حکومت کا ہے، عدلیہ کا نہیں،وفاقی آئینی عدالت

    وفاقی آئینی عدالت نے نَسلہ ٹاور کی مسماری کا سبب بننے والے سپریم کورٹ کے 2018 اور 2019 کے احکامات واپس لے لیے

    وفاقی آئینی عدالت نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا اختیار بنیادی طور پر صوبائی حکومت کا ہے، عدلیہ کا نہیں، عدالتیں اپنے سامنے موجود تنازع تک محدود رہیں، غیر ضروری معاملات میں مداخلت نہ کریں، سپریم کورٹ نے زیرِ سماعت مقدمے سے آگے بڑھ کر وسیع احکامات جاری کیے،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی رپورٹس کی بنیاد پر قانونی تقاضے پورے کیے بغیر مسماری کے احکامات نہیں دیے جا سکتے، منصفانہ قانونی کارروائی (ڈیو پروسیس) ہر مقدمے میں لازمی آئینی تقاضا ہے، عدالت کا مقصد غیر قانونی تعمیرات کو قانونی تحفظ دینا نہیں، صرف قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنانا ہے، کراچی میں غیر قانونی تعمیرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر قانونی نظام اور متعلقہ ادارے پہلے سے موجود ہیں، سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے غیر قانونی تعمیرات کی نگرانی اور کارروائی کے آئینی و قانونی طور پر پابند ہیں، وفاقی آئینی عدالت نے 21 دسمبر 2018 اور 22 جنوری 2019 کے سپریم کورٹ کے احکامات اور ان کے تحت ہونے والی کارروائیاں واپس لے لیں

    جسٹس سید ارشد حسین شاہ نےاضافی نوٹ میں کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور عوامی سہولیات کاتحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ،پارکس، کھیل کے میدان، گرین بیلٹس، فٹ پاتھ، ساحل اور دیگر عوامی مقامات کو غیر قانونی قبضوں اور تبدیلیوں سے محفوظ رکھا جائے،

  • فیفا ورلڈ کپ ، فرانس سیمی فائنل میں، لندن میں ہنگامے،متعدد گرفتار

    فیفا ورلڈ کپ ، فرانس سیمی فائنل میں، لندن میں ہنگامے،متعدد گرفتار

    فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، تاہم میچ کے بعد برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں جشن کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی جہاں شائقین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، ایک پولیس اہلکار زخمی جبکہ متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    برطانوی پولیس کے مطابق لندن کی ایجویئر روڈ پر سینکڑوں افراد فرانس کی فتح کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے، تاہم ہجوم نے سڑک بلاک کر دی جس سے ٹریفک معطل ہوگئی۔ بعد ازاں بعض شرکاء کی جانب سے پولیس پر شیشے کی بوتلیں پھینکی گئیں اور آتش بازی بھی کی گئی، جس کے باعث حالات مزید خراب ہوگئے۔میٹروپولیٹن پولیس کے بیان کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران ایک پولیس اہلکار کے سر پر شیشے کی بوتل لگی، جس کے باعث اسے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ واقعے میں چار افراد کو پرتشدد ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا جبکہ اضافی پولیس نفری تعینات کرکے صورتحال پر قابو پایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سی سی ٹی وی اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

    ادھر میدان میں فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مراکش کو 2-0 سے شکست دی۔ فرانس کی جانب سے کپتان کائلیان ایمباپے نے پہلا جبکہ عثمان ڈیمبیلے نے دوسرا گول اسکور کیا۔ اگرچہ ایمباپے پہلے ہاف میں پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے، تاہم بعد میں نہ صرف گول کیا بلکہ دوسرے گول کی بنیاد بھی فراہم کی۔

    ایمباپے نے اس میچ کے ساتھ ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ کھیلوں کے اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے کے مطابق وہ گزشتہ 56 برسوں میں ایک ہی ورلڈ کپ میں 10 سے زائد گولز یا گول اسسٹ میں حصہ لینے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں آٹھ مختلف میچز میں فیصلہ کن گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔