قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 26 جون سے 2 جولائی تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 38 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 8 افراد گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے جان کی بازی ہار گئے، 4 افراد آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوئے، 2 افراد فلیش فلڈ کی نذر ہوئے، ایک شخص ڈوبنے سے جبکہ ایک شخص دیگر حادثے میں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا جہاں 9 افراد جاں بحق ہوئے، پنجاب میں 4 جبکہ بلوچستان میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، 4 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 14 مرد، 4 خواتین اور 20 بچے شامل ہیں۔
ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
بارشوں میں ایک ہفتے کے دوران 16 افراد جاں بحق، 38 زخمی: این ڈی ایم اے
