استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور دیگر رہنماؤں کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی آمد سے استحکام پاکستان پارٹی پورے ملک میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا دل اور شہ رگ ہے، جبکہ آزاد کشمیر ملک کا سب سے خوبصورت خطہ ہے، جس کی ترقی اور خوشحالی پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اقتدار میں آنے والی جماعتیں اپنے منشور پر مکمل عمل درآمد نہیں کر سکیں اور عوام کو ان سے اس حوالے سے جواب طلب کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو بھی بار بار حکومت بنانے والی جماعتوں سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ آج کی محرومیوں کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔
صدر آئی پی پی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں مایوسی کے بجائے امید دینی چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ استحکام پاکستان پارٹی کو اقتدار ملا تو سب سے پہلے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور بالخصوص آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید، کشمیری نوجوانوں کو روشن مستقبل دیں گے: عبدالعلیم خان
