Baaghi TV

Blog

  • اسحاق ڈار  کل دورے پر چین جائیں گے

    اسحاق ڈار کل دورے پر چین جائیں گے

    وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار 31 مارچ 2026 کو چین کا اہم دورہ کریں گے-

    دفتر خارجہ کے مطابق محمد اسحاق ڈار 31 مارچ 2026 کو چین کا اہم دورہ کریں گے، جہاں وہ اپنے چینی ہم منصب (Wang Yi) کی دعوت پر اعلیٰ سطح ملاقاتیں کریں گے،پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کے تناظر میں اس دورے کے دوران علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسحاق ڈار کو حالیہ معمولی کندھے کی چوٹ کے باعث آرام کا مشورہ دیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود دورہ چین اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان اپنی چین کے ساتھ شراکت داری کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔

  • تصاویر : ایرانی حملے میں امریکی طیارے کی تباہی کے مناظر

    تصاویر : ایرانی حملے میں امریکی طیارے کی تباہی کے مناظر

    سعودی عرب میں پرنس سلطان ایئر بیس پر ایرانی حملے کے نتیجے میں امریکی فضائیہ کا جدید جاسوس طیارہ تباہ ہو گیا، جس کے بعد سامنے آنے والی تصاویر نے اس واقعے کی سنگینی کو واضح کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعے کے روز ہونے والے حملے میں امریکی فضائیہ کا E-3 Sentry طیارہ نشانہ بنا۔ اوپن سورس انٹیلیجنس ٹیموں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر کی تصدیق کی ہے، جن میں طیارے کے پچھلے حصے کا ملبہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ابتدائی طور پر امریکی حکام نے صرف طیارے کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی تھی، تاہم اب سامنے آنے والی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس حملے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

    ماہرین کے مطابق E-3 Sentry طیارہ جدید ریڈار سسٹم سے لیس ہوتا ہے جو دور سے دشمن کی نقل و حرکت کا پتا لگانے اور جنگی طیاروں کو رہنمائی فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ امریکی فضائیہ کے پاس ایسے طیاروں کی تعداد محدود ہے، جس کی وجہ سے اس کا نقصان ایک بڑا دھچکا سمجھا جا رہا ہے۔سابق امریکی پائلٹ اور دفاعی تجزیہ کار ہیدر پینی کا کہنا ہے کہ اس طیارے کا نقصان “انتہائی تشویشناک” ہے کیونکہ یہ فضائی جنگی آپریشنز میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔جس فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا وہ پرنس سلطان ایئر بیس ہے، جو خطے میں امریکی افواج کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے اور ایران کے خلاف کارروائیوں میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے۔

  • اسپین نے ایران جنگ سے منسلک طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کر دی

    اسپین نے ایران جنگ سے منسلک طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کر دی

    اسپین نے ایران جنگ میں شامل طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد امریکی اور دیگر متعلقہ پروازوں کو متبادل راستے اختیار کرنا ہوں گے۔

    رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے تحت اسپین میں موجود اہم فوجی اڈوں روٹا نیول بیس اور مورون ایئر بیس کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جہاں امریکی افواج تعینات ہیں۔یورپی میڈیا اور اخبار نے فوجی ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ یہ پابندی ان تمام طیاروں پر لاگو ہوگی جو ایران کے خلاف جاری جنگ سے کسی بھی طرح منسلک ہیں۔ اس میں وہ امریکی فوجی پروازیں بھی شامل ہو سکتی ہیں جو برطانیہ یا فرانس سے اڑان بھر کر مشرقِ وسطیٰ جاتی ہیں۔

    اس فیصلے کے باعث امریکی فوجی طیاروں کو اب مشرقِ وسطیٰ پہنچنے کے لیے اسپین کی فضائی حدود سے گریز کرنا ہوگا، جس سے ان کے راستے طویل اور پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔اسپین کے وزیرِ معیشت کارلوس کیورپو نے ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ یہ فیصلہ اس حکومتی پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت اسپین کسی ایسی جنگ میں حصہ نہیں لے گا جو یکطرفہ طور پر شروع کی گئی ہو اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہو۔

    دوسری جانب اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز پہلے ہی ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے سخت ناقد رہے ہیں اور انہیں “غیر ذمہ دارانہ اور غیر قانونی” قرار دے چکے ہیں۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسپین نے امریکی فوج کو اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہ دی تو واشنگٹن میڈرڈ کے ساتھ تجارتی تعلقات محدود کر سکتا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اسپین کا یہ اقدام عالمی سطح پر ایران جنگ کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تقسیم اور اختلافات کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ اس سے نیٹو اتحادیوں کے درمیان بھی کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

  • حیفہ آئل ریفائنری پر ایک بار پھر حملہ، سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے

    حیفہ آئل ریفائنری پر ایک بار پھر حملہ، سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے

    اسرائیل کے شہر حیفہ کے ساحلی علاقے حیفہ بے میں واقع آئل ریفائنری کمپلیکس سے آج گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جب ایک روکے گئے حملے کا ملبہ براہِ راست تنصیب پر آ گرا۔

    اسرائیلی فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق امدادی ٹیمیں جب جائے وقوعہ پر پہنچیں تو انہوں نے ریفائنری کے اندر ایک آئل ٹینکر پر "براہِ راست ضرب” کے واضح شواہد دیکھے۔ اس کے ساتھ ہی کمپلیکس کی ایک اور عمارت کی چھت سے شدید دھواں اٹھ رہا تھا، جس نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم صورتحال پر قابو پانے کے لیے ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر سرگرم عمل ہو گئیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی اسی حیفہ آئل ریفائنری کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا تھا، جب ایک ایرانی میزائل وہاں آ کر گرا تھا۔ اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، تاہم اس کے بعد سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔حالیہ واقعہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہمیت اختیار کر گیا ہے، جہاں حساس تنصیبات کو بار بار خطرات لاحق ہیں۔

  • سعودیہ میں ایرانی حملے میں امریکی  طیارہ تباہ،امریکی دفاعی صلاحیتوں کو شدید دھچکا

    سعودیہ میں ایرانی حملے میں امریکی طیارہ تباہ،امریکی دفاعی صلاحیتوں کو شدید دھچکا

    E-3 Sentry طیارے کی تباہی کے بعد امریکی فضائی نگرانی کی صلاحیتوں پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں، ماہرین کے مطابق ایران کے سعودی عرب میں واقع فوجی اڈے پر حملے نے امریکہ کے دفاعی نظام کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حملے میں سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر موجود امریکی فضائیہ کا جدید AWACS طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ طیارے کی سامنے آنے والی تصاویر میں اس کا پچھلا حصہ ٹوٹا ہوا جبکہ اس کا مخصوص گھومنے والا ریڈار ڈوم زمین پر گرا ہوا دکھائی دیتا ہے، جو اس سسٹم کا سب سے اہم حصہ ہوتا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ طیارہ امریکی فضائی نگرانی اور جنگی حکمت عملی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ امریکی فوج کے سابق کرنل اور عسکری تجزیہ کار کیڈرک کا کہنا ہے کہ اس طیارے کی تباہی امریکہ کی نگرانی کی صلاحیتوں کے لیے "بڑا دھچکا” ہے۔انہوں نے کہا کہ AWACS طیارہ نہ صرف دشمن کی نقل و حرکت کو دور سے مانیٹر کرتا ہے بلکہ جنگی طیاروں کی رہنمائی، اہداف کی نشاندہی اور انہیں دشمن کے میزائلوں اور طیاروں سے بچانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق AWACS سسٹم ایک وقت میں تقریباً 120,000 مربع میل کے علاقے کی نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے، جو زمین سے لے کر فضائی حدود کی بالائی سطح تک پھیلا ہوتا ہے۔ امریکی فضائیہ کئی دہائیوں سے اس ٹیکنالوجی کو استعمال کر رہی ہے اور اس کے پاس اس وقت 17 ایسے طیاروں کا بیڑا موجود ہے، جو اس کی جنگی برتری کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔دوسری جانب امریکہ نے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔یاد رہے کہ اس حملے میں کم از کم 10 امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے تھے، تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

  • امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف آٹھ نکاتی جنگی منصوبہ تیار  کیا ہے،ایرانی میڈیا

    امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف آٹھ نکاتی جنگی منصوبہ تیار کیا ہے،ایرانی میڈیا

    ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف آٹھ نکاتی جنگی منصوبہ تیار کیا ہے-

    ایران کے سرکاری انگریزی اخبار تہران ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف آٹھ نکاتی جنگی منصوبہ تیار کیا ہے، جس میں اہم ایرانی قیادت کو ہدف بنانے، بڑے شہروں اور ایٹمی تنصیبات پر حملے کرنے، اور ممکنہ زمینی و محدود ایٹمی کارروائیاں شامل ہیں، جبکہ ایران کے شمال مغر ب سے 4 ہزار افراد پر مشتمل اپوزیشن فورسز کے ساتھ زمینی حملہ کیا جائے گا، ایران کے جنوب مشرق سے 2 ہزار 500 امریکی فوجی داخل ہوں گے، فوجی اتا رنے کے لیے بندر عباس، کرمانشاہ، ارمیہ اور تبریز کے ہوائی اڈوں کا استعمال کیا جائے گا میزائل حملوں کے لیے 5 سے 15 فوجیوں پر مشتمل جنگی یونٹس پیرا شوٹ کے ذریعے شہری اور ایٹمی تنصیبات میں اتارے جائیں گے بعض فوجی اور ایٹمی مقامات پر محدود ایٹمی حملوں کی تیاری بھی شامل ہے۔

    واضح رہے کہ ایران میں جاری جنگ اپنے دوسرے مہینے میں داخل ہو چکی ہ۔ اتوار کو بھی ایرانی شہروں پر بمباری جاری رہی اور اسرائیلی فوج نے ایران سے فائر کیے گئے راکٹوں کا سراغ لگایا۔

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پینٹاگون ایران میں ہفتوں طویل زمینی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ پینٹاگون صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تمام ضروری آپشنز فراہم کرنے کی تیاری میں ہے، امریکی انتظامیہ نے ایرانی جزیرے خارگ پر کنٹرول اور آبنائے ہرمز کے قریب ساحلی علاقو ں پر حملوں کے امکانات پر بھی غور کیا ہے۔

    اخبار کے مطابق زمینی کارروائی کے لیے پینٹاگون کی تیاری کا مطلب یہ نہیں کہ صدر ٹرمپ نے فیصلہ کر لیا ہے تاہم ایک امریکی ذرائع نے بتایا کہ ممکنہ زمینی کارروائی کی مدت دو ماہ ہو سکتی ہے امریکی منصوبوں میں سپیشل آپریشنز اور روایتی پیادہ فوج کے حملے شامل ہو سکتے ہیں، ایران میں جنگ کے پانچویں ہفتے میں داخل ہوتے ہی مشرقِ وسطیٰ میں امریکی میرینز تعینات کر دیے گئے ہیں، اور امریکی فوج کی 82 ویں ایئر بورن ڈویژن کے ہزاروں فوجیوں کو خطے میں بھیجنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

  • لیاری کی ازسرِنو تعمیر کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے،مرتضیٰ وہاب

    لیاری کی ازسرِنو تعمیر کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے،مرتضیٰ وہاب

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعلان کے بعد لیاری ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ایک نئے جامع ماسٹر پلان کے ذریعے لیاری کی ازسرِنو تعمیر کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس کا مقصد لیاری کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 5 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج، ڈرینج اور واٹر سسٹم کو بہتر بنایا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں سڑکوں کی بحالی شامل ہے۔ان اقدامات کے ساتھ یہ منصوبہ مرزا آدم خان روڈ جو کہ ان پانچ ارب کے علاؤہ ہے جسے 40 کروڑ روپے کی لاگت سے ازسرِنو تعمیر کیا جا رہا ہے۔ تقریباً ساڑھے چار کلومیٹر طویل یہ سڑک 100 دن میں مکمل کی جائے گی، جو لیاری اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو بہتر سفری سہولت فراہم کرے گی۔ اسی منصوبے کے ساتھ لیاری کی عوام کا دیرینہ مسئلہ پانی کی فراہمی کو بھی حل کیا جا رہا ہے۔ جس کے تحت K3 لائن جو کہ خصوصاً لیاری کو 10 MGD پانی فراہم کریگی۔ جس سے لیاری کے پانی کی چوری بھی ختم ہوگی اور عوام کی مشکلات میں بھی واضح کمی آئے گی،

  • ایرانی حملوں میں 261 فوجی اور 6000 شہری زخمی ہوئے،اسرائیلی فوج

    ایرانی حملوں میں 261 فوجی اور 6000 شہری زخمی ہوئے،اسرائیلی فوج

    اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری حالیہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج نے اپنے جانی نقصان کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

    اسرائیل کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک 261 اسرائیلی فوجی اور6000 سے زائد سویلین زخمی ہوئے ہیں جن میں سے121 افراد اب بھی زیر علاج ہیں،اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 232 افراد زخمی ہونے کے باعث اسپتال منتقل کیے گئے، جس کے بعد جنگ کے دوران ہسپتالوں میں داخل شدگان کی تعداد 6000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ان زخمیوں میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک،8افراد کی حالت تسلی بخش اور 215 افراد کی حالت بہتر بتائی گئی ہےجبکہ 7 افراد کو گھبراہٹ کے علاج کے لیے اسپتال لایا گیاوزارت صحت نے زخمی ہونے کی وجوہات کی تفصیل نہیں بتائی، تاہم کہا گیا ہے کہ بعض افراد کو پناہ گاہ تک پہنچنے کی کوشش کے دوران بھی چوٹیں لگی ہیں۔

    علاوہ ازیں، اسرائیل نے بتایا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں اس کے 261 اسرائیلی فوجی زخمی ہو چکے ہیں، تاہم فوج نے اب تک ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد ظاہر نہیں کی ہےدوسری جانب اسرائیل نے اپنے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی بجٹ منظور کیا ہے جو 271 ارب ڈالر پر مشتمل ہےماہرین کا خیال ہے کہ اتنا بڑا بجٹ اس بات کی علامت ہے کہ اسرائیل خود کو کسی ایک مختصر کارروائی کے بجائے ایک طویل اور کثیر الجہتی جنگ کے لیے تیار کر رہا ہے۔

    دوحہ انسٹی ٹیوٹ فار گریجویٹ اسٹڈیز کے ماہر محمد المصری نے الجزیرہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اس صورتحال کا تفصیلی تجزیہ پیش کیا کہا کہ اسرائیل کا یہ تاریخی بجٹ اُس کی اِس نیت کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ مختلف محاذوں پر کئی جنگیں لڑنے کا ارادہ رکھتا ہے تاریخی طور پر امریکا اسرائیل کو ہر سال 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کرتا رہا ہے اور جنگ کے دوران یہ رقم مزید بڑھ جاتی ہے، لیکن اب اسرائیل کے اندر یہ احساس پیدا ہو رہا ہے کہ شاید حالات ہمیشہ ایسے نہ رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کا سیاسی منظرنامہ بدل رہا ہے اور وہاں کے عوام نہ صرف اسرائیل بلکہ اسے ملنے والی امریکی امداد پر بھی تنقید کر رہے ہیں اس بجٹ سے یہ پیغام ملتا ہے کہ اسرائیل خود کو جنگ کے خاتمے پر نہیں دیکھ رہا، بلکہ وہ شاید ابھی جنگ کے وسط یا محض آغاز میں ہے سرائیلی قیادت یہ سمجھ چکی ہے کہ شام، لبنان، فلسطینی علاقوں اور ایران کے ساتھ ایک طویل المدتی جنگ کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ اپنے ’گریٹر اسرائیل‘ کے خواب کو حقیقت بنا سکیں۔

  • کراچی  ڈیفنس فیز فائیو: سپر اسٹور میں آ تشزدگی،واٹرہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ

    کراچی ڈیفنس فیز فائیو: سپر اسٹور میں آ تشزدگی،واٹرہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ

    کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں واقع سپر اسٹور میں آ گ بھڑک اٹھی-

    سپر اسٹور میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے فوری طور پر واٹر کارپوریشن سے مدد طلب کر لی،ترجمان فائر بریگیڈ کے مطابق ک سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا، صفورا، لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ واٹر ٹینکرز فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دیے گئے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ فوکل پرسن خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں آگ بجھانے کے دوران فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رہے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے۔

  • پنجاب کے تعلیمی ادارے یکم اپریل سے معمول کے مطابق کھلیں گے،وزیر تعلیم

    پنجاب کے تعلیمی ادارے یکم اپریل سے معمول کے مطابق کھلیں گے،وزیر تعلیم

    لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے یکم اپریل سے معمول کے مطابق کھول دیے جائیں گے، جبکہ سوشل میڈیا پر زیر گردش تدریسی عمل سے متعلق نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔

    وزیر تعلیم کے مطابق تعلیمی ادارے ہفتے میں پانچ دن کھلے رہیں گے اور تمام کلاسز روایتی یعنی فزیکل انداز میں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ نظام یا آن لائن کلاسز متعارف کرانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، طلبہ کو باقاعدگی سے اسکول آ کر تعلیم حاصل کرنا ہوگی۔رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو ہفتے میں چار دن کھولنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن بھی بے بنیاد اور جعلی ہے۔ انہوں نے والدین اور طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری اعلانات پر اعتماد کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب تعلیمی نظام کی بہتری اور طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے گی۔