Baaghi TV

Blog

  • اسلام آباد،گھر میں سلنڈر دھماکہ،دو افراد کی موت

    اسلام آباد،گھر میں سلنڈر دھماکہ،دو افراد کی موت

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں واقع ایک گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

    افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق گھر کے فرسٹ فلور پر قائم کچن میں گیس لیکیج کے باعث سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے اور آگ لگنے سے مجموعی طور پر 5 افراد جھلس کر زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 2 افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے جبکہ دیگر 3 زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

    فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس سے مزید نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ گیس لیکیج قرار دی جا رہی ہے۔

  • ثاقب چدھڑ کی اہلیہ نے مومنہ کو کیا بتایا ؟ نئی پیش رفت

    ثاقب چدھڑ کی اہلیہ نے مومنہ کو کیا بتایا ؟ نئی پیش رفت

    پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے رکنِ اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری تنازع میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر مزید ہلچل مچا دی۔

    رپورٹس کے مطابق مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا تھا کہ ثاقب چدھڑ انہیں ہراساں کر رہے اور دھمکیاں دے رہے ہیں، دونوں ماضی میں ایک دوسرے کے قریب تھے اور شادی کا ارادہ بھی رکھتے تھے، تاہم اداکارہ نے یہ تعلق اُس وقت ختم کر دیا جب انہیں معلوم ہوا کہ ثاقب چدھڑ پہلے سے شادی شدہ ہیں،نجی ٹی وی کے مطابق اس معاملے میں ثاقب چدھڑ کی اہلیہ سمیرہ خان کا کردار بھی سامنے آیا ہے، مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال کے مطابق سمیرہ خان ہی وہ شخصیت تھیں جنہوں نے مومنہ کو فون کر کے بتایا کہ ثاقب پہلے سے شادی شدہ ہیں، رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس انکشاف کے بعد مومنہ اقبال نے فوری طور پر تعلق ختم کر دیا تھا، جبکہ بعد ازاں سمیرہ خان اور مومنہ کے درمیان متعدد ویڈیو کالز پر بات چیت بھی ہوئی، ابتداء میں مومنہ اقبال نے سمیرہ خان کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا کیونکہ وہ خود کو بھی اسی صورتِ حال کا متاثرہ فریق سمجھتی تھیں، تاہم اب معاملات مزید کشیدہ ہو چکے ہیں،رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سمیرہ خان نے مبینہ طور پر مومنہ اقبال کے سسرال والوں سے بھی رابطہ کیا اور ان کی نئی زندگی متاثر کرنے کی کوشش کی۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس معاملے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں جبکہ تاحال ثاقب چدھڑ کی جانب سے ان تمام الزامات پر کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے،

  • حافظ طاہر اشرفیٰ کی منیٰ میں سعودی ولی عہد سے ملاقات

    حافظ طاہر اشرفیٰ کی منیٰ میں سعودی ولی عہد سے ملاقات

    پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محموداشرفی نے منیٰ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں حج انتظامات اور حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب کی جانب سے حج کے مثالی انتظامات پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال لاکھوں عازمینِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ایک عظیم خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے حجاج کرام کی رہنمائی، سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، رہائش اور طبی سہولیات کے حوالے سے شاندار اقدامات کیے ہیں۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے سعودی ولی ہد کی حرمین شریفین اور حجاج کرام کے لیے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین کی قیادت میں سعودی عرب امت مسلمہ کی خدمت کا عظیم فریضہ انجام دے رہا ہے۔

    حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور مختلف سعودی اداروں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر انتظامی حکمت عملی کے ذریعے حج کو مزید آسان اور محفوظ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی حجاج کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • شریف شہریوں کو بلیک میل کرنے والا مبینہ ہنی ٹریپ گینگ گرفتار

    شریف شہریوں کو بلیک میل کرنے والا مبینہ ہنی ٹریپ گینگ گرفتار

    ساہیوال میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر شریف شہریوں پر زنا کے جھوٹے مقدمات درج کرا کے بلیک میل کرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں جیل بھجوا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال پولیس نے آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال کی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے مبینہ گینگ کو گرفتار کیا جو عرصہ دراز سے شہریوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے بلیک میل کرنے میں ملوث تھا۔پولیس حکام کے مطابق تھانہ فتح شیر کے ایس ایچ او ظفر وٹو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے امیراں بی بی اور اس کے شوہر کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ اپنے خاوند کے ساتھ مل کر شہریوں پر زنا کے جھوٹے مقدمات درج کرواتی تھی اور بعد ازاں مبینہ طور پر رقم لے کر صلح کر لیتی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے تاکہ اس گینگ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں اور متاثرین سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔

    ایس ایچ او ظفر وٹو کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • عیدالاضحیٰ،بسیار خوری،35 سو سے  زائد لاہوریئے ہسپتال پہنچ گئے

    عیدالاضحیٰ،بسیار خوری،35 سو سے زائد لاہوریئے ہسپتال پہنچ گئے

    عید الاضحی کا تیسرا روز ،بسیار خوری کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد ڈائریا اور گیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہو گئی ہے

    گزشتہ دو روز سے اب تک لاھور شہر کے چھ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 20 ہزار سے زائد مریضوں نے ہسپتالوں کا رخ کیا ہے ،میو ہسپتال میں گذشتہ روز سے ابتک 35 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے،جناح ہسپتال میں 2 ہزار سے زائد جبکہ سروسز ہسپتال میں 18 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے،جنرل ہسپتال اور گنگارام ہسپتال میں بھی 15 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ،طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اعتدال کے ساتھ گوشت استعمال نہ کرنے اور بے احتیاطی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد معدے کی مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے ۰شہریوں اور بیمار افراد کو چاہیے کہ گوشت کو تھوڑا اور سزیوں کے ساتھ استعمال کریں ۰سلاد،سبزیوں ،دہی اور لیموں کا استعمال کیا جائے ۰ایک وقت میں 2 سے 3 چھوٹے ٹکڑوں سے زیادہ گوشت کھانے سے گریز کیا جائے، باربی کیو اور چکنائی والے گوشت کا زیادہ استعمال کولیسٹرول بڑھا سکتا ہے، شوگر کے مریض گوشت کم مقدار میں اور بغیر چکنائی کے استعمال کریں ، ذیابیطس کے مریض گوشت کے ساتھ میٹھے مشروبات اور کولڈ ڈرنکس سے پرہیز کریں ،ہائی بلڈ پریشر کے مریض نمک اور مصالحہ دار گوشت کم کھائیں،بلڈ پریشر کے مریض کلیجی اور انتہائی چکنائی والے حصے کھانے سے گریز کریں ،یورک ایسڈ کے مریض سرخ گوشت محدود مقدار میں استعمال کریں ، دل کے مریض بکرے کے بغیر چربی والے گوشت کو ترجیح دیں،عارضہ قلب میں مبتلا افراد ایک وقت میں 50 سے 75 گرام سے زیادہ گوشت نہ کھائیں ،دل کے مریض گھی اور تیل میں پکے گوشت سے حتی الامکان پرہیز کریں ،

  • آئی پی ایل میں اسمارٹ سن گلاسز پر پابندی عائد

    آئی پی ایل میں اسمارٹ سن گلاسز پر پابندی عائد

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران اسمارٹ سن گلاسز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تمام فرنچائزز، کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو اس حوالے سے باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔رپورٹس کے مطابق نئی ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ میچز، ٹیم سرگرمیوں اور حساس مقامات پر اسمارٹ سن گلاسز پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ جدید اسمارٹ گلاسز میں کمیونیکیشن، لائیو اسٹریمنگ، ویڈیو کالنگ اور میسجنگ جیسی سہولیات موجود ہوتی ہیں، جنہیں غیر قانونی معلومات کے تبادلے یا میچ سے متعلق حساس معلومات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے خبردار کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اینٹی کرپشن یونٹ کا مؤقف ہے کہ ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال کے باعث کرکٹ میں شفافیت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آئی پی ایل کی تمام 10 فرنچائزز کو 7 صفحات پر مشتمل خصوصی ہدایت نامہ بھیجا گیا ہے، جس میں کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور آفیشلز کے لیے مختلف سیکیورٹی پروٹوکولز درج ہیں۔

  • ظہران ممدانی کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر   منفرد لباس توجہ کا مرکز

    ظہران ممدانی کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر منفرد لباس توجہ کا مرکز

    نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے منفرد لباس اور عوامی انداز سے ایک بار پھر توجہ حاصل کرلی۔

    نیویارک شہر کے پہلے مسلمان اور پہلے جنوبی ایشیائی میئر سمجھے جانے والے ظہران ممدانی نے برونکس میں یانکی اسٹیڈیم کے قریب سینکڑوں مسلمانوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی، جہاں ان کا روایتی لباس سوشل میڈیا اور میڈیا حلقوں میں موضوعِ بحث بن گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہران ممدانی عام طور پر سادہ اور نفیس سوٹس پہننے کے لیے مشہور ہیں اور اکثر نسبتاً کم قیمت برانڈز کے ملبوسات کا انتخاب کرتے ہیں، تاہم عید کے موقع پر انہوں نے ایک منفرد کرتا زیب تن کیا جو انگلش فٹبال کلب آرسنل کی جرسی سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا تھا۔نیلے رنگ کے اس خصوصی کرتے پر بجلی کی شکل کے ڈیزائن بنائے گئے تھے جبکہ اطراف میں ایڈیڈاس کی مشہور تین پٹیاں بھی نمایاں تھیں۔ یہ لباس بروکلین انوِنسبلز نامی آرسنل فین کلب کے شریک بانی جیسن اینڈریو نے اپنے درزی کے تعاون سے تیار کیا تھا۔ جیسن اینڈریو کے مطابق اس ڈیزائن کی بنیاد ان کے خاندان کی سلائی کڑھائی کی روایت اور فٹبال سے محبت پر رکھی گئی۔

    تقریب میں شریک دیگر افراد نے بھی روایتی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے جن میں سفید، سبز اور جامنی رنگوں کے ملبوسات نمایاں تھے، تاہم ممدانی کا منفرد انداز سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

    ظہران ممدانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ کی قربانی اور ثابت قدمی کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ “قربانی بوجھ نہیں بلکہ ایک ایسا موقع ہے جس کے ذریعے انسان خود کو ایک بڑی ذمہ داری کا حصہ سمجھتا ہے اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آگے بڑھتا ہے۔”
    انہوں نے مزید کہا کہ نیویارک کے پہلے مسلمان میئر کے طور پر وہ شہر میں اتحاد، یکجہتی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ ہر شہری کو رہائش، خوراک اور بچوں کی دیکھ بھال جیسی بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔

    اس موقع پر امریکی رکنِ کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ممدانی کا یہ انداز نہ صرف عیدالاضحیٰ کی اہمیت اجاگر کرنے میں کامیاب رہا بلکہ اس نے نوجوانوں اور کھیلوں کے شائقین کے درمیان ان کی مقبولیت میں بھی اضافہ کیا ہے

  • آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

    آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

    ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا، سندھ اور وسطی و جنوبی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں موسم قدرے مختلف رہنے کا امکان ہے اور کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطۂ پوٹھوہار کے بعض مقامات پر شام اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجۂ حرارت کے مطابق اسلام آباد میں 21، لاہور میں 30، کراچی میں 31، پشاور میں 22، کوئٹہ میں 18، گلگت میں 13، مری میں 15 اور مظفر آباد میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق جموں، پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں، بارہ مولہ، سری نگر اور لیہہ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجۂ حرارت کے مطابق سری نگر، اننت ناگ اور بارہ مولہ میں 17، جموں میں 20، لیہہ میں 7 جبکہ پلوامہ اور شوپیاں میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

  • ایرانی صدر کا وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

    ایرانی صدر کا وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ میری پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم سے ٹیلیفونک بات چیت ہوئی ہے جس میں انہیں عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے، دونوں وزرائے اعظم سے گفتگو میں ایران کی سفارت کاری سے وابستگی پر زور دیا گیا ہے،مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے معاہدے تک پہنچنے کے لیے مؤثر کوششوں اور ثالثی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ایران کی پالیسی مسلم اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے، میں نے ملائیشیا کا انسانی ہمدردی پر مبنی مؤقف اپنانے پر شکریہ ادا کیا۔

  • جاپان نے 20 سال بعد بھارتی آموں کی درآمد پر دوبارہ پابندی عائد کر دی

    جاپان نے 20 سال بعد بھارتی آموں کی درآمد پر دوبارہ پابندی عائد کر دی

    جاپان نے تقریباً 20 سال کے بعد ایک بار پھر بھارتی آموں کی درآمد معطل کر دی ہے، جس سے بھارت کی معروف اور مہنگی آم کی اقسام کی برآمدات کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی حکام نے فصلوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کیڑوں پر قابو پانے کے بھارتی طریقۂ کار میں خامیاں سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ اس پابندی سے آم کے جاری برآمدی سیزن کے دوران الفانسو، کیسر، لنگڑا اور بنگناپلی جیسی پریمیئم بھارتی اقسام کی جاپان کو ترسیل متاثر ہوگی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جاپان ہر سال برآمدی سیزن سے قبل اپنی ایک خصوصی ٹیم بھارت بھیجتا ہے، جو ویپر ہیٹ ٹریٹمنٹ (VHT) مراکز کا معائنہ کرتی ہے۔ یہ مراکز آموں کو برآمد سے پہلے جراثیم سے پاک کرنے کے ذمے دار ہوتے ہیں۔

    ویپر ہیٹ ٹریٹمنٹ ایک غیر کیمیاوی عمل ہے جس میں آموں کو مخصوص درجۂ حرارت اور مرطوب ماحول میں رکھا جاتا ہے تاکہ پھلوں میں موجود کیڑے اور مکھیوں کے لاروا ختم کیے جا سکیں۔ بھارت اور جاپان کے درمیان برآمدی معاہدے کے تحت یہ عمل لازمی قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال مارچ میں جاپانی حکام نے بھارتی شہر لکھنؤ میں قائم وی ایچ ٹی مراکز کا معائنہ کیا، جہاں فیومیگیشن اور جراثیم کش اقدامات میں کئی خامیاں سامنے آئیں۔تاہم جاپانی یا بھارتی حکام کی جانب سے ان خامیوں کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ بعد ازاں جاپان کی یوکوہاما پلانٹ پروٹیکشن ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ مزید بھارتی آموں کی ترسیل قبول نہیں کی جائے گی۔

    ماہرین کے مطابق جاپان کی جانب سے یہ پابندی بھارتی آموں کی عالمی برآمدات کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی منڈی میں بھارتی آموں کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔