Baaghi TV


چینی باشندے کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار

‎کراچی میں ڈینٹل کلینک پر حملے اور چینی باشندے کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم سندھو دیش ریولیوشنری آرمی (ایس آر اے) کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
‎انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی اور وفاقی حساس ادارے نے حب ریور روڈ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان اللہ ڈینو اور فراز احمد سومرو عرف طوطو کو گرفتار کیا۔
‎ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا۔
‎حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد اللہ ڈینو تنظیم کی ہدایت پر کراچی میں دہشت گردی کیلئے آیا تھا اور وہ گوادر سے بارودی مواد لے کر بس کے ذریعے کراچی پہنچ رہا تھا۔
‎ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر یوسف گوٹھ بس ٹرمینل، حب ریور روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
‎سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 10 رول نما بارودی مواد، 2 نان الیکٹرک ڈیٹونیٹرز اور 8 میٹر سیفٹی فیوز برآمد کیے گئے ہیں۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم فراز احمد سومرو پہلے سے سی ٹی ڈی کے مقدمات میں مطلوب اور مفرور تھا۔
‎تحقیقات کے مطابق ملزم فراز نے اپنے ساتھیوں وقار خشک، نبیل احمد گبول اور وزیر خشک کے ہمراہ صدر میں واقع ایچ یو ڈینٹل کلینک پر حملہ کیا تھا۔
‎اس حملے میں پاکستانی شہریت رکھنے والے چینی باشندے رونلڈ ریمنڈ پاؤ ہلاک جبکہ ڈاکٹر رچرڈ پاؤ اور فن نائن زخمی ہوئے تھے۔
‎سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فراز احمد سومرو گرفتاری کے خوف سے روپوش تھا جبکہ اس کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
‎حکام نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
‎سیکیورٹی ماہرین کے مطابق پاکستان میں چینی شہریوں اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردی کے ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

More posts