Baaghi TV

Blog

  • مذاکراتی عمل کو بڑا دھچکا،امریکا نے ایران پر پھر حملہ کر دیا

    مذاکراتی عمل کو بڑا دھچکا،امریکا نے ایران پر پھر حملہ کر دیا

    جنگ بندی اور مذاکرات کی کوششوں کے دوران امریکا نے جنوبی ایران میں فضائی حملے کیے ، جس میں ڈرون لانچنگ تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    سی این این کی رپورٹ کے مطابق سینٹکام نے بتایا کہ بارودی سرنگین بچھانے والی ایرانی کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا امریکی فوج جاری جنگ بندی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی افواج کا دفاع کرے گی۔

    سینٹرل کمانڈ کے ترجمان ٹموتھی ہاکنز نے بتایا کہ امریکی فوجیوں اور جنگی بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے یہ کارروائی ضروری تھی ، امریکی افواج کو ایرانی فوجی سرگرمیوں سے خطرہ محسوس ہو رہا تھا،اس سے پہلے ایران کے شہر بندر عباس میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں ایرانی میڈیا نے کہا تھا کہ بندرعباس میں صورتحال کنٹرول میں ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔

  • حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا

    حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا

    لبیک اللھم لبیک ، دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان آج فریضہ حج ادا کریں گے، آج وقوفِ عرفہ کے لیے بڑے قافلے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے۔

    حجاج کرام قافلوں کی صورت میں مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچے جہاں انہوں نے نمازِ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کی،عازمینِ حج نے منیٰ میں قیام کے دوران زیادہ تر وقت عبادات، ذکر و اذکار اور تلاوتِ قرآن پاک میں گزارا،شدید گرمی کے باعث حجاج کو محفوظ رکھنے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جاتا رہا جبکہ مختلف مقامات پر ٹھنڈے پانی اور طبی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    دنیا بھر سے آئے تقریباً 20 لاکھ مسلمان اس وقت منیٰ میں موجود ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے عازمینِ حج نے منیٰ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں، منیٰ سے میدانِ عرفات کی جانب اولین قافلوں کی روانگی سر شام شروع ہو گئی،آج 9ذوالحج کو عازمینِ حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفات ادا کریں گے، آج ظہر کی نماز سے قبل تمام عازمینِ حج میدانِ عرفات پہنچ جائیں گے اور تاریخی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے، خطبہ حج امام مسجد نبوی علی عبد الرحمٰن الحذ یفی دیں گے جبکہ غروبِ آفتاب کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے اور آج رات مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے گزاریں گے۔

    سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق منیٰ اور عرفات میں موسم شدید گرم ہے،یومِ عرفہ پر بھی درجہ حرارت تقریباً 45 ڈگری رہنے کا امکان ہےسعودی حکام نے ججاج کرام کی سہولت کے لیے مقدس مقامات پر سایہ دار جگہوں، مسٹ فین اور طبی سہولیات میں اضافہ کردیا ہے، اور عازمین کو زیادہ مقدار میں پانی کا استعمال کرنے اور ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • ستھرا پنجاب کا منصوبہ بے نقاب،گندگی کے ڈھیر نوٹس کی اپیل

    ستھرا پنجاب کا منصوبہ بے نقاب،گندگی کے ڈھیر نوٹس کی اپیل

    قصور
    مین بازار کوٹ غلام محمد خان میں گندگی کے ڈھیر، شہری اذیت میں مبتلا

    جامع مسجد مرتضائیہ کے قریب مین بازار میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس کے باعث شدید تعفن پھیل رہا ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بدبو نے بازار آنے والے شہریوں، دکانداروں اور نمازیوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے

    علاقہ مکینوں کے مطابق ستھرا پنجاب کا عملہ کئی کئی روز تک صفائی کے لیے نہیں آتا، جس کے باعث کوڑا کرکٹ جمع ہو کر بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ بازار میں صفائی کا مؤثر نظام نہ ہونے سے نہ صرف ماحول آلودہ ہو رہا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں

    دکانداروں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ عملے کو آگاہ کرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر صفائی کا عمل یقینی بنایا جائے اور بازار میں روزانہ کی بنیاد پر عملہ تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے

  • بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ منا رہی ہے

    بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ منا رہی ہے

    بوہری برادری آج ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وخروش سے منا رہی ہے۔

    کراچی کے علاقے صدر کی طاہری مسجد میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کر دی گئی جس میں بوہری برادری کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی،عید کے اجتماعات میں ملک میں امن و سلامتی خوشحالی اور ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

    نمازِ عید کے بعد سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے قربانی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اس موقع پرسکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ قربانی کے مراحل پُرامن انداز میں مکمل ہو سکیں۔

  • 
کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی قتل

    
کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی قتل

    ‎کراچی کے علاقے ملیر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
    ‎پولیس کے مطابق واقعہ سعود آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں میاں بیوی کی لاشیں گاڑی کی پچھلی نشست پر موجود تھیں۔
    ‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر دونوں اطراف سے فائرنگ کی، جس کے باعث دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے مختلف حصوں پر گولیوں کے متعدد نشانات بھی موجود ہیں۔
    ‎حکام کے مطابق مقتول میاں بیوی عدالت میں پیشی کے بعد گاڑی میں ملیر سے واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کر دیا گیا۔
    ‎پولیس نے بتایا کہ دونوں نے مبینہ طور پر گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کی تھی جبکہ ان کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ بھی درج کروایا گیا تھا۔
    ‎واقعے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
    ‎واضح رہے کہ کراچی میں پسند کی شادی اور غیرت کے نام پر قتل کے کئی واقعات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ رواں سال جنوری میں لاسی گوٹھ کے علاقے میں بھی پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو قتل کر دیا گیا تھا، جس میں مقتولہ کے اہل خانہ کو نامزد کیا گیا تھا۔
    ‎ماہرینِ سماجیات کے مطابق معاشرتی دباؤ، خاندانی تنازعات اور پسند کی شادیوں کو قبول نہ کرنے کا رجحان ایسے افسوسناک واقعات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔

  • 
ایبولا وائرس کے خدشے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ

    
ایبولا وائرس کے خدشے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ

    ‎ایبولا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سندھ محکمہ صحت نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نگرانی اور ہنگامی ردعمل کے اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
    ‎محکمہ صحت سندھ کے مطابق ایبولا وائرس سے بچاؤ اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملے کے لیے خصوصی تربیتی سیشن اور موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ ایمرجنسی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
    ‎ڈاکٹر وقار میمن نے اس موقع پر ہیلتھ اسٹاف کی مکمل تربیت اور آگاہی کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری ناگزیر ہے۔
    ‎ڈاکٹر سید ظفر مہدی نے ایئرپورٹ پر آنے والے مسافروں کی مسلسل نگرانی اور فوری ردعمل کے نظام کو ضروری قرار دیا۔
    ‎محکمہ صحت سندھ کے تحت جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایبولا وائرس سے بچاؤ کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبے بھر میں بھی احتیاطی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
    ‎اس حوالے سے اسپیشل سیکریٹری صحت فواد غفار سومرو کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں جناح ایئرپورٹ پر نگرانی، فوری ردعمل اور مسافروں کے لیے آئسولیشن سسٹم فعال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
    ‎محکمہ صحت کے مطابق ایبولا وائرس کو عالمی سطح پر پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا جا چکا ہے، اسی لیے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 24 گھنٹے ایمرجنسی سروسز کی دستیابی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
    ‎اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ایئرپورٹ پر پی پی ای کٹس اور ہنگامی طبی سامان کے ذخیرے کے لیے علیحدہ اسٹور روم قائم کیا جائے گا۔
    ‎اس کے علاوہ ایف آئی اے اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کے لیے بھی خصوصی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ ایئرپورٹ پر تعینات اہلکار ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
    ‎ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان میں ایبولا وائرس کا کوئی تصدیق شدہ کیس سامنے نہیں آیا، تاہم عالمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

  • 
پاکستان میں واٹس ایپ ہیکنگ کے واقعات میں خطرناک اضافہ

    
پاکستان میں واٹس ایپ ہیکنگ کے واقعات میں خطرناک اضافہ

    ‎پاکستان میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس خصوصاً واٹس ایپ ہیک ہونے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں روزانہ عام شہری، خواتین، بزرگ، طلبہ اور کاروباری افراد سائبر فراڈ کا شکار ہو رہے ہیں۔
    ‎ماہرین کے مطابق زیادہ تر ہیکرز صارفین کو دھوکے سے 6 ہندسوں والا تصدیقی کوڈ حاصل کر کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کا مکمل کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیتے ہیں۔
    ‎عموماً صارفین کو واٹس ایپ یا کسی جاننے والے کے نام سے پیغام موصول ہوتا ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے 6 ہندسوں والا کوڈ بھیج دیں۔ بعض اوقات یہ پیغام کسی دوست یا رشتے دار کے ہیک شدہ اکاؤنٹ سے بھی آتا ہے، جس پر لوگ اعتماد کر لیتے ہیں۔
    ‎ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ کبھی بھی کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہیے کیونکہ واٹس ایپ یا کوئی ادارہ یہ کوڈ کبھی طلب نہیں کرتا۔
    ‎اگر کسی کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو سب سے پہلے گھبرانے کے بجائے فوری طور پر واٹس ایپ کو موبائل سے ڈیلیٹ کر کے دوبارہ انسٹال کرنا چاہیے۔
    ‎اس کے بعد وہی موبائل نمبر درج کریں جو پہلے واٹس ایپ پر رجسٹرڈ تھا۔ واٹس ایپ ایس ایم ایس یا کال کے ذریعے نیا 6 ہندسوں والا کوڈ بھیجے گا، جسے درج کرنے کے بعد اکثر صورتوں میں ہیکر کی رسائی ختم ہو جاتی ہے کیونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک ڈیوائس کو فعال رکھتا ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ ہیک ہونے کی صورت میں فوری طور پر اپنے دوستوں، رشتے داروں اور دفتری ساتھیوں کو کسی دوسرے نمبر سے آگاہ کریں تاکہ وہ آپ کے نمبر سے آنے والے مشکوک پیغامات پر یقین نہ کریں۔
    ‎سائبر سیکیورٹی ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ میں “ٹو اسٹیپ ویریفکیشن” لازمی فعال کریں تاکہ اکاؤنٹ کو اضافی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

  • 
ایران جنگ کے اثرات، سوڈان میں غذائی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ

    
ایران جنگ کے اثرات، سوڈان میں غذائی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ

    ‎ایران سے جڑے حالیہ تنازع اور عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی ایندھن و کھاد کی قیمتوں نے سوڈان میں پہلے سے موجود غذائی بحران کو مزید سنگین بنانے کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔
    ‎سوڈان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عالمی سطح پر ایندھن اور کھاد مہنگی ہونے کے باعث وہ اس موسم گرما میں کم کاشتکاری کرنے پر مجبور ہوں گے، جس سے خوراک کی پیداوار مزید متاثر ہو سکتی ہے۔
    ‎رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کسانوں اور زرعی شعبے سے وابستہ ماہرین نے بتایا کہ ایران سے متعلق کشیدگی نے ان مسائل میں اضافہ کر دیا ہے جو پہلے ہی خانہ جنگی کے باعث پیدا ہو چکے ہیں۔
    ‎ماہرین کے مطابق جوار، باجرہ اور تل جیسی اہم فصلیں سب سے زیادہ متاثر ہو سکتی ہیں، جو نہ صرف مقامی خوراک بلکہ برآمدات کے لیے بھی اہم سمجھی جاتی ہیں۔
    ‎سوڈان اس وقت کھاد کی نصف سے زیادہ ضروریات خلیجی ممالک سے پوری کرتا ہے، اسی وجہ سے خلیجی خطے میں پیدا ہونے والی بے یقینی اور سپلائی مسائل نے سوڈانی معیشت اور زراعت پر براہِ راست اثر ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
    ‎اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق سوڈان اس وقت شدید انسانی بحران کا شکار ہے جہاں فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جاری جنگ نے ملک کو تقریباً مکمل طور پر درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
    ‎ادھر امدادی بجٹ میں کمی کے باعث صورتحال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔
    ‎اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ مانیٹر کے مطابق سوڈان میں تقریباً ایک کروڑ 95 لاکھ افراد شدید بھوک کا شکار ہیں، جو ملک کی کل آبادی کا 40 فیصد سے زیادہ بنتے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں قحط جیسے حالات پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر تیل اور کھاد کی قیمتیں اسی طرح بڑھتی رہیں تو سوڈان میں زرعی پیداوار مزید کم ہو سکتی ہے، جس سے غذائی قلت اور انسانی بحران میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔

  • کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا وبا بے قابو، ہلاکتیں 220 تک پہنچ گئیں

    کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا وبا بے قابو، ہلاکتیں 220 تک پہنچ گئیں

    ‎عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ کانگو اور یوگنڈا میں تیزی سے پھیلنے والی ایبولا وبا پر قابو پانے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ مشتبہ ہلاکتوں کی تعداد 220 تک پہنچ گئی ہے۔
    ‎ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریئسس نے افریقی یونین کے ایک آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایبولا کیسز کی بروقت نشاندہی نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوئی اور اب طبی ٹیمیں وبا پر قابو پانے کے لیے “وقت کے پیچھے بھاگ رہی ہیں”۔
    ‎انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
    ‎ٹیڈروس نے اعلان کیا کہ وہ منگل کو کانگو کا دورہ کریں گے جہاں وہ عالمی ادارۂ صحت کے ہنگامی طبی امور کے سربراہ چیکوے ایہیکویازو کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیں گے۔
    ‎دوسری جانب یوگنڈا نے بھی مزید دو ایبولا کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد ملک میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔
    ‎ڈبلیو ایچ او کے مطابق کانگو کے ہمسایہ ممالک بھی شدید خطرے سے دوچار ہیں اور انہیں فوری حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ وائرس مزید نہ پھیل سکے۔
    ‎عالمی ادارۂ صحت نے اس وبا کو بین الاقوامی سطح پر صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال قرار دے دیا ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق اس مرتبہ ایبولا کی نایاب “بونڈی بوجیو” قسم سامنے آئی ہے، جس کے لیے ابھی تک کوئی منظور شدہ ویکسین دستیاب نہیں۔
    ‎ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کانگو کے اِیتوری اور شمالی کیوو صوبوں میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال بھی وبا پر قابو پانے میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے کیونکہ وہاں طبی ٹیموں کی رسائی محدود ہے۔
    ‎ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ وبا مزید افریقی ممالک تک پھیل سکتی ہے اور ایک بڑے انسانی بحران کو جنم دے سکتی ہے۔

  • 
ٹرمپ نے مسلم ممالک کو ابراہیمی معاہدے میں شامل ہونے کا مشورہ دے دیا

    
ٹرمپ نے مسلم ممالک کو ابراہیمی معاہدے میں شامل ہونے کا مشورہ دے دیا

    ‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کے بعد مسلم ممالک کو “ابراہیمی معاہدے” کا حصہ بن جانا چاہیے۔
    ‎اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے اور امریکا ایک جامع اور مؤثر معاہدے کی کوشش کر رہا ہے۔
    ‎انہوں نے واضح کیا کہ یا تو ایک بہترین معاہدہ ہوگا یا پھر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا، اور اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو جنگ دوبارہ شروع ہو سکتی ہے جو پہلے سے زیادہ شدید ہوگی۔
    ‎ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فریق جنگ نہیں چاہتا، اسی لیے تمام کوششیں سفارتی حل کی جانب مرکوز ہیں۔
    ‎امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ہفتے کے روز سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان آل ثانی، پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے تفصیلی گفتگو کی۔
    ‎ٹرمپ کے مطابق انہوں نے ان رہنماؤں سے کہا کہ امریکا کی جانب سے اس پیچیدہ مسئلے کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بعد یہ مناسب ہوگا کہ مسلم ممالک بیک وقت ابراہیمی معاہدے میں شامل ہوں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، قطر، پاکستان، ترکیے، مصر اور اردن جیسے ممالک کو اس تاریخی معاہدے کا حصہ بننے پر غور کرنا چاہیے جبکہ متحدہ عرب امارات اور بحرین پہلے ہی اس معاہدے میں شامل ہیں۔
    ‎ٹرمپ نے مزید کہا کہ ممکن ہے چند ممالک کے پاس معاہدے میں شامل نہ ہونے کی مخصوص وجوہات ہوں، تاہم زیادہ تر ممالک کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔