Baaghi TV


کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی قتل

‎کراچی کے علاقے ملیر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
‎پولیس کے مطابق واقعہ سعود آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں میاں بیوی کی لاشیں گاڑی کی پچھلی نشست پر موجود تھیں۔
‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر دونوں اطراف سے فائرنگ کی، جس کے باعث دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے مختلف حصوں پر گولیوں کے متعدد نشانات بھی موجود ہیں۔
‎حکام کے مطابق مقتول میاں بیوی عدالت میں پیشی کے بعد گاڑی میں ملیر سے واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کر دیا گیا۔
‎پولیس نے بتایا کہ دونوں نے مبینہ طور پر گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کی تھی جبکہ ان کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ بھی درج کروایا گیا تھا۔
‎واقعے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
‎واضح رہے کہ کراچی میں پسند کی شادی اور غیرت کے نام پر قتل کے کئی واقعات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ رواں سال جنوری میں لاسی گوٹھ کے علاقے میں بھی پسند کی شادی کرنے والے ایک جوڑے کو قتل کر دیا گیا تھا، جس میں مقتولہ کے اہل خانہ کو نامزد کیا گیا تھا۔
‎ماہرینِ سماجیات کے مطابق معاشرتی دباؤ، خاندانی تنازعات اور پسند کی شادیوں کو قبول نہ کرنے کا رجحان ایسے افسوسناک واقعات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔

More posts