Baaghi TV

Blog

  • اسرائیل میں وزیراعظم کا الیکشن بھی لڑ سکتا ہوں،ٹرمپ

    اسرائیل میں وزیراعظم کا الیکشن بھی لڑ سکتا ہوں،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ صدارت کے بعد وہ اسرائیل جا کر وزارتِ عظمیٰ کا انتخاب بھی لڑ سکتے ہیں۔

    میڈیا بریفنگ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت انتہائی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اس وقت اسرائیل میں میری مقبولیت 99 فیصد ہے، میں تو وہاں وزیرِ اعظم کے لیے بھی الیکشن لڑ سکتا ہوں۔”ٹرمپ نے مزید کہا کہ “شاید یہ سب کرنے کے بعد میں اسرائیل چلا جاؤں اور وہاں کا وزیرِاعظم بننے کی کوشش کروں، آج صبح میرے پاس ایک پول آیا جس میں میری مقبولیت 99 فیصد تھی۔”

    یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم کے درمیان ایران سے متعلق بڑھتی کشیدگی پر اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور ایران کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے گفتگو کے دوران نیتن یاہو کا دفاع بھی کیا اور کہا کہ اسرائیلی عوام اپنے وزیرِ اعظم کے ساتھ مناسب رویہ اختیار نہیں کر رہے۔

    اگرچہ مختلف سرویز کے مطابق اسرائیل میں ٹرمپ کو دیگر کئی ممالک کے مقابلے میں نسبتاً زیادہ عوامی حمایت حاصل ہے، تاہم 99 فیصد مقبولیت کے دعوے کو مبالغہ آرائی قرار دیا جا رہا ہے، جسے مبصرین ٹرمپ کے مخصوص اندازِ گفتگو کا حصہ سمجھتے ہیں۔

  • چین،روس کا افغان سرزمین سے پنپتی دہشتگردی پر شدید اظہار تشویش

    چین،روس کا افغان سرزمین سے پنپتی دہشتگردی پر شدید اظہار تشویش

    افغانستان میں طالبان رجیم اپنے ناجائز تسلط کو برقرار رکھنے کیلئےعالمی دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کا خطرناک کھیل کھیل رہی ہے

    چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں دونوں ممالک نے افغان سرزمین سے پنپتی دہشت گردی اور انتہا پسندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن، مستحکم سیاسی نظم اور سیکیورٹی کا فوری قیام ناگزیر ہے، جبکہ عالمی برادری افغان سرزمین کو پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لیے تعاون بڑھائے۔ عالمی ماہرین کے مطابق، طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی پورے خطے کے امن کے لیے مستقل خطرہ بن چکی ہے اور روس و چین کا یہ مشترکہ اعلامیہ افغان سرزمین پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال ہونے سے متعلق پاکستان کے اصولی مؤقف کی تائید ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی مسلمانوں کے خلاف سفاکیت عروج پر

    مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی مسلمانوں کے خلاف سفاکیت عروج پر

    مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ کی مسلمانوں کے خلاف بربریت اور سفاکیت عروج پر پہنچ گئی ہے، جہاں ایک منظم استحصال کے تحت جنگلات کی زمین قرار دے کر 60 کنال پر مشتمل قبائلی برادری کے درجنوں گھروں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔

    بھارتی جریدے ‘دی ٹیلی گراف آن لائن’ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے وزیرِ جنگلات جاوید رانا نے اس کارروائی کو وحشیانہ اور متعصبانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسلمان ان وراثتی زمینوں پر کئی دہائیوں سے رہائش پذیر ہیں اور اس مسماری کا مقصد ایک منظم اور ظالمانہ بے دخلی سے مسلمانوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ قابض انتظامیہ کی یہ ظالمانہ کارروائیاں خوف کی فضا قائم رکھنے اور آبادیاتی توازن بدلنے کی سازش ہیں، جس پر عالمی برادری مزید خاموش نہیں رہ سکتی۔

  • برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں پاکستان کے امن کردار کی گونج

    برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں پاکستان کے امن کردار کی گونج

    برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں پاکستان کے امن کردار کی گونج؛ لارڈ قربان حسین نےبرطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا

    لارڈ قربان حسین نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے باعث ہی امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی، جس پر برطانوی پارلیمنٹ پاکستان کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی ناکامی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے بیجا طاقت کے استعمال اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ لارڈ قربان حسین نے عالمی برادری اور برطانیہ پر زور دیا کہ وہ لائن آف کنٹرول پر کسی بھی بڑی تباہی کو روکنے اور جنوبی ایشیا کے 1.7 ارب عوام کے پرامن مستقبل کے لیے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔

  • بھارت،تیسرے،چوتھے بچے کی پیدائش پر انعام کا اعلان

    بھارت،تیسرے،چوتھے بچے کی پیدائش پر انعام کا اعلان

    بھارت ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے ریاست میں گرتی ہوئی شرحِ پیدائش پر قابو پانے کے لیے خاندان کو تیسرے اور چوتھے بچےکی پیدائش پر ہزاروں روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وزیرِاعلیٰ نائیڈو نے کہا کہ اگرچہ وہ ماضی میں آبادی پر قابو پانے کے حامی رہے ہیں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ معاشرہ مل کر شرحِ پیدائش میں اضافے کے لیے کام کرے،ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ آبادی میں اضافے کو فروغ دینے کیلئے تیسرے بچے کی پیدائش پر 30 ہزار روپے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر 40 ہزار روپے کی رقم ملے گی،حکومت ایک ماہ کے اندر اس پالیسی کی مزید تفصیلات جاری کرے گی۔

    وزیر اعلیٰ نائیڈو کا یہ تازہ اعلان اس سے پہلے دی گئی اس تجویز کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دوسرے بچے کی پیدائش پر 25 ہزار روپے دینے کی بات کی گئی تھی۔،5 مارچ کو وزیرِاعلیٰ نے ریاستی اسمبلی کو بتایا تھا کہ حکومت دوسرے بچے کے لیے 25 ہزار روپے دینے پر غور کر رہی ہے،تاہم بعد ازاں وزیرِ صحت ستیہ کمار یادو نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا تھا کہ حکومت نے یہ رقم تیسرے اور اس سے زائد بچوں والے خاندانوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،نائیڈو کے مطابق، آمدن میں اضافے کے ساتھ کچھ جوڑے صرف ایک بچے پر اکتفا کر رہے ہیں، جبکہ بعض افراد دوسرے بچے کا فیصلہ صرف اسی صورت میں کرتے ہیں جب پہلا بچہ بیٹا نہ ہو۔

  • آئی ایم ایف کا  بجٹ پر مزید بات چیت جاری رکھنے پرا تفاق

    آئی ایم ایف کا بجٹ پر مزید بات چیت جاری رکھنے پرا تفاق

    آئی ایم ایف نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے، ٹیکس انتظامیہ کو بہتر بنانے، اخراجات کی کارکردگی بڑھانے اور وفاقی و صوبائی سطح پر پبلک فنانشل مینجمنٹ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے مالیاتی استحکام کی پالیسی جاری رکھے۔

    مس ایوا پیٹرووا کی قیادت میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایک مشن نے 13سے 20 مئی 2026 تک اسلام آباد کا دورہ کیا جس میں بجٹ پر مزید بات چیت جاری رکھنے پرا تفاق کیا گیا،اس دورے میں حالیہ معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات پر پیشرفت اور مالی سال 2027 کی بجٹ حکمتِ عملی پر توجہ دی گئی،دورے کے اختتام پر مس پیٹرووا نے کہا، ہم نے حکام کے ساتھ حالیہ معاشی پیشرفت پر تعمیری مذاکرات کیے، جن میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے اثرات، مالی سال 2027 کے بجٹ کی تیاری، اور ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے تحت اصلاحاتی ایجنڈے پر پیش رفت شامل تھی۔

    حکام نے مالی سال 2027 میں جی ڈی پی کے 2 فیصد کے مساوی بنیادی سرپلس حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جو مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانے اور معیشت کی مزاحمتی صلاحیت بڑھانے میں مدد دے گا،متوقع بتدریج مالیاتی استحکام کو ٹیکس نیٹ کی توسیع، ٹیکس انتظامیہ میں بہتری، اخراجاتی کارکردگی میں اضافے اور وفاقی و صوبائی سطح پر پبلک فنانشل مینجمنٹ کی بہتری کے ذریعے سہارا دیا جائے گا۔ مالی سال 2027 کے بجٹ پر مذاکرات آئندہ دنوں میں بھی جاری رہیں گے۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ، آوارہ کتوں کو زہر دینے،گولی مارنے یا تلف کرنے پر مستقل پابندی عائد

    اسلام آباد ہائیکورٹ، آوارہ کتوں کو زہر دینے،گولی مارنے یا تلف کرنے پر مستقل پابندی عائد

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کو زہر دینے،گولی مارنے یا تلف کرنے پر مستقل پابندی عائد کردی ہے

    جسٹس خادم حسین سومرو نے اسلام آباد میں آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے اور ان پر تشدد کےخلاف درخواست کا 24 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا،عدالت نے اسلام آباد میں آوارہ کتوں کو زہر دینے، گولی مارنے یا تلف کرنے پرمستقل پابندی عائد کرنے اور آوارہ کتوں کی آبادی پر قابو پانے کے لیے ٹریپ، اسٹریلائز اور ویکسین اپنانے کی ہدایت کی،ہائیکورٹ نے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ، سی ڈی اے اور دیگر فریقین کو پالیسی پر عمل درآمد کا حکم دیا ہے۔

  • صحافی پر پیرا فورس و  اسسٹنٹ کمشنر کا تشدد،ممبر اتحاد میڈیا کونسل پاکستان کی سخت مذمت

    صحافی پر پیرا فورس و اسسٹنٹ کمشنر کا تشدد،ممبر اتحاد میڈیا کونسل پاکستان کی سخت مذمت

    قصور
    اتحاد میڈیا کونسل پاکستان نے سینئر صحافی و اینکر پرسن بلال خان پر مبینہ تشدد کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اتحاد میڈیا کونسل پاکستان کے بانی و چیئرمین محمد احمد کمبوہ، مرکزی صدر سہیل احمد بھٹی اور دیگر ممبران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر راوی ٹاؤن اور پیرا فورس کی جانب سے مبینہ طور پر سینئر صحافی بلال خان پر تشدد کا واقعہ قابلِ مذمت اور افسوسناک ہے۔

    رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، ان کے ساتھ ناروا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی سرکاری افسر یا اہلکار کی جانب سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا ہے تو اس کے خلاف فوری اور شفاف کارروائی ہونی چاہیے۔

    اتحاد میڈیا کونسل پاکستان نے مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں اور صحافی برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • 
کراچی ایئرپورٹ پر اربوں روپے کا ایئر کارگو اسکینڈل بے نقاب

    
کراچی ایئرپورٹ پر اربوں روپے کا ایئر کارگو اسکینڈل بے نقاب

    ‎کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے ایئر کارگو اسکینڈل کا پردہ فاش کر دیا، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کارگو ہینڈلنگ کمپنی پر 2 ارب 70 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
    ‎دستاویزات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے ذریعے قیمتی الیکٹرانکس سامان کی اسمگلنگ کا منظم نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا، جس میں آئی فون، لیپ ٹاپ، میک بک اور آئی پیڈ سمیت مہنگی اشیا جعلی گیٹ پاسز کے ذریعے غیر قانونی طور پر کلیئر کی جاتی رہیں۔
    ‎ایف بی آر رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سامان کو کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کیے بغیر ایئرپورٹ سے باہر منتقل کیا جاتا تھا۔ تحقیقات کے دوران ایئروے بل چھپانے، جعلی گیٹ پاسز جاری کرنے اور ریکارڈ حذف کرنے جیسے سنگین الزامات بھی سامنے آئے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے 22 کروڑ 10 لاکھ روپے ڈیوٹی اور ٹیکس کی ریکوری کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکینڈل میں کمپنی کے سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں۔
    ‎کسٹمز حکام نے کارروائی کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں کارگو کمپنی کے 5 ملازمین بھی شامل ہیں۔ ایک خاتون ملازمہ نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے سپروائزرز کی ہدایات پر جعلی گیٹ پاسز جاری کیے۔
    ‎تحقیقات میں گرفتار کارگو ایجنٹ نے انکشاف کیا کہ یہ منظم نیٹ ورک کئی سال سے سرگرم تھا اور بڑے پیمانے پر الیکٹرانکس سامان غیر قانونی طریقے سے کلیئر کیا جاتا رہا۔
    ‎وفاقی ٹیکس محتسب نے بھی اس بڑے کارگو فراڈ کی تصدیق کر دی ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق واقعے کے بعد ملک بھر کے ایئر کارگو آپریشنز کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ متعدد افسران اور اہلکار بھی تحقیقات کی زد میں ہیں۔

  • 
خیبرپختونخوا میں 48 گھنٹوں کے دوران 23 دہشتگرد ہلاک

    
خیبرپختونخوا میں 48 گھنٹوں کے دوران 23 دہشتگرد ہلاک

    ‎سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 23 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
    ‎پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کارروائیاں دتہ خیل، اسپن وام اور بنوں کے مختلف علاقوں میں کی گئیں جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
    ‎آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا، جبکہ دہشتگردوں کے زیر استعمال زیر زمین سرنگوں اور بنکرز کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
    ‎بیان میں بتایا گیا کہ مارے جانے والوں میں مطلوب خارجی دہشتگرد کمانڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی شامل ہے، جس کے سر کی قیمت مقرر تھی۔ سکیورٹی اداروں کے مطابق مذکورہ دہشتگرد مختلف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
    ‎آئی ایس پی آر نے کہا کہ “عزمِ استحکام” آپریشن کے تحت دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز بدستور جاری ہیں۔ فورسز ملک میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
    ‎سکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور حساس علاقوں کو دہشتگردوں سے پاک بنانے کے لیے متعدد مقامات پر کارروائیاں کیں۔
    ‎یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ڈی آئی خان اور ٹانک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران کئی دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے، جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔