قصور
اتحاد میڈیا کونسل پاکستان نے سینئر صحافی و اینکر پرسن بلال خان پر مبینہ تشدد کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتحاد میڈیا کونسل پاکستان کے بانی و چیئرمین محمد احمد کمبوہ، مرکزی صدر سہیل احمد بھٹی اور دیگر ممبران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر راوی ٹاؤن اور پیرا فورس کی جانب سے مبینہ طور پر سینئر صحافی بلال خان پر تشدد کا واقعہ قابلِ مذمت اور افسوسناک ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، ان کے ساتھ ناروا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی سرکاری افسر یا اہلکار کی جانب سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا ہے تو اس کے خلاف فوری اور شفاف کارروائی ہونی چاہیے۔
اتحاد میڈیا کونسل پاکستان نے مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں اور صحافی برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
