Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • پاک فوج کا سوات اور باجوڑ میں  فلڈ ریلیف آپریشن

    پاک فوج کا سوات اور باجوڑ میں فلڈ ریلیف آپریشن

    سوات اور باجوڑ میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج نے فلڈ ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پاک فوج کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر پہنچ کر لوگوں کی مدد میں مصروف ہیں۔

    پاک فوج کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں تاکہ کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ خاص طور پر باجوڑ میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ہیلی کاپٹروں کے ذریعے راشن، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ وہاں پھنسے ہوئے افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ پاک فوج کی موجودگی اور امدادی کاموں کو دیکھ کر مقامی افراد نے ’پاک فوج زندہ باد‘ کے نعرے بلند کیے۔

    پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ تمام سیلاب زدگان کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک فلڈ ریلیف آپریشن جاری رہے گا اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سیلاب زدہ علاقوں کا رخ نہ کریں اور حکومتی اور فوجی ٹیموں کے کام میں تعاون کریں۔سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

  • مودی سرکار کی آپریشن سندور میں ناکامی اور جانی نقصان چھپانے کی کوشش بے نقاب

    مودی سرکار کی آپریشن سندور میں ناکامی اور جانی نقصان چھپانے کی کوشش بے نقاب

    مودی سرکار کی آپریشن سندور میں ناکامی اور جانی نقصان چھپانے کی کوشش بے نقاب ہو گئی ہے.

    مودی سرکار کا آپریشن سندور میں فوجی جانی نقصان سے انکار کا راز فاش ہو گیا،بھارتی فضائیہ نے خود آپریشن سندور میں ہلاک جوانوں کی تصدیق کر دی،سوشل میڈیا پلیٹ فارم *ایکس* پر بھارتی فضائیہ کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کی تصویریں جاری کی گئی،بھارتی فضائیہ نے ٹویٹ کی کہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ اے پی سنگھ کا پونے کے آرٹیفیشل لمب سینٹر کا دورہ اور آپریشن سندور کے زخمی جوانوں سے ملاقات کی،اس دوران بھارتی فضائیہ کے سربراہ کی آپریشن سندور میں زخمی ہونے والے کارپورل ورن کمار سے ملاقات ہوئی،بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے آپریشن سندور میں ہلاک ہونے والے سارجنٹ سورندر کمار کے بھی آبائی گاؤں کا دورہ کیا

    مودی سرکار کے انکار کے باوجود آپریشن سندور میں بھارتی نقصان کے شواہد عالمی سطح پر سامنے آ گئے،لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بریفنگ کے دوران بھارتی وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے فوجی نقصان نہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا،بھارتی وزیر دفاع کے جھوٹ نے جان دینے والے فوجی جوانوں کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا،ناقص حکمت عملی و ناکامی چھپانے کے لیے فوجی قربانیوں سے بھی انکار کر دینا مودی سرکار کا وطیرہ ہے ،مودی سرکار آپریشن سندور کی ہزیمت چھپانے کے لیے اپنی ہی فوج کو سیاسی بیانیے کی نذر کرنے میں مصروف ہے

  • باجوڑ،سیلاب،لینڈ سائیڈنگ،گھر تباہ،9 افراد کی موت،متعدد لاپتہ

    باجوڑ،سیلاب،لینڈ سائیڈنگ،گھر تباہ،9 افراد کی موت،متعدد لاپتہ

    باجوڑ میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد گھر تباہ ہو گئے جبکہ مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتہ ہو گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق باجوڑ میں جبراڑئی کے علاقے میں سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے، مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے جبکہ 17 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے،ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی اور اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی تحصیل سالارزئی کے علاقہ جبراڑئی میں امدادی کاموں کے نگرانی کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب آزاد کشمیر میں کلاؤ برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بارش کے بعد مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے،یہ افسوسناک حادثہ لوئر دیر کے علاقے میدان میں پیش آیا جہاں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی سمیت 5 افرادجاں بحق ہوگئے۔حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • 26ویں آئینی ترمیم: چیف جسٹس  نے آئینی بینچ کا حصہ بننے سے کیوں معذرت کی؟ جسٹس منصور شاہ کو لکھا گیا خط منظر عام پر

    26ویں آئینی ترمیم: چیف جسٹس نے آئینی بینچ کا حصہ بننے سے کیوں معذرت کی؟ جسٹس منصور شاہ کو لکھا گیا خط منظر عام پر

    چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد جسٹس منصور شاہ کو لکھا گیا چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کا جوابی خط،منظر عام پر آگیا ہے۔

    چیف جسٹس پاکستان نے اپنا جوابی خط جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر کے 31 اکتوبر کے اجلاس پر لکھا تھادونوں ججز نے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کو 4 نومبر 2024 کو فل کورٹ کے سامنے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا،چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے آئینی بینچ کا حصہ بننے سے کیوں معذرت کی؟ ان جیسے تمام سوالات کے جوابات میٹنگ منٹس اور چیف جسٹس کے خط میں سامنے آگئے۔

    چیف جسٹس پاکستان کے خط کے متن کے مطابق آرٹیکل 191 اے کے تحت آرٹیکل 183/3 کی درخواست آئینی بینچ ہی سن سکتا ہے، آرٹیکل 191 اے کی ذیلی شق 4 کے تحت ججز آئینی کمیٹی ہی کیس فکس کرنے کا معاملہ دیکھ سکتی ہے اور آئین کے آرٹیکل 191 اے کی ذیلی شق تین اے کے تحت آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت درخواست آئینی بینچ ہی سن سکتا ہے، آرٹیکل 191 اے کی شق چار کے تحت آئینی بینچ کے ججز پر مشتمل کمیٹی کو معاملہ سپرد کیا جاتا ہے نہ کہ ججز ریگولر کمیٹی کو۔

    خط میں کہا گیا کہ ججز کمیٹی 2023 ایکٹ کے تحت تشکیل دی گئی اور کمیٹی کے اپنے بھائی ججز اراکین کی اس تشویش کو سمجھتا ہوں جو چھبیسویں ترمیم کو چیلنج کرنے والی آئینی درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کے حوالے سے ہے، میں نے ذاتی طور پر سپریم کورٹ کے 13 ججز سے رائے لی، جس میں اُن سے پوچھا گیا کہ سپریم کورٹ کے دو ججز (جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر) نے کہا کہ آرٹیکل 184کی شق تین کے تحت دائر کی گئی 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں کو فل کورٹ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، کیا ایسا 26ویں آئینی ترمیم کے بعد ہو سکتا ہے؟

    چیف جسٹس نے خطر میں لکھا کہ سپریم کورٹ کے 13 ججز میں سے 9 جج صاحبان کا موقف تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کو فل کورٹ کے بجائے آئینی بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، جب ججز کی رائے آچکی تو یہ حقائق دونوں بھائی ججوں (جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر) کو بتا دیے گئے اور انھیں 13 ججز کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کر دیا گیا، بطور چیف جسٹس پاکستان فل کورٹ اجلاس بلانے کو مناسب نہیں سمجھا، کیونکہ ایسا کرنے سے نہ صرف ججز کے درمیان انتہائی ضروری باہمی روابط کی روح مجروح ہوتی بلکہ اس سے سپریم کورٹ عوامی تنقید کا نشانہ بھی بن سکتی ہے، جیسا کہ افسوس کے ساتھ ماضی قریب میں ہوتا رہا ہے۔

    چیف جسٹس نے خطر میں لکھا کہ اسی پس منظر میں، چیف جسٹس آف پاکستان کے دفتر کو دوپہر کے بعد کافی دیر سے، میرے دو بھائی ججز کے خطوط موصول ہوئے۔ کمیٹی نے سربمہر لفافوں میں اپنی رائے دی، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد اور سپریم کورٹ کے فل کورٹ کو آئین کے آرٹیکل 184 کے تحت دائر کردہ 26ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت کا حکم دینے کی درخواست کر رہے ہیں،مجبوراً، میں نے یہ دو خطوط اور ان کے جوابات (سربمہربند لفافوں میں) سیکریٹری جوڈیشل کمیشن کے حوالے کر دیے ہیں تاکہ وہ محفوظ طریقے سے رکھے جائیں، یہاں تک کہ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جو 5 نومبر 2024ء کو بلایا گیا، منعقد ہو۔

    چیف جسٹس نے خطر میں لکھا کہ میں اس اجلاس میں جوڈیشل کمیشن سے درخواست کروں گا کہ وہ میرے علاوہ سپریم کورٹ کے دیگر معزز ججز کو آئینی بینچ کے اراکین کے طور پر نامزد کرے، تاکہ آئین کے آرٹیکل 191 اے کی ذیلی شق (3) کے کلاز (اے) کے تحت تشکیل دی گئی کمیٹی یا آئینی بینچ کے پاس یہ اختیار ہو کہ وہ آرٹیکل 184 کے تحت دائر کردہ 26ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کو پاکستان کے سپریم کورٹ کے فل کورٹ کے سامنے پیش کر سکے۔

    چیف جسٹس نے خط میں واضح کیا کہ سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ 2023 کے تحت بینچز کی تشکیل کے لیے کمیٹی کا اجلاس بلانا یا پاکستان کے سپریم کورٹ کا فل کورٹ تشکیل دینا یقیناً آئین کے واضح حکم کی خلاف ورزی ہوگی۔

  • فیلڈ مارشل، ائیر چیف، بلاول اور  سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات سے نواز دیا گیا

    فیلڈ مارشل، ائیر چیف، بلاول اور سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات سے نواز دیا گیا

    پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر ایوان صدر میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نمایاں قومی خدمات انجام دینے والی سول و عسکری شخصیات کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔

    تقریب میں صدر مملکت، وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ شخصیات شریک ہوئیں،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، بلاول بھٹو زرداری اور رانا ثنا اللہ کو نشان امتیاز عطا کیا گیا اسحاق ڈار کو یہ اعزاز سفارتی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے پر دیا گیا، جبکہ بلاول بھٹو کو بھی سفارتی محاذ پر کارکردگی کے اعتراف میں اعزاز ملا۔

    صدر پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف معرکہ حق میں پاک فوج کو فرنٹ سے لیڈ کرنے اور بہترین جنگی حکمت عملی مرتب کرنے پر فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر ہلال جرات سے نوازا جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر بابر احمد سدھو کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا گیا، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد مرزا اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔

    وزیر اعظم کے تشکیل کردہ سفارتی وفد کو بھی اعزازات دیے گئے۔ سینیٹر شیری رحمان، فیصل سبزواری، حنا ربانی کھر، خرم دستگیر خان، بشریٰ انجم، عمر فاروق، جلیل عباس جیلانی، مصدق ملک اور طارق فاطمی کو ہلال امتیاز ملا،پاک فضائیہ کے پائلٹس ونگ کمانڈر بلال رضا، ونگ کمانڈر حماد ابن مسعود، اسکوارڈن لیڈر محمد یوسف خان، اسامہ اشفاق، محمد حسن انیس، طلال حسن، فدا محمد خان اور محمد اشہد کو ستارہ جرات دیا گیا۔

    تقریب میں شہداء کو بھی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں لانس حوالدار عامر شیراز، لانس نائیک اکرام اللہ، سپاہی عدیل اکبر (تمغہ جرات) شامل ہیں،سپاہی نثار احمد شہید کو بعد از شہادت ستارہ بسالت دیا گیا، جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا، لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال، لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز اور لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کو بھی یہ اعزاز عطا کیا گیا، وائس ایڈمرل راجا رب نواز، ریئر ایڈمرل عبدالمنیب، ریئر ایڈمرل فیصل امین، میجر جنرل واجد عزیز، ایئر وائس مارشل محمد احسان الحق، میجر جنرل کاشف عبداللہ، ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد، ریئر ایڈمرل شہزاد حامد، میجر جنرل محمد جواد طارق اور میجر جنرل تجدید ممتازکو بھی ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔

    ایئر کموڈور عطا اللہ زیب، ایئر کموڈور ضیا آفتاب، ایئر کموڈور محمد نعمان علی خان، ایئر کموڈور علی جاوید ہاشمی اور ایئر کموڈور سجاد حیدر کے ساتھ ساتھ کیپٹن آصف امین اور کیپٹن محمد حیدر علی کو بھی اس اعزاز سے نوازا گیا،ایوان صدر میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں شرکاء نے قومی پرچم کی سربلندی اور ملک کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • ہمارا آئین ہمارے لوگوں کی امنگوں کا مجسمہ ہے،چیف جسٹس

    ہمارا آئین ہمارے لوگوں کی امنگوں کا مجسمہ ہے،چیف جسٹس

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ آئین نہ صرف بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے بلکہ آزادیوں کی حفاظت بھی کرتا ہے،ہمارا آئین ہمارے لوگوں کی امنگوں کا مجسمہ ہے-

    یوم آزادی پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس نے کہا کہ پوری قانونی برادری اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کے وژن، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کی پختہ یاد دہانی ہے،ہمارا آئین ہمارے لوگوں کی امنگوں کا مجسمہ ہے-

    انہوں نے کہا کہ آئین یقینی بناتا ہے کہ انصاف ہمارے معاشرے کی بنیاد رہے، کمزوروں کےحقوق کے تحفظ اور اس بات کویقینی بنانے میں ثابت قدم رہیں کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ایسا معاشرہ پروان چڑھانا چاہیے جہاں تنازعات منصفانہ طریقے سے حل ہوں اور ہرشہری اپنی زندگی میں انصاف کی موجودگی محسوس کرے۔

    دریں،اثنا یوم آزادی کے موقع پر سپریم کورٹ سمیت تمام ہائیکورٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

    سپریم کورٹ آف پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پرچم کشائی کی، مہمان خصوصی چیف جسٹس آف پاکستان تھے،اسلام آباد ہائیکورٹ میں جشن آزادی کی تقریب میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے پرچم کشائی کی، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور دیگر ججز نے پرچم کشائی کے بعد پودے لگائے۔

    لاہور ہائیکورٹ میں یومِ آزادی کی تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ لاہور کی عمارت پر پرچم لہرایا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس سید شہباز علی رضوی بھی ہمراہ تھے۔

    اس کے علاوہ پشاور ہائیکورٹ میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے پرچم کشائی کی، تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے ججز، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ، وکلا و دیگر نے شرکت کی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

    بلوچستان ہائی کورٹ میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہمارے اصل اسٹیک ہولڈرز عوام ہیں،چیف جسٹس روزی خان نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو فوری انصاف مہیا کریں، وراثتی عدالتیں قائم کی جا چکی ہیں تاکہ ورثا کو انکے حقوق مل سکیں، خواتین وکلاء بشمول ججز جو اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ عدالت آتے ہیں انکے لیئے سنٹر قائم کیا گیا ہے

  • سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،عاصم منیر

    سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،عاصم منیر

    فیلڈمارشل عاصم منیر نے یوم آزادی پر تمام اہل پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت،جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے، سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاک فوج خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار، اپنی آزادی وخودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یوم آزادی پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اپنے بزرگوں، برصغیرکےمسلمانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مذہبی اقلیتیں آج بھی ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں، دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے انتہائی بھاری جانی ومالی قیمت ادا کی۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ جدوجہد آزادی سمیت معرکہ حق کے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، شہدا کی جرات و بہادری، عزم و جذبہ ایمانی کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا مسئلے کا واحد حل، منصفانہ، پائیدارحل ہے، عالمی برادری فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔

    فیلڈمارشل نے یوم آزادی پر تمام اہل پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے، سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، بھارتی سرکار نے روایتی ہٹ دھرمی دکھائی، پاکستان کی شہری آبادی پر حملہ کیا، قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کیا، جو تاریخ میں افواج پاکستان کی بہادری،ولولہ انگیز جذے کی علامت بن چکاہے۔

    فیلڈمارشل نے کہاکہ پاک فوج، روایتی، غیرروایتی، ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اپنی آزادی،خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے، ہم خطے مین امن ،ترقی اور خوشحالی کےمتمنی ہیں،پہلگام واقعے کی پاکستان نے نہ صرف مذمت کی،بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیش کی ۔

    دریں اثنا، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے قوم کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے، یہ دن اتحاد، استقامت اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ وژن پر غیر متزلزل عزم کی فتح کی علامت ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے ناقابلِ تسخیر جذبے، پُرعزم عزم اور قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ قربانیاں جنہوں نے آزادی کی راہ ہموار کی، آزادی کے مقصد پر ان کا حوصلہ، دور اندیشی اور غیر متزلزل یقین آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا ایک لازوال مینار ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اُن عظیم رہنماؤں، مدبر سیاستدانوں اور جان نثار سپاہیوں کو گہری عقیدت و احترام کے ساتھ سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے وطنِ عزیز کی بنیادیں رکھیں، اور ان کے ورثے کو ہمیشہ سنبھالے رکھنے کے عزم کا اظہار کرتی ہیں، بطور محافظِ وطن ہم پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، آئین کی پاسداری، اور ان اقدار کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو ہماری قومی شناخت کا حصہ ہیں۔

    مسلح افواج کی قیادت نے کہاکہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ رشتہ ہماری اجتماعی قوت کا سنگِ بنیاد ہے، یومِ آزادی کے اس موقع پر آئیے ہم اس عزم کو پھر سے تازہ کریں کہ امن، ترقی اور اتحاد کے لیے مسلسل کوشش کریں گے، اور ایمان، اتحاد اور قربانی کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔

  • مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد

    مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد

    جشن آزادی پر سروسز چیفس فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دن اتحاد، ثابت قدمی اور روشن مستقبل کے مشترکہ وژن سے وابستگی کا نشان ہے، ہم بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں،قائداعظم کی بصیرت افروز قیادت میں بے مثال قربانیاں دی گئیں ، مسلح افواج ان رہنماؤں کو گہری عقیدت کے ساتھ خراج تحسین پیش کرتی ہیں، بطور محافظین ملکی سلامتی، پاکستان کی خودمختاری کی حفاظت کاعزم کرتے ہیں۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج علاقائی سالمیت کے تحفظ، آئین کی پاسداری کے عزم کااعادہ کرتی ہیں، مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ رشتہ ہماری اجتماعی قوت کی بنیاد ہے،آئیں یوم آزادی پر اس عزم کی تجدید کریں کہ امن، ترقی اور اتحاد کیلئے کوشاں رہیں گے۔

  • یوم آزادی پر امریکی وزیرخارجہ کی پاکستان کو مبارکباد

    یوم آزادی پر امریکی وزیرخارجہ کی پاکستان کو مبارکباد

    واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 78 ویں یوم آزادی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام یوم آزادی منا رہےہیں، انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں، امریکا انسداد دہشت گردی اور تجارت پرپاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے،ہم اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے منتظر ہیں، ان میں اہم معدنیات، ہائیڈروکاربن،کاروباری شراکت داری شامل ہیں اور اس سےامریکیوں اورپاکستانیوں کے لیے ایک خوشحال مستقبل کو فروغ ملےگا۔

    مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک فوج کے دستے نے چارج سنبھال لیا

    یوم آزادی کے موقع پر امریکی کانگریس کے رہنماؤں کی جانب سے بھی پاکستان کے لیے خیرسگالی کے پیغامات بھیجے گئے ہیں۔ پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر Riina Kionka کی جانب سے بھی پاکستان کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی گئی۔

    رکن کانگریس جوڈی چو نے کہا کہ انھیں یوم آزادی کی تقریب کا حصہ بننے پر فخرہے، امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی موجودگی باعثِ فخر ہے،رکن کانگریس زولوف گرن نے کہا کہ سیلیکون ویلی پاکستانی امریکیوں کی بڑی اور متحرک کمیونٹی کا گھر ہے، پاکستانی امریکی ہمارے ملک کی فلاح و بہبود میں بہت زیادہ حصہ ڈالتے ہیں۔

    پاکستان کا 78 واں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے،پتوکی میں بہت بڑی کانفرنس

  • مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک فوج کے دستے نے چارج سنبھال لیا

    مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک فوج کے دستے نے چارج سنبھال لیا

    لاہور:ملک بھر میں آج 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے،رواں سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے۔

    79 ویں یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں رینجرز کی جگہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیےتقریب کے آغاز پر رینجرز اور پاک فوج کے دستوں نے مزارِ اقبال پر سلامی پیش کی، جبکہ گارڈز کی تبدیلی کی رسمی کارروائی نہایت وقار، ترتیب اور فوجی اعزاز کے ساتھ انجام دی گئی،تقریب میں طلبہ، شہریوں، مختلف مکاتب فکر کے افراد اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے نہ صرف قومی پرچم تھامے ہوئے حب الوطنی کا مظاہرہ کیا بلکہ پاک فوج کے دستے کی مہارت پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

    گارڈز کی تبدیلی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شہریوں نے بھی مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں مانگیں،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا خبیرآزاد نے مزار اقبال پر ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی جبکہ پنجاب کے وزراء نے بھی مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے مزار اقبال پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، اس موقع پر قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خاں کو پاک آرمی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد کی گئی، تقریب میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    اس موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس اور پاک بحریہ کے جوانوں نے مزار پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال کی مزار قائد پر حاضری دی، گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی، ہرسال 14اگست پر پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالتے ہیں، اعزازی گارڈز دو دستوں پر مشتمل ہے، ایک دستہ پاک بحریہ کےسیلرز، دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی 79 ویں یوم آزادی پر اوورسیز سمیت تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی۔

    آصف علی زرداری نے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی79 ویں سالگرہ، یہ دن ہمیں جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، قائداعظم اور تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، یوم آزادی بڑے فخر اور تازہ اُمید کے ساتھ منا رہے ہیں، قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں فتح تاریخ کا سنہری باب ہے، معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل قومی عزم اور پوری قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں افواج نے بھرپور قوت سے کا دفاع کیا، دنیا نے دیکھا کہ پاکستان صرف امن چاہتا ہے،جنگ ہرگز نہیں، پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،معرکہ حق میں فتح ہمارے عوام کیلئے نئے اعتماد کا ذریعہ ہے، معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کئےہیں، آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کے عالمی مقام کو مزید مستحکم کیا ہے-

    گورنر، وزیر اعلیٰ سندھ اورکور کمانڈر کراچی کی مزار قائد پر حاضری

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے، اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ نے پرچم کشائی بھی کی،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں شب خون مارنے کی کوشش کی، افواج پاکستان نے بھارت کوایساجواب دیا کہ اس کی مثال نہیں ملتی، افواج پاکستان نےقوم کاسرفخرسے بلند کردیا، خطے میں پاکستان کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہیں، ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، فیلڈ مارشل کی تعریف سپرپاور امریکا کے صدر نے بھی کی، بھارت کےخلاف جنگ دفاعی،سفارتی اورصحافتی میدانوں میں جیتی۔

    کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر نے بھی مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

    ملک بھر میں آج 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، قوم آج یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے سے کام کیا جائے گارواں سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ نماز فجر میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    پاکستان میں رات 12 بجتے ہی ملک کے چھوٹے، بڑے شہروں میں یوم آزادی کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا گیاشہری سڑکوں پر اُمڈ آئے، فضا ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھی، چھوٹی بڑی ریلیوں اور مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

    79 ویں یوم آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی ہیڈکوارٹرز میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی،پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔

    پرچم کشائی کی تقریب میں اسکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، علاقائی لباس میں ملبوس بچوں نے وزیراعظم کو پاکستان مونومنٹ آمد پر پھول پیش کیےوزیر اعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی، یادگار پاکستان پر پھول رکھے اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی،پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر ملی جوش و جذبے سے قومی ترانہ پڑھا گیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے تو جنگ جاری رکھ کر بھارت کو مزید مزہ چکھا سکتے تھے لیکن امن پسند ہیں اس لیے دنیا کی بات مان لی۔

    79 ویں یوم آزادی کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں معرکہ حق تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا تقریب میں راحت فتح علی خان ، سجاد علی، حدیقہ کیانی، عاطف اسلم اور کیفی خلیل سمیت نامور گلوکاروں کی پرفارمنس پر شائقین جھوم اٹھے۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ مئی میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا،پاکستان نے ایسا جواب دیا کہ بھارت دنیا کے سامنے گڑ گڑانے پر مجبور ہو گیا چاہتے تو جنگ جاری رکھ کر بھارت کو مزید مزہ چکھا سکتے تھے لیکن ہم امن پسند ہیں اس لیے دنیا کی بات مان لی اور جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی، پاکستان بنانے والا سندھ صوبہ ہے، سندھ صوبہ جشن آزادی کی تقریبات میں بھی آگے ہے-