Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • پاکستان کا  مظلوم فلسطینیوں و کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، مظالم کی مذمت

    پاکستان کا مظلوم فلسطینیوں و کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، مظالم کی مذمت

    پاکستان نے تشدد کا شکار افراد کے عالمی دن کے موقع پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں غیر ملکی قابض طاقتوں کے ہاتھوں جاری ’بدترین تشدد‘ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے 2019 میں غیر قانونی الحاق کے بعد کشمیری عوام پر قابض بھارتی افواج کے منظم تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی متعدد رپورٹس سامنے آئی ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی افواج کی کارروائیوں کے نتیجے میں 2023 سے اب تک 56,156 فلسطینی شہید اور 1,32,239 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جو انسانی تاریخ کے بدترین مظالم میں شمار کیے جا رہے ہیں۔انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی قید میں موجود فلسطینیوں کو بھی مسلسل ظلم و ستم اور بدترین سلوک کا سامنا ہے۔

    پاکستان نے غیر ملکی قبضوں کے دوران تشدد کے منظم اور وسیع پیمانے پر استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور بھارت کے زیرِ قبضہ علاقوں میں عوام کو ظالمانہ، غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک کا سامنا ہے، جو ان کے بنیادی حق خودارادیت کو دبانے کی کوشش ہے۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں تشدد کا شکار ہونے والے افراد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتا ہے اور انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔مزید کہا گیا کہ اسلام ہر انسان کی عزت، وقار اور جان و مال کے تحفظ کی تلقین کرتا ہے، اور کسی بھی قسم کا پُرتشدد یا ظالمانہ رویہ اسلامی تعلیمات اور انصاف، رحم اور ہمدردی کے اصولوں کے خلاف ہے۔

    دفتر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی، احتساب اور ادارہ جاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں، جبکہ تشدد کا شکار افراد کو طبی، قانونی اور نفسیاتی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

    آخر میں پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض طاقتوں کے مظالم کی سنجیدہ مذمت کرے، انہیں جوابدہ ٹھہرائے اور مظلوم عوام کی مشکلات ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

    ایران جنگ: اسرائیل کو 20 ارب ڈالر تک معاشی نقصان، معیشت دباؤ میں

  • ہم ان کا احتساب چاہتے ہیں جو دہشتگردی کی معاونت اور سرپرستی کرتے ہیں،خواجہ آصف

    ہم ان کا احتساب چاہتے ہیں جو دہشتگردی کی معاونت اور سرپرستی کرتے ہیں،خواجہ آصف

    پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے علاقائی امن، سیکیورٹی اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا اور خطے کو درپیش بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ مشترکہ کوششوں کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور ایس سی او کے چارٹرز میں دیے گئے اصولوں عدم جارحیت، پرامن تنازعات کا حل، باہمی احترام اور ریاستوں کی علاقائی سالمیت کی مکمل پاسداری کی یقین دہانی کروائی۔وزیر دفاع نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیلی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تمام فریقین کو ضبط، مذاکرات اور سفارت کاری کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری سے مستقل جنگ بندی اور امدادی رسائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

    وزیردفاع خواجہ آصف کا مزیدکہنا تھا کہ دہشتگردی ایک مشترکہ خطرہ ہے۔ پاکستان عالمی برادری کی اس مشترکہ کوشش کو سیاست کی نذر کرنے کی مخالفت کرتا ہے، ہم دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم ان ریاستوں کا احتساب چاہتے ہیں جو دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور سرپرستی کرتے ہیں، جیسے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ۔ پاکستان کے پاس بھارتی بحریہ کا حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن یادیو موجود ہے، جس نے پاکستان میں کئی دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی، مالی اعانت اور عملدرآمد کا اعتراف کیا ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا امن و ترقی کے لیے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کے پرامن اور سفارتی حل پر بھی زور دیا۔

    انہوں نے ایس سی او کی دہشتگردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے سائبر سیکیورٹی، انسداد منشیات اور شدت پسند نظریات کے خلاف تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔خطاب کے اختتام پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایس سی او کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر پائیدار امن، اجتماعی سیکیورٹی اور علاقائی خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کے تسلسل کا اعادہ کیا۔

  • وفاقی کابینہ نے بجٹ ترامیم کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے بجٹ ترامیم کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ختم ہوگیا جس میں وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں ملک کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع نے کہا کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا،کابینہ اجلاس میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے کشیدگی کے دوران اور بعد میں زبردست کردار پر قرارداد کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں ایران اسرائیل تنازع کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کوششوں پر کابینہ نے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔وفاقی کابینہ نے ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی کے حوالے سے بھی اطمینان کا اظہار کیا.

    وزیر خزانہ نے فائنانس بل میں مجوزہ ترامیم اور تجاویز پر کابینہ کو بریفنگ دی۔وفاقی کابینہ نے بجٹ ترامیم کی منظوری دے دی، وزیراعظم نے تمام ارکانِ پارلیمنٹ کو بجٹ منظوری کے وقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دی ،ذرائع نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم لیوی متعین کرنے کا اختیار پیٹرولیم ڈویژن کو دینے کی منظوری دے دی۔

  • پہلگام واقعہ کی مذمت نہ کرنے پر بھارت کا ایس سی او اعلامیہ پر دستخط سے انکار

    پہلگام واقعہ کی مذمت نہ کرنے پر بھارت کا ایس سی او اعلامیہ پر دستخط سے انکار

    چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کا اجلاس ہوا

    بھارت نے ایس سی او اعلامیے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا، بھارتی میڈیا کے مطابق ایس ای او اعلامیے میں پہلگام واقعے کی مذمت نہیں کی گئی، اعلامیے میں بھارت پر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کا الزام لگایا گیا ہے، بھارتی وزارت دفاع کا کہنا ہےکہ بھارت مشترکہ اعلامیے کی زبان سے مطمئن نہیں ہے،پہلگام میں ہونے والے حملے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، اعلامیے میں پاکستان میں پیش آنے والے واقعات کا ذکر موجود تھا، اس لیے بھارت مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرنے سے انکار کرتا ہے،

    راج ناتھ سنگھ نے اعلامیے میں دہشتگردی کے خلاف بھارت کے مضبوط موقف کی غیر موجودگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس پر دستخط کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ بھارتی موقف کے مطابق، پہلگام حملہ، ایک سنگین واقعہ ہے اور اس کا ذکر کسی بھی انسدادِ دہشتگردی بیانیے میں ہونا لازمی ہے۔واضح رہے کہ موجودہ وقت میں شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت چین کے پاس ہے، اور چین پاکستان کا قریبی اتحادی تصور کیا جاتا ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ پہلگام حملے کو اعلامیے سے جان بوجھ کر نکالنے کی کوشش پاکستان کے کہنے پر کی گئی، تاکہ بھارت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔

  • پاکستان ناقابلِ شکست، سابق بھارتی افسر پراوین سواہنے کا اعتراف

    پاکستان ناقابلِ شکست، سابق بھارتی افسر پراوین سواہنے کا اعتراف

    پاکستان کو میدان جنگ میں زیر کرنا ممکن نہ ہو سکا ، بھارت کی عسکری قیادت نےاعتراف کر لیا

    سابق بھارتی افسر اور تجزیہ کار نے تسلیم کر لیا "پاکستان کبھی نہیں ہارا”پراوین سواہنے کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جنگی شکست نہیں دی جا سکتی، پاکستان نے مغربی محاذ پر آج تک کسی جنگ میں شکست نہیں کھائی،1971 کی جنگ بھی صرف مشرقی محاذ پر ہاری گئی، اگر بھارت واقعی مغربی محاذ پر پاکستان کو شکست دیتا تو آج لائن آف کنٹرول موجود نہ ہوتی، بھارت مغرب میں پاکستان کو فتح نہیں کر سکا ، لائن آف کنٹرول کی موجودگی خود اس بات کا ثبوت ہے ، مشرقی محاذ پر بھارت نے فضائی اور زمینی نقل و حمل بند کر دی تھی، اس لیے پاکستان کی سپورٹ ممکن نہ رہی، مغربی محاذ پر پاکستانی فوج نے ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا، بھارت کے لیے یہ مغربی محاذ کبھی آسان نہ تھا،

  • سی ٹی ڈی پنجاب کا آپریشن یلغار، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورک بے نقاب

    سی ٹی ڈی پنجاب کا آپریشن یلغار، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورک بے نقاب

    سی ٹی ڈی پنجاب کا آپریشن یلغار، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورک بے نقاب کر دیا

    انڈین دہشتگرد ایجنسی "را” کے 6 سہولت کار پنجاب کے مختلف اضلاع سے گرفتارکر لئے گئے، ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے دھماکہ خیز مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کر لیا گیا،بہاولپور میں دبئی سے فنڈنگ کرنے والا "را” کا سہولت کار رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا،بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (BSF) سے براہ راست IEDs حاصل کرنے والے 2 افراد بہاولنگر سے گرفتار کر لئے گئے،سی ٹی ڈی نے بہاولپور میں مسجد اور ریلوے سٹیشن پر حملے کی منصوبہ بندی بے نقاب کر دی،”را” افسران میجر رویندرا راٹھور اور انسپکٹر سنگھ کی آڈیو انٹرسیپٹس (intercepts) حاصل کر لی گئی،بھارت سے ملنے والی ہدایات میں ٹارگٹ کلنگ اور حساس مقامات پر حملے شامل تھے

  • بھارت کی طرح اسرائیلی دفاعی برتری کا بھرم بھی خاک میں مل چکا،بھارتی تجزیہ کار

    بھارت کی طرح اسرائیلی دفاعی برتری کا بھرم بھی خاک میں مل چکا،بھارتی تجزیہ کار

    ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ 12 روزہ جنگ بندی کے بعد بھارتی دفاعی تجزیہ کار پرواین سواہنے نے ایک اہم تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی فوجی برتری کا تاثر شدید زک اٹھا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف طاقت کے استعمال کی حکمتِ عملی پر سوالات اٹھتے رہے، ویسے ہی اب اسرائیل کے لیے بھی اپنی عسکری بالادستی کے دعوے کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

    پرواین سواہنے نے اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر کے اس بیان پر ردعمل دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف جاری مہم کا ایک "اہم باب” مکمل ہو چکا ہے، لیکن یہ مہم ختم نہیں ہوئی۔ سواہنے کے مطابق یہ بیان اسرائیل کی عسکری ناکامی کو ایک "ادھورے مشن” کا نام دے کر چھپانے کی کوشش ہے۔انہوں نے ایران اسرائیل جنگ کا موازنہ جنوبی ایشیائی تناظر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی کشیدگی سے کرتے ہوئے کہا”جیسے بھارت نے پاکستان کے ساتھ حالیہ تنازع کے بعد ‘آپریشن سندور’ کے اگلے مرحلے کا اعلان کیا تھا، ویسے ہی اب اسرائیل بھی جنگ بندی کے باوجود آئندہ مرحلے کی بات کر رہا ہے۔ دونوں صورتوں میں یہ ظاہر کرتا ہے کہ فریقین اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے اور اب اگلے مرحلے کو نجات دہندہ کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔”

    پرواین سواہنے نے کہا کہ اسرائیل کو یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ ایران جیسے ملک نے براہ راست فوجی ردعمل دے کر نہ صرف اسرائیل کے حساس علاقوں کو نشانہ بنایا بلکہ اس کے دفاعی نظام کی کمزوریوں کو بھی بے نقاب کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجی قیادت اب ایک نئے بیانیے کی تیاری میں مصروف ہے تاکہ داخلی سطح پر اپنی عوام کو اعتماد میں لیا جا سکے، اور بین الاقوامی سطح پر یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ اب بھی مشرق وسطیٰ میں فیصلہ کن طاقت ہے۔

    ایران اور اسرائیل کے درمیان رواں ماہ شدید جھڑپیں ہوئیں، جن میں میزائل حملے، ڈرون حملے اور دیگر عسکری اقدامات شامل تھے۔ امریکہ کے آپریشن "مڈنائٹ ہیمر” کے ذریعے ایران کے جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی عروج پر پہنچی، جس کے بعد حالیہ جنگ بندی عمل میں آئی۔ تاہم اس دوران ایران نے بھی تل ابیب سمیت کئی اسرائیلی شہروں کو نشانہ بنایا، جس سے اسرائیل کی دفاعی برتری پر سوالات اٹھے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اس جنگ نے مشرق وسطیٰ میں طاقت کے توازن کو بدل کر رکھ دیا ہے، اور اسرائیل کو اب پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر دفاعی دباو کا سامنا ہوا ہے۔

  • کمزور سائلین کو ریاستی خرچ پر وکلا کی معاونت فراہم کی جائے گی،چیف جسٹس

    کمزور سائلین کو ریاستی خرچ پر وکلا کی معاونت فراہم کی جائے گی،چیف جسٹس

    معزز چیف جسٹس آف پاکستان، جناب جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج معزز جناب جسٹس شکیل احمد اور معزز جناب جسٹس اشتیاق ابراہیم کے ہمراہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن لاہور کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جناب سلمان منصور اور دیگر معزز وکلاء نے پرتپاک استقبال کیا۔

    معزز چیف جسٹس نے بار کا شکریہ ادا کیا اور نظامِ انصاف کی مؤثر عملداری میں وکلاء برادری کے کلیدی کردار کو سراہا۔ اس موقع پر ان کے معزز منصب سے سپریم کورٹ برانچ رجسٹری لاہور میں ایک فزیبلیٹی کی بنیاد پر فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ یہ سینٹر وکلاء اور سائلین کے لیے ایک ون ونڈو سروس فراہم کرے گا، جو شہری مرکوز، ڈیجیٹل طور پر مربوط اور کم لاگت عدالتی نظام کے لیے سپریم کورٹ کے عزم کا مظہر ہوگا۔معزز چیف جسٹس نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ مقدمات کی ڈیجیٹل فائلنگ کو اپنائیں تاکہ عدالتی کارروائیوں میں رفتار اور مؤثریت لائی جا سکے۔ انہوں نے قانون کی حکمرانی کے قیام میں بار کے لازمی کردار کو اجاگر کیا اور اس پیشہ ورانہ شعبے کے لیے بنچ کی گہری عزت اور احترام کا اعادہ کیا۔

    ایک اہم پیش رفت کے طور پر معزز چیف جسٹس نے اعلان کیا کہ قانون و انصاف کمیشن آف پاکستان کے تحت ایک نئی اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت مالی طور پر کمزور سائلین کو ریاستی خرچ پر وکلاء کی معاونت فراہم کی جائے گی، خواہ ان کا مقدمہ مجسٹریٹ عدالت میں ہو یا سپریم کورٹ میں۔ اس اقدام کا مقصد ہر شہری کے لیے مساوی عدالتی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔سیکریٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن جناب سلمان منصور نے معزز چیف جسٹس کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور بار کے مسائل کے حل کے لیے ان کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور عدالتی اصلاحات میں بار کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

    اس سے قبل معزز چیف جسٹس نے سپریم کورٹ برانچ رجسٹری لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں عدالت کی آٹومیشن اور ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے عدالتی عمل کے ہر مرحلے میں ٹیکنالوجی کے انضمام کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کو نمایاں کیا کہ ایسا نظام انصاف تشکیل دیا جائے جو مؤثر، شفاف اور عوامی ضروریات کے مطابق ہو۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے نمائندگان نے معزز چیف جسٹس کو لاہور ہائیکورٹ کے کامیاب ڈیجیٹل اقدامات پر بریفنگ دی اور اپنی پیش رفت کی جھلکیاں پیش کیں

  • ابھینندن کو گرفتار کرنے والے میجر معیز  شہید کی نماز جنازہ ادا

    ابھینندن کو گرفتار کرنے والے میجر معیز شہید کی نماز جنازہ ادا

    جنوبی وزیرستان میں خوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر معیز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر سید معیز عباس شاہ شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں فیلڈمارشل عاصم منیر، وزیرداخلہ اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی،اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ میجر سید معیز عباس نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ دیا، اُن کی یہ قربانی بہادری اور حب الوطنی کی اعلیٰ روایتوں کی علمبردار ہے، قوم ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے، ہم اپنے شہدا کےمقروض ہیں، شہدا کا لہو ہمارے وطن کی بنیاد ہے۔ شہید کا جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ہے جہاں انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

    یاد رہےکہ 27 فروری 2019کو پاکستان نےلائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو زندہ گرفتار کرلیا تھا،پاکستانی حدود میں گرنےکے بعد پاکستانی شہری ابھینندن کو تشدد کا نشانہ بنارہے تھےکہ میجر معیز اپنی ٹیم کے ساتھ وہاں پہنچے اور ابھینندن کو پاکستانی شہریوں سے بچایا اور گرفتار کرلیا

  • پاکستان کا ایران اسرائیل جنگ بندی کا خیرمقدم

    پاکستان کا ایران اسرائیل جنگ بندی کا خیرمقدم

    باغی ٹی وی: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر پاکستان کا مؤقف جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے اور دونوں فریقین سے اس پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں سفارت کاری کی بحالی کی تمام کوششوں کو سراہتا ہے اور ہمیشہ مذاکرات اور سیاسی عمل کے ذریعے امن و استحکام کے قیام کا حامی رہا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن صرف طاقت کے استعمال سے گریز اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری سے ہی ممکن ہے، پاکستان اس سلسلے میں ہونے والی تمام کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

    واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کی تھی، جو قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی حملوں کے بعد سامنے آیا۔

    سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس پیپلزپارٹی میں شامل

    ابھینندن کو گرفتار کرنے والے ہیرو میجر معیز عباس جنوبی وزیرستان میں شہید

    کشن گنگا اور رتلے منصوبے: پاکستان نے کارروائی روکنے کی بھارتی درخواست مسترد کردی

    بھارت کا ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں نیا بدترین ریکارڈ

    نئی دہلی میں فلسطین حامی تنظیموں کا احتجاج، اسرائیلی مظالم اور مودی حکومت پر شدید تنقید