Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • بلیو اکانومی  کے فروغ کےلئے  ہر ممکن اقدامات  کئے جائیں گے، وزیراعظم

    بلیو اکانومی کے فروغ کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن اور علاقائی استحکام کےلئے پرعزم ہے، بلیو اکانومی میں سرمائے کے حصول ، تجارت کے فروغ اور پائیدار اور جامع ترقی کے مواقع موجود ہیں، ملک میں بلیو اکانومی کے فروغ کےلئے تمام متعلقہ فریقوں سے مل کر ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کی سافٹ لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس اہم کانفرنس کے انعقاد میں وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کی شاندار قیادت قابل تعریف ہے، پاک بحریہ قومی دفاع میں اہم ستون ہے، چاہے 1965 میں آپریشن دوارکا ہو یا بھارت کی حالیہ جارحیت ، پاک بحریہ نے ہمیشہ اپنی جدید انداز میں تیاریوں اور غیر متزلزل پیشہ وارانہ صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن ، علاقائی استحکام اور بین الاقوامی اقدار پر عمل درآمد کےلئے پرعزم ہے جو ہماری سمندری سفارتکاری کو رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ امن مشقوں میں 16 ممالک نے شرکت کی، ایک ہزار سے زائد کلومیٹر کوسٹل لائن ، تین اہم بندرگاہیں اور سٹرٹیجک جغرافیہ اور اہم عالمی سمندری راستہ ہونے کے باعث پاکستان کا منفرد مقام ہے، ہمیں اپنے سمندری شعبے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے، بلیو اکانومی کو پاکستانی معیشت کے فروغ میں اہم مقام حاصل ہے، اس میں سرمائے کے حصول ، تجارت کے فروغ اور پائیدار اور جامع ترقی کے مواقع موجود ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی بلیو اکانومی کھربوں ڈالر پر مشتمل ہے، پاکستان کی قومی ترقی اور علاقائی روابط کےلئے بلیو اکانومی کی صلاحیت گیم چینجر کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی میں جہاز سازی، فشریز ، قابل تجدید توانائی کی ری سائیکلنگ، ساحلی سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ مال برداری اخراجات تقریباً 7 ارب ڈالر ہیں، پاکستانی شپنگ کمپنیوں اور غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے درمیان صحت مند مقابلہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان سے ہمیں سیکھنے کی ضرورت ہے جس نے متعدد چیلنجوں کے باوجود اپنے پرعزم ردعمل کے ذریعے اپنے مستقبل کا تعین کیا ، جغرافیائی مسائل اور محدود وسائل کے باوجود جاپان جدید بندرگاہوں کے انفراسٹرکچر ، جدید جہاز سازی اور پائیدار سمندری وسائل کے ذریعے عالمی بحری مرکز بن گیا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بلیو اکانومی سے متعلق مربوط حکمت عملی اور ٹیکنالوجی پر مبنی جدت اور علاقائی اثر ورسوخ ملک کی ترقی کےلئے اہم ستون بن چکا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلیو اکانومی کے فروغ کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، تمام متعلقہ فریقوں کو میری ٹائم قوت کو تبدیل کرنے کےلئے مل کر کوششیں کرنی چاہئیں، یہ وقت کی ضرورت ہے، امید ہے آپ پاکستانی عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہوگی۔ترقی کے عمل میں بلیو اکانومی کے اہم کردار کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔ پاکستان منفرد جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پرکشش ملک ہے، بلیو اکانومی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، 2047 تک 100 ارب ڈالر کی بلیو اکانومی ہمارا ہدف ہے۔

  • ایرانی پارلیمنٹ میں شکریہ پاکستان کے نعرے

    ایرانی پارلیمنٹ میں شکریہ پاکستان کے نعرے

    ایران میں اسرائیل کے خلاف جاری کشیدگی اور جنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے دی جانے والی حمایت کو ایرانی پارلیمنٹ میں خصوصی طور پر سراہا گیا ہے۔ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت کا شکریہ ادا کیا، جس پر ایرانی ارکان نے زوردار انداز میں ‘پاکستان، شکریہ شکریہ’ کے نعرے بلند کیے۔

    ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے ایران کے شہریوں پر کی جانے والی بزدلانہ اور بلا اشتعال حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے ایرانی قوم سے مخاطب ہو کر کہا کہ دشمن کے خلاف ہوشیاری اور اتحاد ناگزیر ہے تاکہ وطن کی حفاظت کی جا سکے۔اجلاس کے دوران شہید ہونے والے ایرانی فوجی کمانڈرز، اہلکاروں اور جوہری سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جان قربان کی۔

    دوسری جانب، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اسرائیل کی بلا اشتعال جارحیت کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے اور اسرائیلی حملہ نہ صرف ایران کی خودمختاری بلکہ علاقائی سالمیت کی بھی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، اور ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

    پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اٹھایا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور اسرائیل کی جانب سے جاری حملے نہ صرف ایران کی خودمختاری کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ عالمی امن اور سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے علاقائی خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں معمول بنتی جارہی ہیں اور عالمی برادری کو اس حوالے سے سخت موقف اختیار کرنا چاہیے۔

  • وزیراعظم سے ایرانی سفیر کی ملاقات،ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی

    وزیراعظم سے ایرانی سفیر کی ملاقات،ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اسلام آباد میں منعقدہ انٹرنیشنل میری-ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے موقع پر پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیر مقدم سے ملاقات ہوئی ہے
    وزیرِ اعظم نے ایران پر حالیہ اسرائیلی جارحیت پر پاکستان کی مذمت اور معصوم لوگوں کی شہادتوں پر پوری قوم کی ایران کے ساتھ ہمدردی کے جذبات کو دہرایا.وزیرِ اعظم نے خطے کے حالیہ منظر نامے پر گفتگو کرتے ہوئے کشیدگی کے دوران پاکستان کی ایران اور اسکے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا. وزیرِ اعظم نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کی حمایت کی، اسرائیلی حملے اقوام متحدہ چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہیں۔

    قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عبداللہ نصر لوتاہ، نائب وزیر برائے کیبینٹ افیئرز فار کمپیٹیٹونس اور نالج ایکسچینج کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کے اعلی سطحی وفد کی ملاقات. وفد میں پاکستان میں عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی اور گورنمنٹ نالج ایکسچینج آفس کے عبداللہ البلوکی اور ابراہیم العلی بھی شامل تھے.وزیراعظم نے اپنے گزشتہ ابو ظہبی کے دورہ میں متحددہ عرب امارات کے صدر عزت مآب محمد بن زائد انہیان سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات انتہائی نتیجہ خیز رہی. پاک بھارت تنازعہ میں متحدہ عرب امارات نے پاک بھارت تناؤ میں کمی میں اپنا اہم کردار ادا کیا.

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے اپنے انتظامی ڈھانچے کو بہتر کرنے کے لئے ڈیجیٹائزیشن اور پیپر لیس اکانومی جیسے اقدامات لیے ہیں. اس کے علاوہ فیس لیس کسٹم سسٹم بھی نافذ کیا گیا ہے.گڈ گورننس کے حصول کے لئے حکومت پاکستان متحدہ عرب امارات کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے تاکہ ان اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جاسکے.ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ سازی میں بہتری لانے کے لئے مؤثر اقدامات لئے جارہے ہیں.متحدہ عرب امارات نے جدید مینیجمنٹ کے نظام سے اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر دیا ہے، اور پاکستان متحدہ عرب امارات کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے.

    متحدہ عرب امارات کے وزیر عبداللہ نصر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی کمیونٹی کے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار کو سراہا. انھوں نے کہا کہ ہم بخوشی پاکستان کے ساتھ تجربات و معلومات کا تبادلہ کرنے کے لئے تیار ہیں.

    بعد ازاں وزیر اعظم اور عبداللہ نصر نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یاداشت کی دستخط کی تقریب میں شرکت کی. اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک متعلقہ شعبوں میں علم اور باہمی تجربے، رہنمائی اور ترقیاتی ماڈلز کا تبادلہ کرتے ہوئے حکومتی کارکردگی کی بہتری میں تعاون کریں گے۔

    اس مفاہمتی یاداشت کے تحت گڈ گورننس، ،ترقیاتی منصوبہ بندی، حکومتی شعبے کی اصلاحات، انسانی وسائل کی ترقی، شہری منصوبہ بندی، اور سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعوں میں تعاون شامل ہیں.تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر تجارت جام کمال خان اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

  • ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان مخالف فیک نیوز پروپیگنڈےکے اصل حقائق

    ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان مخالف فیک نیوز پروپیگنڈےکے اصل حقائق

    ایران پر اسرائیلی جارحیت کے بعد ہندوتوا اور یہود نے سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کیخلاف فیک نیوز کا محاذ کھول دیا

    پاکستان کیخلاف فیک نیوز کی اس منظم اور جارحانہ مہم کا میدان جنگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ہیں،پاکستان مخالف فیک نیوز پروپیگنڈے میں بھارتی سوشل میڈیا فیک اکاؤنٹس سرفہرست ہیں، ایران اسرائیل جنگ کے تناظر میں پاکستان مخالف فیک نیوز پروپیگنڈے میں اسرائیل پر جوہری حملہ ایران کو انٹیلی جنس معلومات کی فراہمی اور فضائی حمایت دینا شامل ہیںماس کے ساتھ ساتھ یہ پروپیگنڈا بھی کیا گیا کہ پاک ایران سرحد پر ممکنہ ایرانی میزائل حملوں کے پیش نظر پاک فضائیہ کو تعینات کیا گیا، پاکستان مخالف فیک نیوز پروپیگنڈے میں بوٹ نیٹ ورک، جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور بلیو ٹیک اکاؤنٹس سے جعلی خبروں کو پھیلا یا گیا، پرانی یا مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی فیک ویڈیوز کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے منسلک نیٹ ورکس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلایا،

    ایکس اکاؤنٹ BRICS News نے لکھا کہ;’’پاکستان کے بقول اس نے اسرائیلی حملے کے خلاف ایران کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کیں‘‘ایکس اکاؤنٹ Islamic Republic of Iran نے لکھا کہ ;’’پاکستان نے امریکا کو آگاہ کردیا ہے کہ ایران پر اسرائیلی ایٹمی حملے کے جواب میں پا کستان اسرائیل پر ایٹمی حملہ کردے گا ‘‘Nepal Correspondence کے مطابق;’’ پاک فضائیہ نے ممکنہ ایرانی میزائل حملے کیخلاف پاک ایران سرحد پر لڑاکا طیارے تعینات کردیئے‘‘ایکس اکاؤنٹس سونیا دیشوال ، SHooMit، no comments اور مصطفیٰ نے لکھا کہ ;’’اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے پاکستان کی جانب سے ایران کو جوہری ہتھیاروں کی سپلائی پر پاکستان پر حملے کا اعلان کردیا ہے‘‘ایکس اکاؤنٹس @RKM اور rkmtimes نے لکھا کہ;’’پاکستان نے اسرائیلی ملٹری ٹارگٹس کی انٹیلی جنس معلومات ایران کو فراہم کیں‘‘

    پاکستان مخالف پھیلائی جانے والی فیک نیوز اور پر وپیگنڈا مکمل جھوٹ پر مبنی ہے ،پاکستان مخالف فیک نیوز پروپیگنڈے کا مقصد خطے میں بڑی جنگ کو چھیڑنا اور اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان کیخلاف بیانیہ ترتیب دینا ہے،فیک نیوز پروپیگنڈےکا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور پاکستان کو اسرائیل مخالف محاذ کا حصہ ظاہر کرنا ہے،پاکستان بارہا مرتبہ واضح کرچکا ہے کہ وہ مشرقی وسطیٰ کے بحران کا پرامن حل چاہتا ہے اور کسی بھی فریق کا عسکری اتحادی نہیں ہے،پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی مگر جنگ میں کسی بھی فریق کو ہتھیاروں کی فراہمی کے پروپیگنڈے کو مسترد کیا،فیک نیوز پروپیگنڈے کرنے والوں نے پاکستان کو ایک طرف سے اسرائیل کیخلاف ظاہر کیا اور دوسری جانب ایران کیخلاف بھی کھڑا کرنے کی کوشش کی،اس فیک نیوز پروپیگنڈے کا انداز ا غیر پیشہ ورانہ ذہنیت کا عکاس ہے جس کی توقع ہمارے ازلی دشمن بھارت سے ہی کی جاسکتی ہے،حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران بھی بھارت نے انتہائی مضحکہ خیز انداز میں فیک نیوز پھیلائیں اور بین الاقوامی سطح پر رسوا ہوا

  • ٹیکس ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنا ہرگز قبول نہیں،وزیراعظم

    ٹیکس ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنا ہرگز قبول نہیں،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی ار کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا

    وزیراعظم نے میڈیا میں رپورٹ ہونے والے ٹیکس نادہندہ گان کی گرفتاری کے معاملے پر فوری نوٹس لیا،وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ سیلز ٹیکس نادہندہ گان کی گرفتاری کا اختیار 1990 کی دہائی سے قانون کا حصہ ہے، تاہم اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے مزید مربوط بنانے کے لیے متعلقہ شقوں میں ترامیم کی جا رہی ہیں،وزیراعظم نے تمام معاملہ جانچنے کے بعد انتہائی سختی سے ہدایت کی کہ اس قسم کی کسی بھی ترمیم کو کاروباری برادری یا ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کے لیے ہرگز استعمال نہیں کیا جائے گا

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ با قاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنا ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کی عزت اور توقیر ہمارے سر آنکھوں پر ہے اور ان کو بلا جواز ہراساں کرنا نا قابل قبول ہے، وزیراعظم نے اس معاملے پر ایک خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس قوانین میں گرفتاری کا اختیار صرف اور صرف غیر معمولی حجم کے ٹیکس نادہندہ گان تک محدود ہونا چاہیےموزیراعظم نے ہدایت کی کہ گرفتاری کے حوالے سے ایکسٹرنل ریویو اور چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام وضع کیا جائے ،ان قوانین کے غلط استعمال سے تحفظ سے متعلق شقیں فائنانس ایکٹ کا حصہ بنائی جائیں، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس معاملے پر پارلیمان میں موجود تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت یقینی بنائی جائے

    اجلاس میں وفاقی وزراء برائے دفاع، قانون، تجارت، اقتصادی امور، اطلاعات و نشریات، وزیر مملکت برائے ریلویز، چئیرمین ایف بی آر، معاشی امور کے ماہرین اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی

  • ڈیلی میل کی پاکستان کیخلاف من گھڑت خبر،مبشر لقمان برس پڑے

    ڈیلی میل کی پاکستان کیخلاف من گھڑت خبر،مبشر لقمان برس پڑے

    سینئر صحافی و اینکرپرسن مبشر لقمان نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی من گھڑت، جھوٹی خبر کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیلی میل کا یہ دعویٰ کہ پاکستان نے اسرائیل کو ایٹمی حملے کی دھمکی دی ہے،من گھڑت ہے،

    مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے معتبر ذرائع سے اس خبر کی تحقیقات کی ہے اور یہ مکمل طور پر جھوٹ اور پراپیگنڈا ہے۔ ڈیلی میل کو چاہیے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اور فرضی مضامین شائع کرنا بند کرے جو ایک خاص ایجنڈے کے تحت پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے پھیلائے جا رہے ہیں، برطانوی میڈیا کو پاکستان کے خلاف اس قسم کی جھوٹی خبریں پھیلانے کے بجائے ان بچوں کے بارے میں لکھنا چاہیے جو اسرائیل کے ہاتھوں غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں میں بے دردی سے قتل کیے جا رہے ہیں،جو زندہ جلائے جا رہے ہیں، جن پر بم برسائے جا رہے ہیں، اور جو بھوک سے مر رہے ہیں۔”

    مبشر لقمان نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نیتن یاہو ایک جنگی مجرم ہے جسے عالمی فوجداری عدالت میں پیش کر کے اس کے جرائم کی سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری اور خاص طور پر مغربی میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی دوہری پالیسیوں کو ترک کریں اور اسرائیل کی کھلی دہشت گردی اور نسل کشی کے خلاف آواز بلند کریں۔ فلسطین میں جاری انسانیت سوز مظالم پر خاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے،مبشر لقمان نے بین الاقوامی صحافتی اداروں پر زور دیا کہ وہ صحافتی اصولوں کی پاسداری کریں اور ایسی خبریں شائع نہ کریں جو بغیر ثبوت کے کسی ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا باعث بنیں۔

  • وزیراعظم نے ٹیکس فراڈ میں ملوث تاجروں کی گرفتاری کی تجویز کا نوٹس لے لیا

    وزیراعظم نے ٹیکس فراڈ میں ملوث تاجروں کی گرفتاری کی تجویز کا نوٹس لے لیا

    وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی بجٹ 2025-26 میں ٹیکس چوری میں ملوث تاجروں کو گرفتار کرنے کی ایف بی آر کی تجویز کا نوٹس لے لیا ہے، اور اس حوالے سے اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

    ایف بی آر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فنانس بل میں شامل اس شق پر سنجیدگی سے غور کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا ہے جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر، اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ شریک ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ قانون سازی کے تحت ایسے تاجروں کو جو جان بوجھ کر ٹیکس فراڈ میں ملوث پائے جائیں، انہیں گرفتار کرنے کا اختیار ایف بی آر کو دیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، اس قانون کے تحت ٹیکس چوری ثابت ہونے پر سزا کی مدت 10 سال تک ہو سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے تجویز دی ہے کہ بھاری ٹیکس چوری، جعلی انوائسز، اور ریونیو چھپانے جیسے جرائم پر نہ صرف جرمانے بلکہ قید کی سزا بھی دی جائے تاکہ ملک میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جا سکے اور محصولات میں اضافہ ہو۔

    تجارتی حلقوں کی جانب سے اس تجویز پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف تاجر تنظیموں نے اسے کاروباری طبقے کے خلاف “انتقامی کارروائی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سے مہنگائی اور معاشی دباؤ کا شکار تاجر مزید پریشان ہوں گے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کاروباری طبقے کے تحفظات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرے گی، اور کسی بھی اقدام سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

  • پاکستان کی جانب سے اسرائیل پر جوہری حملے کی دھمکی کا پروپگینڈا بے نقاب

    پاکستان کی جانب سے اسرائیل پر جوہری حملے کی دھمکی کا پروپگینڈا بے نقاب

    پاکستان کی جانب سے اسرائیل پر جوہری حملے کی دھمکی کا جھوٹا اور من گھڑت پروپگینڈا بے نقاب ہو گیا

    انتہا پسند بھارتی حکومت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کے مزید شواہد منظر عام پر آ گئے،بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پاکستان کیخلاف زہریلا پروپیگنڈا شروع کیا گیا ،را کے فیک اکاؤنٹ
    @Iriran_official نے دعویٰ کیا کہ;’’اسرائیلی چینلز کے مطابق پاکستان نے امریکا کو آگاہ کیا کہ اگر ایران پر جوہری حملہ ہوا تو پاکستان اسرائیل کے خلاف جوہری ردعمل دے گا‘‘

    بھارتی خفیہ ایجنسی را کے اس منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد اسرائیل کیلئے ہمدردیاں پیدا کرنا ہے، اس زہریلے پروپیگنڈے کو پاکستان کی وزارت خارجہ نے یکسر مسترد کردیا ہے، حکومت پاکستان واضح کرچکی ہے کہ وہ ایران کی بین الاقوامی فورمز پر اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گی،اس خبر کے جھوٹا ہونے کا یہ بھی ثبوت ہے کہ بیان کے ساتھ ایکس کا ایک وضاحتی نوٹ بھی شامل کیا گیا ہے، وضاحتی نوٹ کے مطابق ’“کسی بھی مستند یا سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ پاکستان نے امریکا کو ایسا کوئی پیغام دیا ہے‘‘خواجہ آصف کے حوالے سے جھوٹ بولا گیا کہ پاکستان نے ایران کو حملے سے قبل انٹیلی جنس معلومات فراہم کیں،خواجہ آصف نے 14 جون کو قومی اسمبلی میں ایسا کوئی اعتراف نہیں کیا،اب آر ٹی وی نے بھی اس بیان کی غلط تشریح کرنے پر معذرت کی ہے،ایک طرح سے آر ٹی کا بھی یہ اقرار ہے کہ یہ پروپیگنڈا تھا جس شکار وہ بھی ہوئے ہیں،

    اس سے قبل بھارتی خفیہ ایجنسی را اور اسرائیل ملکر پاکستان کو FATF گرے لسٹ میں شامل کرانے پر کام کرتے رہے،پاکستان کو FATF گرے لسٹ میں شامل کرانے میں ناکامی کے بعد اب "را” نے یہ گھٹیا پروپیگنڈا شروع کردیااس منفی پروپیگنڈے کا مقصد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ امریکا سے توجہ ہٹانا بھی ہے،

  • ایران پر حملے کی قیمت چکانا ہوگی،  ایرانی فوجی قیادت ختم کی، اسرائیلی آرمی چیف

    ایران پر حملے کی قیمت چکانا ہوگی، ایرانی فوجی قیادت ختم کی، اسرائیلی آرمی چیف

    اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زمیر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر ابتدائی حملوں میں اعلیٰ فوجی قیادت کو ختم کر دیا گیا تھا اور اسرائیل اس کارروائی کی قیمت چکانے کے لیے تیار تھا۔

    دی یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) کے چیف آف اسٹاف ایال زمیر نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں تہران تک ایک محفوظ فضائی راستہ کامیابی سے کھولا ہے۔ اسرائیلی پائلٹ اسرائیل سے دور جاکر دشمن کے سینکڑوں اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کی جانب سے فائر کیے گئے میزائلوں کو بروقت شناخت کرکے تباہ کیا جا رہا ہے۔ایال زمیر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی عوام سے ہمارا وعدہ ہے کہ جو بھی ان کو نقصان پہنچائے گا، اسے دنیا کے کسی بھی مقام پر اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ ہمیں معلوم تھا کہ ایران پر حملہ کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، لیکن ہم نے وقت سے پہلے کارروائی کی، تاکہ خطرہ قابو سے باہر نہ ہو۔

    آئی ڈی ایف چیف نے تسلیم کیا کہ اس آپریشن کے دوران اسرائیلی شہری میزائل حملوں میں جاں بحق ہوئے، تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ فوج جانی نقصان کو کم سے کم رکھنے کے لیے تمام تر جدید نظام اور حربے استعمال کر رہی ہے، اگرچہ یہ مکمل طور پر محفوظ نہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

    ایال زمیر نے کہا کہ ہم اپنی فوجی کارروائیوں میں تیزی لائیں گے اور آنے والے سالوں میں اسرائیلی سلامتی کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی میں چند گھنٹوں میں بہتری کی امید، میکرون کا دعویٰ

    اسرائیلی حملہ: پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس چیف محمد کاظمی اور نائب حسن محقق شہید

    نیدرلینڈز میں ڈیڑھ لاکھ افراد کا فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج، نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ

    ایران اور اسرائیل کے درمیان جلد جنگ بندی ہو جائے گی،ٹرمپ کا دعویٰ

    تل ابیب میں غزہ اور ایران پر حملوں کے خلاف احتجاج، 3 مظاہرین گرفتار

  • ایران کے اسرائیل پر  پھر بیلسٹک میزائل حملے، تہران و مشہد پر اسرائیلی بمباری

    ایران کے اسرائیل پر پھر بیلسٹک میزائل حملے، تہران و مشہد پر اسرائیلی بمباری

    ایران کی جانب سے اسرائیل پر ایک مرتبہ پھر بیلسٹک میزائلوں سے بھرپور حملے کیے گئے ہیں، جن میں مزید 50 میزائل داغے گئے۔

    دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے مشہد ایئرپورٹ پر ایرانی فضائیہ کے ری فیولنگ طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے تہران، شیراز اور اصفہان میں ایرانی فوجی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر حملوں کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی شہر قیصریہ میں ہونے والے حملے میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا خاندانی گھر بھی متاثر ہوا ہے۔

    ایرانی خبررساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق تہران میں ایک ساتھ پانچ بم دھماکے ہوئے، جن میں زیادہ تر سرکاری عمارتوں کے نزدیک کار بم دھماکوں کی نوعیت کے تھے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں ایک کار سے اٹھتا ہوا دھواں اور اردگرد عمارتوں کے تباہ شدہ شیشے نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

    اتوار کے روز تہران پولیس ہیڈکوارٹر سمیت دیگر مقامات پر بھی حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اسرائیلی حملے تیسرے روز بھی جاری رہے، جن میں اصفہان کی جوہری سائٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہاں یورینیم کی افزودگی کے انفرااسٹرکچر کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

    اسرائیلی فضائیہ نے تہران میں شاہ ران آئل ڈپو، فجر جام گیس فیلڈ اور دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈ جنوبی فارس کو بھی نشانہ بنایا، جبکہ سپریم کورٹ اور فوجی انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر پر بھی بمباری کی گئی۔

    مشہد اور تہران میں حملوں کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، جب کہ پانی اور سیوریج کے نظام کو نشانہ بنانے کے باعث سڑکیں زیر آب آ گئیں، اور ٹریفک کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ دھماکوں کے بعد دونوں شہروں میں سائرن کی آوازیں گونجتی رہیں، جس سے شدید خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔

    اسرائیل نے مشہد ایئرپورٹ پر ایرانی فضائیہ کے ری فیولنگ طیارے کو نشانہ بنانے کو "پیشگی دفاعی اقدام” قرار دیا ہے، جس کا مقصد ایران کی فضائی صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔