Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کیلئے اپیل،سپریم کورٹ نے نمٹا دی

    عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کیلئے اپیل،سپریم کورٹ نے نمٹا دی

    سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کے لیے دائر پنجاب حکومت کی اپیلیں نمٹا دیں۔

    دوران سماعت عدالت نے کہا کہ پنجاب حکومت چاہے تو ٹرائل کورٹ سے رجوع کر سکتی ہے، بانی پی ٹی آئی کے وکلاء درخواست دائر ہونے پر مخالفت کرنے کا حق رکھتے ہیں،جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری کو ڈیڑھ سال گزر چکا، اب تو جسمانی ریمانڈ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ ملزم کے فوٹو گرامیٹک، پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرانے ہیں،جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ درخواست میں استدعا ٹیسٹ کرانے کی نہیں جسمانی ریمانڈ کی تھی،

    جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ کسی عام قتل کیس میں تو ایسے ٹیسٹ کبھی نہیں کرائے گئے، توقع ہے عام آدمی کے مقدمات میں بھی حکومت ایسے ہی کارکردگی دکھائے گی،جسٹس ہاشم کاکڑ نے سوال کیا کہ ڈیڑھ سال بعد جسمانی ریمانڈ کیوں یاد آیا،اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم بانی پی ٹی آئی نے تعاون نہیں کیا،جسٹس ہاشم کاکڑ نے سوال کیا کہ جیل میں زیرِ حراست ملزم سے مزید کیسا تعاون چاہیے؟ میرا ہی ایک فیصلہ ہے کہ ایک ہزار سے زائد ضمنی چالان بھی پیش ہو سکتے ہیں، ٹرائل کورٹ سے اجازت لے کر ٹیسٹ کروالیں،جسٹس صلاح الدین پنہور نے سوال کیا کہ استغاثہ قتل کے عام مقدمات میں اتنی متحرک کیوں نہیں ہوتی؟ اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ 14جولائی 2024ء کو ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کرنے جیل گئی لیکن ملزم نے انکار کر دیا، بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایسے پیغامات ہیں جن میں کہا گیا گرفتاری ہوئی تو احتجاج ہو گا،جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ اگر یہ سارے بیانات یو ایس بی میں ہیں تو جا کر فارنزک ٹیسٹ کرائیں،اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم صرف یہ چاہتے ہیں ہمارے ساتھ تعاون کیا جائے۔

    وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اب پانی سر سے گزر چکا ہے، 26 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہوچکے ہیں،جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ اگر ہم نے کوئی آبزرویشن دے دی تو ٹرائل متاثر ہوگا، ہم استغاثہ اور ملزم کے وکیل کی باہمی رضامندی سے حکمنامہ لکھوا دیتے ہیں،ذوالفقار نقوی نے کہا کہ میں اسپیشل پراسیکیوٹر ہوں، میرے اختیارات محدود ہیں، میں ہدایات لیے بغیر رضامندی کا اظہار نہیں کر سکتا،جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ چلیں ہم ایسے ہی آرڈر دے دیتے ہیں، ہم چھوٹے صوبوں سے آئے ہوئے ججز ہیں، ہمارے دل بہت صاف ہوتے ہیں، 5 دن پہلے ایک فوجداری کیس سنا، نامزدملزم کی اپیل 2017ء میں ابتدائی سماعت کے لیے منظور ہوئی، کیس میں نامزد ملزم 7 سال تک ڈیتھ سیل میں رہا جسے باعزت بری کیا گیا، ہمیں 3 ماہ کا وقت دیں فوجداری کیسز ختم کر دیں گے۔

    سپریم کورٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کے لیے دائر کی گئی اپیلیں 2 بنیادوں پر نمٹائی جاتی ہیں، استغاثہ بانہ پی ٹی آئی کے پولی گرافک ٹیسٹ، فوٹو گرافک ٹیسٹ اور وائس میچنگ ٹیسٹ کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے میں آزاد ہے، بانی پی ٹی کی قانونی ٹیم ٹرائل کورٹ میں ایسی درخواست آنے پر لیگل اور فیکچوئل اعتراض اٹھا سکتی ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں‌پر حملہ،پاکستان کا ردعمل

    مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں‌پر حملہ،پاکستان کا ردعمل

    پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے حملے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگا میں دو غیر ملکیوں سمیت 28 سیاحوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ مقبوضہ وادی کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے بھی فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی گئی تاہم بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعے کے فوری بعد بغیر کسی ثبوت کے الزام پاکستان پر تھوپ دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں حملے میں سیاحوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اننت ناگ میں ہونے والے حملے میں سیاحوں کی ہلاکت پر تشویش ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں اور حملے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

  • آرمی چیف کیخلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز ویڈیو،مقدمہ درج

    آرمی چیف کیخلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز ویڈیو،مقدمہ درج

    لاہور: سوشل میڈیا پر حساس اداروں اور سربراہ کے خلاف توہین آمیز پوسٹ کرنے پر شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا،

    سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کرنے پر مقدمہ ملزم وقار خان کے خلاف درج ہوا، مقدمہ تھانہ شادباغ میں پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا،مقدمہ میں دیگر دفعات بھی شامل کی گئی،اندراج مقدمہ کے بعد پولیس نے مزید قانونی کاروائی کا آغاز کردیا،مقدمہ محمد وقاص کی مدعیت میں درج کیا گیا، درج مقدمے میں کہا گیا کہ شادباغ کا رہائشی ہوں اور سیلز مین ہوں،اپنے گھر دوست اسد اور ریاست کے ہمراہ موجود تھا کہ موبائل فون سے سوشل میڈیا آئی ڈی وقاص بٹ چلا رہا تھا کہ اسی اثنا میں ایک ویڈیو میرے سامنے آئی جو کہ کسی نامعلوم شخص نے فیس بک آئی ڈی وقار خان سے پوسٹ کی جو محترم آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے خلاف اپلوڈ کی گئی،اس ویڈیو میں آرمی چیف اور ان کے بھائی کی شخصیت کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے،پاکستان کے آرمی چیف کو ہدف تنقید بنایا جا رہا ہےجس سے نہ صرف ان کا عزت و وقار مجروح ہو رہا ہے بلکہ عوام میں بداعتمادی کی فضا بھی پیدا ہو ئی،یہ عمل سوشل میڈیا قوانین اور سائبر کرایم کے زمرے میں آتا ہےملزم کے خلاف فوری کاروائی کی جائے.

  • مقبوضہ کشمیر میں حملہ، بھارتی میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ

    مقبوضہ کشمیر میں حملہ، بھارتی میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ

    غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں کشمیر میں پہلگام کے علاقے بیسرن میں غیر مقامی افراد پر حالیہ حملے کے ساتھ ہی بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں نے بھارتی میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ شروع کر دیا ہے۔

    پہلگام کی وادی بیسرن میں غیر مقامی افراد پر حملے نے ایک بار پھر مقبوضہ جموں کشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے بھارتی دعووں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ جہاں مقامی سیاسی قیادت نے فوری طور پر اس واقعے کی مذمت کی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف احتساب کا مطالبہ کیا، وہیں بی جے پی کے رہنما رویندر رائنا نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے اپنا معمول کا بیانیہ پیش کیا، جو ایسے مواقع پر اکثر سننے کو ملتا ہے۔

    بھارتی میڈیا اس حملے کو سیاحت کو نقصان پہنچانے اور خوف پھیلانے کی کوشش کے طور پر پیش کر رہا ہے، تاکہ سکیورٹی کی ناکامی اور انتظامی نقائص سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ اس ردعمل سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ بھارت داخلی ناکامیوں کو بیرونی عوامل کا بہانہ بنا کر چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔اس واقعے نے مقبوضہ کشمیر میں حالات کے معمول کے مطابق ہونے کے بھارتی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ حقیقت میں، علاقے میں حالات بے حد غیر مستحکم ہیں۔ بھارت کی جانب سے امن اور ترقی کے جھوٹے بیانیے کو ایک بار پھر بے نقاب کیا گیا ہے۔بھارت، ریاستی پالیسی کے طور پر اصل زمینی حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے جھوٹ بولنے اور پروپیگنڈہ پھیلانے پر مصر ہے، لیکن دنیا کو زیادہ دیر تک زہریلے پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے سے گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں فائرنگ کے نتیجے میں متعدد سیاح ہلاک ہوگئے ہیں ۔ بھارت روایتی طور پر کسی غیر ملکی سربراہ کے دورے یا اہم موقع پر، فالس فلیگ کا ڈرامہ رچا کر دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے قابو سے باہر سیکورٹی حالات سے ہٹانا چاہتا ہے، یہ محض اتفاق نہیں کے مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر مبینہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب امریکی نائب صدر بھی ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

  • عالمی دنیا  کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بنانا ہوگی، شہباز شریف

    عالمی دنیا کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بنانا ہوگی، شہباز شریف

    وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ عالمی دنیا کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی بنانا ہوگی۔

    باغی ٹی وی کے مطابق ترکیہ میں صدرطیب اردوان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےشہباز شریف کا کہنا تھا کہ طیب اردوان ایک دوراندیش اوروژنری لیڈرہیں، 2010کےسیلاب میں ترکیہ صدر نےپاکستان کا دورہ کرکےمتاثرین سےبھرپوریکجہتی کا مظاہرہ کیا اور سیلاب کےدوران پاکستان کی بھرپورمدد کی۔ شانداراستقبال پرصدر ترکیہ اور ترک عوام کا شکرگزارہوں، طیب اردوان سےملاقات پرخوشی ہوئی،ان کی قیادت میں ترکیہ نےشاندارترقی کی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں50ہزارمعصوم جانوں کےضیاع کی شدید مذمت کرتےہیں، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتےہیں، مسئلہ کشمیرپرترکیہ کی غیرمتزلزل حمایت پرمشکورہیں، شمالی قبرص کےمعاملےپرترکیہ کےموقف کی حمایت کرتےہیں۔ ہم نےمختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبےشروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، انسداد دہشت گردی کے لیے ترکیہ کے تعاون کے مشکورہیں، دونوں ملکوں میں توانائی، کان کنی، معدنیات اورآئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پراتفاق ہوا۔

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہےکہ دہشت گردی کےخلاف مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، قیام امن کےلیےاقوام عالم کودہشت گردی سےنمٹنےکےلیےحکمت عملی بنانا ہوگی۔

    طیب اردوان

    اس موقع پر ترکیہ کے صدرطیب اردوان نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کوترکیہ آمد پرخوش آمدید کہتا ہوں،دفاعی شعبےمیں پاکستان سے مل کر مشترکہ منصوبےشروع کرنا چاہتےہیں ،عالمی امورپردونوں ملکوں کےخیالات میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ باہمی رابطےمضبوط دوستی کی علامت ہیں،پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتےہیں۔طیب اردوان نے مزید کہا کہ دونوں ملک آزاد اورخودمختارفلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں۔

  • پاکستان اب صحیح سمت میں چل پڑا ،نواز شریف

    پاکستان اب صحیح سمت میں چل پڑا ،نواز شریف

    لندن، اظہر جاوید ، سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحافیوں سے ملاقات، اہم انکشافات اور تعمیری تجاویز

    سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے میڈیا نمائندوں سے ایک غیر رسمی (آف دی ریکارڈ) ملاقات کی، جس میں انہوں نے صحافیوں کے سخت ترین سوالات کے کھلے دل سے جوابات دیے۔ ملاقات کے دوران نواز شریف نے پنجاب کی ترقی، ملکی معیشت، اور سیاسی قیادت کے حوالے سے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ “پاکستان اب صحیح سمت میں چل پڑا ہے، وزیراعظم شہباز شریف بہترین کام کر رہے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے گرتی ہوئی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیا ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
    nawaz
    پنجاب کے حوالے سے نواز شریف نے مختلف تجاویز پیش کیں، جن کا مقصد صوبے کو اس کی تاریخی اور خوبصورتی والی حالت میں واپس لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی بحالی کے لیے کئی منصوبے جاری ہیں اور جلد ہی شہر کو اس کی اصلی حالت میں بحال کیا جائے گا۔مریم نواز کے کردار پر بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ “مریم نواز نے پنجاب میں ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں اور وہ کسی بھی منصوبے میں میرٹ کے خلاف کوئی کام نہیں کر رہیں۔”

    اپنی صحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا مجھے دیکھ لیں میں بلکل صحت مند ہوں نواز شریف نے آخر میں کہا کہ “ہم سب کو مل کر پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، یہی وقت ہے کہ قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی جائے۔”

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیاحوں پر حملہ، 26 افراد ہلاک

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیاحوں پر حملہ، 26 افراد ہلاک

    مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں کے گروپ پر مسلح افراد کے حملے میں 2 غیرملکیوں سمیت 26 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا ٹوڈے نے لکھا کہ 26 افراد ہلاک ہوئے جن میں 2 غیرملکی شامل ہیں۔ زی نیوز کے مطابق ایک غیرملکی کا تعلق نیپال اور دوسرے کا متحدہ عرب امارات سے ہے۔ اس حوالے سے بھارتی میدیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سیاح جانیں بچانے کیلئے بھاگے لیکن وہاں چھپنے کی بھی کوئی جگہ نہیں تھی۔ حملے کے نشانہ بننے والوں میں کئی بھارتی جوڑے شامل تھے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک تصویر میں ایک بھارتی خاتون اپنے شوہر کی لاش کے ساتھ بیٹھی ہے۔

    منگل کی دوپہر ڈھائی بجے کے قریب مسلح افراد نے پہلگام کے بیسرن میڈوز میں بھارتی سیاحوں کے ایک گروپ پر قریب سے آکر فائرنگ کردی، حملے کے بعد خوفناک مناظر تھے، ہر طرف لاشیں بکھر گئیں۔ہلاک ہونے والوں میں افراد بھارتی بحریہ کا ایک اہلکار اور انٹیلی جنس بیورو کا اہلکار بھی شامل ہے۔ 26 سالہ لیفٹیننٹ ونے نروال کی 16 اپریل کو شادی ہوئی تھی۔

    اس حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ کشمیر کے مزاحمتی فرنٹ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔واجھ رہے کہ بیسرن میڈوز پہلگام ہل اسٹیشن سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ایک کھلا میدان ہے جہاں تک صرف پیدل یا چھوٹے گھوڑوں (پونیوں) پر جایا جا سکتا ہے۔حملے کے بعد بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس بلا لیا۔ تاہم بھارتی فوج اور پولیس کے اہلکار تاخیر سے حملے کے مقام پر پہنچے اور اس وقت تک حملہ آور جا چکے تھے۔واقعے کی مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ نے حملے کی مذمت کی ہے۔

    سابق اداکارہ عفت عمر نے حکومتی عہدہ ٹھکرا دیا

    کراچی، ڈمپر ڈرائیور نے ریس لگاتے ہوئے کارسوار خاندان کچل دیا

    پی آئی اے نجکاری، پھر درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ

    پی ایس ایل 10، ملتان کا لاہور کو جیت کیلئے 229رنز کا ہدف

    کراچی کے تاجروں کی 26 اپریل کو ہڑتال کی حمایت

  • پاکستان اسپیس ٹیکنالوجی شعبے کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے ،وزیراعظم

    پاکستان اسپیس ٹیکنالوجی شعبے کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے ،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین سے تعلق رکھنے والی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنی گلیکسی اسپیس کے وفد کی چیئرمین گلیکسی اسپیس زو منگ کی قیادت میں ملاقات ہوئی ہے

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اسپیس ٹیکنالوجی شعبے کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے ،چین ہمارا انتہائی قابل اعتماد دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار ہے،چین کے ساتھ اسپیس ٹیکنالوجی ،اسپیس سٹیلائیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن, سٹیلائیٹ انٹر نیٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہے ،

    گلیکسی اسپیس کے وفد نےپاکستان کی اسپیس ٹیکنالوجی انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور پاکستانی اسپیس ٹیکنالوجی کے اداروں اور نجی ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہارکیا،وفد کے ارکان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور سپارکو کے حکام سے ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں،وفد نےپاکستان میں پرتپاک میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا،ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

  • افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ، خشک میوہ جات پر مشتمل کنٹینر سے افیون برآمد

    افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ، خشک میوہ جات پر مشتمل کنٹینر سے افیون برآمد

    اسلام آباد: افغانستان سے پاکستان کے راستے کینیڈا بھیجے جانے والے خشک میوہ جات کے کنٹینر سے ۲۶۰۰ کلوگرام افیون برآمد ہوئی ہے۔ یہ کامیاب کارروائی پاکستان کے انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے اپریل ۱۹، ۲۰۲۵ کو جنوبی ایشیا پاکستان ٹرمینل پر کی۔

    یہ سامان کابل سے قندھار میں افغان کسٹمز حکام کی جانب سے کلیئر کر کے چمن بارڈر کے ذریعے پاکستان روانہ کیا گیا تھا۔ شپمنٹ کو کینیڈا کے لیے بک کرایا گیا تھا اور یہ "محمد کمپنی امپورٹ ایکسپورٹ” کے ذریعے بھیجا جانا تھا۔ اے این ایف کی ٹیم نے جب سامان کی مکمل تلاشی لی تو ۱۸۱۶ کارٹنز میں سے ۲۶۰ کارٹن میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی ۲۶۰۰ کلوگرام افیون برآمد کی۔ ان کارٹنز میں خشک میوہ جات، خاص طور پر کشمش کی آڑ میں منشیات چھپائی گئی تھیں، اور یہ اتنی مہارت سے چھپائی گئی تھیں کہ ان کا رنگ اور شکل کشمش سے ملتا جلتا تھا، جس کی وجہ سے انہیں پہچاننا تقریباً ناممکن تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سامان کا اصل مالک قندھار کا رہائشی افغان شہری سلطان محمد سلطانی ہے، جس کی شناخت افغان حکومت کے ساتھ وزارت خارجہ کے ذریعے کی جا چکی ہے تاکہ مجرم کو گرفتار کیا جا سکے۔

    یہ کامیاب کارروائی اے این ایف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید اسمگلنگ کے طریقوں کے سدباب کی ایک اہم مثال ہے۔ اس کارروائی سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ منشیات کے اسمگلروں نے کس قدر جدید اور پیچیدہ طریقوں کا استعمال کیا تھا تاکہ ان کی سرگرمیاں چھپائی جا سکیں۔

    پاکستان کی انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے اس کارروائی کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید اسمگلنگ کے طریقوں کو ناکام بنانے کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ اگرچہ منشیات اسمگلنگ کے حربے دن بدن پیچیدہ ہو رہے ہیں، لیکن اے این ایف ان کا تدارک کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

    یہ کارروائی نہ صرف افغانستان اور پاکستان کے درمیان منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایک اہم قدم ہے، بلکہ عالمی سطح پر بھی منشیات کے خلاف جنگ میں ایک کامیابی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ اے این ایف کی یہ کامیاب کارروائی منشیات کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ تعاون کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہے۔

  • پولیس نے بنوں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

    پولیس نے بنوں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

    بنوں: پولیس نے بنوں میں دہشتگردوں کے حملے کو بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا۔ سینٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق، رات کے وقت بنوں کے دھڑئے پل پر پولیس چوکی پر 19 دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ یہ دہشتگرد 8 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جن میں سے 3 دہشتگرد پولیس چوکی کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھے گئے۔

    سی پی او پشاور کے مطابق، دہشتگردوں کا مقصد پولیس چوکی کے کیمروں کو نشانہ بنا کر چوکی پر حملہ کرنا تھا۔ دہشتگردوں نے مختلف اطراف سے پولیس چوکی پر فائرنگ کی، تاہم پولیس اہلکاروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔پولیس کی طرف سے کی جانے والی فوری کارروائی کی بدولت دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سینٹرل پولیس آفس پشاور نے مزید بتایا کہ اس واقعہ کے بعد علاقے میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ دہشتگردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔

    یہ واقعہ دہشتگردی کے خلاف پولیس کی مؤثر کارروائیوں کا ایک اور واضح ثبوت ہے، جس سے علاقے کی سکیورٹی کے حوالے سے عوام میں اعتماد بڑھا ہے۔