Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • بہاولنگر :فرح نسیم گرلز کالج میں صارفین کے حقوق پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

    بہاولنگر :فرح نسیم گرلز کالج میں صارفین کے حقوق پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

    (بہاولنگر باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) حکومتِ پنجاب بہاولنگر کی اطلاع کے مطابق یکم نومبر 2025 کو گورنمنٹ گرلز گریجویٹ کالج فار ویمن بہاولنگر میں صارفین کے حقوق کے موضوع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی نگرانی کالج کی پرنسپل پروفیسر فرح نسیم نے کی، جبکہ طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب سے پرنسپل فرح نسیم، سابق پرنسپل خالدہ محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رفعت انجم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کنزیومر کونسل سید مخدوم حسین نے خطاب کیا۔ مقررین نے شرکاء کو صارفین کے حقوق، اسلام میں تجارت کے اصولوں، پنجاب صارف تحفظ قانون کی افادیت اور تاجروں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

    سید مخدوم حسین نے بتایا کہ تاجروں کا قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنا، رسید جاری نہ کرنا، زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرنا یا اشیاء و خدمات کی درست معلومات فراہم نہ کرنا قابلِ سزا عمل ہے، جس پر اتھارٹی ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صارف عدالت میں شکایت درج کرانے کا مکمل طریقہ کار قانون کے مطابق نہایت آسان بنایا گیا ہے تاکہ عوام اپنے حقوق کا تحفظ کر سکیں۔

    تقریب کے اختتام پر پرنسپل فرح نسیم نے تمام معزز مہمانوں اور مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی آگاہی مہمات معاشرے میں ذمہ دارانہ خرید و فروخت کے رجحان کو فروغ دیتی ہیں اور صارفین کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

  • بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ای بز پروگرام کا جائزہ اجلاس

    بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ای بز پروگرام کا جائزہ اجلاس

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت ای بز پروگرام کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں ای بز پروگرام کی کارکردگی، عوامی سہولتوں اور سروس ڈیلیوری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور حسین، اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر اور متعلقہ محکموں کے افسران اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ای بز پروگرام کے تحت قائم عوامی سہولت مراکز کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کاروباری و سرکاری خدمات تک شفاف اور تیز رسائی حاصل ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ای بز پروگرام حکومتِ پنجاب کا عوام دوست اقدام ہے جس سے ضلع بھر میں سروس ڈیلیوری کے نظام میں شفافیت اور بہتری آ رہی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام محکموں کو مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

  • بہاولنگر: وزیراعلیٰ مریم نواز کے ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کو گھر کی بحالی کی رقوم کی تقسیم

    بہاولنگر: وزیراعلیٰ مریم نواز کے ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کو گھر کی بحالی کی رقوم کی تقسیم

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج بہاولنگر میں سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں متاثرہ خاندانوں کو گھر کی بحالی تک مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    کیمپ میں 50 ہزار سے 10 لاکھ روپے تک کی رقوم دی جا رہی ہیں۔ متاثرین کے لیے جوس اور دوپہر کے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا متاثرینِ سیلاب کی بحالی کا ویژن قابلِ تحسین ہے۔

  • اوچ شریف: مریم نواز کا سیلاب ریلیف پیکج فلاپ، کہیں لاکھوں، کہیں چند ہزار، متاثرین کا انصاف کا مطالبہ

    اوچ شریف: مریم نواز کا سیلاب ریلیف پیکج فلاپ، کہیں لاکھوں، کہیں چند ہزار، متاثرین کا انصاف کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے اعلان کردہ بحالی پیکج پر عملدرآمد میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آگئی ہیں۔ سیلاب متاثرین کے مطابق اعلانات کے برعکس رقم کی تقسیم میں غیر مساوات، بدنظمی اور مبینہ اقرباپروری نے متاثرہ عوام کو شدید مایوسی سے دوچار کر دیا ہے۔

    اوچ شریف کے نواحی علاقوں ترنڈ بشارت، رتھر نھڑانوالی، سرور آباد، بیٹ احمد بختیاری، چک کہل سمیت متعدد دیہاتوں میں متاثرین کو غیر مساوی رقوم دی جا رہی ہیں۔ بعض مقامات پر پکے گھروں کے متاثرین کو محض 75 ہزار روپے ملے، جبکہ دوسرے علاقوں میں کچے مکانات کے مالکان کو 2 لاکھ 50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک ادا کیے گئے، جس سے حکومتی اعلانات اور زمینی حقائق میں واضح تضاد سامنے آگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا تھا کہ پکے مکانات کے منہدم ہونے پر 10 لاکھ روپے، کچے مکانات کے لیے 5 لاکھ روپے، اور فی ایکڑ زرعی زمین کے نقصان پر 20 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ مگر بیشتر متاثرین کو یہ رقم مکمل طور پر نہیں ملی۔ کئی گاؤں میں یکساں نقصان کے باوجود ادائیگیوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ متعدد خاندانوں کو محض 5 سے 10 ہزار روپے تک ادا کیے گئے، جو بحالی کے لیے ناکافی ہیں۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کی جانب سے فہرستوں میں تبدیلیاں اور ’’پسند و ناپسند‘‘ کی بنیاد پر تقسیم کی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ امدادی رقوم کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے فوری تحقیقات کرائی جائیں اور زمینی سطح پر کارروائی کی جائے۔

    سیلاب زدہ خاندانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت اصلاح نہ کی تو یہ پیکج متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے ان پر نمک چھڑکنے کے مترادف ثابت ہوگا۔

  • اوچ شریف: بکھری میں اندھی گولی سے شہری زخمی،مقدمہ درج

    اوچ شریف: بکھری میں اندھی گولی سے شہری زخمی،مقدمہ درج

    اوچ شریف( باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی موضع بکھری میں رات گئے فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آ گیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی موضع بکھری رتہر لعل بستی میں گزشتہ رات تقریباً 3 بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں محمد ناظم اللہ ولد بچایا قوم سیال شدید زخمی ہو گیا۔

    زخمی ناظم اللہ کے مطابق وہ اپنے گھر میں سو رہا تھا کہ اچانک پڑوس سے زرہا بی بی (زوجہ محمد اکمل قوم سیال) کے گھر سے چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں۔ جب وہ صورتحال دیکھنے کے لیے باہر نکلا تو تین نامعلوم افراد وہاں سے فرار ہو رہے تھے۔ اس نے آواز دے کر ان سے شناخت پوچھی تو ملزمان نے اس کی ٹانگ پر فائر کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ اوچ شریف اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور تلاش شروع کر دی۔ تھانہ اوچ شریف کے مطابق، واقعہ کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

  • اوچ شریف: سکول میں 8 سالہ بچے کی آنکھ زخمی، والد تھانے پہنچ گیا

    اوچ شریف: سکول میں 8 سالہ بچے کی آنکھ زخمی، والد تھانے پہنچ گیا

    اوچ شریف( باغی ٹی وی ، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں نجی تعلیمی ادارہ "دی کنٹری سکول” میں افسوسناک واقعہ پیش آ گیا، جہاں تیسری جماعت کے 8 سالہ طالب علم کی آنکھ شدید زخمی ہو گئی اور اس کی بینائی متاثر ہو گئی۔ غصے میں والد نے سکول انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست پولیس کو جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے محلہ بخاری کے رہائشی زمیندار مخدوم زادہ سید فرقان حیدر بخاری (ولد مخدوم سید باقر حسین بخاری) کے تین بیٹے اس سکول میں زیر تعلیم ہیں۔ 29 اکتوبر 2025 کو ان کا کمسن بیٹا سید محمد تقی علی کلاس تھری میں تدریس کے دوران موجود تھا کہ اچانک کسی طالب علم کی پنسل اس کی آنکھ میں لگ گئی۔

    والد کے مطابق اس وقت کلاس میں ٹیچر موجود نہ تھی، جس کی وجہ سے بروقت طبی امداد نہ ملنے پر بچے کی حالت مزید بگڑ گئی۔ سکول کے ایک ملازم لطیف نامی شخص نے زخمی بچے کو گھر پہنچایا۔ جب والدین نے طبی معائنہ کرایا تو احمد پور شرقیہ کے سید لیزر آئی کلینک میں ڈاکٹر نے بتایا کہ بچے کی آنکھ کا لینز اور پردہ متاثر ہو چکا ہے اور مزید علاج کے لیے بہاولپور ریفر کر دیا گیا۔

    مخدوم زادہ سید فرقان حیدر بخاری کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار سکول کی پرنسپل میڈم گل زہرہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔ والد نے مؤقف اختیار کیا کہ سکول میں نظم و ضبط نہ ہونے اور تدریسی عملے کی غفلت کی وجہ سے اس افسوسناک واقعہ نے بچے کی زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔

    انہوں نے تھانہ اوچ شریف کے ایس ایچ او سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کے مالک اور پرنسپل کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ دیگر بچوں کے ساتھ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے درخواست موصول کر لی ہے اور واقعہ کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔ شہریوں نے بھی اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نجی سکولوں میں بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • بہاولنگر: 11 افغانی، 8 دکان ومکان مالکان گرفتار ، غیر قانونی رہائش پر کریک ڈاؤن

    بہاولنگر: 11 افغانی، 8 دکان ومکان مالکان گرفتار ، غیر قانونی رہائش پر کریک ڈاؤن

    بہاولنگر( باغی ٹی وی، محمد عرفان نامہ نگار)بہاولنگر اور گرد و نواح میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان باشندوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا۔ پابندی کے باوجود افغان باشندوں کو مکانات، رہائش اور دکانیں کرایہ پر دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق غیر قانونی مقیم افغانوں اور ویزہ کی خلاف ورزی پر 11 افغانیوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ اس کے علاوہ افغانوں کو مکانات اور دکانیں کرایہ پر دینے پر 8 الگ الگ مقدمات درج کیے گئے۔ یہ مقدمات تھانہ سٹی بی ڈویژن بہاولنگر، سٹی اے اور بی ڈویژن چشتیاں، سٹی ہارون آباد اور فورٹ عباس کی حدود میں درج کیے گئے۔

    پولیس نے غیر قانونی افغان باشندوں اور انہیں رہائش اور دکانیں مہیا کرنے والوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔
    ڈی پی او بہاولنگر کامران اصغر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

  • بہاولنگر: ای۔کاروبار کے فروغ کے لیے ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

    بہاولنگر: ای۔کاروبار کے فروغ کے لیے ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

    بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ای۔کاروبار (E-Business) کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران، چیمبر آف کامرس کے نمائندگان، تاجر برادری اور آئی ٹی کے ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق کاروباری طبقے کے لیے سہولتیں بڑھانے، جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے اور کاروباری رجسٹریشن، ٹیکس، و لائسنسنگ کے عمل کو آن لائن کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ ای۔کاروبار کے فروغ سے نہ صرف کاروباری حضرات کو آسانیاں میسر آئیں گی بلکہ عوام کو بھی تیز، شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب کا مقصد کاروباری ماحول کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

    انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروباری رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی، اور لائسنسنگ کے تمام عمل کو جلد از جلد آن لائن کیا جائے تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تمام سہولتیں دستیاب ہوں۔

    اجلاس کے اختتام پر تاجر برادری نے حکومتِ پنجاب کے اس اقدام کو معیشت کے استحکام، شفافیت کے فروغ، اور کاروباری ترقی کی سمت ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

  • بہاولنگر: ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، مذہبی ہم آہنگی اور اتحادِ بین المسلمین پر زور

    بہاولنگر: ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، مذہبی ہم آہنگی اور اتحادِ بین المسلمین پر زور

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان)ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس مقامی ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے علمائے کرام، امن کمیٹی کے ممبران، انجمن تاجران، منڈی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان، میڈیا کے ارکان، سیاسی و سماجی شخصیات اور پولیس افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری اور اتحادِ بین المسلمین کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اور علمائے کرام کا کردار معاشرتی استحکام کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء باہمی احترام، رواداری، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ضلع بہاولنگر کو امن و محبت کی مثال بنائیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور شہریوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

    اجلاس میں شریک علمائے کرام اور سماجی رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ معاشرے میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

  • بہاولنگر: ناجائز منافع خوری اور اوورچارجنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم

    بہاولنگر: ناجائز منافع خوری اور اوورچارجنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم

    بہاولنگر( باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان)ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور حسین، مختلف محکموں کے افسران اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

    اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، مارکیٹ کنٹرول، جرمانوں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایت جاری کی کہ ناجائز منافع خوری اور اوورچارجنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم ہو سکے۔