Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • بہاولنگر: صوبائی وزیر بلال یاسین کا دورہ، سیلاب متاثرین میں امدادی اے ٹی ایم کارڈز تقسیم

    بہاولنگر: صوبائی وزیر بلال یاسین کا دورہ، سیلاب متاثرین میں امدادی اے ٹی ایم کارڈز تقسیم

    بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بہاولنگر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر (TTC) میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم خصوصی کاؤنٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے متاثرین میں امدادی رقم کے اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کیے اور امدادی عمل کی شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی افسران سے ملاقات کی، جہاں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے ترقیاتی منصوبوں، سیلاب متاثرین کی بحالی اور عوامی ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ضلع میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • اوچ شریف: سوئی گیس چوک پر نقاب پوشوں کی ڈکیتی، دو دکانوں سے نقدی و موبائل فون لوٹ لیے

    اوچ شریف: سوئی گیس چوک پر نقاب پوشوں کی ڈکیتی، دو دکانوں سے نقدی و موبائل فون لوٹ لیے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع کوٹلہ رحمت شاہ کی بستی کھوہاوڑ سوئی گیس چوک پر رات گئے مسلح ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔

    تین موٹر سائیکل سوار نقاب پوش مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر دو کریانہ اسٹوروں کو نشانہ بنایا۔ ڈاکوؤں نے عثمان ولد حاجی احمد قوم کھوہاوڑ سے تقریباً 45 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا جبکہ دوسرے کریانہ اسٹور پر فرمان ولد محمد رفیق سے 75 ہزار 500 روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے تفتیش شروع کر دی۔

  • اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کی کارروائی، غیر قانونی آئل ایجنسی سیل، مشینری ضبط

    اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کی کارروائی، غیر قانونی آئل ایجنسی سیل، مشینری ضبط

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر کی سربراہی میں موضع بکھری میں غیر قانونی آئل ایجنسی کے خلاف کامیاب کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی تیل ذخیرہ کرنے والی ایجنسی کو موقع پر سیل کر دیا گیا جبکہ تمام مشینری، ڈرمز اور دیگر سامان ضبط کر کے سول ڈیفنس آفس کے حوالے کر دیا گیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی واضح ہدایات کے مطابق تحصیل بھر میں غیر قانونی کاروبار، ذخیرہ اندوزی، مضر صحت اشیاء اور خطرناک سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی عملداری حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی کو بھی غیر قانونی کاروبار یا خطرناک سرگرمی جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوامی و سماجی حلقوں نے انتظامیہ کے بروقت اور مؤثر ایکشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے علاقے میں قانون کی بالادستی، امن و امان کی فضا اور عوامی تحفظ میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے واضح کیا کہ آئندہ بھی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو محفوظ، منظم اور قانون پر مبنی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

  • اوچ شریف: خود ساختہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، ضلعی انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف: خود ساختہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، ضلعی انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں خود ساختہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شہر اور نواحی علاقوں میں سبزیوں، پھلوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سبزی فروش، پھل فروش اور کریانہ دکانداروں نے من مانی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث ٹماٹر، پیاز، آلو، لہسن، ادرک، دھنیا، مرچ اور دیگر اشیائے خوردونوش غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان نے گھر کا بجٹ تباہ کر دیا ہے، تنخواہیں وہی ہیں مگر اخراجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔

    عوامی شکایات کے باوجود پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہیں جبکہ مارکیٹوں میں چیکنگ کا عمل نہ ہونے کے برابر ہے۔ ناجائز منافع خوروں نے انتظامیہ کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔

    شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، گراں فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے اور مارکیٹ چیکنگ کو مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • اوچ شریف: موضع شکرانی کے سیلاب متاثرین کی دُہائی، اہلکاروں پر کرپشن کے الزامات، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    اوچ شریف: موضع شکرانی کے سیلاب متاثرین کی دُہائی، اہلکاروں پر کرپشن کے الزامات، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع شکرانی کے سیلاب متاثرین نے انتظامیہ کے بعض اہلکاروں پر مبینہ کرپشن اور جانبدارانہ رویے کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔

    متاثرین نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور کو جمع کرائی گئی تحریری درخواست میں الزام لگایا ہے کہ پٹواری حلقہ، محکمہ زراعت کے افسر اور پی ڈی ایم اے عملہ سروے کے دوران مالی مفادات کے عوض مخصوص افراد کے نقصانات درج کرتے رہے جبکہ حقیقی متاثرین کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا گیا۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ جن افراد نے سروے ٹیموں کو رقم یا حصہ دیا، ان کے نقصانات مکمل درج کیے گئے جبکہ غریب اور مستحق متاثرین کے گھروں اور زمینوں کو فہرست سے خارج کر دیا گیا۔ اس مبینہ ناانصافی کے باعث علاقے میں شدید مایوسی اور انتظامیہ پر عدم اعتماد کی فضا پیدا ہو چکی ہے۔

    متاثرین نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے غیرجانبدار ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ اصل متاثرین کو ان کا حق اور سرکاری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    درخواست گزاروں میں محمد منیر خان ولد عبدالعزیز، محمد ارشد ولد عبدالمجید، مشتاق احمد ولد محمد ابراہیم، محمد امجد ولد محمد ارشد، محمد ساجد ولد عبدالعزیز، فاروق احمد ولد محمد اشرف خان، محمد حامد ولد عبدالعزیز، سلیم احمد ولد محمد باشر، محمد عمران ولد عابد حسین، عابد حسین ولد عبدالعزیز سمیت دیگر متاثرین شامل ہیں۔

    متاثرین نے کہا کہ اگر ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے بروقت ایکشن لیا تو یہ اقدام نہ صرف متاثرہ عوام کو انصاف فراہم کرے گا بلکہ انتظامیہ کے وقار اور عوامی اعتماد میں بھی اضافہ کا باعث بنے گا۔

  • بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت اجلاس، عوامی ریلیف اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت اجلاس، عوامی ریلیف اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    بہاولنگر (باغی ٹی وی،نامہ نگار محمدعرفان)ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت چیف منسٹر انیشی ایٹو اور KPIs سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں پرائس کنٹرول اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام اقدامات کو مزید تیزی اور شفافیت کے ساتھ یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوامی ریلیف اور مؤثر عملدرآمد ہے تاکہ روزمرہ اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم ہو۔

  • بہاول نگر: صارفین کے حقوق کی آگاہی مہم، ڈپٹی کمشنر کا خصوصی اجلاس طلب

    بہاول نگر: صارفین کے حقوق کی آگاہی مہم، ڈپٹی کمشنر کا خصوصی اجلاس طلب

    بہاول نگر (باغی ٹی وی، نامہ نگارمحمدعرفان)سید مخدوم حسین اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کنزیومر کونسل بہاول نگر نے ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون کو وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ویژن کے مطابق صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جاری آگاہی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے مہم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس میں معلوماتی فلیکس آویزاں کروا دی۔ انہوں نے صارفین کی رہنمائی کے لیے لگائے گئے اسٹینڈیز اور بینرز کا خود معائنہ کیا اور ایڈیشنل کمشنر جنرل کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری دفاتر کے باہر بھی اسی نوعیت کے بینرز اور اسٹینڈیز نصب کیے جائیں تاکہ عوام کو صارف قوانین اور متعلقہ اداروں کے بارے میں آگاہی حاصل ہو سکے۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے کنزیومر کونسل بہاول نگر سے رجوع کریں۔ عوامی آگاہی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کنزیومر کونسل بہاول نگر کا خصوصی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

  • بہاولنگر: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج آصف بشیر کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ، تین اسیران کی رہائی کے احکامات

    بہاولنگر: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج آصف بشیر کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ، تین اسیران کی رہائی کے احکامات

    بہاولنگر (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرفان)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج آصف بشیر نے سول جج راؤ زبیر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا۔ جیل کے چاک و چوبند دستے نے معزز ججز کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ججز صاحبان نے جیل میں جاری شجر کاری مہم کے تحت پودا لگا کر ماحول دوستی کی مہم میں حصہ لیا۔

    ججز صاحبان نے خواتین وارڈ کا معائنہ کیا، خواتین اسیران سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور گورنمنٹ آف پنجاب کی ہدایات کے مطابق قائم بیوٹی پارلر کلاس، سلائی کڑھائی کلاس اور لٹریسی کلاس کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے تربیتی پروگرامز کو اسیران کی اصلاح کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔

    بعد ازاں ججز صاحبان نے جیل کچن کا تفصیلی دورہ کیا، تیار شدہ کھانے کا معیار چیک کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کی تعریف کی۔ انہوں نے جیل ہسپتال، نو عمر بچوں کے اسکول اور مختلف تربیتی کلاسز — جن میں الیکٹریشن، ایئر کنڈیشننگ، موٹر سائیکل مرمت، ٹیلرنگ اور باربر ٹریننگ کلاسز شامل تھیں، کا بھی معائنہ کیا اور ان اقدامات کو پنجاب حکومت اور آئی جی جیل خانہ جات کی مؤثر پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔

    ججز صاحبان نے جیل کے گودام اور دیگر انتظامی حصوں کا بھی جائزہ لیا۔ دورے کے اختتام پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل رسول بخش کلاچی اور جیل عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج آصف بشیر نے معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث تین اسیران کی فوری رہائی کے احکامات بھی جاری کیے۔

  • اوچ شریف: انسپکٹر فیصل امین ایس ایچ او تعینات، امن و امان کیلئے ایکشن شروع

    اوچ شریف: انسپکٹر فیصل امین ایس ایچ او تعینات، امن و امان کیلئے ایکشن شروع

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور کی جانب سے جاری ہونے والے تبادلہ و تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے مطابق انسپکٹر فیصل امین کو تھانہ سول لائن سے تبدیل کر کے ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف تعینات کر دیا گیا ہے۔ فیصل امین ایک محنتی، فرض شناس اور پیشہ ور پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی سابقہ تعیناتیوں کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    ان کی تعیناتی پر اوچ شریف کے عوامی و سماجی حلقوں، تاجر برادری اور معززینِ علاقہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل امین کی آمد سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی تعیناتی سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔

    تعیناتی کے فوری بعد ایس ایچ او فیصل امین نے شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور ایکشن کا آغاز کر دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی خصوصی ہدایت پر انہوں نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ الشمس چوک اور شہر کے مختلف مقامات پر مؤثر لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی انجام دی۔

    ایس ایچ او فیصل امین نے اس موقع پر کہا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، کسی بھی شرپسند یا قانون شکن عنصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی شہر میں دیرپا امن ممکن ہے۔ پولیس کی جانب سے داخلی و خارجی راستوں پر ناکے قائم کر دیے گئے ہیں، مشکوک گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ سخت کر دی گئی ہے جبکہ اہم بازاروں، تجارتی مراکز اور عبادت گاہوں کے اطراف میں گشت مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

    شہریوں نے ایس ایچ او فیصل امین اور ان کی ٹیم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں اوچ شریف میں جرائم کی شرح میں واضح کمی اور امن و سکون میں خاطرخواہ بہتری آئے گی۔ فیصل امین نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اوچ شریف میں قانون کی عملداری اور شہریوں کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، کسی کو بھی امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • اوچ شریف: آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری خوف و ہراس میں مبتلا، انتظامیہ کی خاموشی پر عوام برہم

    اوچ شریف: آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری خوف و ہراس میں مبتلا، انتظامیہ کی خاموشی پر عوام برہم

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ شہر کے گلی کوچوں، بازاروں، تعلیمی اداروں کے اطراف حتیٰ کہ میونسپل کمیٹی کے قریب بھی آوارہ کتے ٹولیوں کی صورت میں دندناتے پھر رہے ہیں، جس سے شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ خواتین، بچے اور بزرگ شام ڈھلنے کے بعد گھروں سے نکلنے سے گریز کرنے لگے ہیں جبکہ کئی موٹر سائیکل سوار شہری آوارہ کتوں کے حملوں یا اچانک دوڑنے سے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔

    شہریوں نے بتایا کہ تحصیل انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کو بارہا شکایات درج کروائی گئیں لیکن کوئی مؤثر کارروائی تاحال عمل میں نہیں لائی گئی۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی خاموشی کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے مہم نہ چلانا شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

    والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کے باہر آوارہ کتوں کی موجودگی بچوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکی ہے اور کسی بھی وقت کوئی افسوسناک واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور میونسپل حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم شروع کی جائے تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جا سکے۔