Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • بہاولنگر: اسپیشل بچوں کے لیے رنگا رنگ گالا، خوشیوں سے لبریز تقریب کا انعقاد

    بہاولنگر: اسپیشل بچوں کے لیے رنگا رنگ گالا، خوشیوں سے لبریز تقریب کا انعقاد

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) ضلع بہاولنگر میں اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام اسپیشل بچوں کے لیے رنگا رنگ گالا کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب اور اسپیشل ایجوکیشن افسران بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر اسپیشل بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور دلچسپ سرگرمیاں پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔ تقریب کے دوران ماحول خوشیوں، تالیوں اور محبت کے جذبات سے گونج اٹھا۔

    اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بہاولنگر نے تقریب کی شاندار میزبانی کی، جس میں آل بیڈز اسٹاف اور طلبہ کی بھرپور شرکت رہی۔ گالا کا مقصد اسپیشل بچوں کے اعتماد میں اضافہ اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔

    ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے اپنے خطاب میں کہا کہ“اسپیشل بچے معاشرے کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی اور تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”

    اختتام پر اسپیشل بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ مہمانِ خصوصی اور دیگر افسران نے بچوں کی کارکردگی کو بھرپور سراہا۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

  • اوچ شریف: تھانہ دھوڑ کوٹ کے قریب پولیس مقابلہ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک، ساتھی فرار

    اوچ شریف: تھانہ دھوڑ کوٹ کے قریب پولیس مقابلہ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک، ساتھی فرار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے تھانہ دھوڑ کوٹ کی حدود میں رات گئے پولیس اور مسلح افراد کے درمیان خوفناک فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مشتبہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ دھوڑ کوٹ پولیس معمول کے گشت کے دوران ناکہ بندی پر موجود تھی کہ اسی دوران موٹر سائیکل نمبر AMG-2534 پر سوار چند نامعلوم افراد نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی، جس میں ایک حملہ آور کو سینے پر گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    ہلاک شخص کی شناخت عمران ولد عبدالعزیز، عمر تقریباً 28 سال کے نام سے ہوئی ہے۔ فائرنگ کے دوران اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے جھانگڑا انٹرچینج سے امدادی ٹیم جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی، تاہم ریسکیو ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچنے تک ہلاک ہونے والے کے وائٹل سائنز ختم ہو چکے تھے۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • بہاولنگر: غیر منقولہ جائیدادوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات، قبضہ مافیا کے خاتمے پر ضلعی انتظامیہ متحرک

    بہاولنگر: غیر منقولہ جائیدادوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات، قبضہ مافیا کے خاتمے پر ضلعی انتظامیہ متحرک

    بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)پنجاب حکومت کے وژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بہاولنگر میں غیر منقولہ جائیداد کی قانونی ملکیت کے تحفظ اور قبضہ مافیا کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران اصغر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام افتاب سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ناجائز قبضوں کی شکایات کے فوری حل، قانونی مالکان کے حقوق کے تحفظ اور تنازعات کے تیز ترین ازالے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کیلئے پرعزم ہے اور کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زمین یا جائیداد پر کسی بھی غیر قانونی قبضے یا ونڈا کے مسئلے کی صورت میں براہِ راست ڈپٹی کمشنر آفس یا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آفس سے رجوع کریں تاکہ انہیں فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔

    ڈی سی بہاولنگر نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شفافیت، انصاف اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کیے جا رہے ہیں تاکہ ضلع بہاولنگر کو قبضہ مافیا سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔

  • بہاولنگر: ڈی سی کی زیر صدارت KPIs کا ویڈیو لنک اجلاس

    بہاولنگر: ڈی سی کی زیر صدارت KPIs کا ویڈیو لنک اجلاس

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، محمد عرفان نامہ نگار)ضلع بہاولنگر میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) پر اہم ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی محکموں کے افسران، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، عوامی سہولیات، ریونیو کلیکشن، صفائی، صحت و تعلیم کے اہداف اور گڈ گورننس کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے تاکہ بہاولنگر صوبے کے بہترین اضلاع میں شامل ہو۔ انہوں نے افسران کو تحصیلوں میں ترقیاتی اہداف کے حصول، شکایات کے فوری ازالے اور فیلڈ موجودگی یقینی بنانے کی تاکید کی، اور غفلت یا تاخیر برداشت نہ ہونے کی تنبیہ کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن، ایکسین بلڈنگ، ایکسین ہائی ویز، اسسٹنٹ کمشنرز چیستان، فورٹ عباس، ہارون آباد اور منچن آباد نے اپنی رپورٹس پیش کیں۔ ڈی سی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے لگن اور دیانتداری سے ذمہ داریاں نبھائیں تاکہ عوام کو حکومتی سہولیات مل سکیں۔

  • بہاولنگر: گورنمنٹ پرائمری سکول جوڈانا بستی خستہ حالی کا شکار، بچوں کی جان کو خطرات لاحق

    بہاولنگر: گورنمنٹ پرائمری سکول جوڈانا بستی خستہ حالی کا شکار، بچوں کی جان کو خطرات لاحق

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) گورنمنٹ پرائمری سکول جوڈانا بستی بدترین خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے، جہاں تعلیمی ماحول زبوں حالی کی تصویر بن گیا ہے۔ سکول کی عمارت جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے، چھتوں سے پلستر جھڑ رہا ہے اور کلاس رومز کی حالت نہایت ابتر ہو چکی ہے، جس سے بچوں کی تعلیم اور تحفظ دونوں شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

    اہلِ علاقہ کے مطابق سکول کے دروازے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جبکہ عمارت کے اندر نصب لوہے کو بعض عناصر نے نشی اتار کر فروخت کر دیا ہے۔ اس افسوسناک صورتحال نے سکول کی سیکیورٹی اور بچوں کی حفاظت پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر سکول کی عمارت کی مرمت کروائیں، سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ بصورت دیگر، یہ خستہ حال عمارت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

  • بہاولنگر: کھلے مین ہول اور ٹوٹی سڑکیں، شہریوں کی جانیں خطرے میں؛ عوام سراپا احتجاج

    بہاولنگر: کھلے مین ہول اور ٹوٹی سڑکیں، شہریوں کی جانیں خطرے میں؛ عوام سراپا احتجاج

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان)بہاولنگر شہر کے مختلف علاقوں بشمول منچن آباد روڈ، خادم آباد، نزیر کالونی اور رہائشی گلیوں میں کھلے مین ہول، ٹوٹی سڑکیں اور بیٹھتی لینیں شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ گہرے مین ہولوں کے ڈھکن غائب یا ٹوٹے ہوئے ہیں، جبکہ اردگرد کی سڑکیں بیٹھ چکی ہیں، جو رات کے اندھیرے یا بارش میں بڑے حادثات کا باعث بن سکتے ہیں۔

    منچن آباد روڈ پر تیز ٹریفک کے بیچ کھلے مین ہول موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے روزانہ اذیت ہیں۔ اندرونی محلوں میں بچے ان جان لیوا گڑھوں کے قریب کھیلتے نظر آتے ہیں۔ متعدد مقامات پر گاڑیاں پھنسنے اور موٹر سائیکل سواروں کے زخمی ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے، مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

    شہریوں کا الزام ہے کہ سیوریج اور صفائی کا نظام منسپل کمیٹی بلدیہ بہاولنگر کے زیر انتظام ہے، لیکن ادارے کی غفلت اور عدم توجہی عوام کی جانیں داؤ پر لگا رہی ہے۔ بارہا شکایات کے باوجود محکمہ صرف “نوٹس لینے” تک محدود رہا۔ قانونی ماہرین کے مطابق بغیر ڈھکن مین ہول چھوڑنا بلدیاتی قوانین، شہری حقوق اور عوامی تحفظ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    عوام نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور صوبائی حکومت سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک مقامات بند کیے جائیں، ٹوٹی سڑکوں کی مرمت ہو اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ مزید سانحات سے بچا جا سکے۔

  • احمد پور شرقیہ: ٹرک کی زد میں آ کر نامعلوم شخص جاں بحق

    احمد پور شرقیہ: ٹرک کی زد میں آ کر نامعلوم شخص جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) چنی گوٹھ کے ایل پی روڈ احمد پور شرقیہ پر ایک المناک حادثے میں ایک نامعلوم شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق موٹروے پولیس نے اطلاع دی کہ ایک پیدل چلنے والے شخص کو تیز رفتار ٹرک نے زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی کو جسم کے مختلف حصوں میں فریکچر اور کرش انجری آئی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جائے حادثہ پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق شخص کی عمر تقریباً 30 سال بتائی جا رہی ہے، مگر تاحال اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔

    لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ موٹروے پولیس نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • اڈا ظاہر پیر پر تیز رفتار کار نے سڑک کنارے کھڑے افراد کو کچل دیا، ایک لڑکی جاں بحق، چار افراد شدید زخمی

    اڈا ظاہر پیر پر تیز رفتار کار نے سڑک کنارے کھڑے افراد کو کچل دیا، ایک لڑکی جاں بحق، چار افراد شدید زخمی

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اڈا ظاہر پیر کے قریب پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں اوچ شریف کے نواحی علاقے خیرپور ڈاہا کے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو خواتین، ایک مرد اور دو بچے سڑک کنارے کھڑے تھے کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار کار نے زور دار ٹکر ماری۔ حادثے کے نتیجے میں 16 سالہ نگو مائی دختر پنو خان موقع پر جاں بحق ہو گئی، جبکہ چار افراد ماہیوال ولد کبیر خان (50 سال)، تسلیم بی بی زوجہ ماہیوال (45 سال)، محمد مجید ولد ماہیوال (10 سال) اور عالیہ دختر ماہیوال (18 سال) شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں تمام زخمیوں اور جاں بحق لڑکی کی نعش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کار کی رفتار حد سے زیادہ تھی، جبکہ موقع پر موجود افراد نے انتظامیہ سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوچ شریف:تحصیل دار شاہد حسین سپرا اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر ترقی پا گئے،دوستوں کی طرف سے مبارکباد

    اوچ شریف:تحصیل دار شاہد حسین سپرا اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر ترقی پا گئے،دوستوں کی طرف سے مبارکباد

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) تحصیل دار شاہد حسین سپرا کو حکومتِ پنجاب کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ ان کی ترقی کی اطلاع ملتے ہی عوامی و سماجی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مختلف طبقات نے انہیں مبارکباد پیش کی۔

    اس موقع پر شاہد حسین سپرا نے سینئر صحافیوں میاں محمد عامر صدیقی، محمد صدیق خان، خواجہ غلام شبیر، غفار احمد ہیرا اور حبیب اللہ خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ اپنے نئے منصب کو عوامی خدمت، شفافیت اور دیانتداری کے ساتھ نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا ذریعہ ہے، اور مثبت صحافت معاشرے میں بہتری اور عوامی آگاہی کا بنیادی ذریعہ ہے۔

    اس موقع پر بلڈر راؤ ضیاءالرحمان، نائب تحصیل دار فیض رسول سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے شاہد سپرا کو ترقی پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتظامی کارکردگی کو سراہا۔

    عوامی و سماجی حلقوں نے شاہد حسین سپرا کی ترقی کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی سابقہ بہترین روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی ریلیف، شفاف انتظامی اقدامات اور سماجی ترقی کے لیے اپنی خدمات بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے۔

  • اوچ شریف: محکمہ لائیو اسٹاک کی مجرمانہ غفلت، لمپی سکن وائرس بے قابو، درجنوں مویشی ہلاک

    اوچ شریف: محکمہ لائیو اسٹاک کی مجرمانہ غفلت، لمپی سکن وائرس بے قابو، درجنوں مویشی ہلاک

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے رتڑ نہڑانوالی بستی عبداللہ خان سمیت قریبی دیہات میں لمپی وائرس اور منہ کھر کی وبا نے تباہی مچا دی، درجنوں مویشی ہلاک اور کسان شدید مالی بحران سے دوچار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وبا نے بستی عبداللہ خان، چاکر خان رند، بستی بہار خان اور دیگر قریبی علاقوں میں درجنوں جانوروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ کسان محمد دین کی قیمتی وچھی بیماری کے باعث تڑپ تڑپ کر مر گئی، جبکہ متعدد دوسرے مویشی بھی شدید متاثر ہیں۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیمیں مکمل طور پر غائب ہیں۔ نہ ویکسین فراہم کی جا رہی ہے اور نہ ہی کسی ڈاکٹر کی جانب سے دورہ کیا گیا ہے۔ مقامی کسانوں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی سیلاب کے نقصانات سے مالی طور پر کمزور ہو چکے ہیں اور اب یہ وائرس ان کے روزگار پر کاری ضرب لگا رہا ہے۔

    اہلِ علاقہ نے الزام لگایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کے اہلکار محض فائلوں میں کارروائی دکھا رہے ہیں جبکہ زمینی سطح پر کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ جانور کئی کئی دن تک اذیت میں مبتلا رہتے ہیں مگر محکمہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومتی عدم توجہی اور محکمانہ غفلت کی وجہ سے وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، جس سے مویشی پال کسانوں کا بھاری نقصان ہو رہا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سے فوری نوٹس لینے، ایمرجنسی ویکسینیشن مہم شروع کرنے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔