Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: گندے سیوریج پانی سے اگائی سبزیاں شہری صحت کے لیے خطرہ،حکام کی چشم پوشی

    اوچ شریف: گندے سیوریج پانی سے اگائی سبزیاں شہری صحت کے لیے خطرہ،حکام کی چشم پوشی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر اور اس کے گردونواح میں سیوریج کے گندے پانی سے سبزیاں اگانے کا خطرناک سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کی صحت شدید خطرے میں پڑ گئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پالک، مولی، گاجر، ساگ، بند گوبھی، پھول گوبھی، شلجم، آلو اور میتھی جیسی سبزیوں کی کاشت میں صاف پانی کی بجائے گندے سیوریج پانی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ گندے پانی کی سبزیاں عموماً وہی قیمت پر مارکیٹ میں فروخت ہوتی ہیں جیسے صاف پانی سے اگائی گئی سبزیاں، جس سے مجبوراً انہیں خطرناک سبزیاں کھانی پڑ رہی ہیں۔

    ماہرین صحت کے مطابق، گندے پانی سے اگائی گئی سبزیوں میں جراثیم اور بیکٹیریا کی مقدار عام سبزیوں کی نسبت کئی گنا زیادہ ہوتی ہے، جس سے آنتوں کی بیماریاں، دست اور دیگر مہلک امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر بچوں، بوڑھوں اور کمزور افراد میں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد بار شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے شکایات درج کروائی ہیں، لیکن حکام روٹین کارروائیوں میں مصروف نظر آتے ہیں اور ایسے کاشتکاروں کے خلاف مؤثر قدم نہیں اٹھاتے۔ ضلعی انتظامیہ بھی اس مسئلے پر مکمل خاموش ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی فوری کارروائی کریں اور سبزیوں کے معیار کی جانچ کے لیے مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ عوام کی صحت کو لاحق خطرات سے بچایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: ڈی پی او بہاولپور کی زیرِ نگرانی کھلی کچہری، شہری مسائل کا فوری اور شفاف حل

    اوچ شریف: ڈی پی او بہاولپور کی زیرِ نگرانی کھلی کچہری، شہری مسائل کا فوری اور شفاف حل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے تحت ڈی پی او بہاولپور محمد حسن اقبال نے ضلع بھر میں پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت گاہ بنا دیا ہے۔ شہری مسائل کے فوری اور شفاف حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی مضبوط فضا قائم ہو۔

    اسی سلسلے میں تھانہ اوچ شریف میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی براہِ راست نگرانی ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کی۔ کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف نوعیت کی شکایات پیش کیں۔

    ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعدد شکایات پر فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر شہری کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ کیا جائے، اور انصاف میں تاخیر یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔

    ڈی پی او نے کہا:”وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہے۔ ہر تھانہ شہریوں کے لیے کھلا ہونا چاہیے۔ میرٹ، شفافیت اور انصاف پولیس کا طرۂ امتیاز ہونا چاہیے۔ عوام کو دروازے پر انصاف دینا ہمارا فرض ہے۔”

    اس موقع پر ایس ڈی پی او سرکل احمد پور شرقیہ محمود اکبر، ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف فیصل امین اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
    عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او محمد حسن اقبال کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں بہاولپور پولیس ایک مثالی فورس کے طور پر سامنے آئی ہے۔ اقدامات سے شہریوں کو پولیس پر دوبارہ اعتماد حاصل ہوا اور عوامی ریلیف میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

    عوام نے کہا کہ ڈی پی او کی زیرِ نگرانی کھلی کچہریاں حقیقی معنوں میں "انصاف عوام کی دہلیز پر” کے تصور کو عملی شکل دے رہی ہیں۔

  • اوچ شریف: چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، موبائل فونز اور نقدی برآمد

    اوچ شریف: چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، موبائل فونز اور نقدی برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی ہدایات پر تھانہ صدر احمدپور شرقیہ پولیس کی بڑی کارروائی — چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، ملزم کے قبضہ سے دو قیمتی موبائل فون اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد کر لی گئی۔

    کارروائی سرکل پولیس آفیسر محمود اکبر کی نگرانی اور ایس ایچ او سراج تبسم کی سربراہی میں کی گئی۔پولیس نے خفیہ معلومات، انٹیلی جنس ذرائع اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔

    ایس ایچ او سراج تبسم کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور جلد اس کے دیگر ساتھی بھی گرفتار کیے جائیں گے۔
    برآمد شدہ سامان قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

  • بہاولنگر: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلابت جاوید کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

    بہاولنگر: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلابت جاوید کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

    بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلابت جاوید نے سول جج اصف ریاض کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا۔
    جیل پہنچنے پر چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جس کے بعد معزز ججز نے جیل میں جاری شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا۔

    ججز صاحبان نے خواتین وارڈ کا معائنہ کیا، خواتین اسیران سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
    انہوں نے بیوٹی پارلر کلاس، سلائی کڑھائی کلاس اور لٹریسی کلاس کا جائزہ لیا اور جیل انتظامیہ کے مثبت اقدامات کو سراہا۔

    بعد ازاں، ججز صاحبان نے کچن، ہسپتال اور مختلف بارکوں کا معائنہ کیا۔
    انہوں نے نو عمر اسیران کے اسکول اور پیشہ ورانہ تربیتی کلاسز — جن میں الیکٹریشن، اے سی ریپئرنگ، موٹر سائیکل، ٹیلرنگ اور باربر ٹریننگ کلاسز شامل ہیں — کا بھی جائزہ لیا اور پنجاب حکومت اور آئی جی جیل خانہ جات کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔

    مزید برآں، ججز نے پی سی او اور ملاقات شیڈ کا بھی معائنہ کیا، اسیران کو دی جانے والی آڈیو و ویڈیو کال سہولت کا جائزہ لیا اور قیدیوں و ان کے لواحقین سے ملاقات کے دوران مسائل دریافت کیے۔

    دورے کے اختتام پر سپرنٹنڈنٹ جیل رسول بخش کلاچی اور جیل انتظامیہ کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی گئی۔
    معمولی نوعیت کے کیسز میں ملوث چار قیدیوں کی فوری رہائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

  • بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ایم آر ویکسینیشن مہم کا جائزہ اجلاس

    بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ایم آر ویکسینیشن مہم کا جائزہ اجلاس

    بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ایم آر (خسرہ و روبیلا) ویکسینیشن مہم کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی وٹو سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم آر مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک ضلع بھر میں جاری رہے گی، جس کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ ایم آر مہم ایک قومی کاز ہے، تمام محکمے اس میں بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند اور محفوظ معاشرہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران پولیو مہم کے انتظامات اور فیلڈ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔

    انہوں نے ڈینگی کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ اور لاروا تلفی روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنائی جائے۔

    مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے آغوش پروگرام کے تحت مستحق اور بے سہارا بچوں کی مدد میں تیزی لانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
    ان کا کہنا تھا کہ تمام جاری مہمات حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کا تسلسل ہیں۔

  • پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے محمد عرفان ضلع بہاولنگر کے رکن مقرر

    پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے محمد عرفان ضلع بہاولنگر کے رکن مقرر

    بہاولنگر (باغی ٹی وی ،نامہ نگار )پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن (PJA) سیکرٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے محمد عرفان کو ضلع بہاولنگر کا رکن مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی سے مشاورت کے بعد محمد عرفان کی تقرری کی منظوری دی گئی، جس کے تحت ان کی مدتِ ذمہ داری 13 نومبر 2025 سے 30 نومبر 2026 تک مقرر کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن پر مرکزی چیئرمین میاں اشتیاق علی نے دستخط کیے اور محمد عرفان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ذرائع کے مطابق محمد عرفان کی تقرری کو صحافتی برادری کے لیے خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے، اور توقع ظاہر کی گئی ہے کہ وہ ضلع بہاولنگر میں صحافیوں کے مسائل کے حل اور صحافت کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔

  • بہاولنگر: سی ایم انیشیٹو کے اجلاس میں عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

    بہاولنگر: سی ایم انیشیٹو کے اجلاس میں عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے سی ایم انیشیٹو کے حوالے سے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔

    اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور وزیراعلیٰ کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تمام محکمے عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر مقررہ اہداف مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔

    اجلاس میں سی ایم انیشیٹو کے تحت جاری ترقیاتی اور اصلاحاتی منصوبوں پر پیش رفت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

  • بہاولنگر: کم پیمانے پٹرول پمپس اور دکانداروں کے خلاف کارروائی ، چالان عدالت بھجوا دیے گئے

    بہاولنگر: کم پیمانے پٹرول پمپس اور دکانداروں کے خلاف کارروائی ، چالان عدالت بھجوا دیے گئے

    بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز، پرائسز، ویٹس اینڈ میئرز پنجاب ذیشان شبیر رانا اور ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز محمد کاشف نثار نے مختلف پٹرول پمپس، بازاروں اور دکانوں کا دورہ کیا۔

    دورے کے دوران ڈی او انڈسٹریز نے پٹرول پمپس کے پیمانہ جات، کریانہ، چکن، فروٹ اور سبزی کی دکانوں کے کنڈا جات چیک کیے۔ کم پیمانہ جات والے پٹرول پمپس اور دکانداروں کے خلاف چالان کارروائی کے لیے متعلقہ عدالت میں بھجوا دیے گئے۔

    ڈی او انڈسٹریز محمد کاشف نثار نے کہا کہ اگر کسی شہری کو پٹرول پمپس کے پیمانہ یا دکانوں کے وزن سے متعلق شکایت ہو تو وہ براہِ راست ان کے دفتر نوٹس میں لائیں، اور ایسے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • بہاولنگر: کمشنر مسرت جبیں کا ضلع کا تفصیلی دورہ، سیلاب متاثرین اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    بہاولنگر: کمشنر مسرت جبیں کا ضلع کا تفصیلی دورہ، سیلاب متاثرین اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے ضلع بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی جانب سے وزیراعلیٰ انیشیٹیوز اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں ریونیو ریکوری، ڈینگی کی صورتحال، ترقیاتی کاموں اور سیلاب متاثرین کے امدادی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
    کمشنر کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔

    بعد ازاں کمشنر مسرت جبیں نے ٹیکنیکل کالج میں قائم سیلاب ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی اور امدادی عمل کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرین کی بحالی اور امداد کی فراہمی کے لیے مزید مؤثر اور تیز اقدامات کیے جائیں۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب احمد، اے ڈی سی جی ظہور حسین اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

    کمشنر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو حکومتی پیکجز کے تحت ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کی جا رہی ہے۔

  • بہاولنگر: ملاوٹی مصالحوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 280 کلو ملاوٹی مرچیں تلف

    بہاولنگر: ملاوٹی مصالحوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 280 کلو ملاوٹی مرچیں تلف

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹی مصالحہ جات تیار کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی۔ نور سر روڈ نزد مدرسہ پولیس اسٹیشن کے قریب واقع گرائنڈنگ یونٹ پر چھاپہ مار کر 280 کلو ملاوٹی مرچیں تلف کر دی گئیں، جبکہ 210 کلو ہلدی پاؤڈر، 200 کلو بیگز ثابت مرچیں اور مشینری ضبط کر لی گئی۔

    فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران حاصل کیے گئے مرچوں کے سیمپل ٹیسٹ میں فیل پائے گئے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے بتایا کہ مرچوں میں ڈائی کلر کی ملاوٹ کی گئی تھی، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ مصالحہ جات روزانہ کی بنیاد پر چھوٹے کریانہ سٹورز اور سپر سٹورز کو سپلائی کیے جا رہے تھے۔ یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے واضح کیا کہ“ملاوٹ مافیا کا ہر حربہ ناکام بنایا جائے گا، عوام کی صحت کے ساتھ کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”

    پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر موجود تمام مضر صحت مصالحہ جات تلف کر دیے اور علاقے میں دیگر یونٹس کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔